امریکہ نے سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایف 35 لڑاکا طیاروں کی ’اس مجوزہ فروخت سے امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کو تقویت ملے گی کیونکہ اس کے ذریعے ایک اہم غیر نیٹو اتحادی ملک کی سکیورٹی بہتر بنائی جائے گی، جو خلیجی خطے میں سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے ایک مؤثر قوت سمجھا جاتا ہے۔‘

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. خلیج فارس میں حملے تنازع کو ختم کرنے کی کوششوں پر منفی اثر ڈال رہے ہیں: ترک وزیرِ خارجہ

    حاقان فیدان

    ترکی کے وزیرِ خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ خلیجِ فارس کے خطے میں جوابی حملے، امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعہ ختم کرنے کی امن کوششوں پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔

    اُنھوں نے ان حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انقرہ اپنے پڑوسی ملک ایران کے استحکام کو اہمیت دیتا ہے۔

    منگل کو باکو میں اپنے آذربائیجانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے بلا رکاوٹ آمد و رفت کی اجازت ہونی چاہیے اور جنگ سے قبل کی صورتحال بحال کی جانی چاہیے۔

    اُنھوں نے مزید کہا کہ انقرہ اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

  2. بحیرہ احمر میں واقع ینبع بندرگاہ سے سعودی تیل کی لوڈنگ ’معطل‘

    خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے شپنگ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں تقریباً تین ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا۔

    یہ اضافہ بحیرہ احمر میں واقع سعودی عرب کی بندرگاہ ’ینبع‘ پر تیل کی لوڈنگ روک دیے جانے کی اطلاعات کے بعد دیکھنے میں آیا۔

    دریں اثنا، اطلاعات کے مطابق ریاض نے یورپی خریداروں کو مطلع کیا ہے کہ اس نے ستمبر کے آخر میں ہونے والی خام تیل کی ترسیل منسوخ کر دی ہے۔

    سعودی عرب نے تین روز قبل ہونے والے ڈرون حملے کے بعد ’ایسٹ-ویسٹ پائپ لائن‘ کے ذریعے تیل کی ترسیل روک دی تھی۔ سعودی عرب نے اس حملے کا ذمہ دار عراق کو ٹھہرایا تھا۔

    یہ پائپ لائن سعودی عرب کو اس قابل بناتی تھی کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر ینبع تک اور وہاں سے نہرِ سوئز کے ذریعے (باب المندب سے گزرے بغیر) یورپ تک تیل پہنچا سکے۔

    اب، ایران کے اتحادی حوثی باغیوں کی حالیہ پیش قدمی اور باب المندب پر ​​ان کے قبضے کے بعد سعودی عرب کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    سعودی عرب کی تیل کمپنی ’سعودی آرامکو‘ جس نے 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے ینبع ٹرمینل کا استعمال بڑھا دیا تھا نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

    لیبیا نے بھی تیل کے تین فیلڈز (کنوؤں) میں آپریشن روک دیا ہے، جس سے تیل کی سپلائی کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

  3. پاکستان میں پیٹرول چار روپے 10 پیسے، ڈیزل چھ روپے 41 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا

    پاکستان پیٹرول

    پاکستان کی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت چار روپے 10 پیسے اضافے کے ساتھ 384 روپے 34 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت چھ روپے 41 پیسے اضافے کے بعد 415 روپے 83 پیسے ہو گئی ہے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی یہ قیمتیں 16 ستمبر کے لیے ہوں گی۔

    گذشتہ چند روز کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

  4. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • امریکی محکمۂ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی سربراہی میں تیار کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف آپریشن ایپک فیوری کے دوران 30 جون تک 18 امریکی فوجی ہلاک، 417 زخمی ہوئے جبکہ 18 طیارے اور ہیلی کاپٹر اور 30 تباہ ہوئے۔
    • ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک اور جدید امریکی ایم کیو-1 ڈرون مار گرایا ہے، جس کے بعد رواں ہفتے مار گرائے جانے والے امریکی ڈرونز کی تعداد چار ہو گئی ہے۔
    • سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مکہ مکرمہ شہر میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
    • اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین نے کہا ہے کہ ’یمن میں ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد سمندری راستے سے جبوتی فرار ہوئے ہیں۔‘
    • بلوچستان ہائیکورٹ نے افغان شہریوں کے پاکستان میں میڈیکل، ڈینٹل تعلیم اور پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ جاری رکھنے سے متعلق آئینی درخواستوں کو خارج کر دیا ہے۔
    • پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ 17 ستمبر تک گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
  5. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں.