لائیو , امریکہ کی ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق، ایران کا امریکی ڈرون گرانے کا دعویٰ

امریکہ نے ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن یا امریکی مفادات کے خلاف کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب ’بے مثال‘ ہوگا۔ دوسری جانب کویت اور بحرین کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جس سے خلیج میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

لائیو کوریج

  1. امریکہ کی ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق

    Trump

    امریکہ نے ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن یا امریکی مفادات کے خلاف کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب ’بے مثال‘ ہوگا۔ دوسری جانب کویت اور بحرین کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جس سے خلیج میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

    ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی جنگی طیاروں نے آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر پاسدارانِ انقلاب کی ایک میزائل لانچنگ سائٹ کو نشانہ بنایا۔ اہلکار کے مطابق یہ کارروائی امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے خلاف مبینہ خطرات کے جواب میں کی گئی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی سلامتی کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے کو ’بہت سنجیدگی سے‘ لیتا ہے۔

    ادھر بحرین نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی حملوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ بحرینی فوج کے مطابق حملہ آور اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیے گئے۔

    منامہ میں اے ایف پی کے نمائندے نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی، جبکہ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی افواج کے ریڈار نظام کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا۔ پاسداران کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔

    بحرین کی وزارتِ خارجہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ بحرین اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس معاملے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  2. فضائی دفاعی نظام دشمن ڈرون حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے: کویت

    کویتی فوج کا کہنا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام اس وقت دشمن ڈرونز کے حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ فوج کے مطابق اگر مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ان ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔

    کویت کی جنرل ہیڈکوارٹرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

  3. یوکرین سے ایران تک اہم امور زیرِ بحث، ٹرمپ، شی اور پوتن آج شینزین میں ملیں گے

    Trump

    روسی صدر ولادیمیر پوتن چین کے شہر شینزین پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایک تاریخی سہ فریقی ملاقات میں شرکت کریں گے۔

    یہ ملاقات جمعرات کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر ہو رہی ہے اور پہلی بار دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے رہنما ایک مشترکہ اجلاس میں آمنے سامنے بیٹھیں گے۔

    چین کی وزارتِ خارجہ نے پیر کو اس ملاقات کی تصدیق کی تھی۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس اور کریملن بھی اس حوالے سے اعلانات کر چکے تھے۔

    امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق اس ملاقات کی تجویز روسی صدر پوتن نے پیش کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا ایک اہم مقصد یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کسی ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

    صدر ٹرمپ اکتوبر میں جوہری تخفیفِ اسلحہ سے متعلق سہ فریقی مذاکرات کا خیرمقدم کر چکے ہیں۔ اس ماہ کے آغاز میں ملاقات کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کہا تھا کہ تینوں رہنما ’بہت سے معاملات‘ پر گفتگو کریں گے۔

    صدر ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ ایران میں جاری جنگ کے خاتمے کی کوشش کر رہی ہے۔

    اگرچہ چین نے ملاقات کی تصدیق کر دی ہے، تاہم وزارتِ خارجہ نے مذاکرات کے ایجنڈے یا زیرِ بحث آنے والے موضوعات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاہم مبصرین کے مطابق یوکرین جنگ، جوہری تخفیفِ اسلحہ، عالمی سلامتی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال اجلاس کے اہم نکات میں شامل ہو سکتے ہیں۔

  4. ایران نے واشنگٹن ڈی سی کو ’کیمیکل ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا

    ایران نے متعدد امریکی میڈیا اداروں کی ان رپورٹس کو مسترد کیا ہے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تہران واشنگٹن ڈی سی کو کیمیکل ’ڈرٹی بم‘ سے نشانہ بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔

    منگل کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کرنے والے اب اپنے مذموم عزائم کے لیے میڈیا میں ماحول ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بے بنیاد الزامات گھڑ کر اور انہیں پھیلا رہے ہیں۔ ان میں وہ حالیہ دعوے بھی شامل ہیں جو نیویارک ٹائمز نے شائع کیے اور مبینہ ’ڈرٹی بم‘ سے متعلق وہ من گھڑت بیانیہ بھی شامل ہے جسے سی این این نے فروغ دیا۔‘

    خیال رہے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ تہران ممکنہ طور پر واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے عہدیداروں کو ایک مبینہ ’ڈرٹی بم‘ کے ذریعے نشانہ بنانے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق اس منصوبہ بندی سے کسی فوری حملے کا اشارہ نہیں ملتا بلکہ یہ مختلف ممکنہ آپشنز کا جائزہ لینے کی ایک کوشش تھی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی منگل کو اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سی این این کی اس رپورٹ کو ’انتہائی سنجیدگی‘ سے لے رہے ہیں، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر واشنگٹن میں کیمیائی ہتھیار کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

    فلپائن پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ موجود ہے تو ایران کو ’ایسی قیمت چکانا پڑے گی جیسی اس سے پہلے کسی ملک نے کبھی نہیں چکائی ہوگی۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ ایسا نہیں ہے، لیکن ہم اسے انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں کیونکہ وہ (ایران) بظاہر غیر متوقع اقدامات کر سکتے ہیں۔‘

