سابق وزیر اعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا ہسپتال منتقل کر دِیا گیا

بی بی سی نیوز اردو کو پاکستان تحریکِ انصاف کے ایک ترجمان اور اسلام آباد پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے عمران خان کو ہسپتال پہنچائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال جانے والے متعدد راستے ٹریفک کے لیے بند کر دیے ہیں، جبکہ ہسپتال کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

خلاصہ

  • سابق وزیر اعظم عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا ہسپتال منتقل کر دِیا گیا
  • عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ، شفا انٹرنیشنل جانے والے متعدد رستے ٹریفک کے لیے بند
  • عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے کے خلاف وفاق کی نظرثانی درخواست رجسٹرار آفس سے واپس
  • شہباز شریف کی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت، ’اب فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہے‘
  • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف تباہ کن معاشی کارروائی کا اعلان امریکہ کی اپنی معاشی مشکلات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
  • پاکستان کی وفاقی حکومت نے بدھ کی رات کو ڈیزل کی قیمت میں 32.63 روپے کی بڑی کمی کا اعلان کیا۔ اس کمی پہلے ڈیزل کی قیمت میں کئی روز سے مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

لائیو کوریج

  1. متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایران پر میزائل حملے کا الزام بے بنیاد ہے: اسماعیل بقائی

    ایران

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے متحدہ عرب امارات کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایران نے ان کے ملک پر میزائل داغے ہیں۔

    اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا یہ رویہ اچھی ہمسائیگی کے اصول کے خلاف ہے۔ اس سے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد بڑھانے اور خطے میں عدم تحفظ کو روکنے کی جاری کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔‘

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے رات گئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔

    ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد متحدہ عرب امارات نے کہا کہ اس نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔یاد رہے کہ

    امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد، متحدہ عرب امارات خطے میں ایرانی حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والا ملک رہا۔

    تاہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ایران نے آپریشن کے دوران متحدہ عرب امارات پر حملہ نہیں کیا۔

  2. متحدہ عرب امارات کا ایران کے ساتھ تجارت معطل کرنے کا اعلان

    شیخ محمد بن زید النہیان، صدر متحدہ عرب امارات

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایکس پر بیان میں اعلان کیا کہ یہ فیصلہ علاقائی کشیدگی، امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے تناؤ میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند گھنٹے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے ملک کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جن میں سے ایک متحدہ عرب امارات کے سمندری حدود سے باہر گرا اور دوسرا ملک کے پانیوں کے اندر گرا۔

  3. جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری گذشتہ سال کی نسبت 20 فیصد کم رہی: سٹیٹ بینک آف پاکستان, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔ تاہم جون کے مقابلے میں جولائی میں 264 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    مرکزی بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں بجلی اور مالیاتی شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والے نمایاں شعبے رہے۔

    بجلی کے شعبے میں جولائی کے دوران پانچ کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ اس شعبے میں جون میں آٹھ کروڑ 68 لاکھ ڈالر جبکہ گذشتہ سال جولائی میں سات کروڑ آٹھ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

    مالیاتی خدمات کے شعبے میں جولائی کے دوران چھ کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جو جون کے آٹھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں کم ہے، تاہم جولائی 2025 کے پانچ کروڑ 88 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    واضح رہے کہ 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری 34 فیصد کمی کے بعد 1.64 ارب ڈالر رہی تھی۔

  4. بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرِثانی کے لیے رجوع کریں گے: اعظم نذیر تارڑ

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

    ،تصویر کا ذریعہSenator Azam Nazeer Tarar

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ’حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا ہے اور اس فیصلے پر نظرِثانی کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔‘

    ایک ویڈیو بیان میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کے حکم نامے کے دیگر نکات پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔‘

    وزیر قانون نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ’آیا سپریم کورٹ کا یہ حکم تمام قیدیوں پر بھی لاگو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی جیلوں میں بہت سے ایسے قیدی موجود ہیں جنھیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔‘

    اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’سزا یافتہ قیدیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔‘

  5. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے گزشتہ روز کی اہم خبروں کے خلاصے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

    • ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکہ مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شرائط پر عمل نہیں کرتا۔
    • صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور نہ ہی کوئی بات چیت طے ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے اور سب کچھ ’معمول‘ کے مطابق چل رہا ہے۔
    • متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔
    • وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا ہے اور اس فیصلے پر نظرِثانی کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سپریم کورٹ کےاس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس فیصلے پر من و عن عمل‘ کیا جائے گا۔
    • فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں دو ایرانی سفارت کاروں کو ملک بدر کر دے گا۔
    • بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے افراد کے حملے میں تین افغان شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
  6. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    یہاں ہم آپ کے لیےپاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کرتے ہیں۔

    اگر آپ 18 اگست کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں!