عالمی ادارہ صحت نے ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کی آزمائش روک دی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے علاج کی ممکنہ دوا ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کی آزمائش معطل کر دی ہے۔
ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کو ملیریا کے علاج کے لیے تجویز کیا جاتا ہے۔
ابتدائی تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ دوا کورونا کے مریضوں میں علامات کے دورانیہ کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوئی تھی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برازیل کے رہنما نے اس دوا کی تعریف بھی کی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے کہا تھا کہ انھوں نے اسے کورونا سے بچاؤ کے لیے استعمال پر کیا ہے۔
تاہم سنیچر کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہائیڈروآکسی کلوروکوئن کی مریضوں میں استعمال کی آزمائش کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ دوا کورونا کے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی زندگی بچانے میں بہت کم یا بالکل بھی مدد گار ثابت نہیں ہوئی۔‘
تاہم عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس دوا کی آزمائش ان مریضوں پر معطل نہیں کی گئی جو ہسپتال میں داخل نہیں ہے۔ لیکن اس دوا کا استعمال ان مریضوں پر ’فوری طور‘ پر بند کر دیا گیا ہے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔





















