آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

سیستان و بلوچستان میں مسلح حملہ: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی نیم فوجی تنظیم ’بسیج‘ کے رکن کی ہلاکت

ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. بی بی سی نیوز اُردو اب موبائل ایپ پر بھی دستیاب، ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے

    بی بی سی اُردونے اپنی نئی ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی دلچسپی کی تمام علاقائی و عالمی خبریں، تجزیے اور معلومات براہ راست اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کر سکیں گے۔

    بی بی سی اُردو کا تمام مواد بی بی سی ورلڈ سروس کی نئی ایپ پر دستیاب ہو گا جسے آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ کی مناسبت سے ایپ سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

  2. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج جاری ہے تاہم اتوار کی صبح خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں پر ڈال لیتے ہیں۔

    • پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر راولا کوٹ کے علاقے متیالمیرہ میں گھر کے صحن میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والی دو بچیوں میں سے ایک ہلاک ہو گئی ہے۔ بچی کے والد نے بتایا کہ 12 نومبر کی صبح بڑی بیٹی عائشہ صحن میں صفائی کر رہی تھی جبکہ اس کے ساتھ 11 سالہ دوسری بچی اور سات سالہ بیٹا بھی موجود تھا۔ اسی دوران عائشہ کے سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی جبکہ دوسری بچی کی ٹانگ میں گولی لگی۔
    • سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع امریکی سفارت خانے نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
    • یورپی یونین نے سنیچر کے روز اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی تنظیموں کو غزہ تک فوری رسائی فراہم کرے تاکہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکے۔
    • وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 19 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کریں گے۔
    • سعودی عرب نے سنیچر کے روز ’دہشت گردی‘ سے متعلق جرائم کے الزام میں دو افراد کو سزائے موت دے دی۔ایک انسانی حقوق کی تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے ایک شخص مبینہ جرم کے وقت کم عمر تھا۔
    • اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور قائم مقام مندوب غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے مغربی رکن ممالک پر ’منافقت‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ واقعی سفارت کاری کا خواہاں ہے تو اسے جارحیت پر مبنی جنگ فوری طور پر بند کرنا اور ایران پر عائد غیر قانونی بحری ناکہ بندی ختم کرنا ہو گی۔
    • پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے کردگاپ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں پاکستان فوج کے میجر سمیت دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان فوج نے کولپور میں کارروائی کرتے ہوئے آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
  3. امریکہ نے ڈونباس کے علاقے سے دستبردار ہونے کے بدلے یوکرین کو نیٹو رکنیت دینے کی تجویز دی ہے، زیلنسکی

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ امریکی مذاکرات کاروں نے تجویز دی ہے کہ اگر یوکرین مشرقی ڈونباس کے علاقے میں موجود اپنی باقی ماندہ افواج واپس بلا لے تو اس کے بدلے اسے نیٹو کی رکنیت دے دی جائے۔

    زیلنسکی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور زیلنسکی سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

    کئیو طویل عرصے سے نیٹو کی رکنیت کا خواہاں رہا ہے، تاہم ماضی میں امریکہ اور بعض دیگر ممالک اس کی مخالفت کرتے رہے ہیں، جبکہ روس کا کہنا ہے کہ اس کی سرحد پر نیٹو کے ایک اور رکن ملک کی موجودگی قابلِ قبول نہیں۔

    روس اس وقت ڈونباس کے صنعتی علاقے کے بیشتر حصے پر کنٹرول رکھتا ہے اور زیلنسکی مسلسل یہ کہتے رہے ہیں کہ یوکرین اپنی خودمختار سرزمین سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہیں۔

    روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا تھا۔

    سنیچر کے روز زیلنسکی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکیوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یوکرین نیٹو میں شامل ہو جائے تو کیا وہ ڈونباس سے دستبردار ہو جائے گا؟ یہ پہلا موقع تھا جب یہ بات اٹھائی گئی۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اگر انھیں کوئی ایسی واضح تجویز موصول ہوتی ہے جس میں سکیورٹی ضمانتیں، یوکرینی فوج پر کوئی پابندیاں نہ ہوں اور ملک کی تعمیرِ نو کے لیے مالی وسائل فراہم کیے جائیں، تو وہ اسے عوامی ریفرنڈم کے لیے پیش کریں گے۔

