تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کو اسلام آباد کے قریب بھی نہیں پھٹکنے دیں گے: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی لانگ مارچ کرنے کی سکت نہیں رکھتے، لیکن اگر پی ٹی آئی نے یہ کوشش کی تو انھیں اسلام آباد کے قریب بھی نہیں پھٹکنے دیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات ہو رہے ہیں، لہذا ان کے لیے ان حالات میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو متحرک کرنا اتنا آسان نہیں ہو گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کئی ممالک کے سفارتخانے ہیں، یہاں غیر ملکی وفود آتے ہیں، کیا پاکستان کا یہ تاثر جانا چاہیے کہ یہاں جلاؤ گھیراؤ ہوتا رہتا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ تاہم وہاں فی الحال گورنر راج یا ایمرجنسی پر بات کرنا قبل از وقت ہو گا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے آوازیں اُٹھ رہی ہیں اور لوگ یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ یہ حکومت گھر جائے۔

