’محاربہ‘ کے الزام میں سزائے موت پانے والی 21 سالہ ترانہ رحیمی: ’بیٹیوں کے چہرے اتنے سوجے ہوئے تھے کہ میں پہچان نہیں سکی‘

،تصویر کا ذریعہCourtesy of the family
- مصنف, سروش پاکزاد
- عہدہ, بی بی سی فارسی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 9 منٹ
ایران میں 21 سالہ ترانہ رحیمی کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔
بی بی سی فارسی سے بات کرتے ہوئے ترانہ کے کزن مسعود نور محمدی نے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں ٹانگوں پر لگنے والی چوٹوں کے باعث ترانہ کو چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہے، جبکہ سر پر لگنے والی ایک چوٹ، جس کا بروقت علاج نہیں کیا گیا، کے نتیجے میں اُن کے کان میں انفیکشن ہوا ہے جس کے باعث وہ اپنا توازن قائم نہیں رکھ پاتی ہیں۔
نورمحمدی کے مطابق قید کے دوران ’وہ اپنے حوصلے کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن بعض دنوں میں وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگتی ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ترانہ اور ان کی جڑواں بہن رومینا کو جنوری 2026 میں ایران بھر میں ہونے والے حکومت مخالف احتجاج میں شرکت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
نور محمدی، جو اس وقت امریکہ میں مقیم ہیں، کے مطابق جب جڑواں بہنوں کی والدہ نے پہلی بار جیل میں اپنی دونوں بیٹیوں سے ملاقات کی تھی تو اُن (بہنوں) کے چہرے اتنے زیادہ سوجے ہوئے اور زخموں سے بھرے تھے کہ وہ انھیں پہچان نہیں پا رہی تھیں۔
نور محمدی کے مطابق والدہ نے بیٹیوں کو اُن کی آواز سے پہچانا تھا۔
نورمحمدی کا دعویٰ ہے کہ دورانِ حراست تفتیش کاروں نے ترانہ کو دھمکی دی تھی کہ وہ اُن کی بہن کا ریپ اُن کی آنکھوں کے سامنے کریں گے، جس کے بعد ترانہ نے اعترافی بیان پر دستخط کر دیے۔
اقوام متحدہ کی ایران کے لیے خصوصی رپورٹر برائے انسانی حقوق مائے ساتو کے مطابق، ترانہ اُن چھ ایرانی خواتین میں شامل ہیں جنھیں رواں سال جنوری کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگرچہ سزائے موت پانے والے مردوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، تاہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایران پر تحقیق کار راہا بہرینی کے مطابق خواتین مظاہرین اور حکومت مخالف کارکنوں کو اتنی بڑی تعداد میں سزائے موت دی جا رہی ہے جو کئی دہائیوں میں نہیں دیکھی گئی، اور یہ سیاسی بنیادوں پر ہونے والی پھانسیوں میں ایک 'ہولناک اضافے' کا حصہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
بی بی سی کو جاری کیے گئے ایک بیان میں لندن میں ایرانی سفارتخانے نے احتجاجی مظاہروں سے متعلق مقدمات میں سزائے موت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے دعوؤں کو 'گمراہ کن' قرار دیا ہے۔
بیان میں سفارتخانے نے تشدد کے استعمال سے متعلق الزامات اور اس دعوے کو بھی سختی سے مسترد کیا کہ پرامن احتجاج میں شرکت پر سزائے موت دی گئی ہے۔ سفارتخانے کے مطابق پرامن احتجاج ایک 'جائز اور محفوظ حق' ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 'جنوری 2026 کے فسادات' سے متعلق سزائے موت کے فیصلے اُن مقدمات میں سنائے گئے جن میں 'جان بوجھ کر قتل' یا 'محاربہ' (لوگوں کی جان یا املاک کو نقصان پہنچانے یا دھمکانے کی نیت سے ہتھیار استعمال کرنا) جیسے جرائم شامل تھے۔
