اینتھروپک کے بانی راتوں رات ارب پتی کیسے بنے؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, کیلی ہیز، سمیرا حسین
- عہدہ, بی بی سی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 9 منٹ
مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک نے پہلی بار شیئر مارکیٹ میں اپنے حصص فروخت کیے ہیں، جن سے کمپنی کو 81 ارب ڈالر (62 ارب پاؤنڈ) حاصل ہوئے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد یہ دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں شامل ہو جائے گی۔
اگرچہ کمپنی ابھی منافع نہیں کما رہی۔ اسی وجہ سے منصوبے کے مقابلے میں زیادہ حصص فروخت کیے گئے۔ کمپنی نے اپنے ایک شیئر کی قیمت 83 ڈالر مقرر کی، جبکہ ابتدائی طور پر اس کی قیمت 70 سے 78 ڈالر کے درمیان رکھی گئی تھی۔
اینتھروپک کے حصص جمعرات کو نیویارک سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے لیے پیش کیے گئے، جس کے بعد کمپنی کی مجموعی مالیت تقریباً 1.76 ٹریلین ڈالر ہو جائے گی۔
صرف پانچ برسوں میں اینتھروپک ایک کم معروف سٹارٹ اپ سے بڑھ کر ایک ایسی ٹیکنالوجی کمپنی بن گئی ہے جس کی مالیت ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہو چکی ہے۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صنعت کے لیے حصص کی اس فروخت کو ایک اہم امتحان سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ اینتھروپک پہلی ایسی کمپنی ہے جس کا کاروبار مکمل طور پر اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور جس نے عوامی طور پر اپنے حصص فروخت کیے ہیں۔
حالیہ برسوں میں اے آئی ٹیکنالوجی اور اس کے بنیادی ڈھانچے پر اربوں ڈالر خرچ کیے گئے ہیں، لیکن اب بھی یہ سوال موجود ہے کہ یہ سرمایہ کاری کب منافع میں تبدیل ہو گی۔
2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک کے ساتوں بانی سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈ کے بعد فوری طور پر ارب پتی بن جائیں گے۔
1.75 ٹریلین ڈالر کی متوقع مالیت کے ساتھ اینتھروپک کی قدر وال مارٹ اور سام سنگ سے زیادہ جبکہ تقریباً ٹیسلا اور میٹا کے برابر ہو جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حصص خریدنے کا رجحان برقرار رہا تو کمپنی کی مالیت مزید بڑھ سکتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کمپنی کے ایک ابتدائی سرمایہ کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ دستیاب شیئرز کے مقابلے میں طلب تقریباً 10 گنا زیادہ تھی۔
اینتھروپک کی آمدنی میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال ستمبر تک کے نو ماہ میں کمپنی کی آمدنی 33 ارب ڈالر رہی۔ اس کے اے آئی ٹولز کو کوڈنگ، تحریر اور معلومات کا خلاصہ تیار کرنے جیسے کاموں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
تاہم آمدنی بڑھنے کے ساتھ ساتھ کمپنی کے نقصانات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آئی پی او دستاویزات کے مطابق اسی عرصے میں اس کا نقصان 104 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
سرمایہ کاری کی کمپنی کیناکورڈ ویلتھ کی لیا برام ویل کا کہنا ہے کہ اینتھروپک کے حصص میں بڑی سرمایہ کاری کرنے والے اداروں اور عام سرمایہ کاروں، دونوں نے بھرپور دلچسپی دکھائی ہے۔ ان کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ صرف اے آئی کمپنیوں کے بارے میں عارضی جوش و خروش نہیں ہے۔
اے آئی شعبے کے لیے ایک اہم امتحان

،تصویر کا ذریعہDavid Paul Morris/Bloomberg via Getty Images
اینتھروپک مجموعی طور پر 107 ارب ڈالر حاصل کر سکتی ہے۔ اس میں 81 ارب ڈالر حصص فروخت کر کے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ مزید 26 ارب ڈالر گوگل، مائیکروسافٹ اور اینویڈیا سمیت کئی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے آئیں گے۔
اگر سرمایہ کاروں کی دلچسپی بہت زیادہ رہی تو کمپنی مزید حصص فروخت کر کے اضافی 12 ارب ڈالر بھی حاصل کر سکتی ہے۔
اس سے پہلے رواں سال جون میں ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس نے اپنے آئی پی او کے ذریعے 75 ارب ڈالر حاصل کیے تھے۔
