امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے ہلاکت خیز حملوں پر دلی دکھ پہنچا ہے۔
اوباما نے سابق صدر جارج ڈبلیو بش سے ورثے میں لی گئی اس جنگ کے دوران افغانستان میں ہزاروں امریکی فوجی تعینات کیے تھے۔ انھوں نے امریکی فوجیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ وہ ہیروز ہیں جو خطرناک مشنز پر اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسرے کی زندگیاں بچاتے ہیں۔
اوباما نے ایک بیان میں کہا کہ ’بطور صدر، ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کے پیاروں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے دکھ بانٹنے سے مشکل کوئی کام نہیں تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ وہ ’ان امریکی اور افغان خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جنھوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔‘
’میں ان افغان خاندانوں کے بارے میں بھی سوچ رہا ہوں جن میں سے اکثر امریکہ کے ساتھ کھڑے ہوئے اور وہ بہتر زندگی گزارنے کے لیے سب کچھ ِخطرے میں ڈالنے کے لیے تیار تھے۔‘
سنہ 2001 سے اب تک امریکی وزارتِ دفاع کے مطابق افغانستان میں 2400 سے زیادہ امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