قطر اور ترکی نے ’دفاع میں تعاون‘
سمیت مختلف شعبوں میں پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔
ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز
کے مطابق صدر رجب طیب اردوغان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے استنبول
میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ
خیال کیا گیا۔
’صدر اردوغان نے کہا کہ آج قطر اور
ترکی کے درمیان طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں
ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔‘
ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز
کے مطابق اجلاس کے موقع پر پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے گئے جن میں
قطر اور ترکی کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ، سپریم اسٹریٹیجک کمیٹی کے 12ویں اجلاس
کا مشترکہ اعلامیہ، تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ، امن و مصالحت اور تنازعات
کے حل سے متعلق مفاہمتی یادداشت، اور صارفین کے تحفظ و مارکیٹ نگرانی کے شعبے میں
تعاون کی مفاہمتی یادداشت شامل ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ نے بھی سوشل
میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق قطر اور ترکی کی
سپریم سٹریٹیجک کمیٹی کا 12واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان
جاری تعاون اور مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک
نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی صنعت میں اشتراک اور
فوجی تربیت کے تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ باہمی دفاعی
معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا، علاقائی سلامتی و استحکام کو فروغ
دینا اور کسی ایک یا دونوں ممالک کو نشانہ بنانے والے کسی بھی بیرونی مسلح حملے کا
مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔
اعلامیے میں قطر، ترکی، پاکستان اور
انڈونیشیا کے درمیان طے پانے والی بدر مفاہمتی یادداشت کا بھی خیر مقدم کیا گیا،
جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس سے دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی کی ترقی، معلومات و
مہارت کے تبادلے اور دفاعی صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔
دونوں ممالک نے مستقبل قریب میں دو
طرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کا اعادہ کیا اور تجارت و سرمایہ
کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق ترکی میں قطری
سرمایہ کاری اور قطر میں ترک کمپنیوں کے 20.8 ارب ڈالر مالیت کے 206 منصوبے دونوں
ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔
اعلامیے میں درج ہے کہ فریقین نے
توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے، مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی تجارت کو فروغ
دینے اور علاقائی توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا، جبکہ
مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، کوانٹم ٹیکنالوجی، خلائی تعاون اور تعلیم کے شعبوں
میں مشترکہ منصوبوں کی حمایت پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے غزہ
میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد،
شہریوں کے تحفظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
اعلامیے میں اسرائیل کی جانب سے
مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں بستیوں کی تعمیر، زمینوں پر قبضے اور
فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت کی گئی، جبکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی،
جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ
کیا گیا۔