    امریکی ایلچی جیریڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف جمعرات کو روسی دارالحکومت ماسکو میں پوتن سے مذاکرات کے ایک دور کے بعد آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن پہنچے تھے، جہاں انھوں نے زیلنسکی سے ملاقات کی۔

  4. نیتن یاہو کا ایک بار پھر قومی اتحاد کی حکومت بنانے کا مطالبہ: ’ایسی حکومت ایرانی خطرے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر سکتی ہے‘

    اسرائیل کے سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کے ساتھ قومی اتحاد کی حکومت بنانے کا ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہوئے ایران کے خطرے کے خاتمے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    ایک ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے کہا کہ جمعرات (12 نومبر) کو گادی آئزنکوٹ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد انھیں پہلے سے بھی زیادہ یقین ہو گیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے قومی اتحاد کی حکومت کی تشکیل ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایسی حکومت ’ایرانی خطرے کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ‘ کر سکتی ہے۔

    نیتن یاہو کے مطابق مجوزہ حکومت میں صرف وہ جماعتیں شامل ہوں گی جو اسرائیل کو ’یہودی ریاست‘ تسلیم کرتی ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ قومی اتحاد کی حکومت اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹے گی، جن میں سب سے اہم ایران ہے، جو نیتن یاہو کے بقول ’اسرائیل کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔‘

    گذشتہ ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزنکوٹ کو اتوار (8 اکتوبر) کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ انھیں حکومت سازی کے لیے 28 دن کا وقت دیا گیا ہے، جس میں ضرورت پڑنے پر مزید 14 دن کی توسیع کی جا سکتی ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت سازی کے لیے مذاکرات مشکل ثابت ہو سکتے ہیں۔

    نیتن یاہو کی تجویز کردہ قومی اتحاد کی حکومت میں اعتدال پسند سے لے کر دائیں بازو تک کی بڑی یہودی جماعتوں کو شامل کرنے اور عرب جماعتوں کو خارج رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  5. ریاض: امریکی سفارت خانے کا مشرقِ وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو مزید احتیاط برتنے کی مشورہ

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع امریکی سفارت خانے نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

    سفارت خانے نے ایکس پر جاری بیان میں خبردار کیا کہ ’ایران کی حمایت یافتہ حوثی جماعت کی جانب سے مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات اور خطے میں امریکی حکام کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں‘ کے باعث شہری محتاط رہیں۔

    امریکی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے نتیجے میں ماضی میں شہری ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔

    بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ ’یہ تنازعات بہت تیزی سے اپنے موجودہ دائرۂ کار سے باہر کے علاقوں تک پھیل سکتے ہیں۔‘

  6. سعودی عرب میں ’دہشت گردی‘ کے الزام میں دو افراد کو سزائے موت

    سعودی عرب نے سنیچر کے روز ’دہشت گردی‘ سے متعلق جرائم کے الزام میں دو افراد کو سزائے موت دے دی۔

    ایک انسانی حقوق کی تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے ایک شخص مبینہ جرم کے وقت کم عمر تھا۔

    سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فاضل صفوانی اور جواد قرریص کو متعدد جرائم کا قصوروار قرار دیا گیا، جن میں سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ اور ایک غیر ملکی ’دہشت گرد‘ تنظیم کی رکنیت شامل ہے۔

    دونوں سعودی شہریوں کو ملک کی سپریم کورٹ کی جانب سے اپیلیں مسترد کیے جانے کے بعد سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں سزائے موت دی گئی۔

    لندن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ریپریو نے دعویٰ کیا ہے کہ جواد قرریص کو دسمبر 2020 میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کے انعقاد سے متعلق الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    تنظیم کے مطابق مظاہروں کے وقت ان کی عمر صرف 14 برس تھی۔

    انسانی حقوق کی تنظیم کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ جواد قرریص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان سے ایسے جرم کا اعتراف کروایا گیا جو انھوں نے نہیں کیا تھا۔

    تنظیم کے مطابق اگست 2025 سے اب تک سعودی عرب پانچ ایسے افراد کو سزائے موت دے چکا ہے جو مبینہ جرائم کے وقت 18 سال سے کم عمر تھے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق 2022 سے 2025 کے درمیان سزائے موت کے نفاذ کے حوالے سے چین اور ایران کے بعد سعودی عرب دنیا کا تیسرا بڑا ملک تھا۔

