’دل تو چاہتا ہے کہ اسے ہی قومی ٹیم بنا دیا جائے‘: پاکستان اے کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی اور مداحوں کی خواہش

پاکستان اے بمقابلہ بنگلہ دیش اے
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 4 منٹ

دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اے نے بنگلہ دیش اے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے تھے۔

بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور دونوں اوپنرز ابتدائی پانچ اوورز میں پویلین لوٹ گئے۔ محمود الحسن جوائے نو اور کپتان سیف حسن صرف دو رنز بنا سکے۔ دونوں کھلاڑی علی رضا کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سکور 15 رنز پر دو وکٹیں تھا۔

اس کے بعد شہادت حسین اور ماہد الاسلام انکون نے تیسری وکٹ کے لیے 95 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا۔

انکون نے 78 گیندوں پر 42 رنز بنائے جبکہ شہادت حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 118 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

انکون کے آؤٹ ہونے کے بعد عفیف حسین پانچ اور صابر رحمان صفر پر آؤٹ ہوئے، تاہم شہادت حسین ایک اینڈ پر ڈٹے رہے۔

اختتامی اوورز میں رپن منڈول 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور انھوں نے اور بنگلہ دیش اے کا مجموعہ 232 رنز تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔

پاکستان اے کی جانب سے سفیان مقیم سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے 10 اوورز میں 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا اور حسن نواز نے دو، دو جبکہ احمد دانیال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان اے کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی دو وکٹیں 21 رنز پر گر گئیں۔ معاذ صداقت چھ اور شامل حسین 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مشکل صورتحال میں حسن نواز اور شاہزیب خان نے تیسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کا رخ موڑ دیا۔

پاکستان اے کے حسن نواز
،تصویر کا کیپشنپاکستان اے کے حسن نواز نے ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا

حسن نواز نے 91 گیندوں پر 62 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور تین چھکے شامل تھے، جبکہ شاہزیب خان نے 85 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

بعد ازاں کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز پر دباؤ بڑھایا۔

عبدالصمد نے 33 گیندوں پر 44 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے، جبکہ فرحان یوسف 39 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

پاکستان اے نے مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 45ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کر لیا اور ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔

سابق پاکستانی اوپنر احمد شہزاد نے پاکستان اے کی کامیابی پر لکھا: پاکستان کی شاندار جیت! بنگلہ دیش بھی داد کا مستحق ہے جس نے بھرپور مقابلہ کیا، خصوصاً شہادت حسین نے اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا۔

علی رضا نے گیند کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھائی، جبکہ سفیان مقیم نے ایک بار پھر اپنی روایتی مؤثر باؤلنگ سے قیادت کی۔

فداٹو نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’پاکستان اے کی یہ ٹیم واقعی بے حد متاثر کن ہے، دل تو یہ چاہتا ہے کہ اسے ہی قومی ٹیم بنا دیا جائے!‘

پاکستان ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مختصر پیغام میں 'شاہینز! لکھ کر ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

کئی صارفین نے سیمی فائنل میں پاکستان اے کے کھلاڑیوں حسن نواز، فرحان یوسف، سفیان مقیم اور علی رضا کو قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے طور پر پیش کیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان کی اے ٹیم اور انڈر 19 ٹیم قومی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ بہتر دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے مطابق کم عمری کے باوجود یہ کھلاڑی کھیل کی صورتحال کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں اور ٹیم کو کامیاب بنانے کے لیے غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

شائقین نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پانچ وکٹوں سے فتح کے بعد ٹیم پاکستان کے فائنل میچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