کورونا وائرس: 90 فیصد افراد میں سونگھنے اور ذائقے کے حس واپس آجاتی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 90 فیصد ایسے افراد میں جن کی بیماری کے دوران سونگھنے اور ذائقے کی حس ختم ہو جاتی ہے وہ ایک ماہ کے دوران مکمل طور پر بحال ہو جاتی ہے یا اس میں بہتری آتی ہے۔
اس تحقیق کے مطابق اٹلی میں 49 فیصد مریضوں میں سونگھنے اور ذائقے کی حس مکمل طور پر واپس آ گئی جبکہ 40 فیصد نے اس میں بہتری کے بارے میں بتایا۔
جبکہ دس فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ان کی علامات ویسی ہی ہیں یا بگڑ گئی ہیں۔
اس وبا کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہزاروں افراد میں طویل المدت طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
انسان کی سونگھنے یا ذائقے کی حس میں تبدیلی یا ختم ہو جانے کو کورونا وائرس کی بنیادی علامات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
برطانیہ کے قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص یہ علامات محسوس کرے تو فوری طور پر اپنے اہلخانہ کے ساتھ قرنطینہ اختیار کریں اور ٹیسٹ کروائے۔
بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم نے 187 اطالوی شہریوں کو اس تحقیق میں شامل کیا جو وائرس سے متاثرہ تھے تاہم ان میں معمولی علامات تھیں۔















