رابرٹ پیٹنسن: نئے ’جیمز بانڈ‘ 007 کون ہیں؟

@007
    • مصنف, ہیلن بشبی
    • عہدہ, ثقافتی نامہ نگار
  • وقت اشاعت
  • مطالعے کا وقت: 11 منٹ

’ٹوائلائٹ‘ اور ’دی بیٹ مین‘ جیسی فلموں سے شہرت پانے والے برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن اگلے جیمز بانڈ کے کردار کے لیے منتخب ہو گئے ہیں۔

یہ اعلان پیر کے روز ایمازون ایم جی ایم سٹوڈیز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا، جس میں پیٹنسن کی 007 کے روپ میں ایک تصویر بھی شامل تھی۔

40 سالہ پیٹنسن اس مشہور فرضی جاسوس کا کردار ادا کرنے والے ساتویں اداکار بن جائیں گے اور وہ بانڈ سیریز کی 26ویں فلم میں نظر آئیں گے، جو 2028 میں ریلیز ہونے والی ہے۔

لندن میں پیدا ہونے والے اداکار نے ایک بیان میں کہا: ’جیمز بانڈ سنیما کی تاریخ کے سب سے افسانوی کرداروں میں سے ایک ہے، اور 007 کے کردار کے لیے منتخب ہونا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔‘

اگلی بانڈ فلم کی ہدایت کاری ڈینس ویلینیو کریں گے جبکہ اس کا سکرپٹ سٹیون نائٹ لکھیں گے، تاہم فلم کے عنوان اور حتمی ریلیز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

اپنے بیان میں پیٹنسن نے کہا کہ وہ فلم کی تخلیقی ٹیم کے ان پر اعتماد کے لیے بے حد شکر گزار ہیں۔

انھوں نے مزید کہا: ’یہ کہنا کہ یہ کردار میرے خواب کی تعبیر ہے، شاید میرے جذبات کی مکمل ترجمانی نہیں کرتا۔ اس شاندار ٹیم کے ساتھ اس نئے سفر کا آغاز کرنے اور آگے ہونے والے کام کے لیے میں بے حد پُرجوش ہوں۔‘

یہ اعلان کئی برسوں پر محیط ان قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آیا ہے کہ ڈینیئل کریگ کی جگہ تفریحی دنیا کے اس انتہائی نمایاں اور کڑی جانچ پڑتال والے کردار کو کون سنبھالے گا۔

اگلی 007 فلم ایک نئے دور کا آغاز سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ یہ پہلی جیمز بانڈ فلم ہو گی جو طویل عرصے تک فرنچائز کی نگرانی کرنے والے پروڈیوسرز باربرا بروکولی اور مائیکل جی ولسن کے پیچھے ہٹنے کے بعد بنائی جا رہی ہے۔ ایم جی ایم کی خریداری کے بعد ایمیزون نے بھی فرنچائز کا تخلیقی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

جب 26ویں بانڈ فلم ریلیز ہو گی تو آخری فلم، 2021 کی نو ٹائم ٹو ڈائی، کو سات سال گزر چکے ہوں گے، جو فرنچائز کی تاریخ کا سب سے طویل وقفہ ہو گا۔

Robert Pattinson in a tuxedo
،تصویر کا کیپشنرابرٹ پیٹنسن نے ٹوائلائٹ فرنچائز اور دی بیٹ مین سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کی ہے

’شاہِ برطانیہ کی خفیہ سروس میں خوش آمدید، مسٹر بانڈ‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اردو کی نئی موبائل ایپ کی تصویر
تمام اہم خبریں ایک ایپ میں

وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

پیٹنسن کی کاسٹنگ کا خیرمقدم بکنگھم پیلس نے بھی کیا، جس نے انسٹاگرام پر خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’ہِز میجیسٹیز سیکرٹ سروس میں خوش آمدید، مسٹر بانڈ۔‘

1969 کی فلم ’آن ہر میجیسٹیز سیکرٹ سروس‘ میں جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے آسٹریلوی اداکار جارج لیزنبی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انھوں نے پیٹنسن کو ’دنیا کے سب سے خصوصی کلب‘ میں خوش آمدید کہا۔

