آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سیستان و بلوچستان میں مسلح حملہ: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی نیم فوجی تنظیم ’بسیج‘ کے رکن کی ہلاکت

ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. فرانس کا حوثیوں پر دباؤ بڑھانے کا مطالبہ، سعودی عرب پر حملے روکنے پر زور

    فرانس کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثیوں پر دباؤ بڑھایا جانا چاہیے تاکہ یہ گروہ خطے میں، خصوصاً سعودی عرب کے خلاف، اپنے حملے بند کرے۔

    فرانس کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان پاسکل کونفاورو نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا: ’ہمارا مؤقف یہ ہے کہ حوثیوں پر دباؤ بڑھایا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے حملوں اور نا قابلِ قبول اشتعال انگیز اقدامات، خاص طور پر سعودی عرب کی سر زمین کے خلاف، لیکن صرف وہاں ہی نہیں، بند کریں۔‘

    یہ بیان فرانس کی جانب سے حوثیوں کو یورپی یونین کی شدت پسند تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کی ممکنہ حمایت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیا گیا۔

    سعودی عرب نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ حوثیوں کو اس فہرست میں شامل کیا جائے۔ تاہم، جمعرات کو چھ یورپی حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ بعض یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ ایسا فیصلہ یمن میں امن کے ممکنہ عمل کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

  2. روس ایران کے بوشہر جوہری پاور پلانٹ میں اپنے عملے کی تعداد بڑھائے گا

    روس کی سرکاری جوہری توانائی کمپنی روس ایٹم کے سربراہ الیکسی لیخاچوف نے کہا ہے کہ کمپنی ایران کے بوشہر جوہری پاور پلانٹ میں اپنے عملے کی تعداد بڑھانے اور اپنی سرگرمیوں کو بتدریج معمول کے مطابق بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق، جمعہ کے روز انھوں نے کہا: ’علاقے کی صورتحال اب بھی کشیدہ ہے، تاہم ہمیں امید ہے کہ آئندہ سال کے دوران منصوبے پر کام دوبارہ طے شدہ رفتار سے شروع ہو جائے گا۔‘

    لیخاچوف کے مطابق اس وقت روس ایٹم کے 180 اہلکار بوشہر پاور پلانٹ میں موجود ہیں اور مستقبل قریب میں ان کی تعداد بڑھا کر 300 کر دی جائے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ روس ایٹم کو موجودہ حالات میں ایسا کوئی خطرہ نظر نہیں آتا جو کمپنی کی سرگرمیوں کی رفتار کو سست کر دے۔

    فروری میں ایران میں جنگ شروع ہونے کے بعد روس نے بوشہر جوہری پاور پلانٹ سے اپنے بیشتر اہلکار واپس بلا لیے تھے۔

  3. دیگر صوبوں سے 16 پولیس افسران بلوچستان بھیجنے کا فیصلہ

    بلوچستان میں پولیس افسران کی کمی پوری کرنے کے لیے گریڈ 18 کے 16 پولیس افسران کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں تعینات 16 پولیس افسران کو بلوچستان بھجوایا جائے گا تاکہ صوبے میں پولیس افسران کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

    نوٹیفکیشن کے تحت تمام افسران بلوچستان حکومت کے ماتحت 365 روز کی فعال سروس مکمل کریں گے، جبکہ چھٹی، تربیت اور ڈیپوٹیشن پر گزارا گیا وقت اس مدت میں شمار نہیں ہو گا۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ صوبائی حکومتوں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ افسران کو فوری طور پر موجودہ ذمہ داریوں سے فارغ کر کے بلوچستان بھیجا جائے۔

  4. حماس سے مبینہ تعلق رکھنے والا شخص برطانیہ میں چاقو حملے کا مجرم قرار

    برطانیہ کی ایک عدالت نے ایک ایسے شخص کو عدالتی افسر پر چاقو سے حملے کے جرم میں مجرم قرار دیا ہے جس پر حماس سے تعلق کا شبہ ہے۔ جرمنی کو بھی یہ شخص یہودیوں کے قتل کے ایک مبینہ منصوبے میں شمولیت کے الزام میں مطلوب ہے۔