    اس دوران وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارن بِس نے اس رپورٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ انتظامیہ ’تمام ممکنہ خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ لاحق نہیں ہے۔‘

  5. ٹرمپ کا فلپائن کا مختصر دورہ: کواڈ اتحاد کا اجلاس، پوتن سے ملاقات کا امکان اور تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدہ

    ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے اپنے اہم دورے کے پہلے مرحلے میں منیلا پہنچے ہیں۔

    فلپائن کے دارالحکومت پہنچنے پر امریکی صدر کا پُرتکلف استقبال کیا گیا۔ ان کے لیے سرخ قالین بچھایا گیا، موسیقی اور رقص کرنے والے فنکاروں کے دستوں نے انھیں کوش آمدید کہا۔

    اس کے بعد ٹرمپ نے فوراً سفارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور ’کواڈ‘کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس اتحاد میں امریکہ، جاپان، انڈیا اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2017 میں دوبارہ فعال ہونے کے بعد سے اس گروپ کا غیر اعلانیہ مقصد چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔

    اپنے مشترکہ بیان میں کواڈ نے کہا کہ یہ اتحاد ’مثبت کردار ادا کرنے والی اور عملی اقدامات پر مبنی شراکت داری‘ ہے، جو ’امن، استحکام اور خوشحالی‘ کے لیے پرعزم ہے۔

    فلپائن کا یہ مختصر دورہ دراصل چین روانگی سے قبل ایک مختصر پڑاؤ ہے۔ ٹرمپ بدھ کو چین جائیں گے جہاں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات متوقع ہے۔

    ٹرمپ نے تھائی لینڈ کے ساتھ ایک ’تجارتی معاہدے‘ کا بھی اعلان کیا، تاہم یہ ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔ تھائی وزارتِ خارجہ نے اسے ’پیش رفت کا ثبوت‘ قرار دیا ہے۔

    کواڈ اجلاس میں شرکت سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے چین میں پوتن کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کا امکان رد نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر یہ ممکن ہوا تو میں ضرور ملاقات کروں گا۔‘

    ٹرمپ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن بھی اجلاس میں شرکت کے خواہش مند تھے، لیکن ’دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘

  6. ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا جزیرہ قشم کے نزدیک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    ایران

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر جزیرۂ قشم کے جنوب میں ایک امریکی ایم کیو-1 ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ یہ 18واں امریکی ایم کیو-1 ڈرون ہے جسے ایرانی افواج نے مار گرایا ہے۔

    اس سے قبل منگل کی صبح پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک امریکی ایم کیو ایم-170 (MQM-170) ڈرون پکڑنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    منگل کی صبح جاری کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ ان کی فضائیہ کے ماہرین نے الیکٹرانک جنگی کارروائی کے دوران قشم جزیرے کے جنوب میں فضا میں امریکی ایم کیو ایم 10 ڈرون کا کنٹرول حاصل کیا اور اسے بحفاظت اتار لیا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تاحال پاسدارانِ انقلاب کے اس دعوے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔

  7. ایرانی وزیر خارجہ کی عمان میں قطری وفد سے ملاقات: سرکاری میڈیا

    ُعباس عراقچی

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، جو اس وقت عمان میں ہیں، نے قطری نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔

    قطر کے وزیر اعظم کے مشیر کی سربراہی میں ایک قطری وفد بھی عمان پہنچا ہے۔

    ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ملاقات کی تفصیلات بیان کیے بغیر کہا کہ فریقین نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

    اس ملاقات میں عراقچی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے قطر کے ’کردار کو جاری رکھنے‘ پر زور دیا۔

    ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی تازہ صورتحال کے حوالے سے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا کہ اس وقت کوئی مذاکرات جاری نہیں ہیں۔

    عراقچی اس سے قبل عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ اس سے پہلے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

  8. حوثیوں کی طرف سے فائر کیا گیا ڈرون ریاض میں تباہ کر دیا گیا: سعودی فوجی اتحاد

    یمن میں عالمی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں بنائے گئے عسکری اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منگل کو اس نے حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک ڈرون ریاض کے علاقے میں روک کر تباہ کیا ہے۔

    پیر کے روز بھی سعودی اتحاد نے کہا تھا کہ اس نے حوثی گروہ کی جانب سے داغے گئے دو ڈرون مکہ اور ریاض کے علاقوں میں تباہ کیے ہیں۔

  9. روس کا فوجی طیارہ سائبیریا میں گر کر تباہ، 19 افراد ہلاک: وزارت دفاع

    روس

    روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے ایک فوجی مال بردار طیارہ سائبیریا کے علاقے کیمیروو میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

    روس کے سرکاری میڈیا کے مطابق وزارت نے بتایا کہ این-12 طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب وہ ایک غیر آباد علاقے میں حادثے کا شکار ہوا۔

    بیان کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی تھی، جبکہ روسی ہوا بازی کے متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    مقامی گورنر ایلیا سیریدیوک کا کہنا ہے کہ یاگونوفو گاؤں کے قریب طیارہ گرنے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر لگنے والی آگ پر جلد قابو پا لیا، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بند کر دیا ہے۔

  10. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    یہاں آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تجزیے پیش کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ 15 اکتوبر کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