لیزنبی نے کہا: ’خود لطف اندوز ہونا مت بھولیے گا۔۔۔ اب دیکھتے ہیں کہ کیا تمھیں بھی ’یہ دوسرے ساتھی کے ساتھ کبھی نہیں ہوا‘ والا لمحہ نصیب ہوتا ہے۔ سب نیک تمنائیں، دوست۔‘

حالیہ ہفتوں میں سکرین ٹیسٹ ہونے کے بعد جوش او کونر، کیلَم ٹرنر اور جیک لوڈن سمیت کئی دیگر اداکاروں کے نام بھی اس کردار کے لیے زیر غور ہونے کی اطلاعات تھیں۔

تاہم ایمازون ایم جی ایم سٹوڈیز نے بالآخر ایک معروف نام کا انتخاب کیا، یعنی ایک ایسے فلمی ستارے کا جسے عام طور پر بااعتماد اور محفوظ انتخاب سمجھا جاتا ہے۔

گذشتہ ہفتے کی اطلاعات کے مطابق پیٹنسن کے معاہدے میں تین فلموں کے لیے 007 کا کردار ادا کرنا شامل ہے، نہ کہ چار فلمیں جیسا کہ بعض دیگر اداکاروں کے ساتھ مبینہ طور پر زیر بحث تھا، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

Robert Pattinson next to a poster of Batman
،تصویر کا کیپشنرابرٹ پیٹنسن نے 2022 کی فلم دی بیٹ مین میں مرکزی کردار ادا کیا

رابرٹ پیٹنسن کا کیریئر پہلے ہی ٹوائلائٹ سیریز، دی بیٹ مین اور دی اوڈیسی جیسی فلموں کی بدولت عروج پر ہے، تاہم جیمز بانڈ کا کردار انھیں شہرت اور مقبولیت کی ایک نئی بلندی تک پہنچا سکتا ہے۔

وہ خود کو ایک مرکزی اداکار، ایکشن ہیرو اور ورسٹائل فنکار کے طور پر منوا چکے ہیں، اور غالباً یہی وجہ ہے کہ انھیں اب نفیس اور پُراسرار برطانوی خفیہ ایجنٹ 007 کا کردار سونپا گیا ہے۔

40 برس کی عمر میں وہ اس کردار کے لیے زیرِ غور آنے والے بعض دوسرے امیدواروں سے زیادہ عمر کے ہیں، لیکن وہ سب سے زیادہ شناسا اور مقبول نام بھی ہیں۔ ممکن ہے ایمیزون ایم جی ایم نے باکس آفس کی کشش کو مدنظر رکھتے ہوئے اسی عنصر کو اہمیت دی ہو۔

حالیہ برسوں میں ان کی فلموں نے ناقدین اور شائقین دونوں کی داد سمیٹی ہے۔ ان میں کرسٹوفر نولن کی بلاک بسٹر فلم ’دی اوڈیسی‘ بھی شامل ہے، جس میں انھوں نے منفی کردار اینٹینوس ادا کیا۔

نومبر میں ریلیز ہونے والی ’پرائم ٹائم‘ میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔ انڈیپنڈنٹ نے اسے ’آسکر کے قابل‘ قرار دیا جبکہ دی ٹائمز نے ان کی اداکاری کو ’شاندار‘ کہا۔ اس فلم میں انھوں نے امریکی ٹی وی پروگرام ’ٹو کیچ اے پریڈیٹر‘ کے حقیقی میزبان کا کردار نبھایا۔

پیٹنسن نے 2022 کی فلم ’دی بیٹ مین‘ کی کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا، جو ’سپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کے بعد کووڈ وبا کے دوران شمالی امریکہ میں دوسری بڑی اوپننگ حاصل کرنے والی فلم بنی۔

دی گارڈین کے مطابق انھوں نے بیٹ مین کے سنجیدہ اور اندرونی کشمکش میں مبتلا کردار کو دل موہ لینے والی اداکاری کے ساتھ پیش کیا۔

ادھر تاریک رومانوی مزاحیہ فلم ’دی ڈراما‘ میں ان کی اداکاری کو ناقدین نے ان کے کیریئر کی نمایاں ترین پرفارمنسز میں شمار کیا۔

یہ ان تین فلموں میں سے ایک تھی جن میں وہ رواں سال زندایا کے ساتھ نظر آئے، جبکہ دیگر دو فلمیں دی اوڈیسی اور ڈیون: پارٹ تھری تھیں۔

