متحدہ عرب امارات: فجیرہ میں ٹریفک حادثے میں 14 افراد ہلاک، زخمی ہونے والوں میں پاکستانی بھی شامل

اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق اس حادثے کی زد میں پانچ ٹرکوں سمیت 23 گاڑیاں آئیں اور یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رات 12 بجے سے قبل ’ٹریفک سست رفتار‘ سے آگے بڑھ رہا تھا۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت معلوم کرنے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. امریکہ میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی، سکاٹ کولم مسیسیپی کے پہلے سیاہ فام سینیٹر منتخب

    سکاٹ کولم

    امریکہ کی ریاست مسیسیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار سکاٹ کولم نے سینیٹ کی نشست جیت کر اپنی جماعت کے لیے ایک غیر متوقع کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ ریاست کئی دہائیوں سے رپبلکن امیدواروں کو منتخب کرتی رہی ہے۔

    اس کامیابی کے ساتھ سکاٹ کولم مسیسیپی سے گذشتہ 140 برس سے زیادہ عرصے میں امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام فرد بن گئے ہیں۔

    تقریباً 10 لاکھ ووٹوں کی گنتی کے بعد کولم اور ان کی رپبلکن حریف، موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کے درمیان فرق پانچ ہزار سے بھی کم ووٹوں کا رہا۔

    اس نتیجے کے بعد 100 رکنی امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی نشستوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے، جبکہ الاسکا کی ایک انتہائی سخت مقابلے والی نشست کا نتیجہ ابھی آنا باقی ہے۔

    سی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق 43 سالہ سکاٹ کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو 48.7 فیصد ووٹ ملے۔ ایک آزاد امیدوار نے 2.1 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

    سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے بدھ کی شام ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں اسکاٹ کولم کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    انھوں نے کہا ’اگرچہ یہ وہ نتیجہ نہیں تھا جس کی ہم نے امید کی تھی یا جس کے لیے ہم نے کوشش کی تھی، لیکن میں مسیسیپی کے ووٹروں کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔‘

    سکاٹ کولم نے اپنی کامیابی کی تقریر ٹوگالو کالج کے کیمپس میں کی، جہاں رات کے وقت سینکڑوں حامی ان کے استقبال کے لیے جمع تھے۔

    نتائج کے انتظار کے کئی دنوں کے بعد جب فتح کی تصدیق ہوئی تو جشن کا ماحول تھا۔ 4 نومبر کے انتخابات کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے سکاٹ کولم نے ان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    کولم نے کہا ’لوگوں کو یقین نہیں تھا کہ ایسا لمحہ بھی آ سکتا ہے، لیکن میں نے اپنا یقین برقرار رکھا۔‘

    انھوں نے مزید کہا: ’یہ صرف میرا کارنامہ نہیں ہے۔ یہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے۔‘

    کولم کے مطابق ’مسیسیپی میں مقامی لوگ ہی اصل فرق پیدا کرتے ہیں۔‘

    اس نتیجے کے ساتھ مسیسیپی میں رپبلکن پارٹی کی وہ مسلسل انتخابی برتری ختم ہو گئی جو 1982 سے قائم تھی۔

    اس مقابلے کے اتنا سخت ہونے کی توقع نہیں کی جا رہی تھی، کیونکہ موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ ایک ایسی ریاست میں دوبارہ انتخاب لڑ رہی تھیں جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں 22 فیصد سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔

    تاہم ان وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ نہ صرف امریکی ایوانِ نمائندگان بلکہ سینیٹ کا کنٹرول بھی اپنے ہاتھ میں لینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

  2. ارجنٹینا نے اپنی مسلح افواج کو ’دہشت گرد‘ قرار دینے کے ایرانی اقدام کو مسترد کر دیا

    ارجنٹینا نے اپنی مسلح افواج

    ارجنٹینا کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی جانب سے ملک کی بحریہ اور فضائیہ کو ’دہشت گرد تنظیموں‘ کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

    وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام ’مکمل طور پر بے بنیاد‘ ہے اور ارجنٹینا کی مسلح افواج کے خلاف ’ناقابلِ قبول الزام‘ کے مترادف ہے۔

    بیان کے مطابق ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ آئینی اور قانونی ادارے ہیں، جو ملک کی قومی خودمختاری کے دفاع کی ذمہ داری انجام دیتے ہیں۔

    وزارت نے مزید کہا کہ یہ افواج ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کرتی ہیں اور دیگر ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتی ہیں۔

    ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ ارجنٹینا کی بحریہ اور فضائیہ کو ’دہشت گرد تنظیمیں‘ سمجھتی ہے۔ ایران نے یہ فیصلہ ارجنٹینا کی جانب سے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے جواب میں کیا ہے۔

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ اقدام 2019 میں منظور کیے گئے ’قانونِ اقدامِ متقابل‘ کے تحت کیا گیا۔

    ارجنٹینا نے رواں سال اپریل میں پاسداران انقالاب فورس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

    ارجنٹینا 1994 میں بیونس آئرس میں یہودی کمیونٹی کے مرکز امیا (AMIA) پر ہونے والے بم دھماکے کا ذمہ دار ایران اور لبنان کی تنظیم حزب اللہ کو قرار دیتا ہے۔ اس حملے میں 85 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ تاہم ایران ہمیشہ اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا آیا ہے۔

  3. کشمیر میں تشدد کی نئی لہر، کولگام حملے میں تین اہلکار زخمی، کشتواڑ میں دو پولیس اہلکار ہلاک, ریاض مسرور، بی بی سی اردو ڈاٹ کام سرینگر