    40 سالہ محمد الفاتح، جو محمد نعیم کے نام سے بھی معروف ہیں اور جرمنی میں پیدا ہوئے تھے، پر الزام تھا کہ انھوں نے گذشتہ سال برمنگھم میں اپنے گھر کے باہر عدالتی افسر پر دو بڑے چاقوؤں سے حملہ کیا۔

    جیوری نے انھیں غیر قانونی طور پر جسمانی نقصان پہنچانے، دو چاقو رکھنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں مجرم قرار دیا۔

    اطلاعات کے مطابق الفاتح ماضی میں حماس کے سابق رہنما اسماعیل ہنیہ کے محافظ رہ چکے ہیں۔ انھوں نے 2015 میں برطانیہ میں پناہ حاصل کی تھی اور 2020 میں اس ملک کی شہریت حاصل کر لی تھی۔

    مقدمے کی سماعت کے دوران جیوری کو ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں الفاتح کو برمنگھم کے علاقے کنگز ہیتھ میں اپنے گھر کے باہر دو بڑے چاقو لہرا کر دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

    تاہم جیوری کو حماس کے ساتھ ان کے ممکنہ تعلق کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا، جسے برطانیہ میں ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے، اور نہ ہی اس دعوے کے بارے میں کہ وہ اسماعیل ہنیہ کے محافظ رہے تھے۔

    حملے کے وقت الفاتح برطانیہ کے انسداد دہشت گردی یونٹ کی نگرانی میں تھے۔ گرفتاری کے بعد انھیں جرمن حکام کی درخواست پر دوبارہ گرفتار کیا گیا؛ جرمنی کا کہنا ہے کہ انھوں نے وسطی یورپ میں اسرائیلی اہداف پر حملے کے ایک منصوبے میں کردار ادا کیا تھا۔

    توقع ہے کہ برطانیہ میں اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد انھیں جرمنی کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    الفاتح، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ حماس کے ایک سینئر عہدیدار کے بیٹے ہیں، نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ 2010 میں مصر میں حراست کے دوران انھیں 25 دن تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

  5. ترکی اور قطر کے درمیان باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط

    ترکی کے صدارتی دفتر نے اعلان کیا ہے کہ صدر رجب طیب اردوغان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان جمعہ کو استنبول میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔

    ملاقات کے دوران صدر اردوغان نے کہا کہ ترکی اور قطر، خلیج فارس کے خطے میں جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکنے، بات چیت کی بنیاد فراہم کرنے اور امن کے قیام کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

    اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور اس میں تنوع لانے کے خواہاں ہیں، اور دفاعی صنعتوں کے شعبے میں بھی ان کے تعلقات مزید بڑھیں گے۔

    ترکی کے صدارتی دفتر کی جانب سے اس نئے معاہدے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

    اس سے قبل، اگست میں مکہ مکرمہ میں ترکی نے سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ترک پارلیمنٹ نے گذشتہ ہفتے اس معاہدے کی منظوری دی، جس سے انقرہ کے لیے سعودی عرب کو فوجی امداد بھیجنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ سعودی عرب کو اس وقت ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے حملوں کا سامنا ہے۔

    مکہ معاہدے کے تحت، ان تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر بھی ہونے والا حملہ، اس معاہدے کے تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

  6. بحرین میں پاسدارانِ انقلاب کے دو خودکش ڈرون تباہ کر دیے: سینٹکام کا دعویٰ

    امریکی فوج کا کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے بحرین کی سمت دو خودکش ڈرون فائر کیے تھے، جنھیں امریکی فورسز نے راستے میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔

    سینٹ کام کے مطابق اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ سیریک پر گذشتہ رات ہونے والے امریکی فضائی حملے کے جواب میں اس نے بحرین میں امریکی افواج کے ایک ’ارلی وارننگ ریڈار‘ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ جارح دشمن کے لیے ایک سنگین انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں اپنی فضائی شرارتیں اور تیل کی سمگلنگ بند کرے۔‘

    پاسدارانِ انقلاب نے مزید وارننگ دی ہے کہ اگر ’خلاف ورزیوں اور جارحیت‘ کا سلسلہ دہرایا گیا، تو تنظیم کی ایرو سپیس فورس ’سرحدوں سے ماورا محاذ آرائی‘ کے لیے مکمل طور پر تیار اور چوکس رہے گی۔

