امریکی نائب صدر نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دے دیا

امریکہ میں ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے رُکن کانگریس نے ایوانِ نمائندگان میں امریکی وزیرِ دفاع کے خلاف مواخذے کی قرارداد جمع کروا دی ہے، جس پر آج ہی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوششوں کو ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ قرار دیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے!

    بی بی سی اردو کی لائیو پیج کوریج جاری ہے تاہم یہ صفحہ مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔

    11 نومبر کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

  2. اس وقت امریکہ کے ساتھ کوئی ٘مذاکرات نہیں ہو رہے: محسن رضائی

    تصویر

    ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ اس وقت امریکہ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔

    ’المبادین‘ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے سے پہلے امریکہ کو اسلام آباد مفاہمت میں طے پانے والی سات شرائط کو قبول اور نافذ کرنا ہوگا، ورنہ ان کے بقول یہ بحری راستہ نہیں کھلے گا۔

    محسن رضائی نے کہا کہ ایران نے ان شرائط کے بارے میں امریکہ سے ’واضح اور دوٹوک‘ جواب طلب کیا ہے، تاہم تہران کو اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے امریکہ مستقبل میں اس مطالبے پر جواب دے۔

    سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے امریکی نائب صدر سے ممکنہ ملاقات کے منصوبے سے متعلق شائع ہونے والی خبروں کو بھی ’مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد‘ قرار دیا۔

    ادھر قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سے ملاقات کے ایک روز بعد، جو ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بڑے پیمانے پر فوجی حملے فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت نہیں ہے، تاہم انھوں نے ایران کی جانب سے پیش کیے گئے موجودہ جنگ بندی منصوبے کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی۔

  3. پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور سے راولپنڈی منتقل

    تصویر

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ لاہور سے راولپنڈی منتقل کر دیا ہے۔

    دوسرا ٹیسٹ میچ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جانا تھا، تاہم موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر یہ میچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ فیصلہ لاہور میں سموگ کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جس کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ کو راولپنڈی منتقل کرنا پڑا۔

    اب یہ میچ 17 سے 21 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  4. ’وہ ایک منٹ کے لیے بھی اس عہدے کے لائق نہیں‘: حکومت سازی کے لیے نامزد آئزنکوٹ کی نیتن یاہو پر شدید تنقید

    تصویر

    اسرائیل کے صدر کی جانب سے حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری ملنے کے بعد گاڈی آئزنکوٹ نے سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی اسرائیلی پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر پر سخت تنقید کی ہے۔

    نئی پارلیمنٹ کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے ایک مرتبہ پھر ’ایرانی جوہری خطرے‘ کو اسرائیل کو درپیش اہم ترین چیلنج قرار دیا اور اراکینِ پارلیمان پر زور دیا کہ وہ دیگر سیاسی اختلافات اور ترجیحات کو ایک طرف رکھ کر قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کی حمایت کریں۔

    اس کے جواب میں آئزنکوٹ نے کہا کہ وہ ایک ایسے وزیرِ اعظم کی تقریر سنتے رہے جو ’خام خیالیوں میں مبتلا، نفرت انگیز اور شرمناک‘ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو اپنی مدت پوری کر چکے ہیں اور اب حکومتی منصب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    آئزنکوٹ نے مزید کہا: ’آج مجھے پہلے سے بھی زیادہ یقین ہو گیا ہے کہ وہ اس عہدے کے لائق نہیں ہیں، ایک منٹ کے لیے بھی نہیں۔‘

  5. امریکی نائب صدر نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دے دیا

    تصویر

    ہم نے کئی نمایاں ناقدین کو پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف بات کرتے ہوئے سنا ہے، لیکن اب انھیں نائب صدر کی جانب سے بھی عوامی سطح پر حمایت حاصل ہوئی ہے۔

    امریکی نائب صدر نے جے ڈی وینس کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا ہے۔

    ایکس پر اپنی پوسٹ میں جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ’مواخذہ اب ایک ایسا احمقانہ تماشا بن چکا ہے جو حقیقی پالیسی سازی کی جگہ لے رہا ہے۔‘