جنوب مغربی لندن کے علاقے بارنز میں پیدا ہونے والے رابرٹ پیٹنسن اپنے والد، جو کلاسک گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ تھے، والدہ، جو ایک ماڈلنگ ایجنسی میں کام کرتی تھیں، اور اپنی دو بڑی بہنوں کے ساتھ پلے بڑھے۔

اداکاری سے ان کی دلچسپی سکول کے زمانے میں پیدا ہوئی، جب وہ بارنز تھیٹر کلب میں شامل ہوئے۔

انھوں نے 2008 میں ایک مقامی اخبار کو بتایا: ’اگر وہ چھوٹا سا تھیٹر کلب نہ ہوتا تو آج میں اداکار نہ ہوتا۔‘

پیٹنسن نے مذاقاً کہا کہ وہ ابتدا میں اس کلب میں صرف اس لیے گئے تھے کیونکہ وہاں ’بہت سی خوبصورت لڑکیاں آتی تھیں۔‘

ان کے بقول: ’میں ابتدا میں پردے کے پیچھے کام کرتا تھا، پھر جب اچھے اداکار ایک ایک کر کے چلے گئے تو مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے صرف میں ہی موزوں رہ گیا۔‘

انھوں نے کہا: ’عجیب بات یہ ہے کہ شاید وہی کام میری زندگی کا بہترین تجربہ تھا اور آج بھی مجھے اسی پر سب سے زیادہ فخر ہے۔‘

فلمی دنیا میں ان کی پہلی بڑی پیش رفت 2005 میں اس وقت ہوئی جب انھوں نے ’ہیری پوٹر اینڈ دی گوبلٹ آف فائر‘ میں سیڈرک ڈگوری کا کردار ادا کیا۔

اگرچہ یہ کردار بہت بڑا نہیں تھا، لیکن اس نے ناظرین اور فلمی صنعت کی توجہ ان کی جانب مبذول کرا دی اور ان کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھول دیے۔

Robert Pattinson and Kristen Stewart head shots, both are in smart clothes on a red carpet
،تصویر کا کیپشنرابرٹ پیٹنسن اور کرسٹن سٹیورٹ نے 2008 سے 2012 تک پانچ ٹوائلائٹ فلموں میں اداکاری کی

تین سال بعد رابرٹ پیٹنسن کو 'ٹوائلائٹ' فلم سیریز کی پہلی فلم میں مرکزی کردار ملا، جس میں انھوں نے کرسٹن سٹیورٹ کے ساتھ ایسی محبت کی کہانی پیش کی جو دنیا بھر میں مقبول ہوئی۔ پیٹنسن نے ویمپائر ایڈورڈ کولن جبکہ کرسٹن سٹیورٹ نے بیلا سوان کا کردار ادا کیا، جو بعد میں ویمپائر بن جاتی ہے۔

مصنفہ سٹیفنی میئر کے مقبول ناولوں پر مبنی اس فلمی سیریز نے 2012 تک دنیا بھر میں تین ارب ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا اور پیٹنسن کو عالمی شہرت دلانے کے ساتھ نوجوانوں کے پسندیدہ ستاروں میں شامل کر دیا۔

تاہم اچانک ملنے والی اس غیرمعمولی مقبولیت کے ساتھ آنے والی توجہ اور مداحوں کا جوش و خروش ان کے لیے آسان نہیں تھا۔

اپنے ابتدائی کیریئر میں انھوں نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: ’اگرچہ یہ میرے کام کا حصہ ہے، لیکن بعض اوقات ایسا لگتا ہے جیسے لوگوں کو صرف میرے لیے چیخنے اور شور مچانے کے لیے جمع کیا گیا ہو۔‘

ان کے بقول: ’میرا نہیں خیال کہ کوئی چیز آپ کو اس طرح کی شہرت اور مداحوں کے ردعمل کے لیے تیار کر سکتی ہے۔ آج بھی ہر بار یہ سب دیکھ کر میں حیران رہ جاتا ہوں۔‘

2010 میں ٹائم میگزین نے رابرٹ پیٹنسن کو دنیا کے اُن 100 بااثر ترین افراد میں شامل کیا جو اپنے شعبوں میں نمایاں اثر رکھتے ہیں۔ میگزین نے اس موقع پر لکھا تھا کہ ’ہم نے ابھی پردۂ سکرین پر ان کی صلاحیتوں کا شاید دسواں حصہ بھی نہیں دیکھا۔‘

