سعودی فوجی اتحاد کا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرانے کا دعویٰ، صنعا میں فضائی حملے سے چھ افراد زخمی

یمن میں حوثیوں کے خلاف برسرِپیکار سعودی زیرِقیادت فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مغربی علاقے کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے، جبکہ حوثی حکام کے مطابق یمنی دارالحکومت صنعا میں ایک فضائی حملے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. پاکستان میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں 10.4 فیصد اضافہ، انڈے، آٹا اور مرغی کا گوشت مہنگا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں مہنگائی

    پاکستان میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 10.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں حالیہ ہفتے کے دوران قیمتوں میں 0.65 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

    پاکستان ادارۂ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی میں اضافے کی بڑی وجہ توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ اس عرصے کے دوران ایل پی جی 87.99 فیصد، کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 36.30 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 24.84 فیصد اور پیٹرول 21.35 فیصد مہنگا ہوا۔

    ہفتہ وار بنیاد پر بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر 30.55 فیصد، پیاز 9.17 فیصد، ایل پی جی 6.46 فیصد، پیٹرول 3.87 فیصد اور ڈیزل 2.46 فیصد سستا ہوا۔ مونگ کی دال، گڑ اور چینی کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب کئی ضروری اشیا مہنگی ہوئیں۔ انڈوں کی قیمت میں 8.84 فیصد، آلو میں 8.07 فیصد، گندم کے آٹے میں 4.42 فیصد اور مرغی کے گوشت میں 3.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کیلے، لہسن، ویجیٹیبل گھی، گائے کے گوشت اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

    ادارۂ شماریات کے مطابق ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے 23 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، آٹھ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

    مختلف آمدنی والے طبقات کے لیے بھی ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم آمدنی والے گروپ کے لیے قیمتوں میں 0.46 فیصد جبکہ سب سے زیادہ آمدنی والے گروپ کے لیے 0.81 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    سالانہ بنیاد پر گندم کے آٹے کی قیمت میں 44.20 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مرغی کا گوشت 24.35 فیصد، پیاز 24.05 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد، مٹن 14.60 فیصد، سادہ ڈبل روٹی 12.35 فیصد، گائے کا گوشت 11.10 فیصد اور تازہ دودھ 8.96 فیصد مہنگا ہوا۔

    اس کے برعکس، آلو کی قیمت میں 27.13 فیصد، چینی میں 26.24 فیصد، ٹماٹر میں 20.86 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 16.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر کمی دیکھی گئی۔

  2. پاکستان بھی دہشت گردی سے بہت متاثر ہوا ہے: مصدق ملک کی انڈیا میں صحافیوں سے گفتگو

    مصدق ملک

    پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ایک اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کے دورے پر ہیں، جہاں صحافیوں نے ان سے پاکستان میں موجود شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی سے متعلق سوالات کیے۔

    خبر رساں اداروں سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ وہ ایک کثیرالجہتی فورم میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس پلیٹ فارم پر ہونے والی بات چیت تعمیری اور منظم انداز میں آگے بڑھے۔

    انڈین صحافی کی جانب سے یہ سوال کیے جانے پر کہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی، مصدق ملک نے کہا کہ دہشت گردی کے کسی بھی معاملے پر بات کرتے وقت شفافیت ضروری ہے اور دونوں فریقوں کو اپنے دعوؤں کے حق میں ثبوت پیش کرنے چاہییں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک شفاف اور قابلِ اعتماد نظام قائم کیا جائے تو اس سے باہمی اعتماد بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور مسائل کے حل کی راہ بھی نکل سکتی ہے۔

    مصدق ملک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے۔ ان کے مطابق ملک نے دہشت گردی کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے اور پاکستانی عوام نے اس کی بھاری قیمت چکائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے واقعات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہے اور گذشتہ چند برسوں میں مختلف ممالک میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان چیلنجز کا مستقل اور پائیدار حل چاہتا ہے۔

    ڈاکٹر مصدق ملک انڈیا میں منعقدہ ایس سی او سولائزیشن ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جہاں رکن ممالک کے نمائندے علاقائی تعاون، ثقافتی روابط اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔

  3. پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز میں امریکی ڈرون کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

    ICRG

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والے امریکی فوج کے ایک ایم کیو-9 ڈرون کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ڈرون کا سراغ لگایا، اسے روکا اور پھر نشانہ بنایا۔

    پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ 58واں امریکی ایم کیو-9 ڈرون ہے جسے اس نے نشانہ بنایا ہے۔ تاہم امریکی حکام نے تاحال اس دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور نہ ہی ڈرون گرائے جانے کے حوالے سے کوئی آزادانہ تصدیق سامنے آئی ہے۔

  4. افزودہ یورینیم ایران سے باہر نہیں جائے گا، تنازع کے حل کا راستہ موجود ہے: عباس عراقچی

    Bloomberg via Getty Images

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر ملک سے باہر نہیں بھیجے جائیں گے، تاہم اس معاملے پر موجود تنازع کا قابلِ قبول حل نکالنا ممکن ہے۔

    ایران کے سرکاری اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عراقچی سے تقریباً 400 کلوگرام 60 فیصد افزودہ یورینیم کے مستقبل کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے کسی متفقہ فارمولے تک پہنچا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں ایران کی دو بنیادی ’سرخ لکیریں‘ ہیں: پہلی یہ کہ جوہری مواد ایران سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا، اور دوسری یہ کہ موجودہ ذخائر کو ایران کی ضروریات کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔

    عباس عراقچی کے مطابق مختلف ثالثوں نے متعدد تجاویز پیش کی ہیں جن میں سے بعض قابلِ غور ہیں، لیکن یورینیم کے ذخائر کا معاملہ دیگر متنازع نکات سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول اس مسئلے کا حل ایک جامع پیکج معاہدے کے تحت ہی ممکن ہے۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کی جانب سے امریکہ سے پہلی توقع یہ ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح طور پر یہ اعلان کریں کہ وہ معاہدہ چاہتے ہیں اور اعتماد سازی کے عملی اقدامات کریں تاکہ ایران کو مذاکرات میں واشنگٹن کی سنجیدگی کا یقین ہو سکے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور مذاکرات کے آغاز سے متعلق ایران کی دو روزہ تجویز اب بھی میز پر موجود ہے۔ ان کے مطابق اگر امریکہ مطلوبہ یقین دہانیاں فراہم کرے تو ایران اگلے روز آبنائے ہرمز کھول سکتا ہے اور مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔

    عباس عراقچی نے کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے وقت کے حوالے سے ایران لچک رکھتا ہے، تاہم آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تہران کی سات شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ قطری اور پاکستانی ثالثوں کے ذریعے جاری ہے، اور تہران کو امید ہے کہ ایسے معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی یا جنگ کے دوبارہ آغاز کو روک سکے۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ایران کی جوہری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور تہران کا سرکاری مؤقف بدستور وہی ہے، اگرچہ جوہری نظریے میں ممکنہ تبدیلی پر اندرونِ ملک جاری بحث کو انھوں نے ایک سنجیدہ مسئلہ قرار دیا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک معاہدہ چاہتا ہے، تاہم وہ ایسے کسی سمجھوتے کے لیے تیار نہیں جو ان کے نزدیک ناقابلِ قبول ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک حقیقی معاہدہ چاہتے ہیں، کوئی نمائشی یا مصنوعی معاہدہ نہیں۔‘

  5. حوثیوں کا ریاض پر حملے کا دعویٰ، سعودی اتحاد کا تین بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا اعلان

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے تین بیلسٹک میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے ہیں۔

    اتحاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تینوں میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا۔

    اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ریاض میں موجود نمائندے نے دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد سعودی حکام نے خبردار کیا کہ دارالحکومت کو ایک ’دشمنانہ فضائی خطرے‘ کا سامنا ہے۔ تاہم کچھ دیر بعد سعودی شہری دفاع نے اعلان کیا کہ صورتحال قابو میں ہے اور خطرہ ٹل چکا ہے۔