    India

    انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں سکیورٹی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوتی دکھائی دے رہی ہے جہاں کولگام اور کشتواڑ اضلاع میں دو الگ واقعات میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین نیم فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق بدھ کی دوپہر جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے نوپورہ اکھرن میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک ناکے پر فائرنگ کی۔

    حملے میں ہیڈ کانسٹیبل سومویر سنگھ، کانسٹیبل راکیش داس اور کانسٹیبل سنتوش چندرو زخمی ہو گئے۔ انھیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ ایک اہلکار کو نازک حالت کے باعث فضائی راستے سے سرینگر کے بادامی باغ آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کولگام میں ایک ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ بعد ازاں انھوں نے ہسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کو حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔

    کشتواڑ میں دو اہلکاروں کی ہلاکت

    کولگام واقعے کے چند گھنٹے بعد ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ جنگلاتی علاقے دچھن سے دو سپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق 57 سالہ بابی چند اور 45 سالہ رشپال کمار بدھ کی سہ پہر کیار دچھن کیمپ سے مڑواہ میں قائم ایک فوجی کیمپ کی جانب روانہ ہوئے تھے، تاہم راستے میں لاپتا ہو گئے۔ جمعرات کی صبح ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں جنگل سے برآمد ہوئیں۔

    سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے سروس ہتھیار بھی لاپتا ہیں، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا اور حملہ آور ان کا اسلحہ ساتھ لے گئے۔

    سرچ آپریشن جاری

    واقعات کے بعد آئی جی پی کشمیر سجیت کمار اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ حکام نے کولگام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    آئی جی پی کشمیر کے مطابق سکیورٹی اداروں کو علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت سے متعلق پہلے سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے باعث اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کی فوری جوابی کارروائی نے حملہ آوروں کے بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

    کولگام اور کشتواڑ دونوں اضلاع میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کولگام میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ کشتواڑ کے جنگلاتی علاقوں میں ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور خصوصی دستوں کی مدد سے تلاشی جاری ہے۔

    سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق وادی میں سیاحتی سرگرمیوں کے عروج کے دوران پیش آنے والے یہ واقعات سکیورٹی اداروں کے لیے ایک نئے چیلنج کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

  4. غزہ کے ناصر ہسپتال پر اسرائیلی حملہ، کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک: سول ڈیفنس

    Reuters

    غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال کی ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔

    حماس کے زیرانتظام سول ڈیفنس ادارے کے ایک عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعرات کی صبح ایک جنگی طیارے سے داغا گیا میزائل ہسپتال کی اس عمارت سے ٹکرایا جس میں سرجیکل وارڈز اور انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کے شعبے قائم تھے۔

    سول ڈیفنس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک سرجن بھی شامل ہے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ بی بی سی کے مطابق اس نے اسرائیلی فوج سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم بعد ازاں بی بی سی سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم پانچ بتائی گئی۔

    بی بی سی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں آزادانہ رپورٹنگ پر پابندی کے باعث وہ واقعے کی تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔

    سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں عمارت کے اندر دھواں اٹھتا اور دوسری منزل پر بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی جا سکتی ہے، جہاں دھماکے کے باعث طبی آلات اور بسترے بکھر گئے۔

    مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کا ہدف ممکنہ طور پر حماس کا ایک سینیئر سکیورٹی عہدیدار تھا، تاہم اس کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

    اسرائیل ماضی میں حماس پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ ہسپتالوں کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے، جبکہ حماس ان الزامات کی تردید کرتی ہے۔

    ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ عمارت کو عمودی انداز میں نشانہ بنایا گیا جس سے مرد و خواتین کے سرجیکل اور آئی سی یو شعبوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    ناصر ہسپتال جنوبی غزہ کا سب سے بڑا طبی مرکز ہے۔ اگست 2025 میں بھی اسرائیلی حملوں میں اس ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں صحافی اور طبی عملے کے ارکان بھی شامل تھے۔

    گذشتہ سال اکتوبر میں جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اس عرصے کے دوران 1600 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    حماس اور اسرائیل ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

    دوسری جانب حالیہ شدید بارشوں نے غزہ میں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہزاروں بے گھر خاندانوں کے خیمے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

    غزہ میں جنگ کا آغاز 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد ہوا تھا، جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 251 یرغمال بنائے گئے تھے۔

    غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اس جنگ میں اب تک 74 ہزار 645 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

  5. ابراہیمی معاہدے میں شامل ممالک کے سفیروں اور امریکی کانگریس کے ارکان کا پہلا مشترکہ اجلاس

    @HouseForeignGOP

    امریکی ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین برائن ماسٹ نے ابراہیمی معاہدے میں شامل ممالک کے سفیروں اور کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا ہے۔

    کمیٹی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ابراہم معاہدوں کے رکن ممالک کے سفیروں اور ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی کے ارکان کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا کانگریسی فورم تھا۔

    بیان کے مطابق اجلاس میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ابراہیمی معاہدے کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے میں امریکی کانگریس کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    @HouseForeignGOP

    برائن ماسٹ، جو ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے اسرائیل نواز ریپبلکن رکنِ کانگریس ہیں، جنوری 2025 سے خارجہ امور کمیٹی کی سربراہی کر رہے ہیں۔ تاہم حالیہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ان کی جگہ کمیٹی کے نئے چیئرمین کا تقرر کیا جائے گا۔

