جے شاہ کو دوبارہ آئی سی سی سربراہ بننے پر مبارکبادیں اور ناقدین کے سوالات: ’ہمیں شاہ رخ خان سے یہ توقع نہیں تھی‘

Jay shah
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو
وقت اشاعت
مطالعے کا وقت: 7 منٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے بالی میں ہونے والے اجلاس میں جے شاہ کو بلا مقابلہ دوسری مدت کے لیے آئی سی سی کا چیئرمین دوبارہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جہاں ایک طرف اس فیصلے کو جے شاہ کی قیادت پر بورڈ کے اعتماد کا اظہار قرار دیا گیا ہے تو وہیں جے شاہ کے لیے ملک کے اندر اور باہر مختلف حلقوں سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آئی سی سی کے مطابق جے شاہ کے نام کی تجویز ادارے کے ڈائریکٹرز نے سنیچر اور اتوار کو بالی میں ہونے والے اجلاس کے دوران پیش کی۔ اس عہدے کے لیے ان کے مقابلے کوئی دوسرا امیدوار میدان میں نہیں تھا۔

اس اعلان کے بعد آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ ’آئی سی سی بورڈ نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر میں بہت ممنون ہوں اور میں تمام ڈائریکٹرز کا ان کے مسلسل اعتماد اور حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی اور میں دنیا بھر میں کرکٹ کے مفاد کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے اراکین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہوں۔‘

واضح رہے کہ جے شاہ کو آئی سی سی کی سربراہی ملنے کے حوالے سے ان کے عروج کو ان کے والد اور انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ سے جوڑا جاتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اگست 2024 میں بلا مقابلہ آئی سی سی کے نئے چیئرمین منتخب ہونے پر 35 سالہ جے شاہ نے گریگ بارکلے کی جگہ لی تھی اور یکم دسمبر 2024 سے عہدہ سنبھالا تھا۔

اُس وقت جے شاہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری تھے اور آئی سی سی کے کم عمر ترین چیئرمین بنے تھے۔

گریگ بارکلے نے، جو 2020 سے دو مدتوں تک آئی سی سی کے چیئرمین رہے، تیسری مدت کے لیے امیدوار نہ بننے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد نئے چیئرمین کے لیے 27 اگست تک نامزدگیاں طلب کی گئیں، لیکن جے شاہ ہی واحد امیدوار تھے، اس لیے وہ بلا مقابلہ منتخب ہو گئے تھے۔

جے شاہ کے دوبارہ انتخاب پر ملے جلے تبصرے

Jay shah
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

واضح رہے کہ جے شاہ کی نئی 2 سالہ مدت ایسے وقت شروع ہو رہی ہے جب عالمی کرکٹ کئی اہم مرحلوں سے گزرنے والی ہے۔

اس دوران 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقا میں منعقد ہوگا جبکہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کے انتظامات بھی آئی سی سی کی ترجیحات میں شامل ہوں گے۔

اس خبر کے سامنے آنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر ’جے شاہ‘ کی تقرری پر بحث چھڑ گئی، جہاں کئی کرکٹرز اور فینز نے مبارکباد دی وہیں بہت سے لوگوں نے اس تقرری پر اقربا پروری کے الزامات لگائے۔

انڈیا کے وزیر اور کرکٹ فین ڈاکٹر عرفان انصاری نے جے شاہ کو آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’ ایک ایسا شخص جو بظاہر کرکٹ کے بنیادی اصولوں سے بھی زیادہ واقف نہیں، مسلسل دوسری مدت کے لیے آئی سی سی کا چیئرمین بننے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ خیر، جب بی جے پی اقتدار میں ہو تو بظاہر کچھ بھی ممکن ہے۔‘

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال خان نے لکھا کہ ’آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر دوسری مدت کے لیے دوبارہ تقرری پر جے شاہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ میں عالمی کرکٹ اور بنگلہ دیشی کرکٹ کی بہتری کے لیے ان کے ساتھ کام جاری رکھنے کا منتظر ہوں۔‘

سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے ایکس پر اس فیصلے کے حوالے سے تفصیل لکھتے ہوئے کہا کہ ’جے شاہ واحد امیدوار تھے، نہ کوئی مقابلہ ہوا اور نہ ہی ووٹنگ کی نوبت آئی۔ تاہم، اس سے یہ خود بخود ثابت نہیں ہوتا کہ ہر رکن، جن میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی شامل ہیں، ان کی امیدواریت کا حامی تھا یا اسے کوئی اعتراض نہیں تھا۔‘

انھوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’انتخابات میں معاملات کس طرح ہوتے ہیں۔ اگر ایک فریق انتخابات کا بائیکاٹ کر دے اور دوسرا تمام نشستیں جیت لے، تو اس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ کامیاب امیدوار یا فریق پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں تھا۔‘

Amit shah with Jay shah
،تصویر کا کیپشنجے شاہ کے انتخاب پر ماضی میں بھی کافی تنقید ہوئی تھی اور اس عہدے کے لیے ان کی واحد اہلیت ان کے والد امت شاہ کو قرار دیا گيا تھا جو کہ انڈیا کے وزیر داخلہ ہیں