نیویارک کی نیسڈیک سٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہونے کے بعد سپیس ایکس کی مالیت بڑھ کر 2.2 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی، تاہم بعد میں اس کے حصص کی قیمت میں کچھ کمی بھی دیکھی گئی۔
کمپنی کے مستقبل اور منافع پر سوالات

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اگلے سال شیئر مارکیٹ میں اپنے حصص فروخت کرے گی۔ اس وقت تک اینتھروپک امریکہ کی واحد ایسی لسٹڈ کمپنی ہوگی جس کا کاروبار مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق ہے۔
اگرچہ اینتھروپک کی شیئر مارکیٹ میں آمد پر کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، لیکن کچھ سرمایہ کار اس بات پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا کمپنی مستقبل میں منافع کما سکے گی۔
کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے تجزیہ کار یانگ وانگ کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ آیا کمپنی آئندہ چند برسوں میں بڑھتے اخراجات اور مالی ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھاتے ہوئے اپنی رفتار برقرار رکھ پائے گی یا نہیں۔
تاہم ان کو توقع ہے کہ اینتھروپک کے حصص میں سرمایہ کاری سے لوگوں کو براہِ راست ایسی کمپنی کا حصہ بننے کا موقع ملے گا جو جدید اے آئی ٹیکنالوجی تیار کر رہی ہے اور مستقبل میں کام کرنے کے طریقوں میں بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔
غیر معمولی ترقی
اینتھروپک کی بنیاد اوپن اے آئی کے سات سابق ملازمین نے رکھی تھی۔ اس کمپنی کی قیادت بہن بھائی ڈاریو امودی اور ڈینیلا امودیئی کر رہے ہیں۔
ڈاریو امودی مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر اس ٹیکنالوجی کی ترقی مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر ہوئی تو اس سے انسانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اینتھروپک کا مؤقف ہے کہ اے آئی کی ترقی کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت اور ضابطہ کاری پر بھی زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔ تاہم کمپنی بیک وقت اپنے کاروبار کو تیزی سے وسعت دینے اور شیئر مارکیٹ کے ذریعے مزید سرمایہ حاصل کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔
اوپن اے آئی نے بھی ماضی میں ایسے ہی خدشات کا اظہار کیا تھا اور اے آئی کی حفاظت سے متعلق مسائل پر توجہ دینے کے لیے شیئر مارکیٹ میں آنے کے اپنے منصوبے مؤخر کر دیے تھے۔
غیر معمولی دولت کے مالک بننے والے نوجوان

،تصویر کا ذریعہCornell Watson/Bloomberg via Getty Images
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
تیس اور چالیس برس کے درمیان میں موجود یہ کون لوگ ہیں جو چند ہی گھنٹوں میں غیرمعمولی دولت کے مالک بننے والے ہیں؟
ڈاریو امودی نے 2021 میں اپنی بہن ڈینیلا امودی اور پانچ ساتھیوں کے ساتھ مل کر اینتھروپک کی بنیاد رکھی۔ اس سے پہلے وہ اوپن اے آئی، گوگل اور بائیڈو میں کام کر چکے تھے۔
انھوں نے اوپن اے آئی اس خدشے کے باعث چھوڑی کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی میں تحفظ کے مقابلے میں منافع کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
43 سالہ ڈاریو امودی اس وقت اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے مرکزی کردار سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی بہن ڈینیلا امودیئی کے مطابق وہ کمپنی کے ’بڑے عزائم‘ کے پیچھے محرک قوت ہیں۔
ڈینیلا امودی اپنے بھائی ڈاریو امودی کے ساتھ اوپن اے آئی میں کام کر چکی ہیں۔ جب ڈاریو نے اینتھروپک قائم کی تو وہ بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئیں۔
انھوں نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سانتا کروز سے انگریزی ادب کی تعلیم حاصل کی اور بعد میں امریکی سیاست اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کام کیا، جن میں مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنی سٹرائپ بھی شامل ہے۔