    ابراہیمی معاہدہ سنہ 2020 میں امریکہ کی سرپرستی میں طے پانے والے سفارتی معاہدہ ہے، جس کے تحت اسرائیل اور متعدد عرب ممالک نے باہمی تعلقات معمول پر لانے کا آغاز کیا تھا۔ ان معاہدوں کو مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جاتا ہے۔

  6. دھمکیاں اور پابندیاں ایران کے میزائل پروگرام کو نہیں روک سکتیں: سربراہ پاسداران انقلاب

    Iran

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر اِن چیف احمد وحیدی نے کہا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام دھمکیوں، دباؤ اور بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود جاری رہے گا۔

    ایرو سپیس ڈے کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں، جسے ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے شائع کیا، احمد وحیدی نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بانی سمجھے جانے والے حسن طہرانی مقدم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کی دفاعی طاقت کو پہاڑوں کے اندر اور زیرِ زمین تنصیبات میں مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

    احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ ’دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ شہید طہرانی مقدم کا راستہ دھمکیوں یا پابندیوں سے نہیں روکا جا سکتا۔ یہ راستہ خون اور ایمان کے ساتھ جاری رہے گا۔‘

    انھوں نے سابق پاسداران انقلاب ایرو اسپیس کمانڈرز امیر علی حاجی زادہ اور محمود باقری کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور فورس کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ایران کی عسکری اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں۔

  7. چین نے دوسری عالمی جنگ میں لاپتا امریکی فضائی اہلکاروں کی باقیات امریکہ کے حوالے کر دیں

    Xinhua

    چین نے دوسری عالمی جنگ کے دوران ہمالیہ کے خطرناک فضائی راستے ’ہمپ روٹ‘ پر لاپتا ہونے والے امریکی فضائی اہلکاروں کی باقیات امریکہ کے حوالے کر دی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق باقیات امریکہ پہنچنے کے بعد ڈی این اے ٹیسٹنگ، تاریخی شواہد کے جائزے اور فوجی ریکارڈ سے موازنہ کیا جائے گا۔ فضائی اہلکاروں کی شناخت کی تصدیق ہونے کے بعد ہی ان کے اہلِ خانہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

    جنوب مغربی چین کے شہر چینگ ڈو میں منگل کو ہونے والی ایک تقریب میں چینی اعزازی محافظ انسانی باقیات پر مشتمل ایک صندوق اٹھا کر لائے، جسے امریکی اعزازی دستے نے وصول کیا اور امریکی پرچم سے ڈھانپ دیا۔

    صندوق میں ہڈیوں کے آٹھ ٹکڑے موجود تھے جو سطح سمندر سے پانچ ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر واقع ایک گلیشیئر سے برآمد کیے گئے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ باقیات دوسری عالمی جنگ کے دوران ہمپ روٹ پر لاپتا ہونے والے امریکی فضائی اہلکاروں کی ہیں، جو 80 برس سے زائد عرصے تک پہاڑوں میں موجود رہیں۔

    تقریب کے دوران چینی عوامی آزادی فوج کے آرکائیوز کے ڈائریکٹر ہے جیانگ اور امریکی دفاعی ادارے ڈیفنس پی او ڈبلیو/ایم آئی اے اکاؤنٹنگ ایجنسی کے فرانزک ماہر کیپٹن کولن الیگزینڈر ایلیٹ نے باقیات کی منتقلی کے دستاویزات پر دستخط کیے۔

    Xinhua

    ’موت کا راستہ‘

    ہمپ روٹ 1942 میں اس وقت قائم کیا گیا تھا جب جاپانی افواج نے برما (موجودہ میانمار) پر قبضہ کر لیا اور چین کا بیرونی دنیا سے زمینی رابطہ تقریباً منقطع ہو گیا۔

    انڈیا کی ریاست آسام سے چین کے شہر کنمنگ تک پھیلا یہ فضائی راستہ دوسری عالمی جنگ کے دوران چین کو اتحادی افواج کی رسد پہنچانے کے لیے ایک اہم ذریعہ بن گیا تھا۔

    تاہم ہمالیہ کے برف پوش پہاڑ، گہری وادیاں، گلیشیئرز، شدید ہوائی جھکڑ، ژالہ باری اور انتہائی سرد موسم اس راستے کو انتہائی خطرناک بناتے تھے، جس کی وجہ سے اسے ’’موت کا راستہ‘‘ بھی کہا جاتا تھا۔

    تخمینوں کے مطابق اس راستے پر ایک ہزار سے زیادہ چینی اور امریکی فضائی عملے کے ارکان ہلاک ہوئے، جبکہ دشوار گزار جغرافیے کے باعث بہت سے افراد کی باقیات کبھی برآمد نہیں ہو سکیں۔

    باقیات کیسے ملیں؟

    یہ باقیات چین کے صوبہ سیچوان کے نجی جیان چھوان میوزیم کی جانب سے تشکیل دی گئی ایک تلاش ٹیم کو جنوب مغربی چین کے تبت خودمختار علاقے کے شہر نینگچی کے گلیشیئرز میں ملیں۔

    Xinhua

    تلاشی ٹیم نے گھنے جنگلات، تیز بہتے دریاؤں اور گلیشیئرز کے خطرناک علاقوں سے گزر کر کئی مہمات چلائیں۔ متعدد کوششوں کے بعد انھیں انسانی باقیات ملیں جنہیں بعد ازاں امریکی فضائی اہلکاروں سے منسوب کیا گیا۔

