امریکی نائب صدر نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دے دیا
امریکہ میں ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے رُکن کانگریس نے ایوانِ نمائندگان میں امریکی وزیرِ دفاع کے خلاف مواخذے کی قرارداد جمع کروا دی ہے، جس پر آج ہی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوششوں کو ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ قرار دیا ہے۔
مدینہ میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا: سعودی وزارتِ توانائی
لائیو کوریج
سینیگال کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب جانے سے کم از کم 34 افراد ہلاک
،تصویر کا ذریعہGetty Images
مغربی افریقی ملک سینیگال کے ساحل کے قریب یورپ جانے والے تارکینِ وطن کی ایک کشتی ڈوب جانے سے کم از کم 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔
سینیگال کی وزارتِ داخلہ کے مطابق حادثے میں صرف ایک شخص کو بچایا جا سکا ہے۔ لکڑی کی یہ کشتی دارالحکومت ڈاکار اور شمالی شہر سینٹ لوئس کے درمیان سپین کے جزائر کینری جاتے ہوئے الٹ گئی۔
سینیگال کی امدادی تنظیم بوزا فائی کے سربراہ کے مطابق اب تک ملنے والی تمام لاشیں سینیگالی شہریوں کی ہیں جبکہ دیگر مسافروں کی قومیت معلوم نہیں ہو سکی۔
سینیگال کے صدر نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطرناک سمندری راستوں سے یورپ جانے کی کوشش میں اپنی جانیں خطرے میں نہ ڈالیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سپین کے جزیرے ال ہیرو میں تارکینِ وطن کی آمد میں اضافے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق نومبر کے آغاز سے اب تک 30 سے زائد کشتیوں کے ذریعے تین ہزار تین سو سے زیادہ افراد جزیرے پہنچ چکے ہیں۔
چین کے خصوصی ایلچی کی تہران میں ایرانی حکام سے ملاقات، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلۂ خیال
،تصویر کا ذریعہfmprc.gov.cn
مشرقِ وسطیٰ کے امور کے لیے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژائی جون نے تہران میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری کنی اور نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی سے ملاقات کی ہے۔
یہ دورہ علی باقری کنی کے دورۂ بیجنگ اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے ایک ہفتے بعد ہوا ہے۔
اسی دوران سلطنتِ عمان کے سلطان کے دورۂ چین کے باعث یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ چین امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان ملاقاتوں میں چین اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق ژائی جون نے تہران میں ایران اور چین کی دیرینہ اور مضبوط دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگوں اور تنازعات کا دورانیہ طویل ہو گیا ہے اور ان کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی پھیل چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ چین کا مؤقف ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے اور تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔
چینی خصوصی ایلچی کا دورۂ خطہ جاری رہے گا اور وہ عمان اور سعودی عرب بھی جائیں گے۔
،تصویر کا ذریعہfmprc.gov.cn
اردوغان کا ٹرمپ سے ایران پر نئے حملے کے خدشات کا اظہار: ’ہم اسے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے‘
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشنترکی کے صدر رجب طیب اردوغان
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران پر حملوں کی نئی لہر نہیں دیکھنا چاہتا اور انھوں نے حالیہ ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے بھی اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اردوغان نے آذربائیجان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ترکی ہر موقع پر اس بات پر زور دیتا ہے کہ مسائل کا حل سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’بدقسمتی سے ہم ایک بار پھر صورتحال کو منفی سمت میں جاتے دیکھ رہے ہیں۔‘
ترک صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم اس صورتحال کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘
تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کی ٹنل میں پانی داخل، واپڈا کی ٹنل منہدم ہونے کی خبروں کی تردید
،تصویر کا ذریعہWAPDA