    دوسری جانب حوثیوں نے بھی ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ انھوں نے ریاض سمیت سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    گذشتہ روز سعودی زیرقیادت اتحاد نے یمن کے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع حدیدہ بندرگاہ اور دیگر مقامات پر حملے کیے تھے، جنھیں اتحاد نے ’خصوصی آپریشن‘ قرار دیا۔ حوثیوں نے ان حملوں کے جواب میں کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

    یمن کی خانہ جنگی میں حالیہ ہفتوں کے دوران لڑائی دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہے، جس کے ساتھ ہی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سعودی عرب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حوثی ملک کے بڑے حصے پر کنٹرول رکھتے ہیں۔

  6. ’اگر فیصلہ میرے ہاتھ میں ہوتا؟‘ وینس نے ایران پر حملے سے متعلق سوال کا براہِ راست جواب نہ دیا

    JD Venace

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بتانے سے گریز کیا کہ اگر ایران پر فوجی حملے کا فیصلہ ان کے اختیار میں ہوتا تو کیا وہ بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح یہی فیصلہ کرتے۔

    صدر ٹرمپ کے ہمراہ موجود وینس نے کہا کہ ایران پر حملے کا فیصلہ صدر نے کیا تھا اور ’میرا کام امریکہ کے صدر کی حمایت کرنا ہے۔‘

    ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ ایک بار پھر ایران پر حملے کے اپنے فیصلے کا دفاع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انھیں دوبارہ یہی صورتحال درپیش ہوتی تو وہ وہی فیصلہ کرتے۔

    حال ہی میں ہونے والے وسط مدتی کانگریسی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کے بعد جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ کو انتخابی ناکامی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا تھا۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہماری شکست کی وجہ جنگ تھی۔‘

    صدر ٹرمپ نے جمعے کو کہا کہ وہ اپنے نائب صدر کے مؤقف سے ناخوش نہیں، تاہم ان کے خیال میں جے ڈی وینس کو ایران پر حملے کی ضرورت کی زیادہ واضح حمایت کرنی چاہیے تھی اور یہ کہنا چاہیے تھا کہ وہ بھی ایسا ہی فیصلہ کرتے۔

    جب جے ڈی وینس سے پوچھا گیا کہ آیا ایران کے خلاف جنگ ریپبلکنز کی انتخابی شکست کے باوجود درست فیصلہ تھی، تو انھوں نے براہِ راست فوجی کارروائی کی حمایت یا مخالفت سے گریز کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا امریکہ کا ایک اہم مقصد ہے۔

    انھوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ جنگ شروع کرنے کا اختیار صدر کے پاس ہوتا ہے اور نائب صدر کی ذمہ داری صدر کے فیصلوں کی حمایت کرنا ہے۔

    جے ڈی وینس حالیہ مہینوں میں ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کی امریکی سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں، تاہم انتخابی تنقید کے بعد صدر ٹرمپ نے انہیں زیادہ توجہ اندرونِ ملک امور پر مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  7. بلوچستان کے ضلع چاغی میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے تین نوجوان ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    ایمبولینس اور موٹرسائیکل کھڑے ہیں

    بلوچستان کے ضلع چاغی میں نا معلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے تین نوجوان ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سرکاری حکام کے مطابق واقعہ ضلع کے ہیڈ کوارٹر دالبندین سے جنوب مغرب میں واقع خرگوشکاں کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نوجوانوں کا ایک گروپ پکنک منانے جا رہا تھا۔

    دالبندین میں ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سات نوجوان تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ دو موٹر سائیکلوں پر دو، دو جبکہ ایک موٹر سائیکل پر تین نوجوان سوار تھے۔

    ان کے مطابق خرگوشکاں کے علاقے میں پہنچنے پر تین نوجوانوں کو لے جانے والی موٹر سائیکل سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سہیل بنگلزئی، عرفان بنگلزئی اور الطاف نوتیزئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن بلوچ نے تصدیق کی کہ تینوں نوجوانوں کی موت دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے باعث ہوئی۔

    ان کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 16 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔

    پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

  8. تہران جو معاہدہ چاہتا ہے وہ واشنگٹن کے لیے قابلِ قبول نہیں: ٹرمپ

    ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران معاہدہ تو کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ ایسا معاہدہ نہیں چاہتا جو واشنگٹن کے لیے قابلِ قبول ہو۔

    وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ’حقیقی معاہدہ‘ چاہتا ہے، نہ کہ ’فرضی معاہدہ‘۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ایرانی قیادت گذشتہ 51 برس سے دنیا کو گمراہ کرتی رہی ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورۂ ایشیا کو ’امریکی تاریخ کے کامیاب ترین صدارتی دوروں میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چار روزہ دورے کے دوران انھوں نے 20 سے زائد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، دو نئے تجارتی معاہدے حاصل کیے، چار بڑی بین الاقوامی سربراہی کانفرنسوں میں شرکت کی اور خطے میں امریکی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے ذریعے امریکہ نے عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی پیش رفت کی۔

    صدر ٹرمپ نے امریکی معیشت کی کارکردگی کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس دورے میں ’غیر معمولی اقتصادی اور سفارتی طاقت‘ کی پوزیشن سے داخل ہوا۔

    ان کے مطابق امریکی معیشت دیگر بڑی ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ملک میں مسلسل 10 ماہ سے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں بھی 20 فیصد کمی آئی ہے۔

  9. سعودی فوجی اتحاد کا جیزان میں حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعوی

    سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے جیزان علاقے میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا ہے۔

    اتحاد کے مطابق میزائلوں کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ الشقیق کے علاقے میں گرا۔ اس سے قبل حوثیوں نے کہا تھا کہ وہ الشقیق میں واقع ایک بجلی گھر کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    سعودی قیادت والے اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    تاحال کسی جانی نقصان، مالی نقصان یا بجلی گھر کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

  10. یمنی حدود میں ایک کارگو جہاز پر حملے کی اطلاعات

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے اطلاع دی ہے کہ یمنی سمندری حدود میں ایک کارگو جہاز پر فائرنگ کی گئی ہے۔

    ادارے نے اپنے تازہ ترین بیان میں بتایا ہے کہ یمن کے شہر مکلا سے 176 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک کارگو جہاز فائرنگ کی زد میں آیا۔

    ادارے کے مطابق، چھ مسلح افراد ایک چھوٹی تیز رفتار کشتی میں سوار ہو کر جہاز کے بائیں جانب آئے اور اس پر کئی گولیاں چلائیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے جواب میں جہاز پر موجود سکیورٹی ٹیم نے کشتی کی جانب فائرنگ کی۔

    رپورٹ کے مطابق، کشتی کے وہاں سے چلے جانے کے بعد جہاز اپنے راستے پر گامزن رہا۔

    جہاز یا اس کے عملے کو کسی قسم کے نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  11. فارفورڈ ایئر بیس کیس: غیر ملکی خفیہ ادارے سے تعاون کے الزام میں دو برطانوی شہریوں پر فردِ جرم

    تصویر

    برطانیہ میں دو افراد پر ایک غیر ملکی خفیہ ادارے کے لیے کام کرنے اور فارفورڈ ایئر بیس کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کی سازش سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان نے لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہو کر اپنے خلاف عائد الزامات سے انکار کر دیا۔

    فارفورڈ ایئر بیس، جو لندن کے مغرب میں واقع ہے، ماضی میں امریکی بمبار طیاروں کا اڈہ رہا ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی فضائیہ نے بھی اس اڈے کا استعمال کیا تھا۔

    24 سالہ محمد عبدالكریم، جو اس وقت ضمانت پر ہیں، آج جمعے کے روز سماعت کے دوران وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو بولنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    استغاثہ کے مطابق عبدالكریم برطانیہ سے باہر موجود ’علی‘ نامی شخص کے ساتھ رابطے میں تھے اور انھیں 70 ہزار پاؤنڈ موصول ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ انھوں نے وین گاڑیاں، پیٹرول اور دھاتی دانے (شریپنل کے طور پر استعمال کے لیے) خریدے اور کچھ افراد کو ایئر بیس کے قریب گاڑیاں منتقل کرنے کے لیے بھرتی کیا۔

    25 سالہ نعمان اصغر پر بھی الزام ہے کہ انھوں نے فارفورڈ ایئر بیس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی اور اسے لائیو ویڈیو کال کے ذریعے ’علی‘ نامی شخص کو بھیجا۔ دونوں ملزمان نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے بھرتی کیا تھا۔

    تاہم ایران نے اس واقعے میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

  12. پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کمی، تین لاکھ 80 ہزار روپے کا ہو گیا, تنویر ملک، صحافی

    تصویر

    پاکستان میں جمعے کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ کمی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے بعد ہوئی۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت کم ہو کر تین لاکھ 80 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

    اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 13 ہزار 203 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ تین لاکھ 25 ہزار 648 روپے پر آ گئی۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 154 ڈالر کم ہو کر تین ہزار 573 ڈالر ہو گئی۔

    مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی نرخ کے مقابلے میں 20 ڈالر اضافی قیمت شامل کرکے مقرر کی جاتی ہے۔

    چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 297 روپے سستی ہو کر چار ہزار 708 روپے کی ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 254 روپے کم ہو کر 4 ہزار 36 روپے پر آ گئی۔

  13. سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں الحدیدہ بندرگاہ سے انخلا کی ہدایت

    سعودی فوجی اتحاد نے یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہ اور اس کے اطراف موجود افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہاں سے نکل جائیں۔

    سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ اتحاد کی مشترکہ افواج کی کمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ فراہم کردہ نقشے کے مطابق وہ اپنی حفاظت کی خاطر الحدیدہ کی بندرگاہ سے نکل جائیں۔

  14. حوثیوں کی جدہ سمیت بحیرہ احمر میں دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    یمن کے حوثیوں نے جدہ سمیت بحیرۂ احمر میں دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

    جمعے کو حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے کنٹرول میں الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو پھر سعودی عرب کی بندرگاہیں بھی ہدف ہوں گی۔

    حوثی ترجمان نے بندرگاہوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین سمیت قریبی علاقوں کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان مقامات سے دور ہو جائیں۔ حوثی ترجمان نے شپنگ کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی تمام کشتیاں اور جہاز بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔

    حوثیوں کی جانب سے یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی فوجی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ کے اطراف موجود شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  15. پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا کو پشاور کے تھانے سے نامعلوم افراد لے گئے: ذلفی بخاری کا دعویٰ

    Taimur Jhagra

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا کو جمعے کی علی الصبح پشاور کے ایک پولیس تھانے سے نامعلوم نقاب پوش افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ذلفی بخاری نے کہا کہ واقعہ رات تقریباً تین بجے پیش آیا، جس کے بعد سے تیمور جھگڑا کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق اہلِ خانہ اور وکلا ان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ذلفی بخاری نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکام فوری طور پر تیمور جھگڑا کے مقام کے بارے میں آگاہ کریں، ان کی سلامتی یقینی بنائیں اور انھیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کریں۔

    انھوں نے کہا کہ ’کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں اور کسی شخص کو قانون کے مطابق کارروائی کے بغیر آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔‘

  16. چین اور روس ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے حق میں نہیں: ایرانی رکنِ پارلیمنٹ

    ایرانی پاسداران انقلاب

    ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن احمد بخشیش اردستانی نے کہا ہے کہ ایرانی معاشرے کے ایک حصے اور عوامی رائے میں جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے حمایت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    ان کے مطابق امریکہ کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے ایران میں جوہری ہتھیار بنانے کے موضوع پر بحث کو تقویت دی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عوامی رائے کسی حد تک اس سمت میں تبدیلی کے لیے تیار ہے۔

    احمد بخشیش اردستانی نے کہا کہ اگرچہ بعض حلقے ایران کے لیے جوہری ہتھیاروں کو ملک کی دفاعی اور بازدار صلاحیت میں اضافے کا ذریعہ سمجھتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تحفظات بھی موجود ہیں۔

    Noghteh Zan

    انھوں نے بتایا کہ چین اور روس جیسے قریبی ممالک ایران کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اس معاملے میں احتیاط کا مظاہرہ کرے اور کم از کم فی الحال جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی جانب نہ بڑھے۔

