انڈیا میں ’بلیک فنگس‘ کے علاج کے لیے درکار دوا کی دستیابی میں کمی
انڈیا میں حالیہ دنوں میں ایک انتہائی نایاب قسم کے انفیکشن میوکورمائیکوسز (جسے بلیک فنگس بھی کہا جاتا ہے) کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور انڈیا کی مختلف ریاستوں میں اس بیماری کا علاج کرنے والی دوا ’ایمفوٹیریسین بی‘ کی قلت پڑ گئی ہے۔
یہ دوا کئی انڈین دوا ساز ادارے بناتے ہیں اور قلت کے باعث اب یہ بلیک مارکیٹ میں مل رہی ہے۔
جیسے جیسے اس بیماری میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کئی لوگ اس دوا کو حاصل کرنے کے لیے اپیلیں کر رہے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ انفیکشن ان مریضوں کو متاثر کر سکتا ہے جو کووڈ کی وجہ سے شدید بیمار ہو گئے تھے اور انھیں علاج کی غرض سے سٹیررائڈز دی جا رہی تھیں۔
میوکورمائیکوسز ایک انتہائی نایاب قسم کا انفیکشن ہے جو کہ مٹی، پودوں، کھاد، اور گلے سڑے پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والی پھپپوندی سے پھیلتا ہے۔
یہ ناک کی نالیوں، دماغ اور پھیپھڑوں پر اثر انداز ہوتا ہے اور ذیابیطس کے مریضوں یا ایسے لوگوں جن کا مدافعاتی نظام انتہائی کمزور ہو جیسے کہ ایڈز یا سرطان کے مریض، ان کے لیے یہ انفیکشن مہلک بھی ہو سکتا ہے۔