39 سالہ ڈینیلا امودیئی اس وقت اینتھروپک کی صدر ہیں اور کمپنی کے روزمرہ انتظامی اور کاروباری معاملات کی نگرانی کرتی ہیں۔
ٹام براؤن بھی ڈاریو اور ڈینیلا امودیئی کے ساتھ اوپن اے آئی چھوڑ کر اینتھروپک میں شامل ہوئے تھے۔ وہ اس سے پہلے اوپن اے آئی میں جی پی ٹی-3 کی انجینیئرنگ ٹیم کی قیادت کر چکے تھے، جبکہ گوگل کے ڈیپ مائنڈ پراجیکٹ پر بھی کام کر چکے ہیں۔
39 سالہ ٹام براؤن اس وقت کمپنی کے چیف کمپیوٹ آفیسر ہیں اور اینتھروپک کی کمپیوٹنگ صلاحیتوں اور وسائل کی نگرانی کرتے ہیں۔
جیک کلارک اینتھروپک کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور وہ اس گروپ کے واحد رکن ہیں جن کا تعلق شمالی امریکہ سے نہیں بلکہ برطانیہ سے ہے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ ٹیکنالوجی صحافی بن گئے اور زیڈ ڈی نیٹ یو کے، دی رجسٹر اور بلومبرگ جیسے اداروں کے لیے لکھتے رہے۔
بعد میں وہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں آئے اور اینتھروپک کے بانی اراکین میں شامل ہو گئے۔
اب 37 سالہ جیک کلارک اینتھروپک میں عوامی مفاد سے متعلق امور کی سربراہی کرتے ہیں۔ وہ کمپنی کے اے آئی تھنک ٹینک، اینتھروپک انسٹیٹیوٹ، کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہPeerapon Boonyakiat/SOPA Images/LightRocket via Getty Image
42 سالہ جیرڈ کپلان اینتھروپک کے چیف سائنس آفیسر ہیں اور کمپنی کی تحقیق کی سربراہی کرتے ہیں۔ طبیعیات میں پی ایچ ڈی کرنے والے جیرڈ کپلان اے آئی ماڈلز پر اپنی تحقیق کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔
ان کی تحقیق نے یہ سمجھنے میں مدد دی ہے کہ بڑے اور زیادہ ڈیٹا پر تربیت پانے والے اے آئی ماڈلز کس طرح بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں اور ان کے نتائج کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے۔
34 سالہ کرس اولا اینتھروپک کے بانیوں میں شامل ہیں اور اے آئی ماڈلز کے کام کرنے کے طریقوں پر تحقیق کرتے ہیں۔
وہ اس سے پہلے اوپن اے آئی اور گوگل برین میں بھی کام کر چکے ہیں۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے کرس اولاہ کو بغیر ڈگری تحقیق جاری رکھنے کے لیے 100,000 ڈالر کی تھیئل فیلوشپ بھی مل چکی ہے۔
36 سالہ سیم میک کینڈلش اینتھروپک کے بانیوں میں شامل ہیں اور کمپنی میں مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پالیسیوں پر کام کرتے ہیں۔
اس سے پہلے وہ اوپن اے آئی میں بھی اے آئی کے تحفظ سے متعلق امور پر کام کر چکے ہیں۔ ان کے پاس سٹینفورڈ یونیورسٹی سے طبیعیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے۔
اے آئی صنعت کے بارے میں خدشات برقرار
امریکہ میں حالیہ انتخابات کے بعد ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے کے لیے زیادہ سخت قواعد متعارف کرا سکتی ہے۔ بعض ڈیموکریٹ رہنماؤں نے اے آئی کے لیے درکار بڑے ڈیٹا سینٹرز کی تیزی سے تعمیر پر بھی اعتراض کیا تھا۔
تاہم ان خدشات کے باوجود اینتھروپک نے شیئر مارکیٹ میں آنے کا فیصلہ کیا۔ سرمایہ کاری کمپنی ایمپاور سے وابستہ مارٹا نورٹن کے مطابق کمپنی کو اپنے کاروبار کے لیے مزید سرمایہ درکار تھا۔
مارٹا نورٹن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اے آئی کا شعبہ بہت زیادہ سرمایہ مانگتا ہے، اور شیئر مارکیٹ سے کمپنیوں کو مزید فنڈز حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے۔‘
تاہم مصنوعی ذہانت کی صنعت کو درپیش چیلنجز اب بھی موجود ہیں۔
ایک طرف کم لاگت والے اے آئی ماڈلز بنانے والی نئی کمپنیوں کا مقابلہ بڑھ رہا ہے، جبکہ دوسری جانب اس شعبے کے لیے ضروری مہنگی کمپیوٹر چپس کی قلت بھی برقرار ہے۔
امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اے آئی سے متعلق بعض منصوبوں کے لیے لیے جانے والے قرضے پیچیدہ مالیاتی نظام کے ذریعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔’
فیڈرل ریزرو کے مطابق اے آئی کے شعبے میں زیادہ تر سرمایہ کاری چند بڑی کمپنیوں تک محدود ہے، اور یہ صورتِ حال بھی ایک ممکنہ خطرہ سمجھی جا رہی ہے۔




















