2070 تک پاکستان سب سے بڑا مسلم ملک بن جائے گا، نئی تحقیق میں مسلمانوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا امکان

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images
پیو ریسرچ سینٹر کی ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں مسیحیوں کے مقابلے میں مسلمانوں کی آبادی میں زیادہ اضافہ ہو رہا ہے۔
اس تحقیق میں یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 2070 تک پاکستان مسلمانوں کی آبادی والا سب سے بڑا ملک بن جائے گا جبکہ امریکہ کے مقابلے میں کانگو میں مسیحیوں کی آبادی زیادہ ہو جائے گی۔
پیو کے تخمینے جنوبی ایشیا میں ایک وسیع تر آبادیاتی تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم اکثریتی آبادی والا ملک بننے کے لیے انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ دے گا، جبکہ انڈیا دوسرے نمبر پر آ جائے گا۔ بنگلہ دیش میں بھی مسلم آبادی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
یہ تحقیق آئندہ 50 برس کے دوران دنیا کی مذہبی ساخت کا تخمینہ پیش کرتی ہے۔ اس میں 201 ممالک اور خطوں کے اعداد و شمار استعمال کیے گئے ہیں، جو عملی طور پر دنیا کی تقریباً پوری آبادی کا احاطہ کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
انڈیا آنے والی کئی دہائیوں تک واضح اکثریت کے ساتھ ہندو اکثریتی ملک رہے گا، تاہم اس کی مذہبی ساخت میں بتدریج تبدیلی متوقع ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق میں 2070 تک دنیا کی مذہبی آبادیوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس وقت تک ہندو انڈیا کی آبادی کا 76 فیصد ہوں گے، جو 2020 میں 79 فیصد تھے، جبکہ مسلمانوں کا تناسب 15 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد ہو جائے گا۔
یہ تبدیلی بڑی حد تک عمر اور شرحِ پیدائش کے فرق سے جڑی ہوئی ہے۔ انڈیا میں مسلمان ہندوؤں کے مقابلے میں کم عمر ہیں اور اوسطاً ان کے ہاں زیادہ بچے پیدا ہوتے ہیں۔
اس مفروضے کے ساتھ کہ حالیہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہیں گے، یہ تحقیق 2020 سے 2070 کے درمیان سات مذہبی گروہوں کا جائزہ لیتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
مردم شماری اور سروے کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اس میں 2020 میں ہر گروہ کی تعداد اور عمر کے ڈھانچے کا تعین کیا گیا ہے، اور شرحِ پیدائش اور مذہب کی تبدیلی سے متعلق فرق کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
یہ نتائج انڈیا کو بدلتے ہوئے عالمی مذہبی منظرنامے کے مرکز میں رکھتے ہیں۔
توقع ہے کہ 2070 تک پاکستان کے بعد دنیا کی دوسری بڑی مسلم آبادی انڈیا میں ہو گی، جہاں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 33 کروڑ 40 لاکھ ہو جائے گی۔
پاکستان خود مسلم آبادی کے لحاظ سے انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ دے گا اور وہاں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ 10 لاکھ ہونے کا اندازہ ہے۔
تاہم یہ تخمینے اُن زیادہ ڈرامائی بیانیوں کی زیادہ تائید نہیں کرتے جو کبھی کبھار انڈیا کی بدلتی مذہبی ساخت کے ساتھ جوڑے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہے تو 2020 سے 2070 کے درمیان انڈیا میں ہندو آبادی میں 17 کروڑ 60 لاکھ کا اضافہ ہو گا۔
ہندو آبادی بدستور ملک کی آبادی کے تین چوتھائی سے زیادہ حصے پر مشتمل رہے گی۔
اگرچہ انڈیا میں مجموعی شرحِ پیدائش میں نمایاں کمی آئی ہے، لیکن مسلم خواتین اوسطاً ہندو خواتین کی نسبت زیادہ بچے پیدا کرتی ہیں۔
پیو کے مطابق یہ تبدیلی بنیادی طور پر آبادیاتی رفتار کا نتیجہ ہے۔