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ایران کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ اصل بات یہ ہے کہ پیٹ نے پینٹاگون میں موجود بیوروکریسی (افسر شاہی) کو چیلنج کیا ہے۔ پینٹاگون نے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ہیگسیتھ کی حمایت کی ہے۔

    پس منظر کے طور پر، ہیگسیتھ نے حال ہی میں مسلح افواج میں اعلیٰ عہدیداروں کی تعداد میں 20 فیصد کمی کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

  6. ہیگسیتھ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں: تھامس میسی کا الزام

    تصویر

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پیش کرنے والے ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ امریکی قانون کے تحت اگر کانگریس فوجی کارروائی کی منظوری نہ دے تو فوج کو 60 دن کے اندر کارروائیاں ختم کرنا ہوتی ہیں، جبکہ ایران کے خلاف جنگ کو شروع ہوئے اب 256 دن گزر چکے ہیں۔

    میسی نے لکھا کہ ’ہیگسیتھ قانون توڑ رہے ہیں۔ اس میں بحث کی کوئی گنجائش نہیں۔‘

    قانونی پس منظر: 1973 کے وار پاورز ریزولوشن کے تحت صدرِ امریکہ کو کسی فوجی کارروائی کے 48 گھنٹوں کے اندر کانگریس کو آگاہ کرنا ہوتا ہے۔ اگر کارروائی جاری رکھنا مقصود ہو تو کانگریس کو 60 دن کے اندر اتھارائزیشن فار یوز آف ملٹری فورس (AUMF) منظور کرنا ہوتی ہے، ورنہ فوجی کارروائی ختم کی جانی چاہیے۔

    میسی اور ان کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے معاملے میں ان تقاضوں کی پاسداری نہیں کی گئی، جس کی بنیاد پر وہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  7. مواخذے کی کوششیں ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ ہیں: امریکی وزیرِ دفاع

    تسویر

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوششوں کو ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات دراصل تخریب کاری ہیں اور اس سے امریکہ کے مخالفین کو ’پروپیگنڈا میں کامیابی‘ ملے گی۔

    معاملہ شروع کیسے ہوا؟ ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک پیش کی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں خراب کارکردگی کی بڑی وجوہات میں سے ایک رہی ہے۔

    مواخذے کی کارروائی آگے بڑھ رہی ہے: میسی نے پیر کو باضابطہ طور پر مواخذے کی قرارداد پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ہیگسیتھ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی شروع کر کے قانون کی خلاف ورزی کی۔

    ہیگسیتھ کا دفاع: وزیرِ دفاع نے میسی کو ’شکست خوردہ اور ناراض رکنِ کانگریس‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیاں درست اور قانونی تھیں۔

    ’یہ تمام کارروائیاں کمانڈر اِن چیف کے حکم پر کی گئیں، پھر میری جانب سے ان پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا، کانگریس کو مطلع کیا گیا اور امریکی فوجیوں نے انھیں انجام دیا۔‘

    ٹرمپ کی حمایت برقرار: ہیگسیتھ کی پریس کانفرنس کے چند منٹ بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ان کی حمایت کرتے ہوئے انھیں ’+++A‘ قرار دیا، جبکہ تھامس میسی کو ’مکمل ناکام شخص‘ کہا۔

  8. ایوانِ نمائندگان میں قرارداد کی منظوری کے لیے درکار حمایت مل سکتی ہے: روئٹرز

    جیسا کہ پہلے بتایا جا چکا ہے، امریکی ایوانِ نمائندگان آج مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مستقبل سے متعلق ایک اہم ووٹنگ کرے گا۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے کانگریس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مواخذے کی قرارداد کی منظوری کے لیے ممکنہ طور پر مطلوبہ ووٹ موجود ہیں، حالانکہ ایوان پر ڈیموکریٹس کے تین جنوری کو کنٹرول سنبھالنے تک ریپبلکن پارٹی کی اکثریت برقرار رہے گی۔

    بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس کے مطابق بھی مواخذے کی کوشش کو دونوں جماعتوں کے ارکان کی حمایت مل سکتی ہے۔ اس کی ایک وجہ ایران جنگ کے حوالے سے ہیگسیتھ کی کارکردگی پر دونوں پارٹیوں کے بعض ارکان کی ناراضی ہے، جبکہ ریپبلکن پارٹی حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ہونے والی شکست کے اثرات سے بھی دوچار ہے۔

