’ٹیم صرف ایسی پیشکش پر بیچیں گے جسے رد کرنا مشکل ہو‘: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو وضاحت کیوں کرنا پڑی؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
’مالکان صرف ایسی غیر معمولی پیشکش کی صورت میں فرنچائز فروخت کرنے پر غور کریں گے جسے رد کرنا مشکل ہو۔‘
یہ الفاظ ہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اس اعلامیے کے جس میں فرنچائز کی فروخت کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں پر وضاحت کی گئی ہے۔
جمعے کو گلیڈی ایٹرز کے ایکس ہینڈل سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ گذشتہ ایک دہائی میں طے کیے گئے سفر کو جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔‘
فرنچائز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی مالی مضبوطی، مالکان کے مسلسل عزم اور لیگ کے مستقبل پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اعادہ کرتے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ چند روز سے یہ بحث زور پکڑ رہی تھی کہ شاید کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالکان فرنچائز کو فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے تین ارب روپے کے گاہک اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک کی صحت کی خرابی کی قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس تاثر کو اُس وقت مزید تقویت ملی جب ایک پوڈ کاسٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ ’یہ اب ہمارے ہاتھوں سے باہر ہوتا جا رہا ہے، اب ڈھائی ارب، تین ارب کی ٹیمیں فروخت ہو رہی ہیں، ہم تو چھوٹے سے بزنس مین ہیں، جو کرکٹ کا شوق رکھتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 11 سال قبل 2016 میں ہوا تھا، شروع کے کچھ سیزنز میں تو فرنچائز مالکان مطمئن دکھائی دیے، لیکن گذشتہ دو، تین برسوں میں ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین اور کچھ اور فرنچائز مالکان کی جانب سے گلے شکوؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
اس کے بعد رواں برس پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں 'راولپنڈیز' اور 'حیدر آباد کنگز مین' کی اربوں روپوں میں فروخت اور ملتان سلطانز کے مالک کی تبدیلی کا بھی چرچا رہا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گو کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالکان اب پی ایس ایل 12 کے لیے پرجوش ہیں، تاہم ساتھ ہی اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر اچھی قیمت ملی تو فرنچائز کو فروخت کیا جا سکتا ہے۔
’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز‘ کے ہیڈ آف پارٹنر شپ وارث عقیل نے بی بی سی نیوز اُردو کو بتایا کہ ہمیں فرنچائز فروخت کرنے کی پیشکش تو ہوتی رہتی ہے، لیکن ہم صرف اُسی صورت میں فروخت کریں گے جب اتنی پرکشش پیشکش ہو کہ اسے رد کرنا ناممکن ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ اُن کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاملات خراب نہیں ہیں اور نہ ہی مالکان کسی جلدی میں ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ لیگ اب بڑی ہو رہی ہے اور زیادہ پیسوں پر کھلاڑیوں کو لیا جا رہا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں تھا کہ ہمیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
’لیکن اگر مالکان چاہیں گے کہ ہمیں اس لیگ سے نکلنا ہے تو پھر ہم اس پر غور کریں گے۔‘
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنہ 2015 میں پی ایس ایل کے لیے لگنے والی بولی میں سب سے کم قیمت پر فروخت ہونے والی ٹیم تھی جس کی 10 سالہ معاہدے کے تحت سالانہ فیس 11 لاکھ ڈالرز تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اب تک پی ایس ایل کے پانچ فائنلز تک پہنچ چکی ہے جن میں سے اسے دو میں کامیابی حاصل ہوئی۔

،تصویر کا ذریعہQG
سوشل میڈیا پر ردِعمل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اس اعلامیے پر سوشل میڈیا پر بھی بات ہو رہی ہے۔
قمر نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ پی ایس ایل مداحوں کے لیے خوشخبری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2027 کے سیزن میں بھی موجودہ مالکان کے ساتھ لیگ کا حصہ رہے گی۔
زوریز نامی صارف نے لکھا کہ اس کا سیدھا مطلب ہے کہ ’اگر اچھے پیسے ملے تو پھر بیچ دیں گے۔‘
عامر نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’وہ بڑھتے ہوئے مالی نقصانات کے باوجود یہ راستہ کیوں اختیار کر رہے ہیں؟‘
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لاکی فرگوسن کو 7.63 کروڑ پاکستانی روپے میں براہِ راست سائن کر لیا ہے۔
تیز رفتاری اور جارحانہ بولنگ کے لیے شہرت رکھنے والے لاکی فرگوسن اپنی رفتار، مختلف انداز کی گیندوں اور وسیع تجربے کے ساتھ ٹیم کی بولنگ لائن کو مزید مضبوط بنائیں گے۔



