  7. راولا کوٹ: گھر کے صحن میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والی ایک بچی ہلاک ہو گئی, نصیر چوہدری، صحافی

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر راولا کوٹ کے علاقے متیالمیرہ میں گھر کے صحن میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والی دو بچیوں میں سے ایک ہلاک ہو گئی ہے۔

    13 سالہ عائشہ واقعے سے ایک روز قبل ہی اپنے والد کے ننھیال سے گھر واپس آئی تھیں۔ بچی کے والد ثاقب رفیق کے مطابق پانچ نومبر کو علاقے میں حالات خراب ہونے کے بعد اُنھوں نے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا تھا تاہم حالات بہتر ہونے کا گمان ہونے پر واپس گھر لے آئے تھے۔

    بی بی سی نیوز اردو کے لیے صحافی نصیر چوہدری سے بات کرتے ہوئے بچی کے والد ثاقب نے بتایا کہ ان کی بیٹی گھر کے صحن میں موجود تھی جب اسے گولی لگی، ان کی ایک اور بیٹی بھی اس واقعے میں زخمی ہوئی ہے۔

    ثاقب نے بتایا کہ پانچ نومبر سے متیالمیرہ میں حالات خراب ہونے کے بعد اُنھوں نے اپنے بچوں کو اپنے ننھیال کھڑک منتقل کر دیا تھا تاہم بعد میں انھیں محسوس ہوا کہ حالات بہتر ہو گئے ہیں، اس لیے وہ بچوں کو واپس گھر لے آئے۔

    بچی کے والد نے بتایا کہ 12 نومبر کی صبح ان کے والد گھر کے اندر موجود تھے جبکہ ان کی اہلیہ مویشی خانے میں تھیں۔ بچے گھر کے باہر صحن میں موجود تھے۔ ان کے مطابق بڑی بیٹی عائشہ صحن میں صفائی کر رہی تھی جبکہ اس کے ساتھ 11 سالہ دوسری بچی اور سات سالہ بیٹا بھی موجود تھا۔

    ثاقب کے مطابق اسی دوران عائشہ کے سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی جبکہ دوسری بچی کی ٹانگ میں گولی لگی

    اُنھوں نے بتایا کہ دونوں زخمی بچیوں کو منگ کے قریبی ہسپتال لیجایا گیا، تاہم عائشہ نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ ان کے مطابق دوسری بچی کی حالت اب بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔

    ثاقب کے مطابق واقعے کے بعد ابھی تک اُنھوں نے کوئی رپورٹ درج نہیں کروائی کیونکہ ان کی پہلی ترجیح باقی بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کے بعد وہ ضرور قانونی راستہ اختیار کریں گے اور اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کریں گے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان کی بیٹی کا قصور کیا تھا اور جو بھی ذمہ دار ہو اسے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

    راولا کوٹ پولیس اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا موقف

    دوسری جانب راولا کوٹ پولیس کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ 12 نومبر کو راولا کوٹ بس ٹرمینل کے قریب کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بس ٹرمینل متیالمیرہ کی رہائشی دو بچیاں عائشہ ثاقب اور جویریہ ثاقب شدید زخمی ہوئیں۔

    پریس ریلیز میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح افراد اس سے قبل بھی فورسز اور عام شہریوں پر فائرنگ کرتے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں اور شہری زخمی ہوئے۔

    جبکہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے کور ممبر خواجہ مہران نے اپنے ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا تھا کہ راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرہ میں فورسز کی فائرنگ سے دو بچیاں گولیوں کا نشانہ بنیں، جن میں سے ایک عائشہ ثاقب جان کی بازی ہار گئیں۔

  8. یورپی یونین کا اسرائیل سے غزہ میں امدادی رسائی فوری بحال کرنے کا مطالبہ

    یورپی یونین نے سنیچر کے روز اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی تنظیموں کو غزہ تک فوری رسائی فراہم کرے تاکہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکے۔

    یورپی یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل امدادی اداروں کو بلا رکاوٹ رسائی دے، انسانی امداد اور ابتدائی بحالی کے لیے درکار سامان کی مسلسل اور وسیع پیمانے پر ترسیل کی اجازت دے، اور غزہ کی تمام سرحدی گزرگاہوں کو دوبارہ کھولے۔

    رپورٹس کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث غزہ میں تقریباً 70 ہزار خیمے زیرِ آب آ گئے ہیں، جہاں 20 لاکھ کے قریب آبادی کا بڑا حصہ رہائش پذیر ہے۔