    تاہم رائٹرز کے مطابق سینیٹ میں ہیگستھ کو عہدے سے ہٹانے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں، کیونکہ اس کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، جبکہ 100 رکنی سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی اب بھی 53 نشستوں کی حامل ہے۔

  9. امریکی وزیرِ دفاع کے مواخذے کی تحریک پر امریکی سیاستدان کیا کہتے ہیں؟

    تصویر

    قانون سازوں کے درمیان امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کے امکان پر بحث جاری ہے۔

    امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ان کے خیال میں ہیگسیتھ نے ’بہت اچھا کام کیا ہے‘ اور مواخذے کی کارروائی کو ’غیر منصفانہ‘ قرار دیا۔

    ایوانِ نمائندگان کے ریپبلکن سپیکر مائیک جانسن نے بھی اس موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مواخذہ ’امریکہ کے اتحادیوں اور مخالفین، دونوں کے لیے ایک منفی پیغام ہوگا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سیاسی فائدے یا سستے حربوں کے لیے کابینہ کے وزرا کا مواخذہ نہیں کرتے۔‘

    تاہم ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے کہا کہ وہ ہیگسیتھ کے مواخذے کے حق میں ہیں۔

    اے بی سی کے پروگرام This Week میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے الزام لگایا کہ وزیرِ دفاع نے ’اختیارات کا غلط استعمال کیا، قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا اور ایران کے خلاف ایک مہنگی اور غیر ضروری جنگ کا راستہ ہموار کیا۔‘

    ڈیموکریٹ سینیٹر کرس کونز نے بھی ایران جنگ میں ہیگسیتھ کے کردار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’اگر صدر انھیں عہدے سے نہیں ہٹاتے تو کانگریس یہ کام کرے گی۔‘

  10. امریکہ میں مواخذے کا عمل کیسے ہوتا ہے؟

    تصویر

    امریکہ میں مواخذہ ایک غیر معمولی آئینی عمل ہے جو وفاقی حکام کے اختیارات پر آخری نگرانی کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ اس کے تحت کانگریس کسی اعلیٰ عہدیدار پر قانون شکنی یا سنگین بدعنوانی کا باضابطہ الزام عائد کر کے اس کے خلاف کارروائی شروع کر سکتی ہے۔

    پہلا مرحلہ: ایوانِ نمائندگان (House of Representatives)

    کوئی رکن مواخذے کی قرارداد یا الزامات (Articles of Impeachment) پیش کرتا ہے۔ موجودہ معاملے میں یہ اقدام ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے کیا۔

    اگر ایوانِ نمائندگان میں سادہ اکثریت مواخذے کے حق میں ووٹ دے دے تو قرارداد منظور ہو جاتی ہے۔

    اس مرحلے پر عہدیدار کا مواخذہ ہو جاتا ہے، لیکن وہ فوری طور پر اپنے عہدے سے نہیں ہٹتا۔

    دوسرا مرحلہ: سینیٹ (Senate)

    اس کے بعد معاملہ سینیٹ میں جاتا ہے جہاں باقاعدہ ٹرائل ہوتا ہے۔

    سینیٹرز شواہد کا جائزہ لیتے اور مقدمے کی سماعت کرتے ہیں۔

    عہدیدار کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ کے دو تہائی ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

    اگر دو تہائی اکثریت مواخذے کے حق میں نہ ہو تو عہدیدار اپنے منصب پر برقرار رہتا ہے۔

    مختصراً، مواخذہ الزام عائد کرنے کا عمل ہے، جبکہ عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ سینیٹ کے ٹرائل کے بعد ہوتا ہے۔

  11. ایوانِ نمائندگان آج ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پر ووٹ دے گا: تھامس میسی

    کانگریس کے رکن تھامس میسی نے کہا ہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان آج وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پر ووٹنگ کرے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ پہلی ووٹنگ ایک طریقۂ کار سے متعلق اس تجویز پر ہو گی جس کا مقصد مواخذے کی قرارداد کو مسترد کرنا ہے۔

    میسی نے مزید کہا: ’اگر ہم اس کوشش کو ناکام بنانے میں کامیاب ہو گئے تو پھر مواخذے کی دفعات پر باقاعدہ بحث اور ووٹنگ ہوگی۔‘