  7. ایرانی فوج کا کوہستک کے علاقے میں ایک امریکی ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ

    ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آج کوہستک کے علاقے میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو ’مار گرایا‘ ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا کہ ڈرون کو ’بحریہ کے نئے دفاعی نظام کے کامیاب مداخلت اور فائرنگ سے‘ مار گرایا گیا۔

    ارنا نے تصاویر بھی شائع کیں اور کہا کہ یہ تصاویر گرائے گئے ڈرون کی ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے ابھی تک اس دعوے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

  8. ایران اور عراق کے درمیان سومار بارڈر کراسنگ تا حکم ثانی بند رہے گی: حکام

    کرمانشاہ کسٹمز کے ڈائریکٹر جنرل داریوش صادقی نے اعلان کیا کہ کرمانشاہ صوبے میں سومار بارڈر کراسنگ کو تکنیکی اور بنیادی ڈھانچے کی کارروائیوں کی وجہ سے جمعہ 12 نومبر تک اگلے نوٹس تک بند کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، جناب داریوش صادقی نے کہا کہ کرمانشاہ صوبے میں تجارتی سرگرمیاں، سرحدی تبادلے اور دیگر کراسنگ پر مسافروں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

    اس کراسنگ کی بندش، جسے عراقی جانب ’مندلی‘ یا ’اندالی‘ کہا جاتا ہے، اس سے قبل عراقی حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا۔

    عراقی بارڈر کراسنگ اتھارٹی کے سربراہ عمر الولی نے منگل کو اعلان کیا کہ منڈالی کراسنگ کو مرمت اور تکنیکی بنیادی ڈھانچے کی مکمل تکمیل کے لیے جمعہ کی صبح سے عارضی طور پر بند کر دیا جائے گا۔ انھوں نے اس فیصلے کی وجوہات کے طور پر قریب آنے والے برسات کے موسم اور گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے روٹ تیار کرنے کی ضرورت کا حوالہ دیا۔

    عراقی حکام نے تقریباً تین ہفتوں تک بند رہنے کے بعد منگل کے روز صوبہ خوزستان میں چازابہ کے سامنے الشیب بارڈر کراسنگ کو بھی دوبارہ کھول دیا۔

    سومار کراسنگ کی عارضی بندش اس وقت سامنے آئی ہے جب عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے 8 نومبر کو کہا تھا کہ امریکی محکمہ خزانہ نے بغداد سے کہا ہے کہ وہ تہران پر بڑھتے ہوئے اقتصادی دباؤ کے ایک حصے کے طور پر ایران کے ساتھ دو سرحدی گزرگاہوں کو چھوڑ کر تمام بند کر دے۔

    فواد حسین نے کہا تھا کہ ان تمام کراسنگ کو بند کرنا مشکل ہوگا اور اس سے عراقی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سومار کراسنگ کی عارضی بندش کا تعلق امریکی درخواست سے ہے۔

  9. اصفہان میں ایران کی یورینیم افزودگی کی تنصیب پر تشویش ہے: بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی

    بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے کہا ہے کہ اصفہان میں ایران کی یورینیم افزودگی کی تنصیب کے حوالے سے اس کے خدشات میں روز بروز شدت آ رہی ہے۔

    اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے مطابق، یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہو سکی کہ آیا اس تنصیب میں جوہری مواد موجود ہے یا نہیں، اور نہ ہی اس کے صحیح مقام کا تعین کیا جا سکا ہے۔

    ادارے کا مزید کہنا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں نے غیر معمولی حالات کو جنم دیا ہے، تاہم اس نے تہران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو ملک کی جوہری تنصیبات کا دورہ کرنے کی بتدریج اجازت دے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال جون میں ہونے والے 12 روزہ اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد سے تہران نے کسی بھی جوہری تنصیب پر آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی واپسی کی اجازت نہیں دی۔

    اسی تناظر میں، اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ ایران معائنہ کاروں کی اہم جوہری تنصیبات تک رسائی کی راہ ہموار کرنے کے لیے عملی اور ’بتدریج اقدامات‘ اٹھائے۔