    متاثرہ افراد کو اب پینے کے صاف پانی، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید ضرورت کا سامنا ہے، جبکہ امدادی اداروں نے انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

  9. سعودی فوجی اتحاد کا حوثیوں کے دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف بھیجے گئے دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔

    اتحاد کے مطابق یہ ڈرون سعودی دارالحکومت ریاض اور ملک کے جنوبی علاقوں کی جانب بھیجے گئے تھے، تاہم انھیں اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک کر مار گرایا گیا۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی اتحاد اور ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حوثی دارالحکومت صنعا سمیت یمن کے بڑے حصے پر قابض ہیں۔

    امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے تناظر میں خطے میں تناؤ مزید بڑھ گیا ہے، اور تازہ واقعات نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات کے دائرے میں ایک اور محاذ کا اضافہ کر دیا ہے۔

  10. بلوچستان کے علاقے کردگاپ میں حملہ، پاکستان فوج کے افسر سمیت دو اہلکار ہلاک، کولپور میں آٹھ عسکریت پسند مارنے کا دعویٰ

    پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے کردگاپ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں پاکستان فوج کے میجر سمیت دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان فوج نے کولپور میں کارروائی کرتے ہوئے آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں انٹیلیجینس بیسڈ آپریشنز کررہی ہے جس کا مقصد علاقے میں سکیورٹی اور کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ٹریفک کو برقرار رکھنا ہے۔

    بیان کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب ضلع کچھی کے علاقے کولپور میں سکیورٹی فورسز نے آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ 14 نومبر کو کردگاپ کے علاقے میں عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی گشت پر مامور گاڑیوں پر کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا۔ اس حملے میں سکیورٹی فورسز کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار عدنان خان جان کی بازی ہار گئے۔

    میجر عمر مہناس ناصر کا تعلق صوبہ پنجاب کے علاقے چکوال جبکہ حوالدار عدنان کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے کوٹلی ستیاں سے تھا۔

    کردگاپ میں کواڈ کاپٹر حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم (بی ایل اے) کی جانب سے قبول کی گئی ہے۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے مطابق پاکستان فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار عدنان خان عسکریت پسندوں کے ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے۔

    اُن کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت آٹھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

    وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم دہشت گردوں کے لیے اب کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر تخریبی ذرائع کا استعمال ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا، دہشت گردی کے بدلتے طریقہ کار کے پیش نظر ریاستی ادارے اپنی حکمت عملی اور استعداد کار کو مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔

    کردگاپ کہاں واقع ہے؟

    کردگاپ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں واقع ہے۔

    یہ علاقہ کوئٹہ تفتان شاہراہ پر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے مغرب میں اندازاً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

    اس علاقے میں ماضی میں بھی سکیورٹی فورسز اور مال بردار گاڑیوں پر حملے ہوتے رہے ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے سرکاری حکام نے کواڈ کاپٹر کے حملے کے ذریعے سکیورٹی فورسز کے کسی نقصان کی تصدیق کی ہے۔

  11. ایس سی او اجلاس: مصدق ملک رواں ماہ انڈیا جائیں گے، تین برس بعد کسی پاکستانی وزیر کا پہلا دورہ

    پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت ہونے والے سولائزیشن ڈائیلاگ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو ملک کی نمائندگی کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ یہ تقریباً تین برس بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصدق ملک 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او سولائزیشن ڈائیلاگ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تقریب میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، جہاں تہذیبی مکالمے، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تفہیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایس سی او کے فریم ورک کے تحت تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعاون کو آگے بڑھانے کی حمایت جاری رکھے گا۔

    یہ کانفرنس 20 سے 22 نومبر کے دوران انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف رکن ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔

    یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے تعلقات گذشتہ چند برسوں سے کشیدگی کا شکار ہیں۔ مئی 2023 میں اُس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گوا میں ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی، اور اس کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا یہ پہلا انڈیا کا دورہ ہو گا۔

    علاوہ ازیں، مئی 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی فوجی کشیدگی کے بعد بھی یہ کسی پاکستانی وزیر کا پہلا انڈیا کا دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم دونوں ممالک ایس سی او کے پلیٹ فارم پر روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