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیڈول بھی شیئر کیا، جس کے مطابق ایوانِ نمائندگان کا اجلاس صبح 10 بجے مشرقی امریکی وقت (15:00 جی ایم ٹی) شروع ہوگا، جبکہ پہلی اور آخری ووٹنگ بالترتیب شام 5:30 بجے مشرقی امریکی وقت (22:30 جی ایم ٹی) تک متوقع ہیں۔

  12. ایران جنگ پر امریکی وزیرِ دفاع ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی تحریک، ایوانِ نمائندگان میں آج ووٹنگ متوقع

    Reuters

    امریکہ میں ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو ان کی اپنی جماعت کے رکن تھامس میسی کی جانب سے مواخذے (امپیچمنٹ) کی کوشش کا سامنا ہے۔

    میسی کا مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے اور جاری رکھنے کے لیے کانگریس کی منظوری نہیں لی گئی، جس سے آئینی حدود کی خلاف ورزی ہوئی۔ انھوں نے ہیگسیتھ کے خلاف آٹھ نکات پر مشتمل مواخذے کی قرارداد پیش کی ہے، جس میں ایران پر جنگ، یمن میں حملے، شہری ہلاکتوں کی روک تھام سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات شامل ہیں۔

    دوسری جانب ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں چھ ماہ بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ انھوں نے مواخذے کی کوشش کو ’تماشا‘، ’مذاق‘ اور ’تخریب کاری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی تمام فوجی کارروائیاں قانونی تھیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے تحت کی گئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائی امریکہ کے تحفظ کے لیے ضروری تھی اور اس سے ایرانی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    صدر ٹرمپ بھی کھل کر اپنے وزیرِ دفاع کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ انھوں نے ہیگسیتھ کی کارکردگی کو ’اے پلس‘ قرار دیا اور تھامس میسی کو ’ناکام‘ سیاست دان کہا۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی ہیگسیتھ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صدر بطور کمانڈر اِن چیف ایسے فیصلے کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور ایران طویل عرصے سے امریکہ کے لیے خطرہ رہا ہے۔

    تاہم ایران کے خلاف جنگ امریکی سیاست میں متنازع موضوع بن چکی ہے۔ حالیہ مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن جماعت کو نقصان پہنچنے کی ایک بڑی وجہ ایران جنگ اور اس کے معاشی اثرات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ایک سروے میں تقریباً 63 فیصد امریکیوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ غلط تھا۔

    اگرچہ ریپبلکن جنوری تک کانگریس میں اکثریت رکھتے ہیں اور موجودہ مواخذے کی کوشش کے کامیاب ہونے کے امکانات کم ہیں، لیکن یہ معاملہ ٹرمپ انتظامیہ اور ہیگسیتھ کے لیے سیاسی دباؤ بڑھا رہا ہے۔

    ادھر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران عسکری طور پر ’عملاً ختم‘ ہو چکا ہے اور جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے، جبکہ ہیگسیتھ نے بھی ایران کے خلاف کارروائی کو ’تاریخی فوجی کامیابی‘ قرار دیا ہے۔ تاہم اس جنگ کے قانونی جواز، سیاسی اثرات اور انسانی قیمت پر امریکہ میں بحث بدستور جاری ہے۔

  13. آبنائے ہرمز کے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں میں آگ لگ گئی، پاسدارانِ انقلاب

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں ٘میں آگ لگ گئی۔

    پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے ایک ’سپر ٹینکر‘ تھا جو ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا تھا۔

    بیان کے مطابق دوسرا ٹینکر، جس نے امریکی طیاروں کی مدد سے خفیہ طور پر غیر قانونی راستے سے گزرنے کی کوشش کی، کو حادثہ پیش اور اس میں آگ لگ گئی جس کے بعد وہ اپنا سفر جاری نہ رکھ سکا۔

    پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ دونوں جہازوں نے اپنے رہنمائی اور ٹریکنگ کے نظام بند کر رکھے تھے۔

    ایران کا اصرار ہے کہ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے اسی راستے کے ذریعے گزرنا چاہیے جو اس نے مقرر کیا ہے، جبکہ دیگر راستوں سے گزرنے والے جہازوں کو وہ ’خلاف ورزی کرنے والا‘ قرار دیتا ہے۔

