جنوبی کوریا اب بھی کورونا وائرس سے لڑ رہا ہے
ایک وقت پر ایسا لگ رہا تھا کہ خراب صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔ تاہم یہ وائرس ابھی بھی جنوبی کوریا میں موجود ہے۔
جنوبی کوریا میں جمعے کے دن اس وائرس سے مزید 49 متاثرین سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 32 کو مقامی طور یہ وائرس منتقل ہوا۔ ملک میں اس وقت کورونا وائرس متاثرین کی کل تعداد 12،306 ہے۔
ان میں زیادہ تر متاثرین کا تعلق ملک کے دارالحکومت سیول اور قریبی علاقوں سے ہے، جہاں ملک کی تقریباً آدھی آبادی رہتی ہے۔
نئے متاثرین سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابھی جنوبی کوریا میں اس وبا میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔
جنوبی کوریا کے وزیر صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا تو پھر سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سے متعلق سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
جنوبی کوریا نے مئی میں اس وقت سماجی فاصلے کے اصولوں میں نرمی پیدا کی جب ملک میں متاثرین کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی۔