پاکستان کو ملنے والا ریڈ کارڈ جس کے بعد انڈیا نے سیف چیمپیئن شپ کا فائنل جیت لیا

،تصویر کا ذریعہX/@IndianFootball
ڈھاکہ کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
میچ سنسنی خیز اور دلچسپ مراحل سے بھرپور رہا۔
چیمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب میچ کے 56ویں منٹ میں جنید شاہ کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، اس کے بعد ٹیم نے بقیہ میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔
اگرچہ میچ میں گول کرنے کا کھاتہ پاکستان نے ہی کھولا تھا اور پہلے ہاف کے اختتام تک اسے انڈیا کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔ تاہم دوسرے ہاف میں انڈیا نے میچ میں عمدہ واپسی کی اور دو گولز کی بدولت برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے واحد گول عالمگیر علی خان غازی نے کیا، جبکہ انڈیا کے لیے سہیل احمد بھٹ اور سندیپ منڈی نے گول سکور کیے۔
ایک ریڈ کارڈ اور انڈیا کی واپسی: میچ میں کیا ہوا؟
میچ کے آغاز پر تیسرے ہی منٹ میں انڈیا کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا، لیکن سہیل احمد بھٹ گیند کو گول کی جانب درست انداز میں نہ بھیج سکے۔
اس کے بعد پاکستان نے میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے مسلسل خطرناک حملے کیے۔
17ویں منٹ میں علی اکبر خان تقریباً خالی گول کی جانب شاٹ لگانے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن انڈین دفاع نے بر وقت مداخلت کر کے خطرہ ٹال دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک منٹ بعد ہارس زیب کے عمدہ پاس پر مککیل آرون عبداللہ نے سر سے شاٹ لگایا، مگر انڈین گول کیپر نے آسانی سے گیند پکڑ لی۔
پاکستان نے دونوں کناروں سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور علی اکبر خان، ہارس زیب اور عبدالصمد شہزاد انڈین دفاع کے لیے مسلسل مشکلات پیدا کرتے رہے۔
34ویں منٹ میں رکی شابونگ کا خطرناک شاٹ یوسف اعجاز بٹ نے بہترین انداز میں روک کر پاکستان کو نقصان سے بچا لیا۔
پہلے ہاف کا اہم لمحہ 45ویں منٹ میں آیا جب جنید احمد شاہ کی جانب سے کی گئی پیش قدمی کے بعد گیند عالمگیر علی خان غازی کے پاس پہنچی۔ عالمگیر نے گول کے قریب سے خوبصورت شاٹ کھیل کر گیند جال میں پہنچا دی اور پاکستان کو ایک صفر سے برتری دلائی۔

،تصویر کا ذریعہx.com/TheRealPFF
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
وقفے تک پاکستان ایک صفر سے آگے تھا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں انڈیا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 51ویں منٹ میں وشنو گول کرنے کے قریب پہنچ گئے، تاہم ان کا شاٹ پاکستانی گول کیپر یوسف اعجاز بٹ سے ٹکرا کر پوسٹ سے باہر چلا گیا۔
دو منٹ بعد وشنو کی ایک اور خطرناک پیش قدمی پر سہیل احمد بھٹ گیند تک نہ پہنچ سکے اور پاکستان ممکنہ نقصان سے بچ گیا۔
میچ کا اہم موڑ 56ویں منٹ میں آیا جب پاکستانی کھلاڑی جنید احمد شاہ کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
جنید شاہ کا پاؤں انڈین کھلاڑی بریسن فرنینڈس کے گھٹنے سے جا ٹکرایا تھا۔ ابتدائی طور پر ریفری نے انڈین ٹیم کو ایک فری کک دی، تاہم بعد میں وی اے آر (ویڈیو اسسٹنٹ ریفری) کی مدد سے اس واقعے کا دوبارہ جائزہ لیا گیا۔
ریفری نے سکرین پر ویڈیو دیکھنے کے بعد اپنا فیصلہ تبدیل کیا اور جنید شاہ کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔
وی اے آر یا ویڈیو اسسٹنٹ ریفری مختلف کیمروں کی مدد سے فیصلوں کا جائزہ لیتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مرکزی ریفری کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
جنید شاہ کے اخراج کے بعد پاکستان کو باقی میچ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔

