کورونا وائرس: امریکہ میں مرض پھیلنے کی شرح دنیا میں سب سے بلند

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ میں جمعرات کو لگاتار تیسرے روز بھی کورونا وائرس کے سبب 1100 سے زیادہ اموات ہوئیں جبکہ امریکہ میں اب متاثرین کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
اموات کی شرح میں اضافے کے باوجود یہ تعداد اب بھی اپریل سے کم ہے جب روزانہ اوسطاً دو ہزار کے لگ بھگ افراد اس مرض کے باعث ہلاک ہو رہے تھے۔ بدھ کو امریکہ میں 1135 جبکہ منگل کو 1141 ہلاکتیں ہوئی تھیں، اور جمعرات کو یہ تعداد 1118 رہی۔
اس وقت امریکہ میں فی گھنٹہ اوسطاً 2600 نئے متاثرین سامنے آ رہے ہیں جو امریکہ میں مرض کے پھیلنے کی سب سے بلند شرح ہے۔
امریکہ میں اب وبا کا مرکز نیویارک سے جنوبی اور مغربی ریاستوں میں منتقل ہو چکا ہے۔ مگر ایسے وقت میں جب ملک وبا کی شدید لہر کی زد میں ہے تو وہاں پر وفاقی اور ریاستی حکام کے درمیان چہرے کے ماسک سے لے کر لاک ڈاؤن تک پر اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔
یہاں تک کہ امریکہ میں چہرے کے ماسک بھی سیاسی تقسیم کا سبب بن چکے ہیں اور کئی قدامت پسند امریکیوں کا کہنا ہے کہ ماسک لازمی پہننے کا حکم امریکی آئین کی خلاف ورزی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو خود بھی ریپبلیکن ہیں، ماسک پہننے سے ہچکچاتے رہے ہیں تاہم رواں ہفتے انھوں نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی اور امریکیوں پر ماسک پہننے کے لیے زور دیا۔
