    یہ اجلاس پاکستان کی جانب سے 2027 میں متوقع ایس سی او سربراہان مملکت کانفرنس کی میزبانی کی تیاریوں کے تناظر میں بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ رواں برس ستمبر میں انڈیا کے ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر الوک دِمری اسلام آباد آئے تھے، جہاں آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں سے متعلق مشاورت کی گئی تھی۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں پاکستان، انڈیا، چین، روس، ایران، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔

  12. عمران خان سے ملاقات خوش آئند پیش رفت، سیاسی ڈیڈ لاک ختم ہونا چاہیے: پرویز الٰہی

    پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی سے سردار لطیف کھوسہ نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے چودھری پرویز الٰہی کو سابق وزیر اعظم عمران خان سے ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان سے ہونے والی حالیہ ملاقات ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ ملک کے اندر جاری سیاسی ڈیڈ لاک کا خاتمہ کیا جائے، کیونکہ موجودہ صورتحال کسی کے مفاد میں نہیں۔

    چودھری پرویز الٰہی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سیاسی ملاقاتوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے تاکہ قومی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔

  13. ایران کا قشم میں امریکی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

    سپاہ پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آج جزیرۂ قشم کے جنوب میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    تسنیم خبر رساں ایجنسی کے مطابق، پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ اس نوعیت کا 17واں ایم کیو-1 ڈرون ہے جسے اس نے تباہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈرون کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2:30 بجے ایک نئے اور جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

    پاسداران انقلاب کے مطابق مار گرایا جانے والا ایم کیو-1 ایک جاسوسی اور جنگی صلاحیتوں کا حامل ڈرون تھا، جس کا تعلق امریکی فوج سے تھا، اور اسے پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس نے تباہ کیا۔

    تسنیم کی ایک علیحدہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب اب تک 17 امریکی ایم کیو-ایم اور 56 ایم کیو-9 امریکی ڈرون تباہ کر چکا ہے۔

    یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایرانی مسلح افواج حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد بار یہ کہہ چکی ہیں کہ انھوں نے MQ-9، MQ-1، MQ-170 اور لوکاس طرز کے امریکی ڈرون مار گرائے یا اپنے قبضے میں لیے ہیں۔

    تاہم، ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ ماضی میں بھی پاسداران انقلاب کے اسی نوعیت کے کئی فوجی دعوؤں کی تردید کر چکی ہے، جبکہ MQ-1 اور MQ-9 ڈرون کی مبینہ تباہی سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کی بھی غیر جانبدارانہ طور پر توثیق نہیں ہو سکی۔

  14. خیبر پختونحوا کا 80 فیصد سونا افغانستان سمگل کیا جا رہا ہے: گورنر فیصل کریم کا الزام

    خیبر پختونخوا کے گورنر نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں ہر ماہ تقریباً 90 کلوگرام سونا غیرقانونی طور پر نکالا جا رہا ہے، جس کی مالیت لگ بھگ چار ارب 20 کروڑ روپے بنتی ہے، جبکہ اس سرگرمی سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔

    گورنر کے مطابق صوبے میں غیرقانونی کان کنی کے لیے دو ہزار سے زائد ایکسکیویٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں اور ضلع کوہاٹ اس سرگرمی کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے۔

    انھوں نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا سے حاصل ہونے والے تقریباً 80 فیصد سونے کو افغانستان سمگل کر دیا جاتا ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو ہر ماہ اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ جس سونے کی مالیت ماہانہ 4.2 ارب روپے بتائی جا رہی ہے، اس کے لیے دس سالہ لیز صرف 4.92 ارب روپے میں دینا قومی وسائل کی لوٹ مار اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

    گورنر کے الزامات پر ابھی تک تحریک انصاف اور دیگر افراد نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

    کن شخصیات پر الزامات لگائے گئے؟

    گورنر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما آفتاب عالم، شہریار آفریدی، خرم ذیشان، ساجد اقبال اور احسان غیرقانونی کان کنی میں ملوث عناصر کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد آفریدی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سیٹھ گوہر سیف اللہ، نسیم آفریدی اور عماد اعظم بھی اس نیٹ ورک سے وابستہ ہیں۔

    گورنر کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے قریبی عزیز نوید، سینیٹر خرم ذیشان کے رشتہ دار اظہر بخاری اور ان کے کوآرڈینیٹر نذیر آفریدی کے نام بھی مبینہ طور پر اس معاملے میں سامنے آئے ہیں۔