،تصویر کا ذریعہx.com/FootballPak
ریڈ کارڈ کے فوراً بعد انڈیا نے عددی برتری کا فائدہ اٹھایا۔ 56ویں منٹ میں دائیں جانب سے آئی ہوئی گیند دفاعی کھلاڑی کو لگنے کے بعد سہیل احمد بھٹ کے پاس پہنچی، جنھوں نے طاقتور شاٹ کے ذریعے اسے جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
گول کے بعد انڈیا نے دباؤ مزید بڑھا دیا اور پاکستانی دفاع مسلسل حملوں کی زد میں رہا۔
67ویں منٹ میں وشنو کو ایک اور اچھا موقع ملا، لیکن یوسف اعجاز بٹ نے ان کا شاٹ روک کر پاکستان کو مزید نقصان سے بچا لیا۔
اس کے بعد انڈیا نے کھیل پر اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی اور زیادہ تر وقت گیند اپنے قبضے میں رکھی، جبکہ پاکستان ایک کھلاڑی کم ہونے کی وجہ سے اپنے ہی حصے میں رہتے ہوئے دفاع پر توجہ دیتا رہا۔
79ویں منٹ میں انڈیا کو ایک اور موقع ملا جب عرفان کی جانب سے دی گئی گیند پر عبد الربیح نے گول کی کوشش کی، تاہم عیسیٰ سلیمان نے بر وقت مداخلت کرتے ہوئے شاٹ بلاک کر دیا۔
میچ کے آخری 15 منٹوں میں انڈین ٹیم مسلسل دباؤ بڑھاتی رہی اور بالآخر 88ویں منٹ میں اسے کامیابی مل گئی۔
دائیں جانب سے ملنے والی کارنر کک پر سندیپ منڈی نے ہیڈر کے ذریعے گیند گول کی جانب بھیجی جو یوسف اعجاز بٹ کو چکمہ دیتے ہوئے جال میں جا پہنچی۔ اس گول نے انڈیا کو 1-2 کی برتری دلا دی۔
گول کے بعد پاکستان نے سکور برابر کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی اور اضافی وقت میں مزید جارحانہ حکمت عملی اپنائی۔
90ویں منٹ میں پاکستان نے حملہ آور لائن مضبوط کرنے کے لیے تبدیلیاں بھی کیں اور زیادہ کھلاڑی آگے بھیجے۔
اضافی وقت کے دوران پاکستان کو ایک کارنر بھی ملا جس پر گول کیپر یوسف اعجاز بٹ بھی آگے آ گئے، تاہم انڈین دفاع نے خطرہ ٹال دیا۔
اسی دوران عبدالصمد شہزاد نے گول لائن کے قریب شاندار دفاع کرتے ہوئے انڈیا کو تیسرا گول کرنے سے روک دیا اور ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔
تاہم پاکستان آخری لمحات میں برابر گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور ریفری کی اختتامی سیٹی کے ساتھ ہی انڈیا نے 1-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیف چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
’ریڈ کارڈ کے بعد پاکستانی ٹیم اعتماد کھو بیٹھی‘
سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں پاکستان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر زیادہ تر تبصرے دو بڑے نکات کے گرد گھومتے رہے۔
ایک جانب صارفین اور کھیلوں کے مبصرین نے جنید شاہ کے ریڈ کارڈ کو میچ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیا، جبکہ دوسری جانب پاکستان کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ٹیم نے اپنی تاریخ کا پہلا سیف فائنل کھیل کر مثبت پیغام دیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہx.com/Muneeb313_
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فٹبال پاکستان ڈاٹ کام کے نام سے موجود اکاؤنٹ نے اپنے تبصرے میں کہا کہ دوسرے ہاف میں ہونے والی تین بڑی غلطیوں نے پاکستان سے میچ چھین لیا۔
ان کے مطابق 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم شدید مایوسی کا شکار نظر آئی۔
صحافی فیضان لاکھانی نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جنید شاہ کے ریڈ کارڈ کے بعد پاکستانی ٹیم اپنا اعتماد کھو بیٹھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انڈیا میچ میں واپس آیا اور جیت گیا۔
اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار عاطف نواز نے بھی کیا۔ ان کے مطابق ایک غیر ضروری لمحے میں ہونے والی غلطی ریڈ کارڈ کا سبب بنی، جس کے بعد انڈیا نے عددی برتری کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کامیابی سمیٹ لی۔
منیب فرخ نے بھی اپنے مختصر تبصرے میں جنید شاہ کے ریڈ کارڈ اور پاکستان کے 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو جانے کو نمایاں کرتے ہوئے اسے میچ کی اہم پیش رفت قرار دیا۔
تاہم کئی تبصرہ نگاروں نے شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔
فیضان لاکھانی کے مطابق پاکستان کو شکست ضرور ہوئی لیکن ٹیم کی کارکردگی مایوس کن نہیں تھی اور پاکستانی شائقین کو اس ٹیم پر فخر ہونا چاہیے۔
عاطف نواز نے بھی پاکستان کے ٹورنامنٹ کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا رینکنگ میں 197ویں نمبر سے سفر شروع کرنے والی ٹیم نے ایونٹ میں نمایاں بہتری دکھائی اور مستقبل کے لیے امید پیدا کی ہے۔
شاہد ہاشمی کے مطابق پاکستان کے برابر گول کرنے کے بعد انڈیا نے کھیل پر زیادہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا، جبکہ پاکستانی کھلاڑی تھکن کا شکار دکھائی دے رہے تھے۔
دوسری جانب انڈین صارفین اور مبصرین نے کامیابی پر اپنی ٹیم کو سراہا۔
آشیش نیگی نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ انڈیا نے سیف چیمپیئن شپ کا مسلسل تیسرا اور مجموعی طور پر 10واں ٹائٹل جیتا۔
ان کے مطابق انڈین ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں دوسرے ہاف میں کوئی گول نہیں کیا تھا، لیکن فائنل میں پاکستان کے خلاف دو گول کر کے شاندار کم بیک کیا۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔




