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی تعمیر کے دوران حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ذخیرہ شدہ پانی منصوبے کی کنیکٹنگ ٹنل اور زیرِ تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہو گیا۔
واپڈا کے مطابق یہ واقعہ کنیکٹنگ ٹنل کے دوسرے حصے کی کھدائی کے دوران پیش آیا، جب چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا اور اس کے نتیجے میں پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہونا شروع ہو گیا۔
واپڈا کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان مںی کہا گیا ہے کہ ’تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور ان ٹیک پٹ سے پانی بھی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔ اب زیریں حصے میں واقع کام کی جگہوں پر مزید پانی داخل نہیں ہو رہا، جبکہ زیرِ تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔‘
،تصویر کا ذریعہWAPDA
واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی مرکزی ٹنل، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ بیان کے مطابق تمام ورکرز محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے بھی کہا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈیم کا ڈھانچہ محفوظ ہے۔ ان کے مطابق وہ خود جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
واپڈا کے مطابق ادارے کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور ٹھیکیدار جائے وقوعہ پر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ منصوبے کو درپیش مسائل سے نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ زیرِ تعمیر ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
پاکستانی فوج کا شمالی وزیرستان میں مساجد میں قائم کردہ شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانے تباہ کرنے اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی
ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں
گاؤں موزک میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران شدت پسندوں کی
جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دو ٹھکانوں کو کلیئر کرتے ہوئے وہاں سے اسلحہ اور
گولہ باردو کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔
پیر کے روز جاری ہونے والی پریس ریلیز
میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’آپریشن
کے دوران خوارج کی جانب سے مساجد میں قائم کیے گئے دو دہشت گرد ٹھکانوں کو کلیئر
کر دیا گیا جبکہ وہاں سے دیسی ساختہ بموں (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے
کے سامان، اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔‘
یاد رہے کہ پاکستان سرکاری سطح پر کالعدم
تحریک طالبان پاکستان کو فتنہ الخوارج کا نام دیتا ہے۔
بیان کے مطابق شدت پسندوں نے ’جان بوجھ
کر مساجد میں اپنے ٹھکانے‘ قائم کر رکھے تھے اور ان مقامات پر مبینہ طور پر تشدد
کے مراکز بھی چلائے جا رہے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں
کی جانب سے ’عبادت گاہوں کی اس مبینہ بے حرمتی سے ایک بار پھر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ
وہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے بارے میں مکمل بے اعتنائی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ اس علاقے
میں دیگر مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی
جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’عزمِ
استحکام‘ کے وژن کے تحت، جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی نے
دی تھی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ
دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت
یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔‘
آئندہ ہفتے چین میں شی جن پنگ اور پوتن سے ایران جنگ پر بات ہو سکتی ہے: ٹرمپ
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے چین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ایران کے معاملے پر بات چیت کر سکتے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’چین میں ہونے والی ملاقاتوں میں کئی اہم امور زیرِ بحث آئیں گے، جن میں ایران کے ساتھ جنگ کا خاتمہ اور جوہری ہتھیاروں کی تخفیف بھی شامل ہیں۔‘
یہ ملاقاتیں اگلے ہفتے چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ہیں۔