کئی صارفین ایسے بھی ہیں جنھوں نے اس انتخاب کو پاکستان کے ساتھ نفرت کے بڑھنے سے تعبیر کیا تو کسی نے اس انتخاب سے انٹرنیشنل کرکٹ کے سٹرکچر پر سوالات اٹھائے اور جوابدہی اور خود احتسابی پر زور دیا۔

شوزی نامی صارف نے آئی سی سی کے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب سے جے شاہ آئی سی سی کے چیئرمین بنے ہیں، پاکستان کے خلاف نفرت اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔ اور اب یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا، کیونکہ جے شاہ نے آج دوبارہ سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔‘

محمد محسن نامی صارف نے لکھا کہ جے شاہ کی بلا مقابلہ دوبارہ تقرری نے عالمی کرکٹ میں انتظامی ڈھانچے اور جوابدہی سے متعلق ایک اہم سوال اٹھایا۔ ’کیا اتنے بااختیار عہدے کا فیصلہ بغیر کسی مؤثر انتخابی مقابلے کے ہونا چاہیے؟ کرکٹ صرف چند طاقتور بورڈز کی نہیں بلکہ پوری دنیا کی ملکیت ہے۔‘

’عالمی کرکٹ کو شفافیت، انصاف اور آزاد قیادت کی ضرورت ہے، نہ کہ ایسی طاقت کی جو جوابدہی سے مبرا ہو۔‘

کرکٹ

اور ان سب مبارکبادوں اور تنقید کے بیچ جب بالی ووڈ سپر سٹار شاہ رخ خان نے ان کو ’بھائی‘ کہہ کر مبارکباد دی تو جے شاہ اور شاہ رخ خان دونوں کو ٹیگ کر کے لوگوں نے اس تقرری پر بحث میں اپنا حصہ ڈالا۔

شاہ رخ خان نے ایکس پر لکھا کہ ’جے شاہ بھائی کو آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر دوسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہونے پر مبارک ہو! عالمی کرکٹ کے انتظام و انصرام اور اس کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں آپ کی قیادت قابلِ ستائش ہے۔ 2028 اولمپکس کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے اور خاص طور پر امریکہ میں کھیل کی مزید ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’ڈھیروں نیک تمنائیں اور آپ کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات!‘

شاہ رخ خان کے اس تہنیتی پیغام پر کئی لوگوں نے اس قصیدہ گوئی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے جے شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’آنے والے برسوں میں کھیل کی روایات اور جدت، نئے شائقین اور بدلتی ہوئی تجارتی صورتِ حال سے پیدا ہونے والے مواقع کے درمیان توازن قائم رکھنا نہایت اہم ہوگا۔ آئی سی سی کا اہم کردار اراکین کو یکجا کرنا، مستقبل کی سمت متعین کرنا اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک پائیدار راستہ ہموار کرنا ہے۔‘

پاکستانی شائقین کے خدشات

2024 میں جب جے شاہ بلا مقابلہ آئی سی سی چیئرمین منتخب ہوئے تو بعض مبصرین نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ عالمی کرکٹ میں بی سی سی آئی کا اثر و رسوخ جو پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور جے شاہ کی تقرری سے انڈیا کی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔

تاہم آئی سی سی نے اعلان کیا تھا کہ وہ متفقہ طور پر اور بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے۔

پاکستان نے تاحال اس پیشرفت پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ دو سال قبل جب جے شاہ پہلی بار آئی سی سی کے چیئرمین بنے تھے تب ان کے آنے سے نہ صرف پاکستان میں عنقریب ہونے والی چیمپیئن شپ کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کی پیش گوئی کی گئی بلکہ انڈیا میں اقربا پروری اور کرکٹ کے حوالے سے تنقید ہونا شروع ہو گئی تھی۔

جے شاہ کے آئی سی سی چیئرمین بننے کے بعد کرکٹ مداحوں اور خاص طور سے پاکستانی کرکٹ مداحوں کو یہ خدشہ لاحق ہو جاتا ہے کہ کہیں ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر منعقد کروانے کی کوششیں پھر سے زور نہ پکڑ لیں۔

اس سے قبل جے شاہ اکتوبر سنہ 2019 میں جب بی سی سی آئی کے سیکرٹری بنے تھے تو تب بھی ان کے انتخاب پر کافی تنقید ہوئی تھی اور اس عہدے کے لیے ان کی واحد اہلیت ان کے والد امت شاہ کو قرار دیا گيا تھا جو کہ انڈیا کے وزیر داخلہ ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد انڈیا کے دوسرے سب سے طاقتور رہنما مانے جاتے ہیں۔

جے شاہ سنہ 2022 میں دوبارہ اس عہدے پر منتخب ہوئے اور ان کی مدت اگلے سال تک تھی تاہم آئی سی سی کا چارج سنبھالنے کے بعد انھیں بی سی سی آئی کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