    چین اور امریکہ کا مشترکہ تعاون

    چین اور امریکہ 1970 کی دہائی سے دوسری عالمی جنگ میں لاپتا امریکی فوجیوں کی تلاش کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔

    چینی حکام کے مطابق یہ کوششیں اس تاریخی دور کی یاد دلاتی ہیں جب دونوں ممالک نے جاپانی فوجی توسیع پسندی کے خلاف مل کر جنگ لڑی تھی۔

    جیان چھوان میوزیم کے سربراہ فان جیان چھوان نے کہا کہ یہ باقیات نہ صرف فسطائیت کے خلاف جنگ کی گواہ ہیں بلکہ چینی اور امریکی عوام کی مشترکہ جدوجہد کی یاد بھی دلاتی ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ماہر کولن ایلیٹ نے کہا کہ یہ باقیات اس تاریخی لمحے کی نمائندگی کرتی ہیں جب امریکی اور چینی عوام نے جارحیت کے خلاف شانہ بشانہ لڑائی لڑی۔

  8. مسیسیپی سینیٹ کی نشست پر ڈیموکریٹ سکاٹ کولم کی تاریخی کامیابی، 140 برس بعد سیاہ فام سینیٹر منتخب

    USA

    امریکہ کی ریاست مسیسیپی میں سینیٹ کے انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار سکاٹ کولم نے غیر متوقع کامیابی حاصل کرتے ہوئے کئی دہائیوں سے جاری ریپبلکن جماعت کی برتری کا خاتمہ کر دیا ہے۔

    43 سالہ سکاٹ کولم کی کامیابی کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ 140 برس سے زیادہ عرصے میں مسیسیپی سے امریکی سینیٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام امیدوار ہیں۔

    تقریباً 10 لاکھ ووٹوں کی گنتی کے بعد کولم اور ان کی ریپبلکن حریف، موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ سمتھ کے درمیان فرق پانچ ہزار سے بھی کم ووٹوں کا رہا۔

    سی بی ایس کے مطابق کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ہائیڈ سمتھ کو 48.7 فیصد اور ایک آزاد امیدوار کو 2.1 فیصد ووٹ ملے۔

    ’امید کا دامن نہیں چھوڑا‘

    نتائج کے اعلان کے بعد سکاٹ کولم نے ٹوگالو کالج میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ نہیں سمجھتے تھے کہ ایسا لمحہ کبھی آئے گا، لیکن انھوں نے امید کا دامن نہیں چھوڑا۔

    انھوں نے اپنی کامیابی کو عوامی جدوجہد کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا، ’یہ صرف میرا کارنامہ نہیں، بلکہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے۔ مسیسیپی میں فرق مقامی لوگ ہی پیدا کرتے ہیں۔‘

    دوسری جانب سنڈی ہائیڈ سمتھ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کولم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ووٹروں کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں، اگرچہ نتیجہ ان کی توقعات کے مطابق نہیں رہا۔

    ڈیموکریٹس کی سینیٹ میں پوزیشن مزید مضبوط

    اس کامیابی کے بعد 100 رکنی امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی نشستوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے، جبکہ الاسکا کی ایک نشست کا نتیجہ ابھی آنا باقی ہے۔ مسیسیپی میں ریپبلکن جماعت 1982 سے مسلسل سینیٹ انتخابات جیتتی آ رہی تھی، اس لیے یہ نتیجہ سیاسی مبصرین کے لیے غیر متوقع ثابت ہوا۔

    ٹرمپ اور معیشت اہم انتخابی موضوعات

    مسیسیپی کو روایتی طور پر ریپبلکن ریاست سمجھا جاتا ہے۔ 2024 کے صدارتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہاں 22 فیصد سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل کی تھی۔

    تاہم حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ایوانِ نمائندگان کے ساتھ ساتھ سینیٹ میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق معیشت اور ایران کے ساتھ جنگ سے متعلق عوامی خدشات نے ووٹرز کے فیصلوں پر نمایاں اثر ڈالا۔ ایگزٹ پولز کے مطابق متعدد ووٹرز نے ٹرمپ انتظامیہ کی اقتصادی پالیسیوں اور ٹیرف کے باعث بڑھتے مالی دباؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔

  9. ایران میں خواتین کے لیے ’جانِ فدا‘ عسکری تربیتی کیمپ قائم

    Iran
    ،تصویر کا کیپشنایران کے دارالحکومت تہران میں ’جان فدا‘ خواتین عسکری تربیتی مرکز کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک خاتون رضاکار تربیتی مشق میں حصہ لے رہی ہیں

    ایران نے دارالحکومت تہران میں خواتین کے لیے ایک نئے عسکری تربیتی مرکز کا افتتاح کیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی حکام کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ممکنہ نئے حملوں کے خدشات لاحق ہیں اور سفارتی ثالثی کی کوششیں بھی تعطل کا شکار بتائی جا رہی ہیں۔

    منگل کو کھولے گئے اس مرکز میں خواتین رضاکاروں کو مختلف عسکری اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔

    Iran
    ،تصویر کا کیپشنتہران کے آزادی چوک میں ’جانِ فدا‘ فوجی تربیتی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ایک ایرانی خاتون رضاکار تربیتی مشق میں حصہ لے رہی ہیں

    جاری کی گئی ویڈیوز میں درجنوں خواتین رضاکاروں، جنھیں ’جان فدا‘ کہا جاتا ہے، کو دیواروں سے رسیوں کے ذریعے نیچے اترتے اور زِپ لائن کی مشق کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز میں بعض خواتین کو اسلحہ اٹھائے تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

