مودی کی ڈاکٹروں سے بلیک فنگس انفیکشن سے متعلق آگاہی پھیلانے کی اپیل
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ملک بھر کے ڈاکٹروں کے ساتھ ان کے کووڈ 19 کے تجربات پر بات کی۔ اس کے علاوہ انھوں نے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ بلیک فنگس انفیکشن سے متعلق آگاہی پھیلائیں۔
وزیرِ اعظم مودی نے ٹویٹ میں کہا کہ ’ایسے وقت میں ہمارے ڈاکٹروں کا عزم قابل ذکر ہے۔‘
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملاقات کے دوران وزیر اعظم مودی نے طبی اور نیم طبی عملے کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ، ادویات کی فراہمی اور ریکارڈ وقت میں نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر قابلِ تعریف ہے۔ انھوں نے کہا کہ آکسیجن کی تیاری میں بہت سارے چیلنجز تھے لیکن ان کا مقابلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم مودی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ فرنٹ لائن ورکرز کے ویکسینیشن پروگرام کی حکمت عملی کی وجہ سے دوسری لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ملک میں صحت کے 90 فیصد کارکنوں نے اس ویکسین کی پہلی خوراک لی ہے۔ ویکسین نے زیادہ تر ڈاکٹروں کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ویکسین حفاظت کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے۔ مرکزی حکومت اور تمام ریاستی حکومتیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تیزی سے یہ ویکسین فراہم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے بلیک فنگس انفیکشن کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو ضروری اقدامات کرنے اور اس کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے اضافی محنت کرنا ہوگی۔
انھوں نے طبی عملے کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس لڑائی میں عام شہریوں کا اعتماد ایک بڑی طاقت ہے۔