  14. ٹریفک اہلکار کو کچلنے کا مقدمہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے مجید اچکزئی کی بریت کالعدم قرار دے دی، 10 سال قید کی سزا, محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

    mjyd

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہائیکورٹ نے پشتنونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی مجید اچکزئی کی ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں بریت کے خلاف اپیل کو منظور کرتے ہوئے انھیں دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    مجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے کوئٹہ شہر میں ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر عطااللہ کی ہلاکت کا واقعہ جون 2017 کو جی پی او چوک پر پیش آیا تھا۔ اس بارے میں مزید یہاں پڑھیے >>

    ہلاک ہونے والے ٹریفک پولیس انسپکٹر ایک طرف کی ٹریفک کو گزارنے کے لیے شاہراہ کے درمیان کھڑے تھے کہ زرغون روڈ پر اسمبلی کی جانب سے آتی ہوئی مجید اچکزئی کی گاڑی نے انھیں کچل دیا تھا۔

    ان کی ہلاکت کے مقدمے میں مجید اچکزئی کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔

    ایڈیشنل سیشن جج فور کوئٹہ نے 4 ستمبر 2020 کو مجید خان اچکزئی کو مقدمے سے بری کیا تھا۔

    ان کی بریت کے خلاف استغاثہ کی جانب سے بلوچستان ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

    ہائیکورٹ کے جسٹس عامر رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے اس اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے منظور کرلیا ہے۔

    ہائیکورٹ نے ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مجید خان اچکزئی کو تعزیرات پاکستان کے دفعہ 320 کے تحت دس سال قید بامشقت سزا سنائی ہے۔

    عدالت نے مجید خان اچکزئی کو مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ہائیکورٹ نے مجید خان اچکزئی کی ضمانت کو منسوخ کرتے ہوئے ان کو گرفتار کرنے اور سزا کاٹنے کے لیے جیل منتقل کرنے کا حکم بھی صادر کیا ہے۔

  15. کینیڈا نے ایرانی نیشنل آئل کمپنی سمیت توانائی اور بینکاری کے شعبوں سے وابستہ 11 ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دیں

    کینیڈا نے ایک بار پھر ایران کے توانائی اور بینکاری کے شعبوں سے وابستہ 11 ایرانی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    ان کمپنیوں پر سے 2016 میں جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) کے تحت پابندیوں اٹھائی گئی تھیں۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق کینیڈا نے نیشنل ایرانی آئل کمپنی، بینک ملی اور بینک ملت سمیت متعدد اداروں پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کو آگے بڑھانے میں مدد دی۔

    کینیڈا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان پابندیوں کو دوبارہ نافذ کرنے کا مقصد ان ’ایرانی مالیاتی نیٹ ورکس‘ میں خلل ڈالنا ہے جنھیں ’جوہری پروگرام کی معاونت‘ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ جے سی پی او اے جوہری معاہدے پر دستخط کے بعد ہونے والی پیش رفت کے پیشِ نظر یہ پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں، تاہم اس کے بعد سے ’بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ تعاون میں ایران کی بار بار ناکامیوں نے اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔‘

    کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ 2015 کے جے سی پی او اے معاہدے کے عملی طور پر ختم ہو جانے کے بعد بھی کینیڈا اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایران کے ساتھ ایک پائیدار جوہری معاہدے تک پہنچنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

    انھوں نے زور دے کر کہا کہ ’کینیڈا کا مؤقف واضح ہے: ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔‘

    ایران ہمیشہ یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔

  16. یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سہ فریقی مذاکرات ابوظبی میں شروع

    Ukraine, Russia US

    یوکرین، روس اور امریکہ کے درمیان یوکرین جنگ کے خاتمے کے حوالے سے سہ فریقی مذاکرات ابوظہبی میں شروع ہو گئے ہیں۔

    اگرچہ روس کی یوکرین کے خلاف مکمل جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کسی بڑی پیش رفت کی توقعات کم ہیں، تاہم امریکی حکام نے گذشتہ روز کہا تھا کہ جنگ کے بعد کے ممکنہ منظرنامے میں یوکرین کے مشرقی علاقوں کے کنٹرول کے معاملے پر ماسکو اور کیئیو نے ’کچھ لچک‘ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر، جو امن کے لیے امریکی نمائندے سٹیو وٹکوف کے ساتھ امریکی وفد کا حصہ ہیں، نے کہا ہے کہ مذاکرات کا محور روس اور یوکرین دونوں کے ’جنگ کے بعد کے سکیورٹی خدشات‘ ہوں گے۔

    انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’اس عمل کا ایک اہم حصہ تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ جنگ کے بعد کی صورتحال کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کریں۔‘

    اجلاس سے قبل دونوں امریکی نمائندوں نے ابوظہبی میں یوکرینی، یورپی اور نیٹو حکام سے ملاقات کی، جبکہ فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے زور دے کر کہا کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی ’یقینی طور پر مذاکراتی کمرے میں موجود ہوں گے۔‘

    یورپی حکام کو خدشہ ہے کہ روس مستقبل کے ’اجتماعی سکیورٹی‘ انتظامات پر ان کی شمولیت کے بغیر امریکہ کے ساتھ کوئی معاہدہ طے کرنے کی کوشش کر سکتا ہے، جبکہ تنازع کے خاتمے کے حوالے سے ماسکو اور کیئیو کے مؤقف اب بھی ایک دوسرے سے خاصے مختلف ہیں۔

    دونوں فریقوں کے درمیان اختلاف کا ایک اہم نکتہ یوکرین کا مشرقی علاقہ دونیتسک ہے، جس کا بیشتر حصہ اس وقت روس کے قبضے میں ہے۔

    ماسکو کا مطالبہ ہے کہ یوکرین دونیتسک کے باقی ماندہ زیرِکنٹرول علاقوں سے بھی دستبردار ہو جائے، جبکہ کیئیو کنٹرول لائن کو موجودہ حالت میں منجمد کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے زیرِکنٹرول علاقوں پر قبضہ برقرار رکھ سکے، جنھیں وہ اپنی مستقبل کی سلامتی کے لیے اہم قرار دیتا ہے۔

    اگرچہ دونوں فریق ابھی تک اپنے ان مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، لیکن مذاکرات سے ایک روز قبل ایک امریکی عہدیدار نے اشارہ دیا کہ یہ صرف عوامی مؤقف ہے اور ماسکو اور کییف نجی سطح پر ’کچھ لچک‘ دکھا چکے ہیں۔

  17. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 5448 پوائنٹس اضافے کے بعد 179335 پوائنٹس کی سطح پر بند, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ مارکیٹ انڈیکس 5448 پوائنٹس کے اضافے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 179335 پوائنٹس سطح پر بند ہوا۔

    اج مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے حصص کی خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔

    مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی وجہ مشرق وسطی میں جنگ کے خاتمے کے امکانات ہیں جو امریکہ میں انتخابات میں ڈیموکریٹکس کے جیتنے کے بعد بڑھ گئے ہیں۔

    تجزیہ کار جبران سرفراز نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مشرق وسطی میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جس نے مارکیٹ میں کاروبار کو فروغ دیا۔

    انھوں کے کہا کہ مارکیٹ میں حصص کی قیمتیں کافی نیچے ہیں جو اس سال 28 فروری میں امریکہ-ایران جنگ کی وجہ سے کم ہوئی تھیں۔

    جبران سرفراز کے مطابق اب جنگ کے خاتمے کے امکانات بڑھے ہیں تو سرمایہ کاروں کی جانب سے ان کی خریداری کا رحجان بڑھا ہے جس سے انڈیکس میں اضافہ ہوا ہے۔

  18. سپین میں مشکوک بیگ پھٹنے سے ایک پولیس اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

    سپین کے شمالی شہر اووییدو میں ایک مشکوک بیگ پھٹنے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہو گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ دھماکہ منگل کی صبح اُس وقت ہوا جب سپین کے خصوصی کینائن یونٹ (کتوں کی مدد سے بم تلاش کرنے والے دستے) کے اہلکار ایک مشتبہ بیگ کا معائنہ کرنے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔

    سپین کی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں ہلاک ہونے والے اہلکار، خوان خوسے، کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہماری ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ، دوستوں، ساتھیوں اور تمام عزیزوں کے ساتھ ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار ایک الگ واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں موقع پر موجود تھے، جہاں انھیں یہ مشتبہ بیگ ملا تھا۔