    Tehran
    ،تصویر کا کیپشنتہران کے آزادی اسکوائر میں ’جان فدا‘ خواتین عسکری تربیتی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر ایرانی خواتین رضاکار تربیتی مشق میں حصہ لے رہی ہیں

    ایرانی حکام کے مطابق ان مراکز میں شہری دفاع، فضائی دفاع اور امدادی و ریسکیو کارروائیوں سے متعلق کورسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔

    ایران اس سے قبل مردوں اور خواتین دونوں کے لیے ایسے تین تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت ایک ملین، یعنی دس لاکھ، رضاکاروں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

  10. چین اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، سربراہانِ مملکت کے روابط پر تبادلہ خیال

    China and the USA
    ،تصویر کا کیپشنامریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے 13 فروری 2026 کو جرمنی کے شہر میونخ میں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی

    چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان بدھ کو ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور امریکہ کے باہمی تعلقات اور دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان روابط سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ گفتگو مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔

    وانگ ای، جو چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ کے امریکہ کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور امریکہ تعلقات کی نئی سمت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے واضح تزویراتی رہنمائی فراہم ہوئی۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات میں استحکام کا حالیہ رجحان آسانی سے حاصل نہیں ہوا بلکہ یہ دونوں بڑی طاقتوں کے قومی اور مشترکہ مفادات کے مطابق ایک دانشمندانہ انتخاب ہے۔

    انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے بارے میں چین کی پالیسی مستقل اور واضح رہی ہے اور بیجنگ واشنگٹن کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

    وانگ ای کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اختلافات اور حساس معاملات کو مناسب طریقے سے سنبھالنا چاہیے اور 2026 میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس اور جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

    چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تزویراتی استحکام پر مبنی تعمیری چین۔امریکہ تعلقات کے ہدف کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔

  11. گلگت بلتستان کے گلیشیئرز پاکستان کی آبی سلامتی کے لیے ناگزیر، عالمی تعاون کی ضرورت: وزیراعلیٰ امجد حسین

    GB

    گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا ہے کہ خطے کے گلیشیئرز پاکستان کے لیے پانی کا اہم ذخیرہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

    ماؤنٹین ویمن کلائمیٹ ایوارڈ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ایک تلخ حقیقت بن چکے ہیں، جہاں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب انسانی آبادیوں، زرعی زمینوں اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کے تین بڑے پہاڑی سلسلوں کے سنگم پر واقع گلگت بلتستان تقریباً آٹھ ہزار گلیشیئرز کا مسکن ہے۔ خطے کی متعدد بستیاں ان گلیشیئرز کے نشیبی علاقوں میں واقع ہیں جہاں برفانی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب ہر سال سینکڑوں خاندانوں کو متاثر کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہر سال قریب ایک ہزار گھرانے متاثر ہوتے ہیں، مکانات اور فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں جبکہ حکومت کو متاثرہ افراد کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے بھاری وسائل درکار ہوتے ہیں۔

    امجد حسین کے مطابق موسمیاتی آفات سے سڑکوں، بجلی گھروں، سکولوں اور دیگر بنیادی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور ان کی مرمت و بحالی پر ہر سال اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس سے خطے کے محدود ترقیاتی وسائل پر مزید دباؤ پڑتا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ اور ان سے وابستہ خطرات کے مطالعے کے لیے پہلے کوئی مخصوص ادارہ موجود نہیں تھا، جس کے پیشِ نظر گلیشیئر پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ مختلف بلندیوں پر واقع گلیشیئرز پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو سائنسی بنیادوں پر سمجھنا اور ان کے مطابق حفاظتی اقدامات کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے اتھارٹی کو قومی اور بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے ساتھ مؤثر روابط استوار کرنے چاہییں۔

    وزیراعلیٰ نے گلیشیئر گرافٹنگ یا مقامی سطح پر گلیشیئرز کی پیوندکاری سے متعلق روایتی علم اور تجربات کو بھی تحقیق اور تحفظ کی کوششوں کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

  12. پاکستان سمیت 150 سے زائد ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ بن گئے

    ٰCGTN

    چین نے کہا ہے کہ اس کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت اب تک 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جو دنیا کے تقریباً تین چوتھائی ممالک اور کئی بڑے عالمی اداروں کا احاطہ کرتے ہیں۔

    چین کے ’ڈیپارٹمنٹ آف ریجنل اوپننگ اَپ، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن‘ کے سربراہ لیانگ لن چونگ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اس پیش رفت کا اعلان کیا۔

    چین نے 2013 میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ متعارف کروایا تھا، جسے بیجنگ عالمی اقتصادی تعاون اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتا ہے۔

    منگل کو ایک چینی تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کی گئی ’بلڈنگ این اوپن ورلڈ اکانومی تھرو بیلٹ اینڈ روڈ کوآپریشن یعنی بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ذریعے ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہونے والا تعاون چین کی کھلے پن کی پالیسی اور باہمی فائدے پر مبنی ترقیاتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا کے ممالک پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ باہم منسلک ہو چکے ہیں، جس سے عالمی مسائل کے حل کے لیے تعاون اور مشترکہ اقدامات کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین داخلی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دینا اور عالمی ترقیاتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چین کا مؤقف ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور اقتصادی روابط کے ذریعے موجودہ چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ایسی عالمی معیشت کی تشکیل ممکن ہے جس سے تمام ممالک کو مشترکہ فائدہ پہنچے۔

