امریکی نائب صدر نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دے دیا

امریکہ میں ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے رُکن کانگریس نے ایوانِ نمائندگان میں امریکی وزیرِ دفاع کے خلاف مواخذے کی قرارداد جمع کروا دی ہے، جس پر آج ہی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوششوں کو ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ قرار دیا ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. انڈین حکومت کے لداخ میں دسمبر میں انتخابات کروانے کے فیصلے کے خلاف کارگل میں ہڑتال, ریاض مسرور، بی بی سی اردو، سرینگر

    انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے مشرقی خطہ لداخ میں ایک بار پھر نئی دلّی کے خلاف ناراضی کی لہر پھیل گئی ہے۔ کارگل ڈیموکریٹک الائنس اور لداخ کی سماجی، تجارتی اور رضاکار انجمنوں کی کال پر منگل کے روز ضلع کارگل میں مکمل ہڑتال کی گئی جس سے کارگل میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔

    یہ ہڑتال انڈین حکومت کے اُس فیصلے کے خلاف ہورہی ہے، جس کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ لداخ کے انتظامی ادارے لداخ ہِل ڈیولپمنٹ کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات شدید ترین سردی کے دوران دسمبر میں منعقد کروائے جائیں گے۔

    احتجاج کے باعث علاقے میں تمام بازار بند رہے، بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں، اور عوامی چوکوں پر خاموشی چھائی رہی۔

    گذشتہ روز شام کے وقت ’جمہوریت بچاؤ‘ کے نعرے کے تحت ایک علامتی کینڈل مارچ بھی نکالا گیا۔

    لداخ کے تمام مقامی دھڑوں کو متحد کرنے والا بنیادی مطالبہ بالکل سادہ ہے: ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات کو ملتوی کر کے اپریل یا مئی 2027 کے گرم مہینوں میں کروائے جائیں۔

    منجمد بیلٹ باکس

    کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ سجاد کارگلی کا کہنا ہے کہ ’مقامی نمائندوں کے لیے سب سے بڑی تشویش جغرافیائی اور موسمی حالات کے باعث ووٹنگ کے حق سے محرومی ہے۔

    ’لداخ کی منفی درجہ حرارت والی سردیاں نہ صرف انتظامی اور لاجسٹک رکاوٹیں کھڑی کرتی ہیں، بلکہ جمہوری عمل کے لیے سب سے بڑا خطرہ یہاں کی آبادی کی موسمی ہجرت ہے۔‘

    یاد رہے کہ سردیاں شروع ہوتے ہی کرگل کے ووٹرز کا ایک بڑا حصہ انڈیا کے دیگر گرم علاقوں کا رُخ کر لیتا ہے۔

    لداخ سے رکن پارلیمنٹ حاجی حنیفہ جان نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے کی تقریباً 20 سے 25 فیصد آبادی شدید سردی کے موسم میں یہاں سے چلی جاتی ہے۔

    لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں انھوں نے دسمبر میں انتخابات کروانے کی منطق پر سوال اٹھایا اور زور دیا کہ سردیوں میں ووٹنگ کرانے سے ہزاروں ووٹرز اپنے بنیادی حقِ رائے دہی سے محروم ہو جائیں گے۔

    عوامی آوازیں اور زمینی حقائق

    مقامی سٹیک ہولڈرز کا ماننا ہے کہ حلقہ بندیوں کو جلد بازی میں مکمل کر کے سردیوں میں انتخابات کروانے کا انتظامیہ کا فیصلہ عوامی خواہشات کے برعکس ہے۔ کارگل کے لوگوں کے لیے ہل کونسل ہی براہِ راست مقامی گورننس کا آخری سہارا ہے۔

    سجاد کارگلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتظامیہ کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ یکطرفہ فیصلے مسلط کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ دسمبر کا شیڈول عوامی شمولیت کو بری طرح متاثر کرے گا اور شہریوں کے جمہوری حقوق کو پامال کرے گا۔

    تجارتی انجمنوں اور ٹرانسپورٹرز نے بھی سردیوں میں ووٹنگ کے لاجسٹک مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔

    منفی درجہ حرارت، برفانی سڑکیں اور برف باری کے باعث راستوں کی بندش سے دور دراز وادیوں میں رہنے والے بزرگوں اور عام ووٹرز کے لیے پولنگ مراکز تک پہنچنا انتہائی خطرناک ہو جائے گا۔

    اس دوران لداخ سے باہر تعلیم حاصل کرنے والے سینکڑوں نوجوان سردیوں میں سڑکوں کی بندش اور ہوائی سفر کے مہنگے کرایوں کی وجہ سے واپس آنے سے قاصر ہیں، جس کی وجہ سے وہ اس سیاسی عمل کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

    سیاسی تناوٴ

    کارگل میں ہونے والی یہ ہڑتال لداخ میں بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے قبل پڑوسی ضلع لیہہ میں لداخ بُدھسٹ ایسوسی ایشن جیسی تنظیموں نے بھی نئی حلقہ بندیوں اور جمہوری حقوق کی پامالی کے خلاف انتخابی بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