  10. معدنیات کو یہیں نکال کر، پراسیس اور تیار کر کے برآمد کیا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

    پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں اور معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، اور وہ بیرک کمپنی کے پاکستان پر مسلسل اعتماد کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’گولڈمین سکس کی پیشگوئی کے مطابق پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، لیکن ان شاء اللہ! 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو اب خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ بند کیا جائے گا۔ یہ وسائل ملکی صنعتوں کے وہ دن دور نہیں جب معدنی وسائل کو ملکی ڈاؤن سٹریم انڈسٹری کے لیے بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے سب سے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، اور دو دہائیوں سے تعطل کا شکار یہ پروجیکٹ اب عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر باہر بھیجنے کا خواہاں نہیں، بلکہ معدنیات کو یہیں نکال کر، پراسیس اور تیار کر کے برآمد کیا جائے گا۔ یہ سفر مشکل ضرور ہے مگر ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں دونوں کے لیے یکساں طور پر فائدہ مند ہوگی، اور ہم سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے۔‘

    شہباز شریف نے واضح کیا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے تمام طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، جبکہ لائسنسوں اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں معدنیات کے شعبے کے فروغ کے لیے باہم مل کر کام کریں گی۔

  11. معدنی ترقی کے ثمرات براہ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

    پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعے کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش اور مسابقتی منزل بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔

    انھوں نے واضح کیا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے کان کنی کے پورے نظام، کانوں اور کان کنوں کو مکمل سکیورٹی اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    عاصم منیر نے کہا کہ ملکی معدنی دولت کو مؤثر بنا کر طویل مدتی شراکت داری کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی۔ مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا مقصد محض خام مال کی برآمد تک محدود نہیں رہنا، بلکہ ملک کے اندر ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ کی مکمل ویلیو چین تعمیر کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ معاشی خود انحصاری کے لیے خام برآمدات کے بجائے ویلیو ایڈڈ ترقی کی طرف بڑھنا ناگزیر ہے، اور اس کے لیے محض وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کی جانب سفر کرنا ہوگا۔ انھوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ معدنی ترقی کے ثمرات براہِ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں تاکہ ان علاقوں کے مکینوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے، کیونکہ پاکستانی عوام محنتی، دلیر اور اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

    فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول کی فراہمی سے معدنی شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو ملکی معیشت کے استحکام اور طویل مدتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

  12. پاسدارانِ انقلاب کا بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ایران کی سرکاری نیوز ایجنسیوں کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں پاسدرانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے بحرین میں امریکی افواج کے ’ابتدائی وارننگ ریڈار‘ کو آدھی رات کے امریکی فضائی حملے کے جواب میں ’نشانہ بنا کر تباہ کر دیا‘۔

    آئی آر جی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ دشمن کے لیے ایک سنجیدہ انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں اپنے فضائی حملوں اور تیل کی سمگلنگ کو ختم کر دے۔‘

    پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ’دشمن کی بار بار خلاف ورزیوں اور جارحیت کی صورت میں ایرو سپیس فورس اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح چوکس ہے۔ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو سنگین کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

    چند گھنٹے قبل، ایرانی نیوز ایجنسیوں نے سریک پر فضائی حملے کی اطلاع دی تھی، جس کی آئی آر جی سی نے تصدیق کی کہ خلیج فارس کے ساحل کے قریب علاقے میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

  13. حوثیوں کا آرامکو اور سعودی تیل پائپ لائن کو نشانہ بنانے کا اعلان، سلامتی کونسل نے پابندیاں ایک سال کے لیے بڑھا دیں

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر یمن سے متعلق پابندیوں کو ایک سال کے لیے بڑھانے کی قرارداد منظور کی ہے، جس میں حوثیوں (انصار اللہ گروپ) کے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے، جبکہ اس گروپ اور سعودی قیادت والے اتحاد کے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں اور تصادم کئی محاذوں پر بڑھ رہے ہیں۔

    یہ فیصلہ حوثیوں کے سعودی عرب کے اندر تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات کو نشانہ بنانے والے نئے حملوں کی ایک سیریز کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔

    گروپ کے فوجی ترجمان، یحییٰ ساری نے جمعرات کو کہا کہ گروپ کی فورسز نے سعودی تیل کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر پمپنگ اسٹیشن نمبر 7 کو ڈرون سے نشانہ بنایا، اور بحیرہ احمر کے یانبو میں ایک تیل کی سہولت کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا۔

    بعد میں ساری نے اعلان کیا کہ ریاض میں آرامکو کی تنصیبات کو ڈرون نے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دوسری طرف، سعودی قیادت میں اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ریاض اور شرقیہ علاقوں میں دو ڈرونز کو روکنے اور تباہ کرنے کا اعلان کیا، جو گذشتہ چند دنوں میں اتحاد کی جانب سے اعلان کردہ تازہ ترین انٹرسیپشن آپریشنز کی سیریز ہے۔

    جمعرات کو، کونسل نے پابندیوں کی فہرست میں شامل افراد اور اداروں پر عائد اثاثہ جات منجمد کرنے اور سفری پابندی کے اقدامات کی 14 نومبر 2027 تک تجدید کی اور یمن پر ماہرین کے گروپ کے مینڈیٹ کو اسی سال دسمبر تک بڑھا دیا۔

    قرارداد میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حوثیوں کو فوری اور بلا شرط اپنی فوجی کشیدگی اور حملوں کو روکنا چاہیے، جن میں عام شہریوں، شہری انفراسٹرکچر، تجارتی ہوائی اڈوں اور بین الاقوامی نیویگیشن کو نشانہ بنانے والے حملے شامل ہیں۔

    برطانیہ کی اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ، سارہ میک انٹوش نے کہا کہ قرارداد کی منظوری سلامتی کونسل کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ یمن کے اندر اور سعودی عرب اور خطے کے خلاف حوثیوں کے حملوں کے مقابلے میں فیصلہ کن کارروائی کرے گی۔

    خلیجی تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے جمعہ کو قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ حوثیوں کے حملوں کو مسترد کرنے والے بین الاقوامی موقف کو مضبوط کرنے کے لیے ایک قدم ہے۔

    البدیوی نے اس قرارداد کو حملوں کو روکنے اور شہریوں، اہم تنصیبات اور نیویگیشن کی سلامتی کے تحفظ کے اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے لیے جی سی سی ممالک کی حمایت کا اعادہ کیا۔

    بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے اس قرارداد کا خیرمقدم کیا، لیکن افسوس کا اظہار کیا کہ حوثیوں کو دہشت گرد گروہ قرار نہیں دیا گیا، جبکہ اسلحہ کی پابندی کو مضبوط کرنے، سمگلنگ کے خلاف لڑنے، اور یمن کے ماہرین کے پینل کے اختیارات میں توسیع کی تعریف کی۔

  14. مائیکرو سافٹ کا بعض سروسز کی بحالی میں محدود کامیابی کا دعویٰ، تعطل کی حتمی وجوہات تاحال واضح نہیں

    مائیکروسافٹ نے اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ سروس بحال کرنے کی کوششوں میں اسے ’محدود کامیابی‘ حاصل ہوئی ہے تاہم خرابی کی اصل وجہ اب بھی واضح نہیں۔

    کمپنی کے مطابق اس کے متعدد سرورز، جو مختلف ایپلی کیشنز اور دفتری ٹولز کو چلانے کے لیے اہم ہوتے ہیں، اچانک دستیاب نہیں رہے، جس کے باعث باقی نظام پر دباؤ بڑھ گیا۔

    مائیکروسافٹ نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں کسی بدنیتی پر مبنی سرگرمی یا سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔

    کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ سروس مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد ایک رپورٹ میں خرابی کی بنیادی وجہ کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔‘

    کمپنی کے مطابق، ’ہم اس مسئلے کو مکمل طور پر حل ہونے تک فوری اور اولین ترجیح کے طور پر دیکھتے رہیں گے۔‘

    دوسری جانب مائیکروسافٹ کی بعض سروسز میں خرابی کے باعث دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ کمپنی نے تاحال یہ نہیں بتایا کہ اس تعطل سے کتنے افراد متاثر ہوئے ہیں، تاہم دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد تقریباً 43 کروڑ بتائی جاتی ہے۔