    ’دہشت گردی اور جرائم کا گٹھ جوڑ‘

    گورنر نے الزام عائد کیا کہ غیرقانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدنی پر کنٹرول قائم رکھنے کے لیے فروری 2026 میں سابق پی ٹی آئی حکومت کی سرپرستی میں ایک ’یوتھ کمیٹی‘ قائم کی گئی تھی۔

    ان کے مطابق اس کمیٹی کی سربراہی نعمت عرف کمانڈر کر رہا تھا، جس کے بارے میں گورنر نے دعویٰ کیا کہ وہ افغان طالبان سے وابستہ ایک شدت پسند کمانڈر تھا۔

    گورنر نے الزام عائد کیا کہ کمیٹی ہر ہفتے غیرقانونی کان کنی میں ملوث افراد سے بھاری رقوم وصول کرتی تھی۔ ان کے مطابق مقامی آپریٹرز سے ہفتہ وار سات لاکھ روپے جبکہ غیر مقامی آپریٹرز سے 11 لاکھ روپے وصول کیے جاتے تھے۔

  15. ایران بحران پر سفارتی سرگرمیاں تیز: ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی ملاقات طے

    وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 19 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کریں گے۔

    چین کے شہر شینزن میں ہونے والا یہ اجلاس دنیا کی تین بڑی ایٹمی طاقتوں کے رہنماؤں کی پہلی مشترکہ ملاقات ہو گی، جسے عالمی سفارت کاری کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز کے مطابق صدر ٹرمپ ملاقات میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ سمجھتے ہیں۔

    امریکی حکام کے مطابق مذاکرات میں ایران سے متعلق صورتحال بھی زیرِ بحث آ سکتی ہے، تاہم یوکرین جنگ ایجنڈے کا حصہ نہیں ہوگی۔ روس اور چین نے تاحال اس سہ فریقی ملاقات پر باضابطہ تبصرہ نہیں کیا۔

    خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے کہا ہے کہ مذاکرات کے بعد کسی فوری معاہدے کی توقع نہیں کی جا رہی، تاہم یہ ملاقات مستقبل کی سفارتی پیش رفت کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے۔

    یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کا اہم معاہدہ فروری میں ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد دنیا کے دو بڑے جوہری ذخائر کسی بڑے کنٹرول فریم ورک کے بغیر رہ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ دونوں ممالک پر زور دے چکی ہے کہ وہ جلد کسی نئے معاہدے پر اتفاق کریں۔

    دوسری جانب چین مسلسل اپنے جوہری ذخائر میں اضافہ کر رہا ہے، جبکہ ایران کا معاملہ بھی امریکا، چین اور روس کے درمیان اہم سفارتی موضوع بنا ہوا ہے۔ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے، جس کے باعث تہران سے متعلق کسی بھی سفارتی پیش رفت میں بیجنگ کا کردار خاص اہمیت رکھتا ہے۔

    چین کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری ذخیرہ امریکہ اور روس کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں ایران سے متعلق بحران اور جاری کشیدگی اہم موضوعات میں شامل ہوں گے، جبکہ یوکرین جنگ باضابطہ ایجنڈے کا حصہ نہیں ہو گی۔

    دوسری جانب یورپی دارالحکومتوں میں ٹرمپ اور پوتن کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں پر تشویش پائی جاتی ہے، اور مبصرین اس ملاقات کو ایران سمیت متعدد عالمی تنازعات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

  16. امریکی فضائی ٹریفک نظام سے فلاپی ڈسک کا خاتمہ، 2028 تک جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا منصوبہ

    امریکہ کے ٹرانسپورٹ حکام نے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں استعمال ہونے والی پرانی فلاپی ڈسکس کو 2028 کے اختتام تک تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 400 سے زائد مقامات پر استعمال ہونے والی یہ ڈسکس 1980 کی دہائی کی ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں اور ان میں موسم اور پروازوں سے متعلق اہم معلومات محفوظ کی جاتی ہیں۔

    امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ ’فلاپی ڈسکس کا دور ختم ہو رہا ہے اور 21ویں صدی کی ٹیکنالوجی آ رہی ہے۔‘

    یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ تکنیکی خرابی کے باعث امریکہ بھر میں پروازوں کو عارضی طور پر روکنا پڑا تھا۔