    کارگل کے ایک سماجی کارکن حاجی مقبول حسین نے بتایا کہ ’کارگل کو مکمل طور پر بند کر کے یہاں کے لوگوں نے نئی دلّی کو ایک واضح اور متحد پیغام دیا ہے کہ اگر آبادی کا ایک چوتھائی حصہ سردی کی وجہ سے ووٹ ڈالنے سے محروم رہ جائے تو جمہوریت کبھی موثر نہیں ہو سکتی۔‘

    ’عوام کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ ہمالیہ کے منفرد جغرافیائی حالات کا احترام کرے اور ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کو موسمِ گرما یا بہار تک مؤخر کرے تاکہ ہر لداخی کو اپنا ووٹ ڈالنے کا برابر موقع مل سکے۔

  2. پشاور ہائی کوٹ کی جانب سے گورنر راج، ایمر جنسی کے خلاف درخواستیں کاز لسٹ سے نکالنے پر وکلا کا احتجاج

    peshawar High Court

    پاکستان کی وفاقی آئینی عدالت کے حکم کے بعد پشاور ہائی کوٹ کی جانب سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمر جنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں کو کاز لسٹ سے نکالے جانے کے خلاف صوبے کی بار کونسل کی اپیل پر آج (منگل) کے روز وکلا نے احتجاجاً صوبے میں عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے کہ خیبر پختونخوا بار کونسل نے صوبے میں گورنر راج اور ایمر جنسی کے نفاذ کو غیر جمہوری عمل قرار دیا ہے۔

    خیبر پختونخوا بار کونسل نے سات نومبر 2026 کو اپنے جنرل باڈی کے ہنگامی اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس کے تحت پشاور ہائی کورٹ کے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت تفویض کردہ اختیارات محدود کیے گئے ہیں۔

    بار کونسل نے وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کو صوبے کے عوام کے بنیادی حقوق اور انصاف تک رسائی کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ بار کونسل اس مقدمے میں فریق بننے کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرے گی اور وکلا کا خصوصی پینل تشکیل دیا جائے گا۔

    وفاقی آئینی عدالت کے پانچ نومبر 2026 کے حکم کے بعد پشاور ہائی کورٹ میں 12 اکتوبر یا اس کے بعد دائر ہونے والی آئینی درخواستوں کی کارروائی معطل ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آئینی عدالت کے حکم کے بعد پشاور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی نے بھی ایسی نئی درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    اس فیصلے کی بنیاد آئین پاکستان کا آرٹیکل 245 ہے، جو مسلح افواج کو وفاقی حکومت کی ہدایت پر سول انتظامیہ کی معاونت کا اختیار دیتا ہے۔

    اسی آرٹیکل کی شق (3)245 اور (4)245 کے تحت مخصوص حالات میں اُن علاقوں میں ہائی کورٹ کے آئینی اختیار اور متعلقہ کارروائیوں پر پابندی عائد ہو سکتی ہے جہاں فوج سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہو۔

    11 اکتوبر کو وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمر جنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کے علاوہ دیگر وکلا نے بھی اس اقدام کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواستیں جمع کروائی تھیں جن کی سماعت 10 نومبر کو ہونی تھیں۔

    تاہم گذشتہ ہفتے وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ میں ان درخواستوں کی سماعت معطل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد اس طرح کی درخواستیں پشاور ہائی کورٹ کی کاز لسٹ سے ہٹا دی گئی تھیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے گزشتہ دنوں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے سے کئی قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں اور اس کے اثرات سیاسی شخصیات کے ساتھ عام شہریوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔

    ان کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کو 10 نومبر کے لیے مقرر مقدمات کاز لسٹ سے انتظامی طور پر خارج نہیں کرنے چاہییں تھے بلکہ عدالت کو خود سماعت کر کے طے کرنا چاہیے تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کا حکم ان مقدمات پر کس حد تک لاگو ہوتا ہے۔

    انھوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی اس فیصلے کو واپس لینے یا اس پر نظرثانی کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرے گی۔

    اس بارے میں انصاف لائیرز ونگ کے رہنما اور سابق ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل نے بی بی سی کو بتایا کہ بیرسٹر گوہر کی جانب سے ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کےخلاف جو پٹیشن تیار کی گئی تھی اب وہ وفاقی آئینی عدالت میں جمع کروائیں گے اور اسی طرح محمود خان اچکزئی کی جانب سے بھی پٹیشن وفاقی آئینی عدالت میں جمع کروائی جائے گی۔

    سینیئر وکیل علی گوہر ایڈووکیٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ چونکہ ایمر جنسی کا نفاذ اور گورنر راج آئین کے آرٹیکل کے تحت کیا گیا ہے اور اس میں فوج کو سول انتظامیہ کے لیے طلب کیا گیا ہے تو اس میں کچھ غیر آئینی اقدام نہیں۔ یہ بالکل کتاب کے مطابق ہے اور جہاں تک بنیادی انسانی حقوق کی بات ہے تو چونکہ یہ اقدام آئین کے مطابق ہے تو یہ اس کو غیر قانونی اقدام نہیں کہا جا سکتا۔