  13. سعودی عرب کا دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، عدن میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر حملے

    Saudi Arabia, Yeman

    یمن کے حوثی گروپ، انصار اللہ، کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ جنوبی یمن کے شہر عدن میں بھی میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت والے اتحاد نے بُدھ کو اعلان کیا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔

    اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق مشترکہ دفاعی نظام نے مملکت کے مغربی علاقے میں دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جبکہ اس سے قبل ریاض کی جانب داغے گئے تین کروز میزائل بھی ناکام بنا دیے گئے تھے۔

    یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب فروری میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد شروع ہونے والی علاقائی جنگ کے دوران حوثی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل کی تنصیبات اور دیگر اہم اہداف کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔

    سعودی عرب کا مشرقی صوبہ، جہاں ملک کے بیشتر تیل و گیس ذخائر اور آرامکو کا صدر دفتر واقع ہے، حالیہ ہفتوں میں متعدد حملوں کی زد میں آ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے ایک حملے میں آرامکو کے مرکزی دفتر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

    عدن میں دھماکے

    دوسری جانب حوثیوں نے بدھ کو جنوبی یمن کے شہر عدن پر بھی میزائل حملے کیے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو پولیس ذرائع نے بتایا کہ عدن میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ذرائع کے مطابق دو میزائلوں نے شہر کے مغربی حصے میں اتحادی افواج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ تیسرا میزائل شہر کے وسط میں واقع ایک اور فوجی مرکز پر گرا۔

    سنہ 2022 کی جنگ بندی کے خاتمے اور جولائی میں دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے حوثی کئی مرتبہ عدن کو نشانہ بنا چکے ہیں۔

    spa.gov.sa

    سوگ کی تقریبات اور بڑھتا انسانی بحران

    دارالحکومت صنعا میں گذشتہ ہفتے بڑی تعداد میں لوگ ان افراد کی یاد میں جمع ہوئے جو سعودی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق الشریعہ نامی گاؤں میں گھروں پر ہونے والے حملوں میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں تقریباً 20 بچے بھی شامل تھے۔ سوگوار افراد متاثرین کی تصاویر سے مزین تابوت اٹھائے ہوئے تھے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق جولائی میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

    خلیجی ممالک کا اجلاس

    ادھر بحرین کے دارالحکومت منامہ میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔

    سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو غیر معمولی سکیورٹی چیلنجز اور تیزی سے بدلتی علاقائی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے لیے مشترکہ اور پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک کو لاحق خطرہ پورے خلیجی نظام کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔

    سعودی وزیر داخلہ نے حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیے جا سکتے کیونکہ ان سے نہ صرف شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ یمن اور پورے خطے کے امن و استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

  14. امریکہ نے روسی صدر سے ایران کے ساتھ مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی، قالیباف کا دعویٰ

    Aljazeera

    ایران کے پارلیمانی سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران نے آٹھ ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے قطر کے ذریعے امریکہ کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران امریکی جواب کا منتظر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر امریکہ طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جو بداعتمادی کو بڑھاتے ہیں تو معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی واشنگٹن پر اعتماد نہیں۔

    ایران کی سات شرائط

    باقر قالیباف کے مطابق ایران نے مذاکرات کے لیے جن شرائط کا مطالبہ کیا ہے ان میں امریکی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’گیند اب امریکہ کے کورٹ میں ہے۔‘

    آبنائے ہرمز پر نیا مؤقف

    ایرانی سپیکر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اب کبھی بھی امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے والی حیثیت اختیار نہیں کرے گی اور ایران و عمان اس اہم آبی گذرگاہ کی نگرانی سے متعلق ایک نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ’آزاد بین الاقوامی پانی‘ موجود نہیں اور اس کے ضوابط کا تعین ایران اور عمان کے قوانین کے مطابق ہوتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک اس آبی راستے کے ساحلی ممالک ہیں۔

    نئی جنگ پر انتباہ

    باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور جنوری میں ذمہ داریاں سنبھالنے والی نئی کانگریس کی جانب سے سیاسی دباؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی کیفیت سے نکلنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے مضبوط عسکری اور دفاعی صلاحیت کو ضروری سمجھتا ہے۔

    یمن کے بارے میں مؤقف

    یمن میں سعودی حمایت یافتہ حکومتی افواج اور حوثیوں کے درمیان جاری لڑائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو اس تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

    تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل میں معاونت کے لیے تیار ہو گا۔

  15. جنگ کی صورت میں یورپ تک موجود امریکی فوجی اڈے نشانہ بن سکتے ہیں: ایران

    Mohsin Razai

    ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف ایک اور جنگ شروع کی تو مغربی ایشیا سے لے کر یورپ تک اس کارروائی میں شامل تمام فوجی اڈے ایرانی حملوں کے جائز اہداف ہوں گے۔

    بدھ کو عرب نشریاتی ادارے المدین کو دیے گئے انٹرویو کے مندرجات منظرِ عام پر آنے کے بعد محسن رضائی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے لیے کوئی مقام محفوظ نہیں ہو گا۔

    المدین کے ساتھ گفتگو میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے یورینیم پروگرام کے حوالے سے ’ایک ذرہ بھی‘ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور اگر امریکہ کی جانب سے نئے حملے کیے گئے تو تہران اپنے فوجی ردعمل کا دائرہ مزید وسیع کر سکتا ہے۔