    اگرچہ حکام نے اس خرابی کا سبب فلاپی ڈسکس کو قرار نہیں دیا، تاہم شان ڈفی نے خبردار کیا ہے کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے ’انتہائی پرانے نظام‘ کو جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر درکار ہیں، بصورت دیگر مستقبل میں بھی اسی نوعیت کی خرابیاں پیش آ سکتی ہیں۔

  17. امریکی پروازیں بحال، مگر برطانیہ کی فضائی اتھارٹی نے مزید تاخیر کا خدشہ ظاہر کر دیا

    برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں دوبارہ شروع ہونے کے باوجود متاثرہ مسافروں کی دوبارہ بکنگ اور فضائی آپریشنز کی مکمل بحالی کے باعث کچھ مزید خلل اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سول ایوی ایشن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے سے قبل اپنی ایئرلائن سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی ایئرلائنز مسافروں کی مشکلات کم کرنے اور خدمات کو معمول پر لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔

    ادھر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی بعض ٹرانس اٹلانٹک پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں یا منسوخ کی گئیں، جبکہ مانچسٹر اور گیٹ وِک ایئرپورٹس پر صورت حال نسبتاً معمول کے مطابق رہی۔

    برٹش ایئرویز نے بھی پہلے خبردار کیا تھا کہ تمام پروازوں کو معمول پر آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، تاہم تازہ ترین بیان میں ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اس کی پروازیں اب معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔

  18. ایران ضبط شدہ امریکی ہتھیاروں سے دفاعی صلاحیتیں بڑھا رہا ہے، مشیر پاسداران انقلاب

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی کا کہنا ہے کہ تہران ضبط کیے گئے امریکی ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کا جائزہ لے کر اپنی دفاعی صلاحیتوں اور اسلحہ جاتی نظام کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔

    ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق علی بلالی نے روسی خبر رساں ادارے نووستی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی آلات کا مطالعہ صرف ان کی نقل تیار کرنے کے لیے نہیں کیا جا رہا بلکہ ان میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی اور ساخت سے استفادہ کرنا بھی مقصد ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین اس سازوسامان کا تجزیہ کر کے نئی عسکری ٹیکنالوجیز اور ہتھیاروں کے ایسے ڈیزائن تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ایران کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں۔

  19. ایران کا آئی اے ای اے سے جوہری تنصیبات پر حملوں کے اثرات اجاگر کرنے کا مطالبہ

    ویانا میں قائم بین الاقوامی اداروں کے لیے ایران کے مستقل مشن نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی حالیہ رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی قانونی اور تکنیکی بنیادوں پر سوالات اٹھتے ہیں۔

    ایرانی خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق، مشن نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی اے ای اے ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے فوجی حملوں کے نتائج اور ان کے اثرات پر بھی توجہ دے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’امریکہ نے جانبدارانہ قراردادوں کے ذریعے جارحیت کے معاملے کو پس منظر میں دھکیلنے کی کوشش کی، لیکن اس کے نتائج کو حقیقت سے نہیں مٹایا جا سکتا۔ حقائق صرف اس لیے غائب نہیں ہوتے کہ سیاست اس کا تقاضا کرتی ہے۔‘

    یاد رہے کہ جمعے کو آئی اے ای اے نے اصفہان میں واقع ایران کی یورینیم افزودگی کی تنصیب سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں بعض معاملات پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ واضح نہیں کہ مذکورہ تنصیب میں جوہری مواد موجود تھا یا نہیں، اور اگر تھا تو وہ کس مقام پر رکھا گیا تھا۔

    آئی اے ای اے نے یہ بھی تسلیم کیا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باعث غیر معمولی حالات پیدا ہوئے ہیں، تاہم اس نے تہران سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو مرحلہ وار ایرانی جوہری تنصیبات تک دوبارہ رسائی کی اجازت دے۔

  20. امریکہ میں شدید فضائی بحران، تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ

    فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار24 کے مطابق سنیچر تک امریکہ کے ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی تقریباً 10 ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

    ڈیلٹا ایئر لائنز اور امریکن ایئر لائنز نے 2,200 سے زائد جبکہ یونائیٹڈ نے 1,800 اور ساؤتھ ویسٹ نے تقریباً 1,400 پروازیں منسوخ کی ہیں۔