    آئین کا آرٹیکل 245 کیا کہتا ہے؟

    آرٹیکل (1)245 کے تحت مسلح افواج وفاقی حکومت کی ہدایت پر بیرونی جارحیت کے خلاف دفاع کرتی ہیں اور قانون کے تابع سول انتظامیہ کی معاونت بھی کر سکتی ہیں۔

    آرٹیکل (3)245 کہتا ہے کہ جس علاقے میں فوج آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہو، وہاں ہائی کورٹ آرٹیکل 199 کے تحت اپنا اختیار استعمال نہیں کرے گی۔

    آرٹیکل (4)245 مزید کہتا ہے کہ فوج کی معاونت شروع ہونے کے بعد اس علاقے سے متعلق ہائی کورٹ میں دائر ہونے والی ایسی کارروائیاں، اس مدت تک معطل رہیں گی جس دوران فوج سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہو۔ تاہم فوج کی تعیناتی شروع ہونے سے پہلے سے زیرِ سماعت مقدمات کے لیے آرٹیکل (3)245 میں واضح استثنا موجود ہے۔

  3. صدر ٹرمپ کے ایران پر حملے روکنے کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمت میں کمی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف مزید فوجی حملے فی الحال روکنے کے اعلان کے بعد منگل کو تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

    گرین وچ معیاری وقت کے مطابق 0246 بجے (جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 46 منٹ بنتا ہے) برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 70 سینٹ، یا 0.75 فیصد، کمی کے ساتھ 91.88 ڈالر فی بیرل پر آ گئے۔ اس کے علاوہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے فیوچرز (مستقبل کے سودے) 78 سینٹ، یا 0.90 فیصد، کمی کے بعد 86.07 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔

    برینٹ خام تیل گذشتہ سیشن میں 5.85 فیصد کمی کے ساتھ بند ہوا تھا، اور اس دوران اس کی قیمت 31 اگست کے بعد کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی تھی۔

    صدر ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ وہ فی الحال ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائیوں سے گریز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ خطے کے کئی ممالک، بشمول قطر کے وزیرِاعظم، کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی بات چیت کے دوران کی گئی اپیلوں کے بعد کیا گیا۔

  4. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس میں 3600 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ, تنویر ملک، صحافی

    Pakistan Stock Exchange

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ مارکیٹ میں کاروبار کے دوران 3646 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس 177551 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

    منگل کے روز مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے حصص کی خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔

    مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں تیزی کی وجہ مشرق وسطی میں جنگ کے خاتمے کے امکانات ہیں جو امریکہ میں انتخابات میں ڈیموکریٹکس کے جیتنے کے بعد بڑھ گئے ہیں۔

    تجزیہ کار جبران سرفراز نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مشرق وسطی میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جس نے مارکیٹ میں کاروبار کو فروغ دیا۔

    انھوں کے کہا کہ مارکیٹ میں حصص کی قیمتیں کافی نیچے ہیں جو اس سال 28 فروری میں امریکہ-ایران جنگ کی وجہ سے کم ہوئی تھیں۔

    جبران سرفراز کے مطابق اب جنگ کے خاتمے کے امکانات بڑھے ہیں تو سرمایہ کاروں کی جانب سے ان کی خریداری کا رحجان بڑھا ہے جس سے انڈیکس میں اضافہ ہوا ہے۔

  5. امریکی حکومت کا اپنے شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے چھ ممالک کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

    Najf airport

    امریکی محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خدشات اور قونصلر خدمات پر عائد پابندیوں کے باعث امریکی شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ کے چھ ممالک، ایران، عراق، لبنان، لیبیا، شام اور یمن کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    محکمہ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ ان تمام چھ ممالک کے لیے بدستور سفری انتباہ کی بلند ترین سطح، یعنی لیول فور، پر ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی درجہ بندی کے مطابق شہریوں کو لیول فور میں شامل ممالک کا کسی بھی صورت سفر نہ کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

    پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ مقامات خطرناک ہیں۔ کسی بھی صورت یا کسی بھی وجہ سے وہاں نہ جائیں۔‘

    امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان، روس، یوکرین، سوڈان اور جنوبی سوڈان کو بھی ان 23 ممالک میں شامل کیا ہے جن کے لیے اس وقت بلند ترین سطح کی سفری وارننگ جاری ہے۔

  6. لبنان کے قونصل جنرل کو امریکہ نے ’نا پسندیدہ شخصیت‘ قرار دے کر ملک سے نکال دیا

    لبنان کا جھنڈا

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ریاست مشیگن کے شہر ڈیٹرائٹ میں تعینات لبنان کے قونصل جنرل ابراہیم شرارہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ابراہیم شرارہ امریکہ چھوڑ چکے ہیں۔

    یہ فیصلہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے انھیں ’نا پسندیدہ شخصیت‘ قرار دیے جانے کے بعد کیا گیا۔