اس سے قبل امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کے امور کے لیے چین کے خصوصی ایلچی ژائی جون نے ایران کا دورہ کیا ہے، جہاں انھوں نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکریٹری علی باقری سے ملاقات کی۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق چینی ایلچی کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور عالمی پیش رفت پر تہران اور بیجنگ کے درمیان جاری مشاورت کا حصہ ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ ’مشکل دکھائی دیتا‘ ہے: اماراتی عہدیدار
،تصویر کا ذریعہGetty Images
متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم کے سینیئر مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ خطے کو ’ایک طویل مدت تک عدم استحکام، غیر یقینی کی صورتحال اور غیر واضح سیاسی و سکیورٹی ماحول‘ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے ابتدا ہی سے ایران پر امریکی حملے کی مخالفت کی تھی۔
قرقاش نے پیش گوئی کی کہ آٹھ ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان کسی سیاسی معاہدے تک پہنچنا ’مشکل دکھائی دیتا ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کے روز ابوظہبی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قرقاش نے کہا کہ ’ہمیں ایک طویل غیر یقینی کے دور کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا، ایک ایسا دور جس میں نہ کسی حتمی حل کی ضمانت دی جا سکتی ہے اور نہ ہی ہم ایک مستحکم علاقائی نظام کے قیام کے بارے میں یقین سے کچھ کہا جا سکتا ہے۔‘
اماراتی اعلیٰ عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ امریکی جنگ کے نتائج ’طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں‘، جس کے باعث متحدہ عرب امارات کو ’اپنی دفاعی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری، قابلِ اعتماد بازدار قوت برقرار رکھنے اور اپنے بین الاقوامی سکیورٹی شراکت داروں کو مضبوط بنانے‘ کی ضرورت ہوگی۔
پولینڈ میں چھ افراد کو قتل کرنے والا مشتبہ مسلح حملہ آور ہسپتال میں دم توڑ گیا: پولیس
،تصویر کا ذریعہGetty Images
پولینڈ کی پولیس کے مطابق کراکو میں چھ افراد کے قتل میں ملوث ایک مشتبہ مسلح حملہ آور ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق 24 سالہ مشتبہ شخص، جو ’انتہا پسند دائیں بازو کے نظریات‘ سے متاثر تھا، ہفتے کے روز پولینڈ کے دوسرے بڑے شہر کراکو کے مرکزی علاقے میں فائرنگ کے بعد زخمی ہو گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسلح پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مشتبہ شخص کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔ حملہ شروع ہونے کے تین منٹ کے اندر اسے گولی مار دی گئی، جس سے مزید بڑے پیمانے پر قتلِ عام کو روکا جا سکا۔
کراکو پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور پیر کی صبح ہلاک ہوا۔
یہ فائرنگ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے سے کچھ پہلے (14:00 جی ایم ٹی) کراکو کے مصروف مین مارکیٹ اسکوائر میں شروع ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے حملہ آور کی شناخت ایک 24 سالہ پولش شہری کے طور پر کی، تاہم ان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد کے ابتدائی گھنٹوں میں پولینڈ کے ایک وزیر نے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملتا ہے کہ مشتبہ حملہ آور ’انتہا پسند دائیں بازو کے نظریات‘ سے متاثر تھا۔ وزیر نے مزید تفصیلات دیے بغیر اسے ایک ’شدید قوم پرست‘ بھی قرار دیا۔
حملے میں چھ افراد، جن میں چار خواتین اور دو مرد شامل ہیں، کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
متاثرین میں سے چار پولینڈ کے شہری تھے، جبکہ ایک برطانوی شہری اور ایک آسٹریا کی خاتون بھی ہلاک ہوئیں۔
پولینڈ کے وزیرِ اعظم ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد جب مشتبہ حملہ آور کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے تین لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں دو خواتین اور ایک مرد شامل تھے۔
اتوار کے روز پولش پولیس نے تصدیق کی کہ ان تینوں افراد کی شناخت مشتبہ حملہ آور کے 53 سالہ والد، 52 سالہ والدہ اور 21 سالہ بہن کے طور پر ہوئی ہے۔
اس حملے کے بعد مشتبہ حملہ آور سمیت 16 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن میں پانچ غیر ملکی شہری اور دو پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔
بعد ازاں وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ زخمی غیر ملکیوں کا تعلق آسٹریا، برطانیہ، جرمنی، پرتگال اور روس سے تھا۔
امریکہ نے قشم جزیرے پر حملہ کیا: ایرانی حکام کا دعویٰ
جزیرہ قشم میں اتوار کی شب دھماکوں
کی اطلاعات سامنے آنے کے چند گھنٹے بعد ایران کے صوبہ ہرمزگان کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ امریکہ نے قشم جزیرے کے
حدود میں بعض مقامات کو نشانہ بنایا، تاہم ان حملوں سے رہائشی علاقوں یا انفراسٹرکچر
کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ہرمزگان کے سیاسی و سکیورٹی امور کے
نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی اور
تجارتی علاقوں سے باہر واقع تھے، اور جزیرے کے اہم تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان
نہیں پہنچا۔
انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ حملوں میں
کون سے مقامات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم کہا کہ قشم میں صورتِ حال ’کنٹرول میں‘ ہے
اور امدادی اور انتظامی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
اتوار کی شب جزیرہ قشم میں کئی
دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ بندر عباس اور قشم کے بعض رہائشیوں نے بھی کم از
کم چار دھماکوں کی اطلاعات دی تھیں، جبکہ بعض افراد نے ان کے بعد شدید لرزش محسوس
ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایک شہری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے
منسلک ایک چینل کو بھیجے گئے پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ جزیرہ قشم کے علاقے
نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
قشم
جزیرہ گذشتہ چند راتوں کے دوران بھی حملوں کی زد میں رہا ہے۔ گذشتہ ہفتے ایک
امریکی عہدے دار نے قشم پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی ایران
کی جانب سے ایک امریکی طیارے پر فائرنگ کے جواب میں کی گئی، جس میں مبینہ طور پر
لانچر سسٹم کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ہنگو میں پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار ہلاک، تین اغوا, عزیز اللہ خان، بی بی سی اردو، پشاور
،تصویر کا ذریعہKPK Police
خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں
نامعلوم مسلح افراد نے ایک پولیس چوکی پر حملہ کر کے ایک اہلکار کو ہلاک دیا، جبکہ تین
پولیس اہلکار اغوا کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق حملہ اتوار اور سوموار
کی درمیانی شب، ہنگو کے مضافاتی علاقے میں پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ، جو مقامی طور
پر شاہ الماس چیک پوسٹ کے نام سے جانی جاتی ہے، پر کیا گیا۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ہنگو
صلاح الدین کنڈی نے بتایا کہ حملے میں کانسٹیبل فیروز علی ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ
آور تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔
انھوں نے کہا کہ واقعے کے بعد پولیس
نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا، تاہم وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو
گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد اغوا
کیے گئے اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔ اطلاعات کے
مطابق اس علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی پائی جاتی ہے۔
پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق
حملے میں ہلاک ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں
سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
ہنگو میں اس سے قبل بھی سکیورٹی
فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔
رواں سال ستمبر میں کچہ پکہ کے قریب
ایک کارروائی کے دوران آٹھ شدت پسند ہلاک ہوئے تھے، جبکہ آئی ایس پی آر کے مطابق
اس جھڑپ میں ایک کیپٹن، ایک لیفٹیننٹ اور چار سکیورٹی اہلکار جان سے گئے تھے۔
اس
سے قبل جولائی میں خزینہ چیک پوسٹ پر پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں
آٹھ شدت پسند ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ایک ڈی ایس پی سمیت نو پولیس اہلکار بھی مارے
گئے تھے۔
آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر 29 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ، این سی سی آئی اے نے 18 لاکھ روپے برآمد کر لیے
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن
ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی سرکل نے آن لائن سرمایہ کاری کے فراڈ میں ملوث
ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 18 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔
این سی سی آئی اے کی پریس ریلیز کے مطابق
متاثرہ شہری سے فیس بک پر ’مصباح صابر‘ نامی آئی ڈی کے ذریعے رابطہ کیا گیا۔ بعد
ازاں واٹس ایپ پر خود کو آن لائن کاروباری شخصیت ظاہر کرنے والے افراد نے شہری کو
سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔
پریس ریلیز کے مطابق ملزمان نے ایک
لنک شیئر کیا جس پر کلک کرنے سے متاثرہ شخص کے موبائل فون میں ’آن چین یو ایس ڈاٹ
نیٹ‘ نامی ایپلی کیشن انسٹال ہو گئی۔ الزام ہے کہ اسی ایپلی کیشن کے ذریعے فراڈ کر
کے شہری سے 29 لاکھ 15 ہزار 872 روپے ہتھیا لیے گئے۔
این
سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 18 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے ہیں،
جبکہ فراڈ میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور باقی رقم کی ریکوری کے لیے تحقیقات
جاری ہیں۔
مصر میں دو ٹرینوں کے تصادم سے سات افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
مصر کے شہر جیزہ کے قریب دو ٹرینوں
کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
مصری ریلوے حکام کے مطابق جیزہ اور
قاہرہ سے جنوب کی جانب جانے والی دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے باعث کئی
بوگیاں پٹری سے اتر کر قریبی ڈھلوان میں جا گریں۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع
کر دی گئیں جبکہ جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں لوگوں کو الٹی ہوئی
بوگیوں میں زخمی مسافروں کو تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مصری
صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ انھوں نے متعلقہ ریاستی اداروں کو حادثے کے
اسباب کی تحقیقات اور غفلت کے مرتکب افراد کے تعین کی ہدایت کر دی ہے۔
امریکی عوام اسرائیل سے بیزار ہو چکے ہیں: عباس عراقچی کا ٹرمپ کے بیان پر ردِعمل
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس پر
ڈونلڈ ٹرمپ کا تفصیلی انٹرویو نشر ہونے کے چند گھنٹے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس
عراقچی نے اس کے ایک حصے پر ردِعمل دیا ہے۔
انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ
ایران کے ساتھ جنگ امریکی عوام میں غیر مقبول ہے۔
عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس
پر لکھا: ’امریکی صدر بظاہر یہ سمجھ چکے ہیں کہ امریکی عوام کی بڑی اکثریت اسرائیل
سے بیزار ہے۔ قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ وہ اس کی وجہ کے بارے میں الجھن کا شکار نظر
آتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’بظاہر امریکی
عوام اس بات سے تھک چکے اور اکتا چکے ہیں کہ اسرائیل امریکی حکومتوں کو گمراہ کرتا
ہے اور انھیں نہ ختم ہونے والی جنگوں میں دھکیل دیتا ہے۔ وہ اب اس صورتِ حال کو
مزید برداشت نہیں کر سکتے۔ ہمارے خطے کے لوگوں کی کیفیت بھی کچھ ایسی ہی ہے۔‘
اپنے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ
اگر وہ نہ ہوتے تو ’اسرائیل بھی نہ ہوتا۔‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران سے جنگ
امریکی عوام میں غیر مقبول تھی اور یہی گذشتہ منگل کو ہونے والے انتخابات میں
ریپبلکنز کی شکست کی ایک وجہ تھی۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کر دی
،تصویر کا ذریعہNA/Facebook
پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ملک
میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 12 صوبے بنانے کی تجویز
ہو تو اس پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم نئے صوبے لسانی، نسلی یا سیاسی بنیادوں پر
نہیں بننے چاہییں۔
پاکستانی ٹیلی وژن چینل جیو نیوز سے سیالکوٹ
میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تجویز گذشتہ دو ماہ
سے زیرِ بحث ہے اور اس بارے میں ملک بھر سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
انھوں نے کہا: ’اگر 12 صوبوں کی
تجویز ہے تو 12 بنا دیے جائیں، لیکن وہ زبان، نسل یا سیاسی مفادات کی بنیاد پر
نہیں بننے چاہییں۔‘
وزیرِ دفاع نے چھوٹی انتظامی اکائیوں
کے قیام کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر بہتر
طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے زیادہ مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اختیارات لاہور،
