لائیو , ’میں حراست میں ہوں‘: مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ مگر پولیس کی تردید، جے یو آئی کا جمعے کو احتجاج کا اعلان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ایک تقریر کے دوران دعویٰ کیا کہ پولیس انھیں گرفتار کر چکی ہے اور ’اب میں ان کی حراست میں ہوں‘، تاہم لاہور پولیس نے ان کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔

خلاصہ

  • اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر بی بی سی اُردو تک براہِ راست رسائی کے لیے BBC WORLD SERVICE ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے BBC News اردو ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں
  • اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس، شہر میں مقامی تعطیل
  • ’میں حراست میں ہوں‘: مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ، پولیس کی تردید
  • سعودی عرب میں آئل ریفائنری پر 'پروجیکٹائل حملے' میں ایک نیپالی شہری ہلاک: سرکاری میڈیا
  • پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی اور کویتی ہم منصب سے گفتگو، خطے میں امن اور سکیورٹی پر بات چیت
  • کویت کا ایران پر ڈرون حملے کا الزام، دو اطالوی شہری ہلاک: تہران نے تردید کر دی

لائیو کوریج

  1. اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس، شہر میں مقامی تعطیل, روحان احمد، بی بی سی اردو، اسلام آباد

    Islamabad Makkah Defence Pact

    پاکستان کے دار الحکومت اسلام آباد میں آج مکہ دفاعی اتحاد کی ’سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفینس کمیٹی‘ کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔

    بی بی سی اردو کو پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے اس اجلاس کی تصدیق کی ہے۔ ایک اور عہدے دار کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں ہو گا، جہاں صرف سرکاری میڈیا کو رسائی حاصل ہو گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے شہر کی حدود میں مقامی عام تعطیل کا اعلان اور نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

    جمعرات کے روز شہر کی مختلف شہراہوں پر پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے پرچم آویزاں ہیں جبکہ تینوں ممالک کے پرچم کے ساتھ استقبالیہ بینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے آخر میں ہو گا۔

    پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے مشترکہ دفاعی اتحاد کے اس معاہدے پر دستخط رواں برس اگست میں کیے تھے۔

    اسلام آباد
  2. ’میں حراست میں ہوں‘: مولانا فضل الرحمان کا دعویٰ، پولیس کی تردید

    مولانا فضل الرحمان

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں ایک تقریر کے دوران دعویٰ کیا کہ پولیس انھیں گرفتار کر چکی ہے اور ’اب میں ان کی حراست میں ہوں‘، تاہم لاہور پولیس نے ان کے اس دعوے کی تردید کر دی ہے۔

    جمعرات کی رات لاہور کے ملتان روڈ پر کارکنان سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ابھی ہمارے پاس سی سی پی او (کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر) تشریف لائے ہیں، وہ میری گرفتاری کر چکے ہیں اور اب میں ان کی حراست میں ہوں۔‘

    تاہم لاہور کے سی سی پی او بلال کمیانا نے مولانہ فضل الرحمان کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ انھوں نے بی بی سی اردو کی نامہ نگار ترہب اصغر کو بتایا کہ ’ہم نے انھیں گرفتار نہیں کیا ہے کیونکہ وہ ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔‘

    ’وہ خود اپنی گاڑی میں بیٹھ کر گئے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہاں گئے ہیں۔‘

    اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے اپنی تقریر میں کارکنان کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملک بھر میں تمام دھرنے ملتوی کر دیں اور جمعے کی نماز کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

    مولانا فضل الرحمان کی جماعت نے 26 نومبر کو پنجاب کے شہر سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ تاہم ضلع سرگودھا کی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان سمیت نو افراد کے ضلع کی حدود میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی۔

    اس کے بعد ایک ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ پورے ملک میں نکل کر راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کر دیں۔

  3. سعودی عرب میں آئل ریفائنری پر ’پروجیکٹائل حملے‘ میں ایک نیپالی شہری ہلاک: سرکاری میڈیا

    Saudi Soldier
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملک کے جنوبی علاقے جازان میں واقع آئل ریفائنری پر ایک فضائی حملے میں ایک نیپالی کارکن ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی کو وزارتِ توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ جمعرات کے روز جازان ریجن میں واقع جازان آئل ریفائنری کو ایک ’پروجیکٹائل حملے‘ میں نشانہ بنایا گیا۔

    ایس پی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے حملے کے بعد ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔ واقعے کے باعث ریفائنری کی بعض سرگرمیاں عارضی طور پر معطل بھی کی گئیں۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    سعودی وزارت توانائی کے ذریعے کے مطابق ہنگامی امدادی ٹیموں اور خصوصی تکنیکی عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے نقصانات کا جائزہ لینے اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ایس پی اے کی خبر میں حملے کی ذمہ داری یا اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

  4. پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی اور کویتی ہم منصب سے گفتگو، خطے میں امن اور سکیورٹی پر بات چیت

    Ishaq Dar

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ’خطے میں امن اور سکیورٹی‘ حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

    پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق کویت اور پاکستان کے وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ’حالیہ علاقائی پیش رفت اور ان کے خطے کی امن و سلامتی پر ممکنہ اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

    وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ ’تنازعات کے حل اور خطے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے مکالمہ اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔‘

    ایک علیحدہ بیان میں پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے بھی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور خطے میں امن اور سکیورٹی کو فروغ دینے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔‘

    پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کویت اور ایران کے وزار خارجہ سے گفتگو ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب کویت نے ایران پر ’ایک اہم تنصیب کو نشانہ‘ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

    کویتی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ: ’ ایرانی حملے میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔‘

    کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق ایرانی ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران ایک کویتی شہری، دو اطالوی باشندوں اور ایک پاکستانی سمیت چار افراد ڈرون کے ملبے یا شیل کے ٹکڑوں کی زد میں آ کر زخمی ہوئے تھے۔

    تاہم اس کے بعد اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تایانی نے ایک بیان میں کہا کہ کویت میں ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک ہوئے ہیں جو کہ شہری دفاعی نظام پر کام کر رہے تھے۔

    دوسری جانب ایران نے کویت پر کسی بھی حملے کی تردید کی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی کا بیان رپورٹ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ ایرانی فوج نے خطے میں کوئی جارحانہ یا فوجی کارروائی نہیں کی۔

  5. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اٹلی نے کہا ہے کہ جمعرات کو کویت پر کیے گئے ایرانی ڈرون حملے میں اس کے دو شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
    • ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے لیے کافی فوجی طاقت موجود ہے اور وہ اپنی میزائل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انھوں نے چین میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے اور جلد امن معاہدے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔
    • عراق کی ایک عدالت نے داعش سے تعلق اور اس کی رکنیت کے الزام میں آٹھ فرانسیسی شہریوں کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
    • جرمن پولیس نے دو عراقی شہریوں کو اسرائیلی اور یہودی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔
    • امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس نے یوکرین کے ایف-16 لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال اور آپریشنل صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے درکار آلات، پرزوں اور خدمات کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مالیت تقریباً 62 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے۔
  6. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