    اس اقدام کی وجہ ابراہیم شرارہ کی جانب سے 2021 میں سوشل میڈیا پر کی گئی ایسی پوسٹس بتائی گئی ہیں جن سے 1983 میں بیروت میں امریکی میرینز کے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے بم حملے کی تعریف کا تاثر ملتا تھا۔

    اس حملے میں 241 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

    محکمہ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ڈیٹرائٹ میں تعینات لبنان کے قونصل جنرل کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ امریکہ میں دہشت گرد حملوں کی تعریف کرتے ہیں یا ان کا جواز پیش کرتے ہیں، ان کی اس ملک میں کوئی جگہ نہیں۔

    لبنان کے وزیر خارجہ یوسف رجی نے اتوار کی شب اعلان کیا کہ ڈیٹرائٹ میں ابراہیم شرارہ کی جگہ ایک نئے سفارت کار کو قونصل جنرل مقرر کیا جائے گا۔

  7. تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے میں حادثے کے بعد پانی کے اخراج میں اضافہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    واپڈا کی جاری کردہ تصویر

    خیبر پختونخوا کی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کے اخراج میں اضافے کے پیش نظر ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج مسلسل تقریباً ڈیڑھ لاکھ (150,000) کیوسک سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

    ادارے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ الرٹ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ضلع ہری پور میں تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی تعمیر کے دوران ایک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ذخیرہ شدہ پانی منصوبے کی کنیکٹنگ ٹنل اور زیرِ تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہو گیا تھا۔

    واپڈا کی جاری کردہ تصویر

    واپڈا کے مطابق کنیکٹنگ ٹنل کے دوسرے حصے کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ کے ذریعے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوا۔ تاہم تمام کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا اور واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واپڈا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی بھی تردید کی ہے جن میں ٹنل نمبر پانچ کے منہدم ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ ادارے کے مطابق منصوبے کی مرکزی ٹنل، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ محفوظ ہیں۔

  8. آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کا 850 مقامی ملازمتیں آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ، بیشتر عہدے انڈیا منتقل ہوں گے, لانا لیم، سڈنی

    کنٹاس کا ہوائی جہاز

    آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں سرمایہ کاری بڑھاتے ہوئے 850 مقامی کارپوریٹ ملازمتیں کنسلٹنگ کمپنی ایکسینچر کو آؤٹ سورس کرے گی، جن میں سے بیشتر عہدے انڈیا منتقل کیے جائیں گے۔

    منگل کو عملے کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کمپنی کی چیف ایگزیکٹو وینیسا ہڈسن نے کہا: ’یہ بعض افراد کے لیے سخت خبر ہے اور میں اس سے پیدا ہونے والی بے یقینی پر معذرت خواہ ہوں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ملازمتوں میں یہ کمی 2027 کے وسط سے شروع ہو گی اور اس کے تحت مالیات، خریداری، افرادی قوت اور مارکیٹنگ سے متعلق عہدے ’زیادہ تر‘ انڈیا میں موجود ٹیموں اور ’کچھ آسٹریلیا‘ میں موجود ٹیموں کو منتقل کیے جائیں گے، کیونکہ کمپنی اپنے آئی ٹی نظام کو جدید بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل فضائی کمپنی نے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کرایوں میں اضافے اور پروازوں میں کمی کا عندیہ دیا تھا۔

    ایکسینچر کے ساتھ اپنے نئے کثیر سالہ معاہدے کے بارے میں ہڈسن نے کہا کہ اس کا مقصد فضائی کمپنی کے آئی ٹی نظام کو ’جدید‘ بنانا ہے تاکہ اسے ’زیادہ مؤثر‘ بنایا جا سکے۔

    ان کے مطابق کنٹاس ہر سال ٹیکنالوجی پر ایک ارب آسٹریلوی ڈالر (69 کروڑ امریکی ڈالر) سے زیادہ خرچ کرتی ہے اور کمپنی کے پسِ منظر میں چلنے والے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔

    کنٹاس، جس کے آسٹریلیا میں تقریباً 28 ہزار جبکہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 32 ہزار سے زائد ملازمین ہیں، کا کہنا ہے کہ اس کے ہزاروں ملازمین پہلے ہی روزمرہ کے کاموں میں اے آئی استعمال کر رہے ہیں۔

    بی بی سی نے مؤقف جاننے کے لیے آسٹریلین سروسز یونین سے رابطہ کیا ہے۔

  9. بی بی سی نیوز اُردو اب موبائل ایپ پر بھی دستیاب، ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے

    BBC App

    بی بی سی اُردونے اپنی نئی ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی دلچسپی کی تمام علاقائی و عالمی خبریں، تجزیے اور معلومات براہ راست اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کر سکیں گے۔

    بی بی سی اُردو کا تمام مواد بی بی سی ورلڈ سروس کی نئی ایپ پر دستیاب ہو گا جسے آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ کی مناسبت سے ایپ سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