ٹوائلائٹ سیریز کی غیرمعمولی کامیابی کے بعد پیٹنسن نے خود کو صرف ایک رومانوی ہیرو تک محدود رکھنے کے بجائے مختلف اور چیلنجنگ کرداروں کا انتخاب کیا۔

اسی سفر میں انھوں نے معروف ہدایت کار ڈیوڈ کروننبرگ کے ساتھ 2012 کی فلم ’کاسموپولس‘ میں کام کیا، جبکہ بعد ازاں ورنر ہرزوگ کی 'کوئین آف دی ڈیزرٹ' اور رابرٹ ایگرز کی نفسیاتی ہارر فلم 'دی لائٹ ہاؤس' کا بھی حصہ بنے۔

دی لائٹ ہاؤس میں کردار قبول کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے انھوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انھوں نے ہدایت کار رابرٹ ایگرز سے کہا تھا: ’میں صرف کچھ ایسا کرنا چاہتا ہوں جو عام دھارے سے ہٹ کر اور ذرا مختلف ہو۔‘

یہی رجحان آگے چل کر ان کی شناخت بن گیا، اور انھوں نے بڑے بجٹ کی فلموں کے ساتھ ساتھ فنکارانہ اور تجرباتی منصوبوں میں بھی کام جاری رکھا۔

Robert Pattinson and Zendaya in evening dress, they are smiling
،تصویر کا کیپشنرابرٹ پیٹنسن اور زندایا اس سال تین فلموں میں ایک ساتھ نظر آئے ہیں: دی ڈراما، دی اوڈیسی اور ڈیون: پارٹ تھری

تاہم اس کے بعد پیٹنسن ایک بار پھر بڑی فلمی صنعت کی جانب لوٹ آئے۔ انھوں نے کرسٹوفر نولن کی سائنس فکشن تھرلر ’ٹینیٹ‘ میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ 2022 میں وہ ’دی بیٹ مین‘ کے مرکزی کردار میں نظر آئے۔ اس فلم کی ہدایت کاری میٹ ریوز نے کی تھی جبکہ اس میں زوئی کراوٹز اور پال ڈانو سمیت کئی معروف اداکار بھی شامل تھے۔

پیٹنسن نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بڑے بجٹ کی فلموں میں واپسی کا فیصلہ انھوں نے سوچ سمجھ کر کیا تھا۔ ان کے مطابق: ’میں شاید خود کو ایک مختلف سمت میں آزمانا چاہتا تھا۔ کافی عرصے سے میں نے کوئی بہت بڑی فلم نہیں کی تھی، اس لیے محسوس ہوا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کسی بڑے منصوبے کا حصہ بنوں۔‘

تاہم انھوں نے واضح کیا کہ فلم کا بجٹ چاہے جتنا بھی بڑا ہو، بطور اداکار اس کے ساتھ ان کا رویہ نہیں بدلتا۔ ان کے بقول: ’آپ اسے بھی اسی طرح کرتے ہیں جیسے کسی دوسری فلم کو۔‘

’دی بیٹ مین‘ کو ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے مثبت پذیرائی ملی، اور اس فلم نے پیٹنسن کو ایک نئی نسل کے ناظرین کے سامنے بطور مرکزی ایکشن ہیرو متعارف کرایا۔

2025 میں، جب وہ بونگ جون ہو کی فلم ’مکی 17‘ کی تشہیری تقریبات میں شریک تھے، تو انھوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب ان کے مداحوں میں خواتین کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد مردوں کی بھی ہے، جو ان کے لیے ایک نیا تجربہ تھا۔

انھوں نے کہا: ’اب میرے مداحوں میں کافی مرد بھی شامل ہیں، اور سچ پوچھیں تو یہ میرے لیے کچھ غیر متوقع سا ہے۔‘

پیٹنسن کی نجی زندگی بھی برسوں سے میڈیا اور مداحوں کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ ماضی میں ان کے تعلقات ساتھی اداکارہ کرسٹن سٹیورٹ اور بعد ازاں گلوکارہ ایف کے اے ٹوئگز کے ساتھ خبروں میں رہے۔

2018 سے وہ برطانوی ماڈل اور گلوکارہ سوکی واٹرہاؤس کے ساتھ رشتے میں ہیں۔ دونوں نے دسمبر 2023 میں منگنی کی تھی، جبکہ مارچ 2024 میں ان کے ہاں پہلی اولاد، ایک بیٹی، پیدا ہوئی۔

