ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر کے ہتکِ عزت مقدمے کو خارج کرنے کی بی بی سی کی درخواست مسترد, سرین حبیشیان، بی بی سی نیوز

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
فلوریڈا کی ایک وفاقی عدالت نے بی بی سی کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر مالیت کے ہتکِ عزت کے مقدمے کو آئندہ کارروائی کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی جج جیفری کنٹز نے قرار دیا کہ ٹرمپ کی جانب سے ہتکِ عزت سے متعلق لگائے گئے الزامات اتنے مضبوط ہیں کہ مقدمہ اگلے مرحلے میں جا سکتا ہے۔ تاہم عدالت نے فلوریڈا کے غیرمنصفانہ تجارتی طریقوں سے متعلق قانون کے تحت دائر ایک علیحدہ دعویٰ مسترد کر دیا۔
ٹرمپ نے بی بی سی کے خلاف یہ مقدمہ ایک دستاویزی پروگرام کے حوالے سے دائر کیا تھا جس میں 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل ہِل پر حملے سے قبل ان کی تقریر کے دو مختلف حصوں کو یکجا کر کے نشر کیا گیا تھا۔ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ بی بی سی نے تقریر کو جان بوجھ کر اس انداز میں ایڈٹ کیا جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو براہِ راست تشدد پر اُکسایا تھا۔
بی بی سی نے اس نشریاتی غلطی پر پہلے ہی معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ پروگرام سے یہ ’غلط تاثر‘ پیدا ہوا کہ ٹرمپ نے پرتشدد کارروائی کی براہِ راست اپیل کی تھی۔
عدالت میں بی بی سی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پروگرام ہتکِ عزت کے قانونی معیار پر پورا نہیں اترتا اور اسے امریکہ میں نشر یا دستیاب بھی نہیں کیا گیا، اس لیے مقدمہ خارج کیا جائے۔ تاہم جج نے اس استدلال سے اتفاق نہ کرتے ہوئے مقدمہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
اپنے فیصلے میں جج جیفری کنٹز نے واضح کیا کہ اس مرحلے پر عدالت صرف یہ طے کر رہی ہے کہ مقدمہ آگے بڑھ سکتا ہے، جبکہ یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کہ آیا ٹرمپ اپنے الزامات ثابت کرنے اور نقصان کا قانونی ثبوت پیش کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر فیصلے کو ’بڑی فتح‘ قرار دیا، جبکہ بی بی سی کے ترجمان نے کہا کہ ادارہ اس فیصلے پر حیران ہے لیکن عدالت کے اختیار کا احترام کرتا ہے اور قانونی عمل کے تحت اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
مقدمے کے دوران ٹرمپ کے وکلا یہ بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ متنازع دستاویزی فلم امریکہ میں بی بی سی کی مختلف سروسز کے ذریعے دستیاب تھی۔ بعد ازاں ٹرمپ نے بی بی سی کے کمرشل ونگ ’بی بی سی سٹوڈیوز‘ کو بھی مقدمے سے خارج کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی کیونکہ ادارے کا کہنا تھا کہ دستاویزی فلم کی تیاری یا پروڈکشن میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا۔