  16. سپین میں عام ہڑتال: بارسلونا میں جھڑپیں، رہائش اور مہنگائی کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے, نک بیک، گائے ہیجکو اور البا مورگاڈے، میڈرڈ

    سپین

    سپین میں 14 برس بعد ہونے والی پہلی ملک گیر عام ہڑتال کے دوران بارسلونا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ ملک بھر میں لاکھوں کارکنوں سے وابستہ یونینوں کی اپیل پر ہزاروں افراد نے رہائش کے بڑھتے بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔

    دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے مظاہرے میں شرکت کی، جبکہ بارسلونا میں 50 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بعد ازاں بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں نقاب پوش افراد اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس کے دوران کئی مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی اور بعض دکانوں کے شیشے توڑے گئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کچھ مظاہرین نے پولیس پر آتش بازی کا سامان بھی پھینکا جبکہ چند دکانوں، جن میں ایک معروف کھلونوں کی دکان بھی شامل ہے، کو نقصان پہنچایا گیا۔ بعض افراد نے ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے سٹور میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔

    ’شروع میں ماحول پُرامن اور خوشگوار تھا‘

    بارسلونا میں احتجاج میں شریک ایک خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ دن کے وقت مظاہرہ زیادہ تر پُرامن اور خوشگوار تھا اور اس میں بڑی تعداد میں بچے اور بزرگ بھی شریک تھے۔

    ان کے مطابق شام کے وقت شہر کے مختلف حصوں میں آگ لگی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہر طرف آگ دکھائی دے رہی تھی، صورت حال بہت شدید ہو گئی تھی۔‘

    ٹرانسپورٹ متاثر، گرفتاریاں بھی ہوئیں

    ہڑتال کے باعث سپین بھر میں ٹرانسپورٹ اور دیگر عوامی خدمات متاثر ہوئیں جبکہ کئی بڑی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔

    وزارتِ داخلہ کے مطابق مختلف واقعات کے سلسلے میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بعض جائیداد کے کاروبار سے وابستہ دفاتر پر حملوں کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    میڈرڈ میں مظاہرین میں سے ایک نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم نے شہر کو تقریباً مفلوج کر دیا ہے۔ بارش کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجود ہیں۔‘

    رہائش کا بحران احتجاج کا بنیادی سبب

    37 برس کی ٹیچر اولگا ڈومنگو نے کہا کہ وہ اس لیے احتجاج کر رہی ہیں کیونکہ رہائش کی صورت حال ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔ ان کے بقول، ’زندگی گزارنے کے اخراجات اور تنخواہوں میں اتنا فرق ہے کہ موجودہ حالات میں گزارا ممکن نہیں رہا۔‘

    یہ ہڑتال سستے گھروں کی قلت اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے بعد سامنے آئی۔ اس تحریک کو اس وقت زیادہ توجہ ملی جب 87 سالہ ماری کارمین اباسکال کو میڈرڈ کے اُس فلیٹ سے بے دخل کر دیا گیا جہاں وہ سات دہائیوں سے رہ رہی تھیں۔ چند ہفتے بعد وہ ہسپتال میں فوت ہو گئیں۔

    جائیداد کے شعبے سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے ایک فلیٹ کا اوسط ماہانہ کرایہ تقریباً 1170 یورو تک پہنچ چکا ہے، جبکہ سپین میں اوسط ماہانہ تنخواہ تقریباً 2460 یورو ہے۔

    اس طرح ایک عام شہری اپنی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ صرف رہائش پر خرچ کرنے پر مجبور ہے، جو ماہرین کے تجویز کردہ قابلِ برداشت تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔

    سپین

    انتخابات سے قبل سیاسی کشمکش

    سپین میں 29 نومبر کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے گزشتہ ماہ قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جب پارلیمان ان کے مجوزہ رہائشی اصلاحات کے منصوبے کی منظوری نہ دے سکی۔

    غیرمعمولی طور پر حکمران سوشلسٹ حکومت نے ہڑتال کی مخالفت کے بجائے اس کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم سانچیز نے کارکنوں کے حقِ ہڑتال کا دفاع کرتے ہوئے اسے مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کا تسلسل قرار دیا۔

    دوسری جانب حزبِ اختلاف کی قدامت پسند جماعت پیپلز پارٹی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ انتخابات سے قبل سیاسی فائدے کے لیے ہڑتال کو استعمال کر رہی ہے۔

    ’گھر خریدنا ناممکن ہو گیا ہے‘

    27 سالہ گونزالو الواریز، جو کرایہ داروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم سے وابستہ ہیں، کہتے ہیں کہ ماری کارمین اباسکال کی بے دخلی نے عوامی غصے کو بھڑکا دیا۔

    وہ اپنی ساتھی کے ساتھ ایک چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور دونوں مل کر ماہانہ ایک ہزار یورو کرایہ ادا کرتے ہیں۔

    ان کے مطابق: ’خوراک، بجلی، پانی اور گیس کے اخراجات کے بعد گھر خریدنے کے لیے رقم جمع کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔‘

    ہڑتال کتنی مؤثر رہی؟

    کاروباری حلقوں نے ہڑتال کو سیاسی قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے، تاہم بجلی کے استعمال کے ابتدائی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی۔

    سپین کے قومی گرڈ آپریٹر کے مطابق بدھ کی صبح ملک میں بجلی کی طلب میں تقریباً 7.5 فیصد کمی دیکھی گئی، جو ہڑتال میں شرکت کے ایک اہم اشاریے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس ہڑتال کی عوامی حمایت اور احتجاجی سرگرمیوں کی شدت 29 نومبر کے انتخابات سے قبل حکمرانوں اور اپوزیشن، دونوں کے لیے ایک اہم سیاسی اشارہ تصور کی جائے گی۔