Robert Pattinson and Suki Waterhouse
،تصویر کا کیپشن2018 سے وہ برطانوی ماڈل اور گلوکارہ سوکی واٹرہاؤس کے ساتھ ہیں

جیمز بانڈ کا کردار ملنے کے بعد رابرٹ پیٹنسن کے مصروف ترین برس شروع ہونے والے ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ اطلاعات کے مطابق ’دی بیٹ مین‘ کا اگلا حصہ بھی 2028 میں ریلیز ہو سکتا ہے۔

تاہم بطور 007 میں ان کے لیے آسانی یہ ہے کہ وہ بانڈ سیریز کی اگلی فلم کے ہدایت کار ڈینس ویلینیو کے ساتھ پہلے ہی کام کر چکے ہیں۔ ویلینیو وہی فلم ساز ہیں جنھوں نے ’ڈیون: پارٹ تھری‘ کی ہدایت کاری بھی کی ہے۔

پیٹنسن نے حال ہی میں ’ڈیون‘ پر کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ویلینیو کی بھرپور تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ فلم کا پیمانہ اتنا بڑا تھا کہ بعض اوقات یہ کام کے بجائے کسی حیرت انگیز تجربے کا حصہ محسوس ہوتا تھا۔

ان کے بقول: ’اس منصوبے کی وسعت ناقابلِ یقین تھی۔ ایسا لگتا تھا جیسے آپ اپنی ہی دنیا میں موجود ہوں، جہاں ہر چیز حقیقت سے بڑی دکھائی دیتی ہے۔‘

اگرچہ شدید صحرائی گرمی میں شوٹنگ آسان نہیں تھی، لیکن پیٹنسن کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس تجربے کے ہر لمحے سے لطف اٹھایا۔

انھوں نے مزید کہا: ’ڈینس کے ساتھ کام کرنا انتہائی آسان ہے۔ ان کے ساتھ کبھی دباؤ محسوس نہیں ہوتا اور یہی بات انھیں ایک منفرد ہدایت کار بناتی ہے۔‘

اپنے کیریئر میں رومانوی ہیرو، آزاد خیال فنکار اور سپر ہیرو جیسے مختلف کردار ادا کرنے کے بعد اب پیٹنسن جیمز بانڈ کے روپ میں ایک نئے امتحان کے لیے تیار ہیں۔ اور اگر ان کے اب تک کے سفر کو دیکھا جائے تو وہ اس چیلنج کے لیے غیرمعمولی طور پر موزوں دکھائی دیتے ہیں۔

ontopic_nl

سوشل میڈیا پر ردِعمل

سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نسل کے سب سے ورسٹائل اداکاروں میں سے ایک ہیں اور بیٹ مین اور ٹینیٹ جیسی فلموں سے پہلے ہی ثابت کر چکے ہیں کہ وہ جیمز بانڈ کے کردار کے لیے موزوں ہیں۔

ایک صارف نے لکھا '’اگر ٹوائلائٹ کے دنوں میں کسی نے کہا ہوتا کہ رابرٹ پیٹنسن ایک دن بیٹ مین اور جیمز بانڈ دونوں بن جائیں گے تو شاید کوئی یقین نہ کرتا۔‘

بہت سے مداحوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ پیٹنسن اب ہالی وڈ کی دو بڑی فرنچائزز، ’بیٹ مین‘ اور ’بانڈ‘، دونوں کا چہرہ بن گئے ہیں۔

تاہم کئی مداح ان کے انتخاب سے خوش نظر نہیں آتے۔۔۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ جیمز بانڈ کا کردار کسی کم معروف اداکار کو ملنا چاہیے تھا، کیونکہ ماضی میں یہی کردار کئی اداکاروں کو عالمی شہرت دلانے کا سبب بنا ہے۔

چند مداحوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بیٹ مین بانڈ نہیں بن سکتا‘ اور ان کے خیال میں پروڈیوسرز کو ہنری کیول کا خیال کیوں نہیں آیا۔

بعض نے تبصرہ کیا کہ ’بیٹ مین کے بعد رابرٹ پیٹنسن کو بانڈ کے روپ میں دیکھنا مشکل ہے‘ اور فرنچائز کو کسی نئے چہرے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تھا۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