    BBC App

    BBC World Service ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد آپ کو اپنی پسند کا ایڈیشن یعنی ’BBC News اردو‘ کا انتخاب کرنا ہو گا جہاں آپ کو پاکستان اور دنیا کے مختلف خطوں میں موجود بی بی سی کے صحافیوں کی رپورٹس دستیاب ہوں گی۔

    نوٹ: یہ ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں اور اس کا انگریزی زبان کا کوئی ایڈیشن بھی نہیں ہے۔

  10. امریکی وزیر دفاع کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کے لیے قرارداد ایوان میں پیش کر دی گئی, آنا فگائے (واشنگٹن ڈی سی) اور میکس ماٹزا

    تھامس میسی

    ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی ایوانِ نمائندگان میں اس ہفتے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کے لیے ووٹ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ہیگسیتھ نے امریکی آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    تھامس میسی نے کہا: ’کانگریس کی منظوری کے بغیر 90 دن سے زیادہ عرصے تک ایران میں فوجی کارروائیوں میں شامل رہ کر سیکریٹری ہیگسیتھ قانون توڑ رہے ہیں اور انھیں جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔‘

    یہ کوشش غالباً ناکام رہے گی کیونکہ جنوری تک کانگریس میں ریپبلکنز اقتدار میں ہیں۔ تاہم میسی کا کہنا ہے کہ اس کوشش کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ وہ ڈیموکریٹس کی جانب سے اپنا مواخذے کا عمل شروع کیے جانے سے پہلے ہیگسیتھ کی جگہ کسی اور کو مقرر کر دیں۔

    ہیگسیتھ نے مواخذے کی اس کوشش کو ’ڈھونگ‘ قرار دیا ہے اور اپنے ریکارڈ کا دفاع کیا ہے۔

    انھوں نے گذشتہ ہفتے ایک ویڈیو بیان میں کہا: ’آپ دیکھ رہے ہیں، وہ مجھ پر حملہ کرتے ہیں۔ وہ ہم پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ ہم مؤثر ہیں۔ یہ کامیاب نہیں ہو گا۔ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘

    انھوں نے میسی کو ’ناراض اور شکست خوردہ رکن کانگریس‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ مواخذے کی اس کوشش کے بارے میں فکر مند نہیں ہیں۔

    ویڈیو میں ہیگسیتھ نے محکمے کی قیادت کا دفاع کیا اور ان طریقوں کی فہرست پیش کی جن کے ذریعے، ان کے مطابق، انھوں نے ٹرمپ کے ’امریکہ فرسٹ‘ ایجنڈے کو عملی جامہ پہنایا۔

    میسی نے پیر کی دوپہر ایوان میں پیش کی گئی ایک قرارداد کے ذریعے باضابطہ طور پر مواخذے کی دفعات متعارف کرائیں۔

    اس اقدام کے بعد ایوان کے پاس اس معاملے پر غور کرنے کے لیے 48 گھنٹے ہوں گے۔ قانون ساز یا تو قرارداد پر براہِ راست ووٹ دے سکتے ہیں، اسے کمیٹی کو بھجوا سکتے ہیں یا اسے ایک طرف رکھ سکتے ہیں۔

    دفعات پیش کرنے کے بعد میسی نے صحافیوں سے کہا: ’میں یہ اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ یہی درست کام ہے۔‘

    مواخذے کے ذریعے کسی وزیر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں کی منظوری درکار ہوتی ہے۔

    ٹرمپ کے اپنے پہلے دورِ صدارت میں ہاؤس نے دو مرتبہ ان کا مواخذہ کیا تھا، تاہم دونوں مرتبہ سینیٹ نے انھیں الزامات سے بری کر دیا اور وہ عہدے پر برقرار رہے۔

    صدارتی مواخذے کے عمل کی طرح، پہلے ہاؤس ہیگسیتھ کے خلاف الزامات پر ووٹ کرے گا اور اس کے بعد سینیٹ مقدمہ چلائے گی تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ انھیں بری کیا جائے یا قصوروار قرار دیا جائے۔

    امریکی تاریخ میں ہاؤس نے صرف دو کابینہ ارکان کا مواخذہ منظور کیا ہے، لیکن سینیٹ نے ان میں سے کسی کو بھی قصوروار قرار نہیں دیا۔

    میسی نے صحافیوں کو بتایا کہ انھیں یقین نہیں کہ اس قرارداد کے پاس ہونے کے لیے کافی حمایت موجود ہے۔ اسے ہاؤس میں اکثریت درکار ہو گی اور اگرچہ تمام ڈیموکریٹس اس کی حمایت کریں تب بھی پارٹی کی معمولی اکثریت کے سبب بعض ریپبلکن ووٹوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں عوامی امور کے پروفیسر پیٹر لوگ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے خیال میں معمولی اکثریت کے باعث اس قرارداد کے منظور ہونے کا امکان موجود ہے۔

    انھوں نے کہا: ’کافی تعداد میں ناراض ریپبلکن موجود ہیں، اور امکان ہے کہ کافی ریپبلکن ووٹنگ کے لیے حاضر ہی نہ ہوں۔‘