2020 میں انڈیا کے مسلمانوں کی اوسط عمر 24 سال تھی، جبکہ ہندوؤں کی 29 سال۔
2025 سے 2030 کے درمیان پیو کا اندازہ ہے کہ انڈیا میں مسلم خواتین کے ہاں اوسطاً 2.3 بچے پیدا ہوں گے، جبکہ ہندو خواتین کے ہاں یہ تعداد 1.8 ہو گی۔
پیو ریسرچ سینٹر کی سٹیفنی کریمر نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا 'ہم توقع کرتے ہیں کہ انڈیا میں مذہبی تبدیلی تقریباً مکمل طور پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان دیرینہ آبادیاتی فرق کی وجہ سے ہو گی۔ مسلمان نسبتاً کم عمر ہیں اور ان کی شرحِ پیدائش زیادہ ہے۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے کہا 'شرحِ پیدائش کا فرق نمایاں طور پر کم ہو چکا ہے۔ 1992 میں ایک خاتون کے حساب سے یہ فرق ایک سے زیادہ بچوں کا تھا، جو حالیہ برسوں میں تقریباً نصف بچے تک رہ گیا ہے اور امکان ہے کہ مزید کم ہو گا۔ لیکن ہندوؤں کی شرحِ پیدائش پہلے ہی متبادل سطح سے نیچے آ چکی ہے، جبکہ مسلمانوں کی شرحِ پیدائش آئندہ دو دہائیوں تک اس سطح سے اوپر رہنے کی توقع ہے۔'
(متبادل سطحِ پیدائش وہ سطح ہوتی ہے جس پر نئی پیدائشیں آبادی کو مستحکم رکھنے کے لیے کافی ہوں۔)
پرنسٹن یونیورسٹی کے انڈین ماہرِ آبادیات کے ایس جیمز کہتے ہیں کہ یہ تخمینے حیران کن نہیں ہیں۔
انھوں نے بی بی سی سے کہا کہ 'مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان شرحِ پیدائش کا فرق ایک ثابت شدہ حقیقت ہے اور اس کا مطلب ہے کہ اگلی چند دہائیوں تک مسلمانوں کی آبادی نسبتاً تیزی سے بڑھے گی۔ لیکن تمام مذہبی برادریوں میں شرحِ پیدائش کم ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ فرق مزید سکڑ جائے گا۔'
'بالآخر یہ ایک دوسرے کے قریب آ جائیں گی۔'
وہ مزید کہتے ہیں کہ یہ تخمینے بھارت کی آبادیاتی سمت میں کسی ڈرامائی تبدیلی کی نشاندہی نہیں کرتے۔
ماہرینِ آبادی اُن دعوؤں کو مسترد کرتے ہیں، جنہیں اکثر ہندو دائیں بازو کے گروہ بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، کہ مسلمان بالآخر ہندوؤں سے زیادہ ہو جائیں گے۔
ان کے مطابق انڈیا میں آبادیاتی تبدیلی کی وجہ بننے والی کسی بڑی مذہبی تبدیلی کا کوئی ثبوت نہیں ہے، اور یہ تخمینے ایسے 'خطرے کی گھنٹی بجانے والے منظرناموں' کی حمایت نہیں کرتے۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images
رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کی وسیع تر تصویر بھی اتنی ہی اہم ہے۔
2070 تک پاکستان کی مسلم آبادی بڑھ کر 46 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ ہو جائے گی اور وہ دنیا کا سب سے بڑا مسلم آبادی والا ملک بن جائے گا۔
34 کروڑ 40 لاکھ مسلمانوں کے ساتھ انڈیا دوسرے نمبر پر ہو گا، جبکہ بنگلہ دیش کی مسلم آبادی بڑھ کر 21 کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
دوسری جانب انڈیا اور نیپال دنیا کے واحد ہندو اکثریتی ممالک رہیں گے۔
ان علاقائی تبدیلیوں کے پیچھے ایک عالمی کہانی بھی نظر آتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2035 تک مسلمانوں کی تعداد مسیحیوں سے زیادہ ہو جائے گی اور وہ دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن جائیں گے۔
2070 تک مسلمانوں کی تعداد 2020 کے 2.02 ارب کے مقابلے میں بڑھ کر 3.64 ارب ہو جانے کی توقع ہے۔
جبکہ مسیحیت کے پیروکاروں کی تعداد تین ارب سے کچھ کم رہے گی۔
مسلمان انسانیت کے 36 فیصد حصے پر مشتمل ہوں گے، جبکہ آج یہ تناسب 26 فیصد ہے۔
تاہم سب سے بڑی تبدیلی شاید جنوبی ایشیا سے ہزاروں میل مغرب میں، افریقہ میں رونما ہو رہی ہے۔
مسیحیت کا مرکزِ ثقل بتدریج یورپ اور امریکہ سے ہٹ کر سب صحارا افریقہ کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا کے نصف سے زیادہ مسیحی اسی خطے میں رہیں گے، جبکہ 2020 میں یہ تناسب 31 فیصد تھا۔
