لوگوں کو 31 اگست کے بعد بھی افغانستان چھوڑنے کی اجازت ہوگی، طالبان کی سو سے زائد ممالک کو یقین دہانی

،تصویر کا ذریعہReuters
برطانیہ سمیت دنیا کے سو کے قریب دیگر ممالک نے کہا ہے کہ طالبان نے اُنھیں یقین دہانی کروائی ہے کہ غیر ملکی شہریوں اور اہل افغان شہریوں کو 31 اگست کے بعد بھی افغانستان چھوڑنے کی اجازت دی جائے گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ معاہدہ منگل کے دن کے بعد بھی قائم رہے گا جب امریکہ اپنے آخری فوجیوں کو بھی افغانستان سے نکال لے گا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے پی اے نیوز کے مطابق برطانوی سیکریٹری خارجہ جی سیون ممالک اور نیٹو، قطر اور ترکی کے حکام کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
اس اجلاس میں وہ متوقع طور پر برطانیہ کا مؤقف پیش کریں گے کہ طالبان کو انسانی حقوق سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل پیرا رہنا ہو گا۔
سفارتی ذرائع نے پی اے نیوز کو بتایا ہے کہ اس اجلاس میں ڈومینیک راب اس حوالے سے بات کریں گے کہ طالبان کے متعلق عالمی مؤقف کیسے عملیت پسندانہ اور طالبان کے اقدامات پر منحصر ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی حکومت اصرار کر چکی ہے کہ افغانستان میں طالبان سے کیسے پیش آنا چاہیے، اس حوالے سے فیصلہ بین الاقوامی شراکت داروں سے اتفاقِ رائے کے بعد لیا جائے گا۔