    انٹرنیٹ سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صبح سات بجے کے قریب 72 ممالک سے مائیکروسافٹ کی ای میل اور کیلنڈر سروس آؤٹ لک میں خرابی کی کم از کم 43 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔ تاہم متاثرہ صارفین کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ یہ اعداد و شمار صرف ان افراد کی نشاندہی کرتے ہیں جنھوں نے ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر اپنی شکایت درج کرائیں۔

    ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق یورپ کے کئی ممالک میں شکایات میں اضافہ دیکھا گیا۔

  15. آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد جہاز میں آگ لگنے کی اطلاعات

    ایران کے پاسدارانِ انقلاب (نیوی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایل این جی بردار ایک جہاز ایرانی بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد اس میں شدید دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

    آئی آر جی سی نیوی کے مطابق جہاز کو بار بار خبردار کیے جانے کے باوجود اس نے آبنائے ہرمز کے ایک ایسے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کی جسے ایران نے غیر مجاز اور خطرناک قرار دیا ہے، اس کے چند گھنٹے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔

    تاہم آزاد بحری نگرانی کے اداروں نے تاحال اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق ’پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ جہاز نے پہلے پیش آنے والے واقعات سے سبق نہیں سیکھا اور امریکی لڑاکا طیاروں کی مدد سے آبنائے سے گزرنے کی کوشش کی۔‘

    پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے اور اس کے ٹریفک کنٹرول سینٹر کی وارننگ نظر انداز کرتے ہوئے غیر مجاز راستے اختیار کرنے والے دیگر جہازوں کو بھی اسی طرح کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو اس کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستے استعمال کرنے چاہییں۔

    دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بعض جہاز اور تیل بردار ٹینکر ایرانی پابندیوں سے بچنے کے لیے آبنائے ہرمز میں متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں۔

  16. بریکنگ, سروسز میں خلل کا سبب سائبر سکیورٹی حملہ نہیں: مائیکرو سافٹ

    مائیکروسافٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار چارلس لامانا کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سروسز میں تعطل کسی سائبر سکیورٹی واقعے کے باعث نہیں ہوا۔

    اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ’اس واقعے میں کسی بدنیتی پر مبنی سرگرمی یا ہیکنگ کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔‘

    چارلس لامانا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں افسوس ہے کہ آج سروسز میں تعطل کے باعث ہمارے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘

    یاد رہے کہ جمعے کے روز پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں مائیکروسافٹ کی آؤٹ لک، ٹیمز اور کوپائلٹ سمیت متعدد سروسز میں خلل پانے کی خبریں سامنے آئیں۔

    اس معاملہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ عالمی بندش کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے تمام ممکنہ طریقے تلاش کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے تاہم انھیں اس میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔

  17. ضرورت پڑنے پر ایران پر دوبارہ حملہ کرنے سے نہیں ہچکچاؤں گا: ٹرمپ کی دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر اور دیگر خلیجی ریاستوں نے ان سے فی الحال ایران پر مزید وسیع حملے کرنے سے باز رہنے کی درخواست کی ہے۔

    انھوں نے دعویٰ میں مزید کہا کہ اگر ان کی درخواست نہ ہوتی تو وہ تین دنوں میں ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، پلوں اور مینوفیکچرنگ سہولیات کو تباہ کر سکتے تھے۔

    جمعرات کو نشر ہونے والے وائٹ ہاؤس میں سٹیون اے سمتھ کے ساتھ ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ کو فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں لیکن امریکہ کے علاقائی اتحادیوں کی درخواست پر انھوں نے ایران پر اقتصادی اور فوجی دباؤ جاری رکھا ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’سعودی عرب نے مجھ سے کہا ہے کہ براہ کرم چیزوں کو کچھ دیر کے لیے اسی طرح رکھیں جبکہ قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی ایران کا مقابلہ جاری رکھنے کے لیے ان کے موجودہ انداز کو ترجیح دیتے ہیں۔‘

    جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران کے خلاف مزید حملے کرتے اگر انھیں ایسی درخواستیں موصول نہ ہوتیں تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’ہاں، میں اس سے گریز نہیں کروں گا۔‘

    امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ واشنگٹن نے اب تک بڑی حد تک ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور پلوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’ایک دن میں ان کے توانائی کے ذرائع تباہ جبکہ ایک دن میں ان کے پل تباہ ہو جائیں گے اور ان کی صنعتی پیداواری صلاحیت بھی ایک دن میں تباہ ہو جائے گی۔ ان تمام کے خاتمے میں صرف تین دن لگیں گے۔‘

    امریکی صدر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ جنگ کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست میں کردار ادا کیا۔

    تاہم ساتھ ہی انھوں نے ایک بار پھر ایران پر حملے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پیش رفت کی سمت میں تبدیلی دیکھتے ہیں تو وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کارروائی کریں گے۔

    ان کے مطابق ’اگر میں چیزوں کو مخالف سمت میں جاتا دیکھتا ہوں، تو میں یہ کروں گا۔ میں اسے ابھی بھی بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کر سکتا ہوں۔‘

  18. پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    پاسداران انقلاب نے جمعہ کی صبح ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سرک پر آدھی رات کو کیے جانے والے امریکی فضائی حملے کے جواب میں بحرین میں امریکی افواج کے ’ ارلی وارننگ ریڈار‘ کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے پاسداران انقلاب کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ دشمن کے لیے ایک سنگین انتباہ ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں اپنے فضائی حملوں اور تیل کی سمگلنگ کو ختم کر دے۔‘

    پاسداران انقلاب نے بیان میں دعویٰ کیا کہ ’بار بار خلاف ورزیوں اور جارحیت کی صورت میں ایرو سپیس فورس ایک سرحدی تصادم کے لیے پوری طرح چوکس ہے۔ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو دشمن کی سنگین کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

    اس اعلان سے کچھ دیر قبل ایرانی خبر رساں اداروں نے سرک پر فضائی حملے کی اطلاع دی تھی جس کی پاسداران انقلاب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملوں کے دوران خلیج فارس کے ساحل سے دور علاقے میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

  19. مائیکروسافٹ سروسز میں خلل سائبر اٹیک نہیں، آسٹریلوی وزیر کا دعویٰ

    آسٹریلیا کے وزیرِ برائے داخلہ اور سائبر سیکیورٹی امور ٹونی برک کا کہنا ہے کہ انھوں نے ملک میں مائیکروسافٹ کے حکام سے بات کی ہے، جن کا ماننا ہے کہ وہ کسی سائبر حملے کا شکار نہیں ہیں۔

    ٹونی برک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان کا خیال ہے کہ وہ کسی حد تک اسی طرح کی صورتحال سے نمٹ رہے ہیں جیسی ہم نے ماضی میں 'کراؤڈ سٹرائیک' (CrowdStrike) کے معاملے میں دیکھی تھی، جہاں ایک سافٹ ویئر اپ ڈیٹ میں خرابی پیدا ہو گئی تھی۔‘برک کے مطابق، موجودہ بندش (آؤٹ ایج) کا سب سے زیادہ اثر ای میل سسٹمز پر پڑا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ’کراؤڈ سٹرائیک کے واقعے میں ہم نے دیکھا تھا کہ اس کے بعد کئی دیگر مصنوعات کی کارکردگی بھی متاثر ہوئی تھی اور اس کے دور رس اثرات سامنے آئے تھے۔‘

    واضح رہے کہ جولائی 2024 میں امریکی سائبر سیکیورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائیک کی جانب سے جاری کردہ ایک خامی سے بھرپور سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے نتیجے میں دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر ہوئے تھے، جس نے ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے کمپیوٹرز کو فریز کر دیا تھا۔

  20. بی بی سی نیوز اُردو اب موبائل ایپ پر بھی دستیاب، ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے

    بی بی سی اُردونے اپنی نئی ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی دلچسپی کی تمام علاقائی و عالمی خبریں، تجزیے اور معلومات براہ راست اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کر سکیں گے۔

    بی بی سی اُردو کا تمام مواد بی بی سی ورلڈ سروس کی نئی ایپ پر دستیاب ہو گا جسے آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ کی مناسبت سے ایپ سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