’حملہ آوروں نے ڈرائیور سے کہا کہ پیچھے مڑ کر نہ دیکھنا‘: کوہلو میں11 مزدوروں کے قتل کے دوران کیا ہوا؟

کوہلو
    • مصنف, اعظم خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 5 منٹ

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں چمالانگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 مقامی مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔

بلوچستان پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو اُوسڑی تھانے کی حدود میں واقع ہوستی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مزدوروں کو لے جانے والی دو پک اپ گاڑیوں پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد بلوچستان کے رہائشی تھے اور چمالانگ کول پروجیکٹ میں کام کرنے والی ایک مقامی مائننگ کمپنی سے وابستہ تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزدور روزانہ کی طرح کام پر جا رہے تھے جب ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

سرکاری بیان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام 11 مزدوروں کی لاشیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

چمالانگ میں مقامی کمیٹی کے چیئرمین محمد نبی کاکڑ نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ یہ تمام مزدور دو مختلف مسافروں والی ’پک اپ‘ گاڑیوں پر سوار تھے۔ ان کے مطابق یہ حادثہ چمانگ سے تقریباً 13 کلومیٹر دور پیش آیا۔

اس کان کے ٹھیکیدار حاجی عبدالمتین کاکڑ نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ان مزدوروں کو گاڑی سے اتار کر فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔ ان کے مطابق ان 11 مزدوروں میں سے سات کا تعلق افغانستان کے علاقے وردگ سے تھا۔

عبدالمتین کاکڑ کے مطابق یہ مزدور تقریباً چھ ماہ بعد چھٹی پر اپنے گھر جا رہے تھے۔ ’ان میں سے ایک افغان مزدور کی چھ ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

حاجی عبدالمتین کے مطابق انھیں اس واقعے کے بارے میں جب دو سے تین گھنٹے بعد پتا چلا تو وہ خود وہاں گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے کوئی بھی جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکا۔

عبدالمتین کاکڑ کے مطابق ’ایک گاڑی کے ڈرائیور کو حملہ آوروں نے چھوڑ دیا اور ساتھ یہ ہدایات دیں کہ وہ ایک گھنٹے تک پیچھے مُڑ کر نہ دیکھیں اور پھر اس کے بعد اپنی منزل کی طرف اپنا سفر جاری رکھیں۔‘

حاجی عبدالمتین کا کہنا ہے کہ وہ ہر مزدور کو تقریباً تین ہزار پاکستانی روپے یومیہ مزدوری دیتے تھے۔ ان کے مطابق مقامی مزدوروں میں سے ایک خانساماں، ایک ڈرائیور، ایک منشی اور ایک نگرانی والا تھا۔ ان کے مطابق ’ان مزدوروں کے رشتہ دار دُکی کی مقامی ہسپتال میں آ کر اپنے پیاروں کی لاشیں لے کر چلے گئے جبکہ افغان مزدوروں کی لاشیں بھیجنے کے لیے ہم خود ہی انتظام کر رہے ہیں۔‘

کوہلو کے ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ مزدور چمالانگ کے علاقے سے دو گاڑیوں میں دُکی جا رہے تھے کہ اُوسڑی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑیاں روک لیں۔

ان کے مطابق مسلح افراد نے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا جبکہ 11 مزدوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے۔ ان کے مطابق مرنے والوں میں سات افغان شہری جبکہ چار کا تعلق مقامی قبائل سے ہے۔ سرکاری اہلکار نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Kohlu

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے محکمہ داخلہ کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چمالانگ میں 11 بے گناہ مزدوروں کا قتل انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں نے محنت مزدوری کر کے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے غریب مقامی مزدوروں کو نشانہ بنایا۔

ان کے بقول بلوچستان کے محنت کش عوام کو نشانہ بنانا ’امن اور ترقی کے دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی‘ ہے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مزدوروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ’معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے‘ اور 'فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔‘

خیال رہے کہ چمالانگ اور دُکی کے علاقوں میں ماضی میں بھی کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