پیو کا اندازہ ہے کہ جمہوریہ کانگو مسیحی آبادی کے لحاظ سے امریکہ کو پیچھے چھوڑ دے گا۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times via Getty Images)
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کمی یورپ میں متوقع ہے۔
اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا کی صرف 11 فیصد مسیحی آبادی یورپ میں ہو گی، جبکہ 2020 میں یہ تناسب 22 فیصد تھا۔
توقع ہے کہ 2065 تک امریکہ اپنی مسیحی اکثریت کھو دے گا، اگرچہ 2070 میں بھی مسیحی وہاں سب سے بڑا مذہبی گروہ رہیں گے۔
اس بدلتے مذہبی منظرنامے کی ایک وجہ اُن لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد بھی ہے جو خود کو کسی مذہب سے وابستہ نہیں سمجھتے۔
برطانیہ اور فرانس میں 2070 تک 'غیر مذہبی وابستگی رکھنے والے' افراد اکثریت بننے کی توقع ہے۔
جنوبی کوریا بھی اسی راستے پر چلنے کا امکان رکھتا ہے۔
تاہم دنیا کی مجموعی آبادی میں ان کا تناسب 24 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ جانے کی پیش گوئی ہے، جس کی بڑی وجہ چین کی آبادی میں کمی ہے۔
دنیا کی غیر مذہبی آبادی کا تقریباً دو تہائی حصہ چین میں رہتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی متوقع آبادی میں کمی دوسرے ممالک میں غیر مذہبی آبادی کے اضافے کے اثرات کو زائل کر دے گی۔
2070 تک کچھ اور غیر متوقع تبدیلیاں بھی سامنے آ سکتی ہیں۔
توقع ہے کہ امریکہ ہندو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن جائے گا، جس کی بڑی وجہ نقلِ مکانی ہو گی۔
اسی طرح آسٹریلیا میں غیر مذہبی وابستگی رکھنے والے افراد کی تعداد مسیحیوں سے زیادہ ہو جائے گی اور وہ ملک کا سب سے بڑا گروہ بن جائیں گے۔
دوسری طرف بدھ مت آبادیاتی دباؤ کا سامنا کرے گا۔
چین، جاپان اور جنوبی کوریا میں بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد نصف سے زیادہ کم ہونے کی توقع ہے، جو مشرقی ایشیا کی عمر رسیدہ اور سکڑتی ہوئی آبادیوں کی عکاسی کرتی ہے۔
لاوس اور منگولیا اپنے بدھ اکثریتی تشخص سے محروم ہو سکتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
یقیناً ان تخمینوں کے ساتھ چند احتیاطی نکات بھی جڑے ہوئے ہیں۔
یہ آبادیاتی تخمینے ہیں، نہ کہ ہر اُس چیز کی پیش گوئی جو مستقبل میں ہو سکتی ہے۔
پیو یہ فرض کرتا ہے کہ شرحِ پیدائش، نقلِ مکانی اور مذہبی تبدیلی یا تبدیلیِ مذہب سے متعلق حالیہ رجحانات برقرار رہیں گے۔
رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ 'بہت سے ایسے واقعات ہیں جو مذہبی گروہوں کی آبادیوں کو متاثر کر سکتے ہیں (جن میں جنگیں، قدرتی آفات، وبائیں اور معاشی یا سماجی حالات میں تبدیلیاں شامل ہیں) جن کا یہاں تجزیہ نہیں کیا گیا۔'
انڈیا کے لیے 2020 کی مذہبی ساخت کا تخمینہ بھی 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر لگانا پڑا کیونکہ اس کے بعد کی مردم شماری میں تاخیر ہو گئی تھی۔
اس کے باوجود مجموعی سمت واضح ہے۔
جنوبی ایشیا دنیا کی مذہبی کہانی میں بدستور مرکزی حیثیت رکھے گا، نہ صرف انڈیا کی بڑی ہندو آبادی کی وجہ سے بلکہ اس خطے کی بڑھتی ہوئی مسلم آبادیوں کے باعث بھی۔
افریقہ مسیحیت کے مستقبل کی تشکیل میں مزید اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ یورپ اور مشرقی ایشیا کے بعض حصے زیادہ غیر مذہبی ہوتے جائیں گے۔
واضح طور پر 2070 تک دنیا کا مذہبی منظرنامہ نمایاں طور پر مختلف ہو سکتا ہے، جہاں تبدیلیِ مذہب کے بجائے پیدائش، اموات اور نقلِ مکانی کی غیر مساوی آبادیاتی حرکیات زیادہ اثر انداز ہوں گی۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔




