کراچی، کوئٹہ اور پشاور جیسے صوبائی دار الحکومتوں تک محدود نہیں رہنے چاہییں بلکہ
انھیں نیچے کی سطح پر انتظامی اکائیوں کو منتقل کیا جانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے مالی وسائل کی موجودہ
تقسیم پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق سے منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں
کے اختیار میں رہتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کو مضبوط
بنانا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومتیں اب
بھی صوبائی حکام پر انحصار کرتی ہیں۔
وزیرِ دفاع نے افغانستان کی مثال بھی
دی اور کہا کہ وہاں صوبوں کی تعداد تقریباً آٹھ یا 10 سے بڑھا کر 30 سے زیادہ کر
دی گئی ہے۔
پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی بحث
حال ہی میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے بیان کے بعد شروع ہوئی تھی۔
30
جولائی کو اسلام آباد میں معاشی سمٹ سے خطاب میں محسن نقوی نے یہ کہا تھا کہ ’جس
نظام کے اندر ہم رہ رہے ہیں یہ کولیپس کر چکا ہے (ڈھے چکا ہے)‘۔ ساتھ ہی انھوں نے
مسائل کے حل کے لیے پاکستان میں نئے صوبے بنانے کا مشورہ دیا تھا۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد پیش ہونے کا امکان، حکیم جیفریز نے حمایت کا اعلان کر دیا, برینڈن ڈرینن، واشنگٹن ڈی سی
،تصویر کا ذریعہEPA/Reuters
،تصویر کا کیپشنحکیم جیفریز (بائیں) نے پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی حمایت کی ہے
امریکی ایوانِ نمائندگان میں
ڈیموکریٹس کے سرکردہ رہنما اور ممکنہ طور پر ہاؤس کے اگلے سپیکر حکیم جیفریز نے
کہا ہے کہ وہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کے حق میں ہیں۔
نیو یارک سے تعلق رکھنے والے رکنِ
کانگریس حکیم جیفریز نے امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے پروگرام ’دِس ویک‘ میں
کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ نے ’اختیارات کا غلط استعمال کیا، ہماری قومی سلامتی کو نقصان
پہنچایا اور ایران میں اس غیر محتاط اور مہنگی جنگ کو آگے بڑھایا جس کا انتخاب خود
کیا گیا تھا۔‘
ادھر ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس
میسی، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ناقد سمجھے جاتے ہیں، نے کہا ہے کہ وہ پیر کے روز ہیگسیتھ
کے مواخذے کی قرارداد پیش کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں انھیں عہدے سے ہٹایا جا
سکتا ہے۔
پینٹاگون نے بی بی سی کو بتایا کہ اس
نے قانون کے مطابق کام کیا ہے اور پیٹ ہیگسیتھ ’بے بنیاد تحقیقات‘ سے مرعوب نہیں
ہوں گے۔
گذشتہ ہفتے کے وسط مدتی انتخابات میں
ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد حکیم جیفریز کو ایوانِ نمائندگان کا سپیکر بننے کا
مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
جیفریز نے اتوار کو اے بی سی سے
گفتگو میں کہا: ’ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پر میرا جواب واضح طور پر ہاں میں
ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’پیٹ ہیگسیتھ کو
جانا ہو گا۔‘
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے تھامس
میسی کی قرارداد میں ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی آٹھ دفعات شامل ہیں۔ ان میں الزام
لگایا گیا ہے کہ انھوں نے 1973 کے وار پاورز ریزولوشن کے تحت درکار کانگریسی
منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی کی۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو ہیگسیتھ کا
دفاع کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کے مواخذے کے مطالبات کو مسترد کیا۔
سی بی ایس نیوز کے پروگرام ’60 منٹس‘
سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا: ’وہ ان کا مواخذہ کرنا چاہتے ہیں، یہ بہت غیر منصفانہ
ہے۔ ہماری دو جنگیں تھیں اور ہم دونوں جیت گئے۔ ہم وینزویلا میں جیتے، ہم ایران
میں جیتے۔‘
حکیم جیفریز کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس
ٹرمپ انتظامیہ کے لیے احتساب اور توازن کا کردار ادا کریں گے۔
تاہم انھوں نے وسط مدتی انتخابات کے
نتائج آنے کے بعد کہا تھا کہ اس وقت ڈیموکریٹس کی توجہ صدر ٹرمپ کے مواخذے پر نہیں
ہے۔ ٹرمپ اپنی پہلی مدتِ صدارت میں دو مرتبہ مواخذے کا سامنا کر چکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے ہیگسیتھ نے تقریباً چھ