  19. سعودی فوجی اتحاد کا سعودی عرب کے مشرقی خطے کی جانب آنے والا ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق سعودی عرب کا مشرقی خطہ ملک کی معاشی مرکز سمجھا جاتا ہے اور حالیہ ہفتوں میں حوثیوں کے حملوں کا بار بار نشانہ بنتا رہا ہے۔

    سعودی عرب کے تیل اور گیس کے ذخائر کا بڑا حصہ اسی خطے میں واقع ہے، جبکہ تیل کی کمپنی آرامکو کا مرکزی دفتر بھی یہیں موجود ہے۔

    سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے ڈرون مار گرانے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے چند گھنٹے قبل حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل مار گانے کے دعوے کیے تھے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں ترکی المالکی نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ اس سے قبل انھوں نے جنوبی سعودی عرب کی جانب داغے گئے ایک اور مزیائل کو مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔

    سعودی اتحاد نے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں میزائل حوثیوں کی جانب سے داغے گئے تھے۔

  20. اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان، بشری بی بی کی وکلا سے ایک گھنٹے تک ملاقات کروانے کا حکم, شہزاد ملک، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    عمران خان بشری

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اپنے موکلوں سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔

    عدالت نے جیل کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ کل (بدھکے روز) ان وکلا کی سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے ایک گھنٹے تک ملاقات کروائی جائے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ حکم مجرمان کی طرف سے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے (القادر ٹرسٹ کیس) میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران دی۔

    سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیر اعظم کے وکیل سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملاقات کا یہ حکم قانون کے مطابق دے رہے ہیں اور یہ نہ ہو کہ آپ آکر عدالت سے استدعا کریں کہ پانچ مزید افراد کو عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جانے والے افراد میں شامل کیا جائے۔

    بینچ کے سربراہ نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ان کی عمران خان اور بشری بی بی سے ملاقات ہوئی تھی اور اب آپ دوبارہ ان سے کیوں ملاقات کرنا چاہ رہے ہیں۔ اس پر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ان کی ملاقات تو ضرور ہوئی لیکن وقت ناکافی تھا اس لیے ان کی اپنے موکل سے دوبارہ ملاقات ضروری ہے۔

    عدالت نے پہلے سردار لطیف کھوسہ کی بشری بی بی اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی اور پھر سلمان صفدر کو بھی اپنے موکل سے ملاقات کرنے کی اجازت دے دی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے کے لیے ہوگی۔

    اس سے قبل اپیلوں کی سماعت کے دوران سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بشری بی بی سے جب ان کی ملاقات ہوئی تو انھوں نے بتایا کہ چھ ماہ پہلے حکام انھیں سرجری کروانے لے گئے اور اب 15 نومبر دوبارہ میرا آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بشری بی بی کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ بننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جیل حکام نے تسلیم بھی کیا کہ بشری بی بی کی انکھوں کا مسئلہ ہے۔

    سلمان صفدر نے کہا کہ صحت کی بنیاد پر انھوں نے ابھی تک ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی اور عدالتیں خواتین کے معاملے کو ہمیشہ سے نرمی سےدیکھتی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بشری بی بی کا جیل میں علاج ممکن نہیں۔ ان مزید کہنا تھا کہ بشری بی بی کا علاج ہو جائے تو ان اپیلوں پر بھی دلائل دے دیں گے۔

    اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کا جیل میں علاج ہو رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ علاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہے۔

    ایڈووکیٹ جنرل نے بشری بی بی کو کب کب علاج کی سہولتیں فراہم کی گئیں اس متعلق تفصیلات عدالت میں جمع کروائیں۔

    عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل حکام سے اس کی تفصیلات طلب کی جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ ایک خاتون کی سرجری ہوتی ہے اور اسی روز انھیں واپس سیل میں بند کر دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں سرجری کی اور اسے دوبارہ جیل میں فوری بند کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں۔

    سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بشری بی بی ٹھیک ہو جاتی ہیں تو میں اپیل پر دلائل شروع کر دیتا ہوں۔

    نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل بورڈ آٹھ نومبر کو بھی بشری بی بی کا چیک اپ کرنے گیا تھا۔