نورمحمدی کے مطابق جڑواں بہنوں کو جنوری کے آخر میں گرفتار کیا گیا تھا، جب احتجاجی مظاہرے ختم ہوئے دو ہفتے گزر چکے تھے۔ یہ مظاہرے دسمبر 2025 کے آخر میں معاشی مطالبات کے حق میں شروع ہوئے تھے، لیکن بعد میں سنہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد ایران میں مذہبی قیادت کے خلاف ہونے والے سب سے بڑے مظاہروں میں تبدیل ہو گئے۔
امریکہ میں قائم خبر رساں ادارے 'ہرانا' کا کہنا ہے کہ اس نے بعد ازاں ہونے والے کریک ڈاؤن میں ہلاک ہونے والے سات ہزار سے زائد افراد کی شناخت کی ہے، جن میں اکثریت مظاہرین کی ہے، اگرچہ ادارے کا خیال ہے کہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
ایرانی حکومت امریکہ اور اسرائیل پر بدامنی کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتی ہے اور ہلاکتوں کا ذمہ دار 'دہشت گردوں' اور 'فسادیوں' کو قرار دیتی ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3,117 ہے، جن میں سکیورٹی فورسز کے بعض اہلکار بھی شامل ہیں۔
نورمحمدی کے مطابق جڑواں بہنوں کے اہلِخانہ کو تین ماہ سے زائد عرصے تک یہ معلوم نہیں تھا کہ انھیں کہاں رکھا گیا ہے۔ بعد ازاں اُن پر اصفہان میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا۔ یہ وہ علاقہ تھا جہاں پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ایک رکن کی ہلاکت ہوئی تھی۔
متنازع عدالتی کارروائی
اگرچہ عدالت کی مکمل فائل منظرِ عام پر نہیں آئی، تاہم بی بی سی کو فیصلے کے ایک حصے تک رسائی حاصل ہوئی ہے، جس کے مطابق ترانہ رحیمی کو ’محاربہ‘ کے جرم میں قصوروار قرار دیا گیا۔ ایران کے اسلامی تعزیری قانون کے تحت اس جرم کی سزا موت ہے۔
دستاویز کے مطابق ان پر الزام تھا کہ انھوں نے ’لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی نیت سے تیز دھار ہتھیار نکالا۔‘
مائے ساتو کے مطابق ترانہ کی جڑواں بہن رومینا کو محاربہ کے مقصد کے لیے انسانی سمگلنگ میں معاونت کے نسبتاً کم سنگین جرم میں 25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
مسعود نورمحمدی، جو اس مقدمے سے واقف ایران میں موجود رشتہ داروں اور دیگر افراد سے رابطے میں ہیں، کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین تمام الزامات کی تردید کرتی ہیں اور اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ ترانہ کے پاس کوئی ’تیز دھار ہتھیار‘ تھا۔
دوسری جانب خصوصی رپورٹر مائے ساتو کا کہنا ہے کہ دونوں بہنیں ایک ایسے مقدمے کا حصہ تھیں جس میں مجموعی طور پر 10 افراد کو سزائے موت سنائی گئی، تاہم ’ہر فرد سے منسوب کیے جانے والے اقدامات کی وضاحت نہیں کی گئی۔‘
مقدمے کے عمل سے واقف ذرائع کے مطابق دونوں بہنوں کے وکلا نے ایک شکایت دائر کی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران انھیں تشدد اور جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس شکایت کی تحقیقات ایک ایسے سرکاری اہلکار کی نگرانی میں کی جا رہی ہیں جس پر خود بہنوں نے تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہInstagram
بے بسی اور مزاحمت
سزائے موت پانے والی دیگر خواتین کے آڈیو پیغامات میں مایوسی اور مزاحمت کا ملا جلا اظہار سنائی دیتا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق 33 سالہ محبوبہ شعبانی، جو پیشے کے اعتبار سے سول انجینیئر ہیں، کو زخمی مظاہرین کی مدد کرنے کے الزام میں ستمبر میں ایران کے جاسوسی کے قانون کے تحت سزائے موت سنائی۔
شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد کی جیل سے بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام میں انھوں نے اپنے لیے اور دیگر قیدی خواتین کے لیے مدد کی اپیل کی۔
انھوں نے کہا کہ ’سب خواتین شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، خاص طور پر وہ جن کی سزائیں پہلے ہی سنائی جا چکی ہیں۔‘
مشہد ہی کی جیل میں 23 سالہ نجمہ امینی بھی قید ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق انھیں ابتدا میں جنوری کے احتجاجی مظاہروں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی بنیاد پر توہین مذہب کا مرتکب قرار دے کر سزائے موت سنائی گئی۔
ان سے منسوب ایک آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’جب تک میں زندہ ہوں، میری ایک ہی امید ہے کہ میری زندگی پھانسی کے تختے پر ختم ہونے سے پہلے میں ایک آزاد اور خوشحال ایران دیکھ سکوں۔‘
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق 27 سالہ مژدہ ہاشمی بازرگانی کو بھی سزائے موت کا سامنا ہے۔ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اپریل میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے دوران گرفتاری کے بعد انھیں جاسوسی سمیت متعدد الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا۔
امریکہ میں قائم ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم توانا نے ایک آڈیو ریکارڈنگ شیئر کی ہے، جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ جیل سے کی گئی مژدہ ہاشمی بازرگانی کی ایک ٹیلیفون کال ہے۔ اس ریکارڈنگ میں وہ بتاتی ہیں کہ انھیں سر، گردن اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اعترافی بیان پر دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا۔
ریکارڈنگ میں انھیں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ 'انھوں نے مجھ پر جاسوسی کا الزام لگایا۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھے اس کے لیے پیسے دیے گئے۔ اگر مجھے جاسوسی کے لیے رقم ملی ہوتی تو میرے پاس گاڑی یا گھر ہوتا۔ میرے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔'

،تصویر کا ذریعہCourtesy of human rights groups
ایک واضح رجحان کی تشکیل
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جڑواں بہنوں سمیت دیگر مقدمات میں عائد الزامات کو ’سیاسی محرکات پر مبنی‘ قرار دیا ہے۔
بی بی سی کے سوالات کے جواب میں لندن میں واقع ایرانی سفارتخانے نے کہا کہ ’مذکورہ مقدمات کے حوالے سے تشدد کے استعمال کے تمام الزامات کو قطعی طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔‘
اگرچہ سفارتی مشن نے انفرادی مقدمات پر تبصرہ نہیں کیا، تاہم اس نے کہا کہ ’دباؤ یا جبر کے تحت حاصل کیے گئے اعترافی بیانات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔‘
مائے ساتو کے مطابق جنوری کے احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں اب تک کم از کم 39 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔
مائے ساتو مردوں اور خواتین دونوں کے خلاف گرفتاریوں اور سزاؤں میں ’نمایاں‘ اضافے کی نشاندہی کرتی ہیں اور خواتین کو دی جانے والی بڑھتی ہوئی سزائے موت کو ’پہلے سے موجود جبر کے ایک پیٹرن کی توسیع اور شدت‘ قرار دیتی ہیں۔
ترکی میں مقیم ایرانی انسانی حقوق کے وکیل موسیٰ برزین کا کہنا ہے کہ ’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سزا کی شدت کا تعین کرتے وقت اب جنس یا عمر جیسے عوامل کی اہمیت پہلے کے مقابلے میں کم ہو گئی ہے۔‘