منٹ دورانیے کی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انھوں نے کانگریس سے پینٹاگون کے تازہ
ترین دفاعی بجٹ کی منظوری کی اپیل کی۔ یہ اپیل ریپبلکن اکثریت والی مقننہ کی مدت
ختم ہونے سے قبل کی گئی۔
ویڈیو میں انھوں نے تھامس میسی کی
مواخذے کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے اسے ’فرضی الزامات‘ قرار دیا۔
ہیگسیتھ نے کہا: ’ان کی پالیسیاں
کامیاب نہیں ہو رہیں، اس لیے وہ طاقت سے اپنے مخالفین کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’یہ سب کردار کشی
کی سیاست ہے۔ یہ صدر ٹرمپ کے خلاف کامیاب نہیں ہوئی اور میرے خلاف بھی کامیاب نہیں
ہو گی۔‘
امریکہ میں مواخذہ ایک غیر معمولی
آئینی عمل ہے جس کے تحت ایوانِ نمائندگان کسی عہدے دار کو بد عنوانی یا بد انتظامی
کا مرتکب قرار دینے کے لیے ووٹ دیتا ہے، جبکہ بعد ازاں سینیٹ اسے عہدے سے ہٹانے یا
نہ ہٹانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
اگرچہ وسط مدتی انتخابات کے بعض
نتائج ابھی باقی ہیں، تاہم ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں 254 نشستوں کے ساتھ
اکثریت حاصل کر چکے ہیں، جو مواخذے کی دفعات منظور کرنے کے لیے درکار 218 نشستوں
سے کہیں زیادہ ہے۔
تاہم
کسی عہدے دار کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
اس مقصد کے لیے ڈیموکریٹس کو ریپبلکن اراکین کی حمایت بھی حاصل کرنا ہو گی، جسے
سیاسی طور پر ایک مشکل ہدف تصور کیا جاتا ہے۔
ٹرمپ آج قطری وزیرِ اعظم سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
امریکی صدر کے دفتر کے مطابق ڈونلڈ
ٹرمپ پیر کے روز قطر کے وزیرِ اعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات
کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے بیان میں اس ملاقات کے
ایجنڈے یا زیرِ بحث موضوعات کی کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔ بظاہر یہ ملاقات پہلے سے
اعلان کردہ سرکاری دورے یا پروگرام کا حصہ بھی نہیں تھی۔
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران قطر تہران
اور واشنگٹن کے درمیان اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس عرصے میں قطری وفود
ایران اور ایرانی وفود دوحہ کا دورہ کرتے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان رابطوں کے دوران
ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ نئے معاہدے کے مسودوں اور پیغامات کا تبادلہ بھی
کیا گیا ہے۔
تاہم تہران کے حکام کا کہنا ہے کہ
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں شامل سات شرائط کو قبول کرنا اور ان پر عمل درآمد
کسی بھی نئے مذاکرات کی پیشگی شرط ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کو بھی
انہی شرائط سے مشروط قرار دیا گیا ہے۔
یہی
شرائط بظاہر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی تنقید کا نشانہ بنی تھیں، جنھوں نے تفصیلات
بیان کیے بغیر انھیں ’نا قابل قبول‘ اور ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا تھا۔
بندر عباس اور قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں: ایرانی ذرائع ابلاغ
،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کے سرکاری خبر رساں اداروں نے ملک
کے جنوبی علاقوں کے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کی رات بندر
عباس کے ساحلی علاقے اور جزیرہ قشم میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے
والی خبر رساں ایجنسی فارس نے لکھا ہے کہ ان دھماکوں کی وجہ کے بارے میں ابھی تک
کوئی سرکاری رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔ تاہم ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے کہا
ہے کہ ممکنہ طور پر یہ آوازیں آبنائے ہرمز سے ’بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں‘ پر
بطور انتباہ کی جانے والی فائرنگ کی ہو سکتی ہیں۔
بندر عباس اور قشم کے رہائشیوں نے
بھی اتوار کی شب واحد آن لائن چینل کو براہ راست رپورٹس میں کم از کم چار دھماکوں
کی اطلاع دی۔ بعض افراد نے دھماکوں کے بعد شدید جھٹکے یا لرزش محسوس ہونے کا بھی
ذکر کیا۔
ایک شہری نے واحد آن لائن کو بھیجے
گئے پیغام میں دعویٰ کیا کہ جزیرہ قشم کے علاقے نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو
نشانہ بنایا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی تسنیم نے سیرک شہر
میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی، جبکہ ایرانی سرکاری نشریاتی
ادارے نے کہا کہ یہ آوازیں ’بغیر اجازت آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہازوں‘ کی
جانب فائرنگ سے پیدا ہوئی تھیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے
والی تسنیم نے اپنے ذرائع کے حوالے سے قشم میں حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے
دھماکے کی تصدیق کی، تاہم ساتھ ہی کہا کہ دیگر علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں ’ایرانی
فوجی دستوں کی کارروائیوں‘ کا نتیجہ تھیں۔
ایشیا میں توانائی کی منڈیاں کھلتے ہی تیل کی قیمت میں کمی
،تصویر کا ذریعہShutterstock
مشرقی ایشیا میں کاروباری ہفتے کے آغاز کے ساتھ ہی تیل
کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی۔
پیر کی صبح ایشیائی منڈیوں میں برینٹ
خام تیل کا ایک بیرل 97 ڈالر 69 سینٹ میں ٹریڈ ہوا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں
نشریاتی ادارے سی بی ایس کو انٹرویو دیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ وہ ایران کے
ساتھ کشیدگی میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔
ٹرمپ کے اس بیان کے باعث دن بھر تیل
کی قیمتوں میں مزید کمی کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔
تاہم اتوار کے روز خلیج فارس اور
آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور آئل ٹینکروں سے متعلق کم از کم تین بحری حادثات
کی اطلاعات توانائی کی منڈیوں میں دوبارہ تشویش پیدا کر سکتی ہیں۔
ایرانی مطالبات نا قابلِ قبول اور غیر حقیقی ہیں، سفارتی حل کی کوشش جاری ہے: مارکو روبیو
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے
کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی کیوں کہ
ایران کے مطالبات نا قابلِ قبول اور غیر حقیقی ہیں۔
پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے
ہوئے روبیو نے کہا: ’میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہم کسی بڑی پیش رفت کے دہانے پر ہیں۔
صدر ہمیشہ اس مسئلے اور ہر مسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
بد قسمتی سے بعض اوقات ایسا ممکن نہیں ہوتا، لیکن اگر ایسا کرنے کا کوئی موقع ہوا
تو ہم اسے ضرور آزمائیں گے۔‘
اب تک ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ
رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ایرانی مطالبات نہ صرف نا قابلِ
قبول ہیں بلکہ بعض معاملات میں انتہائی غیر معمولی اور مضحکہ خیز بھی ہیں۔‘
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکرات
کے دوران ایران کے مطالبات ’حقیقت پسندانہ‘ بھی نہیں ہیں۔
دوسری جانب ایران کا موقف ہے کہ مذاکرات
میں تعطل کی وجہ امریکی انتخابات کے نتائج ہیں، جن میں کانگریس میں ڈیموکریٹک
پارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار
کے روز ایرانی سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا: ’ثالثوں کی سرگرمیاں رک گئی ہیں
اور اس کی وجہ وہ صدمہ ہے جو امریکی انتخابات کے نتائج نے سب پر چھوڑا ہے۔ ماحول
کو دوبارہ ثالثی کی سرگرمیوں کے لیے سازگار بننے میں کچھ وقت لگے گا، اس لیے صبر
کرنا ہو گا۔‘
ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کا امکان مسترد کر دیا
،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے
اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ٹیلیفونک انٹرویو کا حوالہ دیا، جس میں
انھوں نے کہا کہ اگر تنازع ختم کرنے کے لیے جاری مذاکرات میں پیش رفت ہوتی رہی تو
ایران پر نئے حملوں کا حکم دیے جانے کا امکان ’بہت کم‘ ہے۔
دوسری جانب ایران نے ثالثی کی کوششوں
میں تعطل کی نشاندہی کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے
اتوار کو کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کسی تصفیے تک پہنچنے کی غرض سے جاری
ثالثی کی سرگرمیاں چند روز سے رکی ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق اس کی وجہ امریکی
انتخابات کے نتائج ہیں، جن میں کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی نے نمایاں کامیابی
حاصل کی۔
عراقچی نے ایرانی سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا: ’ثالثوں کی سرگرمیاں رک گئی ہیں اور اس کی وجہ وہ صدمہ ہے جو امریکی انتخابات کے نتائج نے سب پر چھوڑا ہے۔ ماحول کو دوبارہ ثالثی کی سرگرمیوں کے لیے سازگار بننے میں کچھ وقت لگے گا، اس لیے صبر کرنا ہو گا۔‘