    اس وقت ہاؤس میں 218 ریپبلکن اور 214 ڈیموکریٹس ہیں۔

    اگرچہ مواخذے کی دفعات منظور کرنے کے لیے ہاؤس میں سادہ اکثریت کافی ہوتی ہے، لیکن سینیٹ میں سزا سنانے کے لیے دو تہائی ووٹ درکار ہوتے ہیں، اور کانگریس کی موجودہ مدت میں اس حد تک پہنچنا مشکل سمجھا جاتا ہے۔

    جنوری میں ڈیموکریٹس کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان کے پاس کم از کم 54 سینیٹ نشستیں ہونے کا امکان ہے، اگرچہ دو نشستوں کے نتائج ابھی انتہائی کم فرق کے باعث طے نہیں ہو سکے۔

    کسی عہدے دار کو قصوروار قرار دے کر عہدے سے ہٹانے کے لیے مجموعی طور پر 60 ووٹ درکار ہوں گے۔

  11. بریکنگ, سعودی اتحاد کا ریاض کی جانب داغے گئے حوثی میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ

    سعودی قیادت میں قائم اتحاد کا دعویٰ ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی گروہ کی جانب سے سعودی عرب کی طرف داغے گئے تین میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔

    اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر لکھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل اور ایک کروز میزائل کو روکا ہے۔ جبکہ جنوبی سعودی عرب کی طرف داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کیا ہے۔

    ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔

  12. قطر اور سعودی عرب ایران تنازع میں امن کو ترجیح دیتے ہیں: ٹرمپ

    ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ وہ ایران کے خلاف مزید فوجی حملے فی الحال روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کیونکہ انھیں خطے کے ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے، جن میں قطر کے وزیرِ اعظم بھی شامل ہیں، وائٹ ہاؤس میں ہونے والی بات چیت کے دوران ایسی اپیلیں موصول ہوئی ہیں۔

    ٹرمپ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو اور بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے پریس بریفنگ روم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الحال آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا: ’امریکہ جدید ترین اور بہترین فوجی ساز و سامان سے پوری طرح لیس ہے، اور ہمیں نہیں لگتا کہ اسے استعمال کرنے کی کوئی ضرورت پیش آئے گی۔‘

    انھوں نے کہا کہ وہ ’ان ممالک کی درخواست پر‘ ایسا کر رہے ہیں جو ایران کے ہمسایہ ہیں، اور خاص طور پر قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر ممالک کا ذکر کیا جو یہ ترجیح دیتے ہیں کہ امریکہ نئے حملے نہ کرے۔

    ٹرمپ نے یہ بیان قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کے بعد دیا۔ آل ثانی تہران کے ساتھ رابطوں میں ایک اہم ثالث سمجھے جاتے ہیں۔

    قطر کے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے گذشتہ ہفتے تہران کے دورے کے بعد ٹرمپ سے ملاقات کی۔

    وزیرِ اعظم نے ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس دونوں کے ساتھ اپنی بات چیت کو مثبت قرار دیا۔

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’معاہدے تک پہنچنے اور خطے میں امن لانے کے حوالے سے مثبت گفتگو پر شکر گزار ہوں۔‘

    ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے ایکس پر کہا کہ امریکہ کو ’خیالی مذاکرات کے بارے میں جعلی خبریں پھیلانا بند کر دینا چاہیے‘ اور مزید کہا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ ایران کی بار بار پیش کی جانے والی سات شرائط کو تسلیم کیا جائے۔‘

    جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی تجویز میں اس کی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی کا خاتمہ، بعض پابندیوں کا اٹھایا جانا اور بمباری روکنا شامل ہے۔ اس کے بدلے میں تہران آبنائے ہرمز میں اپنی ناکہ بندی ختم کرے گا، جبکہ بعد ازاں اس کے جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں سے متعلق مذاکرات ہوں گے۔

    امریکہ بارہا اس منصوبے کو مسترد کر چکا ہے۔ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اتوار کے روز تہران کی شرائط کو ’انتہائی غیر معقول، مضحکہ خیز اور حقیقت سے دور‘ قرار دیا تھا۔

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کے روز اس منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے اسے زیرِ غور تجاویز میں سب سے معقول پیشکش قرار دیا۔

    نائب صدر جے ڈی وینس سمیت امریکی ریپبلکن پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے گزشتہ ہفتے کے انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کا ذمہ دار ایران جنگ کو قرار دیا ہے۔ تنازع ختم کرنے کے لیے اندرونِ ملک سیاسی دباؤ میں اضافے کے باوجود روبیو نے کہا کہ انھیں فوری سفارتی پیش رفت کی توقع نہیں۔

  13. اسرائیل امریکہ کو ایران کے ساتھ طویل جنگ میں شامل کرنا چاہتا ہے: قالیباف کا دعویٰ

    باقر قالیباف
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل امریکہ کو ایران کے ساتھ ایک طویل جنگ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے آئندہ امریکی انتظامیہ کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں قالیباف نے کہا کہ ’اگر واشنگٹن نے اپنی موجودہ پالیسیوں میں تبدیلی نہ کی تو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘

    قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

  14. ترکی کی سٹیل فیکٹری میں دھماکہ، کم از کم 16 افراد ہلاک

    Turkey steel factory blast

    ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں واقع ایک سٹیل فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم 16 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد حاباس (Habas) سٹیل پلانٹ کے کارکن تھے جو ملک کے بڑے سٹیل پیدا کرنے والے اداروں میں شمار ہوتا ہے۔

    جائے وقوع سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر آگ اور فضا میں بلند ہوتے دھویں کے گہرے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔

    ازمیر کے گورنر سلیمان البان کے مطابق دھماکہ دوپہر کے وقت اس وقت ہوا جب ایک متبادل بوائلر لے جانے والی کرین گر گئی، جس کے نتیجے میں سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا۔

    کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ پلانٹ کی ایک الیکٹرک آرک فرنس پر معمول کی دیکھ بھال کے کام کے دوران پیش آیا۔

    گورنر کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ کچھ افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

    پیر کو کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بی بی سی ترکی کے مطابق مقامی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں کم از کم پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ترک ہیلتھ اینڈ سیفٹی لیبر واچ کا کہنا ہے کہ کام کی جگہوں پر پیش آنے والے حادثات ترکی میں ایک دیرینہ مسئلہ ہیں۔

    حاباس پلانٹ ازمیر کے ضلع علی آغا میں واقع ہے، جو ایک اہم بندرگاہ اور ترکی میں جہاز توڑنے کی بڑی صنعتوں کے مراکز میں سے ایک ہے۔

  15. شامی وزیر خارجہ کی یمن میں فوج بھیجنے کی تردید: ’ایسا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں‘

    Syria's Foreign Minister Asaad Hassan al-Shibani during a press conference
    ،تصویر کا کیپشنشام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی (فائل فوٹو)

    شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے کہا ہے کہ شام نے یمن میں کوئی فوجی دستے نہیں بھیجے اور نہ ہی ایسا کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔

    ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں متعدد یمنی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ شامی فوجی یمن اور سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    اردن کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اسد الشیبانی نے کہا کہ اگرچہ شام اور سعودی عرب کے درمیان اس ماہ دفاعی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں تاہم ’یمن کی قانونی حکومت کے ساتھ فوج بھیجنے سے متعلق کوئی معاہدہ موجود نہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’بیرون ملک کسی بھی فوجی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا، اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔‘

    شامی وزیر خارجہ کے مطابق ریاض کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ فوج سمیت ریاستی اداروں کی تعمیرِ نو کے لیے اہم ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جو شام کی حکومت کے تعمیرِ نو کے منصوبوں میں دمشق کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ سعودی عرب 2015 سے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف فوجی مہم میں شامل ہے۔

  16. مدینہ میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا: سعودی وزارتِ توانائی

    east west pipe line
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مدینہ ریجن میں تیل کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    سعودی وزارتِ توانائی نے ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ پیر کے روز مدینہ ریجن میں واقع ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں محدود نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق اس واقعے کے فوری بعد ہنگامی امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا تاہم واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ اس حملے میں پائپ لائن کی سرگرمیاں بھی متاثر نہیں ہوئیں۔

    بیان کے مطابق حملے کے فوری بعد ہنگامی امدادی اور خصوصی تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور طے شدہ حفاظتی طریقۂ کار اور ہنگامی ردِعمل کے منصوبوں کے تحت مقام کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔

    وزارتِ توانائی کے متعلق متعلقہ ٹیموں نے جائے وقوعہ کی حفاظت کو یقینی بنایا اور صورتِ حال پر قابو پا لیا۔

    1200 کلومیٹرلمبی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن جو ’پیٹرولائن‘ کے نام سے بھی مشہور ہے

    یاد رہے کہ سعودی عرب دُنیا کا سب سے بڑا خام تیل برآمد کرنے والا ملک ہے اور 1200 کلومیٹر طویل ’ایسٹ ویسٹ پائپ لائن‘ سعودیہ کو آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر یعنی متبادل گزرگاہ تیل کی سپلائی کا راستہ فراہم کرتی ہے۔

    سعودی عرب کی اس پائپ لائن اہمیت اُس وقت سے مزید بڑھ گئی ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ جاری ہے۔

    یہ پائپ لائن جو ’پیٹرولائن‘ کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع ابقیق کے میدانوں سے مغرب میں واقع بندرگاہ ینبع تک جاتی ہے۔

    اس کی لمبائی تقریباً 1200 کلومیٹر ہے اور یہ سعودی تیل کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے متبادل راستہ ہے جو آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتا ہے۔

    گذشتہ چند ماہ میں یہ روزانہ 40 لاکھ سے 50 لاکھ بیرل تیل ترسیل کر رہی تھی، جو جہاز رانی کی نگرانی کرنے والی کمپنیوں اور تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سپلائی کا چار سے پانچ فیصد بنتا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس لائن کی گنجائش تقریباً 70 لاکھ بیرل یومیہ ہے۔

  17. سعودی اتحاد کا یمن میں حوثی قیادت کے اجلاس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    YEMEN-SAUDI-IRAN-US-ISRAEL-WAR This frame grab taken from AFPTV video footage shows fighters affiliated with the Saudi-backed Yemeni government engaging in clashes with Houthi authorities in Al-Jawf province on September 15, 2026
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کے فضائی حملوں میں یمن کے جنوبی صوبے لحج میں حوثی قیادت کے اجلاس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    لندن سے شائع ہونے والے اخبار الشرق الاوسط کے مطابق اس حملے کا ہدف حوثی فیلڈ کمانڈر تھے اور یہ کارروائی کئی محاذوں پر حوثی فورسز اور یمنی حکومتی فورسز کے درمیان جاری جھڑپوں کے دوران کی گئی۔

    فوجی ذرائع کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے حوثی رہنماؤں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی اور انٹیلیجنس معلومات کی مدد سے اجلاس کا مقام معلوم کیا۔

    الشرق الاوسط کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اور نشانہ بننے والے کمانڈروں کی شناخت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔

    اخبار کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی جب حوثی صوبہ لحج اور تعز کو ملانے والے اہم مقامات اور رسد کے راستوں کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہے تھے۔

    الشرق الاوسط کا دعویٰ ہے کہ سعودی اتحاد نے صوبہ صعدہ اور صنعا میں حوثیوں کے بیلسٹک میزائل لانچنگ مراکز کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کیا۔

    اتحاد کا کہنا تھا کہ ان مراکز کو ریاض اور سعودی عرب کے مشرقی صوبے پر حملوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب حوثیوں کے زیرِ انتظام ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ 7 نومبر کو صنعا کے ضلع بنی حشیش پر سعودی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے۔

  18. بلوچستان کے 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر پابندی مشروط طور پر ختم, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    بلوچستان کے 17 اضلاع میں یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر عائد پابندی مشروط طور پر اٹھا لی گئی ہے۔ محکمہ زراعت کے مطابق ان اضلاع میں کھاد کی فروخت مقررہ ضابطوں اور طریقۂ کار کے تحت ہی کی جا سکے گی۔

    یوریا کھاد کی خرید و فروخت پر پابندی رواں سال اگست میں عائد کی گئی تھی۔ محکمہ زراعت کے مطابق اس کی وجہ کھاد کا دھماکہ خیز مواد کے طور پر استعمال ہونا تھا، جس کے باعث کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بعض علاقوں میں احتجاج بھی ہوا۔

    محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر جنرل توسیع کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حب، جعفرآباد، صحبت پور، اوستہ محمد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، سبی، کچھی، خضدار، خاران، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، پشین، قلات اور پنجگور میں مشروط خرید و فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ نصیرآباد اور لسبیلہ میں اس پابندی کے خاتمے کا ذکر نوٹیفکیشن میں نہیں کیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کھاد ڈیلرز کو فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا جبکہ محکمہ زراعت کے افسران کھاد کے ذخیرے اور نقل و حرکت کی نگرانی کریں گے۔ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جا سکیں گے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری حمزہ شفقات نے چند روز قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ یوریا کھاد تخریب کاری کے لیے دیسی ساختہ بموں میں استعمال ہوتی رہی ہے۔

  19. ہم عزت اور احترام کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے تیار ہیں، ایرانی صدر کی امریکہ کو پیشکش

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنایرانی صدر مسعود پزشکیان

    ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آنے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔

    انھوں نے کہا ہے کہ ’ہم عزت اور احترام کے ساتھ بات چیت کر کے معاملہ ختم کر سکتے ہیں۔ ہم بات چیت اور مذاکرات کرنے والے لوگ ہیں اور منطق کا تقاضا ہے کہ اگر ہم مذاکرات کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں تو خود کو جنگ میں نہیں جھونکنا چاہیے۔‘

    تاہم پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران ’طاقت کے استعمال یا دھونس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔‘

    ایرانی صدر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع بڑھنے کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی دوران قطر کے وزیرِ اعظم واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں آئندہ چند گھنٹوں میں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور بات چیت متوقع ہے۔

    دوسری جانب دونوں ملکوں کے درمیان تنازع ختم کرنے کے لیے تہران کی جانب سے پیش کیے گئے منصوبے پر ایرانی اور امریکی عہدیداروں کے درمیان اختلافات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔

  20. آبنائے ہرمز میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا گیا: ایرانی سرکاری میڈیا کا دعویٰ

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز میں چار تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گذشتہ 10 روز میں نشانہ بنائے جانے والے جہازوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ان میں سے تین جہاز اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

    ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب سے گذرنے والا جنوبی بحری راستہ غیر قانونی ہے۔ اس راستے سے گذرنے والے جہازوں کو امریکہ تحفظ فراہم کرتا ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس وقت آبنائے ہرمز سے گذرنے والے تیل کی مقدار ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    حالیہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے، تاہم وہ جنگ سے پہلے کی سطح کے مقابلے میں اب بھی کافی زیادہ ہیں۔