  17. بریکنگ, حوثی جنگجوؤں کا سعودی عرب کے شہر ینبع میں تیل کی پمپنگ تنصیب پر ڈرون حملے کا دعویٰ

    یمن کے حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع سعودی شہر ینبع میں تیل کی پمپنگ تنصیب کو ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔

    حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تین کروز میزائلوں سے حملے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

    حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ مکہ شہر کے اوپر ایک ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ حوثی جنگجوؤں کے حملوں کا ہدف سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈے ہیں۔

  18. آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتِ حال میں واپس نہیں آئے گی: باقر قالیباف

    IRNA
    ،تصویر کا کیپشنایرانی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف

    ایرانی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ’آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتِ حال میں واپس نہیں آئے گی اور یہ ایران کی سات نکاتی شرائط کا حصہ ہے۔‘

    بی بی سی فارسی کے مطابق الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے راستے اور ان کی نقل و حرکت کو الگ رکھنے کے نظام سے متعلق عمان کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔‘

    قالیباف نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’ایران کی ترجیح امن ہے، بشرطیکہ اس کی شرائط تسلیم کی جائیں۔‘

  19. ہماری دفاعی صلاحیت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے: ایرانی وزارتِ دفاع

    ایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان رضا طلائینیک کا کہنا ہے کہ ’ایران کی دفاعی صلاحیت پہلے کے مقابلے میں اب مزید مضبوط ہوئی ہے اور جنگ کا نتیجہ واضح ہے۔‘

    امریکی صدر اور وزیرِ دفاع کے نام ایکس پر ایک پیغام میں انھوں نے لکھا کہ ’ایران کو ہتھیاروں کی فراہمی، اس کی سٹریٹجک پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرتی ہے اور یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پیٹ کے ’گمراہ کن اعداد و شمار‘ سے کہیں آگے ہے۔‘

    رضا طلائینیک نے مزید کہا کہ امریکہ کو ایران کے جائز مطالبات تسلیم کرنے‘ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

    حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کی فوجی صورتِ حال ’تقریباً تباہ‘ ہو چکی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میزائل اور ڈرون بنانے کی ایران کی صلاحیت میں 85 فیصد کمی آئی ہے۔

  20. ایران سے مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ فوجی اڈے پر منتقل

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنامریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے منسلک مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع ان کے گھر سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس کے مطابق یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب اخبار وال سٹریٹ جرنل نے سکاٹ بیسنٹ کے گھر کی ایک تصویر شائع کی۔

    سکاٹ بیسنٹ ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے اور اس کی معیشت کو دباؤ میں لانے کے لیے وسیع تر اقدامات میں پیش پیش رہے ہیں۔

    بیسنٹ کو ملنے والی دھمکیوں کی نوعیت واضح نہیں ہے، تاہم امریکی انٹیلیجنس حکام خبردار کر چکے ہیں کہ ایران نے امریکی شہریوں، بشمول سرکاری عہدیداروں، کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔

    سی بی ایس کو ایک ذریعے نے بتایا کہ وال سٹریٹ جرنل میں ایک مضمون شائع ہونے کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔ اس مضمون میں آن لائن دستیاب ایسی تصویر شامل تھی جس کی مدد سے وزیرِ خزانہ کے جارج ٹاؤن میں واقع گھر کا مقام معلوم کیا جا سکتا تھا۔

    جارج ٹاؤن واشنگٹن کا ایک خوشحال علاقہ ہے جہاں کئی سرکاری عہدیدار اور معروف شخصیات رہائش پذیر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث حکام نے بیسنٹ کو علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی محکمۂ خزانہ کے ترجمان نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ ’بیسنٹ دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور ایران کی معیشت پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کے لیے پُرعزم رہیں گے۔‘

    بی بی سی نے اس معاملے پر وائٹ ہاؤس سے بھی تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    گذشتہ سال ستمبر میں امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس جے کلیٹن نے خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔

    رپورٹس کے مطابق ایران کے ممکنہ اہداف کی فہرست میں سابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف مارک ملی بھی شامل ہیں۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گذشتہ سال اقتدار میں واپسی کے کچھ ہی عرصے بعد مارک ملی اور جان بولٹن کی سکیورٹی ٹیمیں واپس لے لی گئی تھیں۔

    سکاٹ بیسنٹ امریکی حکومت کے ان کئی عہدیداروں میں شامل ہیں جو فوجی اڈوں پر رہائش پذیر ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف سٹاف سٹیفن ملر کو بھی سنہ 2025 کے اواخر میں ایک فوجی اڈے پر منتقل کیا گیا تھا، اس وقت ایران کے ساتھ تنازع شروع نہیں ہوا تھا۔

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی فوجی اڈوں پر رہتے ہیں۔ ان سے پہلے سابق اٹارنی جنرل پام بونڈی اور سابق انٹیلیجنس سربراہ تلسی گیبارڈ بھی وہاں مقیم رہ چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے فروری میں ایران کے خلاف فضائی حملے شروع کیے تھے، جن میں ایران کے رہنما ہلاک ہوئے۔ اس کے جواب میں تہران نے خطے میں امریکی اتحادیوں کو نشانہ بنایا اور آبنائے ہرمز کو عملاً بند کر دیا، جہاں سے عام حالات میں دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور گیس گزرتی ہے۔