ان مقدمات سے متعلق سرکاری معلومات عموماً محدود ہوتی ہیں اور بعض کیسز منظرِ عام پر بھی نہیں آتے۔
تاہم مائے ساتو کا کہنا ہے کہ احتجاجی مظاہروں سے متعلق گرفتار ہونے والی ان چھ خواتین کے علاوہ، تین دیگر خواتین کو بھی رواں سال سزائے موت سنائی گئی ہے۔ ان مقدمات میں ’توہین مذہب‘، ’مارچ کی جنگ سے متعلق زمین پر فساد کے الزامات‘ اور ’جاسوسی و محاربہ‘ جیسے الزامات شامل ہیں۔
موازنہ کیا جائے تو خواتین کے خلاف اس نوعیت کی یہ نو سزائیں اس تعداد سے زیادہ ہیں جو ہرانا نے سنہ 2025 تک کے پورے عشرے میں ایسے جرائم کے سلسلے میں ریکارڈ کی تھیں، جہاں کسی ایک سال میں یہ تعداد تین سے زیادہ نہیں تھی۔
ساتو کے مطابق احتجاجی مظاہروں سے منسلک قرار دیے گئے تین مقدمات میں سزائے موت بعد ازاں کالعدم قرار دے دی گئی، اگرچہ ان میں سے دو مقدمات میں دوبارہ سماعت کا حکم دیا گیا ہے۔
مائے ساتو نے ایک ایسے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے جس میں کالعدم قرار دی گئی سزائے موت کو، عوامی توجہ کم ہونے کے بعد، عدلیہ کے کسی متوازی شعبے کی جانب سے دوبارہ بحال کر دیا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہCourtesy of Hrana
خواتین نشانے پر
مائے ساتو کا کہنا ہے کہ ایران میں خواتین کے لیے سنہ 2022 کے مظاہروں کے دوران ایک ’اہم موڑ‘ آیا تھا۔ یہ مظاہرے مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئے تھے، جنھیں ایران کے لباس سے متعلق ضابطوں کی مبینہ خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں وہ حراست کے دوران جان کی بازی ہار گئی تھیں۔
ساتو کے مطابق خواتین ’ریاستی پالیسیوں اور کنٹرول کے ڈھانچوں کو چیلنج کرنے میں صفِ اول میں تھیں۔ سیاسی عمل میں ان کی فعال شرکت، نمایاں موجودگی اور قائدانہ کردار نے انھیں ریاستی جبر کا ہدف بنا دیا ہے۔‘
لندن میں ایرانی سفارتخانے نے کہا کہ ایران میں عدالتی کارروائیاں آئین اور قانون کی حکمرانی کے مطابق انجام دی جاتی ہیں۔
سفارتخانے کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’جن مقدمات میں سزائے موت دی جا سکتی ہے، ان میں سنگین جرائم، تشدد، دہشت گردی، جاسوسی، مخالف انٹیلیجنس اداروں کے ساتھ تعاون اور محاربہ جیسے الزامات شامل ہوتے ہیں۔‘
اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق ایران میں آبادی کے تناسب سے دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں زیادہ افراد کو پھانسی دی جاتی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کئی دہائیوں میں سب سے زیادہ پھانسیاں دی گئیں۔
ہرانا کے مطابق اکتوبر 2026 تک 2,003 افراد کو پھانسی دی جا چکی تھی۔ ان میں سے بڑی اکثریت، جن میں 47 خواتین بھی شامل تھیں، قتل اور منشیات کی سمگلنگ جیسے جرائم میں سزا یافتہ تھی۔
مسعود نورمحمدی کا کہنا ہے کہ خاندان جڑواں بہنوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
ان کے مطابق رومینا کو موسیقی بہت پسند ہے اور وہ اکثر فون پر اپنے اہلِخانہ سے گانے سنانے کی درخواست کرتی ہیں۔
جبکہ ترانہ کو گھوڑوں سے خاص لگاؤ ہے اور وہ ہمیشہ سے گھوڑوں کی افزائش کا ایک مرکز قائم کرنے کی خواہش رکھتی تھیں۔ نورمحمدی کے مطابق اہلِخانہ انھیں بتاتے رہتے ہیں کہ مستقبل میں وہ اس خواب کو پورا کرنے میں ان کی مدد کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم اسی طرح ان کے دل میں امید زندہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘




