    ان کے بقول جو حلقے جوہری ہتھیاروں کی حمایت کرتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ اس سے ایران کی ’ڈیٹرنس پاور‘ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    حالیہ ہفتوں میں ایران کے جوہری نظریے پر نظرِ ثانی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے ممکنہ دستبرداری کے بارے میں بحث میں بھی تیزی آئی ہے۔ ایران کے متعدد سیاسی، عسکری اور مذہبی شخصیات اس موضوع پر کھل کر اظہارِ خیال کر چکی ہیں، جس کے باعث یہ مسئلہ ملک کی سیاسی بحث کا ایک اہم اور متنازع موضوع بن گیا ہے۔

  17. ضرورت پڑی تو نئے محاذوں پر بھی میزائل حملے کیے جا سکتے ہیں: پاسدارانِ انقلاب

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر کے سینیئر مشیر علی بلالی نے کہا ہے کہ ایران کو ’نئے جغرافیے‘ میں اپنی میزائل صلاحیتوں کے استعمال پر کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں اور حکم ملنے کی صورت میں جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایران نے اس مقصد کے لیے تمام ضروری سہولتیں اور صلاحیتیں فراہم کر رکھی ہیں اور اسے میزائلوں کی تعداد، تنصیبات یا تعیناتی کے مقامات کے حوالے سے کسی محدودیت کا سامنا نہیں۔

    حالیہ ہفتوں کے دوران ایرانی فوجی اور سیاسی قیادت بار بار جنگ کے دائرۂ کار اور جغرافیے میں توسیع کے امکانات کا ذکر کر رہی ہے۔

    انھوں نے خطے کی صورتحال سے متعلق متضاد خبروں کو ’دشمن کی نفسیاتی جنگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد عوام میں الجھن، بے یقینی اور تشویش پیدا کرنا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے عہدیدار نے یہ بھی خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب ’فیصلہ کن انداز‘ میں دیا جائے گا۔

  18. پاکستان کی جانب سے ریاض ٹاور پر حوثی حملے کی مذمت

    پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک بلند عمارت کو نشانہ بنانے والے حوثی حملے کی مذمت کی ہے۔

    وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملہ سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ بھی ہے۔

    بیان میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے اور ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

    اس سے قبل مصر نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔

  19. ’ہمیں نہیں معلوم تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے سربراہ بھی ہیں‘: عباس عراقچی کا اسرائیلی سفیر پر طنز

    ُعباس عراقچی

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ میں اسرائیل کے سفیر یخیئل لیٹر کے ایک بیان پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں معلوم نہیں تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے کمانڈر اِن چیف بھی ہیں۔‘

    یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب نیوز میکس سے گفتگو کے دوران یخیئل لیٹر سے امریکی فوجی اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے پیغام پوچھا گیا۔ اس پر اسرائیلی سفیر نے کہا کہ ’امریکی فوجی اُس وقت اپنے خاندانوں کے پاس واپس جائیں گے جب ایران کو شکست دے دی جائے گی۔‘

    عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیلی سفیر کا مذاق اڑایا اور اشارہ دیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے بارے میں فیصلے واشنگٹن کے بجائے اسرائیل کی طرف سے کیے جا رہے ہیں۔

  20. سعودی حملے میں تارکین وطن کی کشتی پر سوار 19 افراد ہلاک: حوثیوں کا الزام

    Yeman

    یمن میں حوثی حکام نے سعودی افواج پر ایک شہری کشتی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں 19 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔

    حوثی وزارتِ صحت کے ترجمان انیس الاصبحی نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ ایک طیارے نے 25 سے زائد تارکین وطن کو لے جانے والی شہری کشتی کو نشانہ بنایا۔ ان کے بقول حملے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے۔

    سعودی عرب کی طرف سے ابھی تک اس الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    انھوں نے اس واقعے کو ’مکمل جنگی جرم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پناہ گزینوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    حوثی ترجمان کے مطابق یہ کشتی راس العرا کے علاقے سے جنوبی یمن کے شہر حیس کی جانب جا رہی تھی جب اسے نشانہ بنایا گیا۔

    سعودی عرب کی جانب سے تاحال اس الزام پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق لڑائی کے موجودہ مرحلے میں 1,600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تین لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