سیستان و بلوچستان میں مسلح حملہ: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی نیم فوجی تنظیم ’بسیج‘ کے رکن کی ہلاکت

ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. امریکہ جنگ سے متاثرہ نہیں بلکہ جارح فریق ہے، سفارتی راستے کے لیے ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنا ہوں گی: ایران کا مطالبہ

    HUSAIN DARZI
    ،تصویر کا کیپشنحسین درزی نے کہا کہ اگر واشنگٹن سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے تو اسے ایران کے خلاف تمام جارحانہ اقدامات روکنے ہوں گے

    اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور قائم مقام مندوب غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے مغربی رکن ممالک پر ’منافقت‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ واقعی سفارت کاری کا خواہاں ہے تو اسے جارحیت پر مبنی جنگ فوری طور پر بند کرنا اور ایران پر عائد غیر قانونی بحری ناکہ بندی ختم کرنا ہو گی۔

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام حسین درزی نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کی بنیادی وجہ 13 جون 2025 اور 28 فروری 2026 کو ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملے ہیں۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’امریکہ جنگ سے متاثرہ نہیں بلکہ جارح فریق ہے۔‘

    حسین درزی نے مزید کہا کہ اگر واشنگٹن سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے تو اسے ایران کے خلاف تمام جارحانہ اقدامات روکنے، پابندیاں ختم کرنے اور مستقبل میں دوبارہ حملے نہ کرنے کی قابلِ اعتماد ضمانت فراہم کرنا ہو گی۔

    غلام حسین درزی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے اطراف پیدا ہونے والی بے یقینی امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کا براہِ راست نتیجہ ہے۔

    انھوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لے اور بین الاقوامی قانون کے نفاذ کو یقینی بنائے۔

  2. بنوں میں پولیس چوکی پر حملہ ناکام، چار حملہ آور ہلاک: پولیس کا دعویٰ

    olice personnel ride an armoured vehicle as they patrol a street a day after clashes with the opposition Pakistan Tehreek-e-Insaf (PTI) party supporters during an anti-government protest demanding the release of their leader and jailed former Prime Minister Imran Khan, in Bara town of Pakistan's Khyber-Pakhtunkhwa province on October 14, 2026. Police opened fire at a protest in northwest Pakistan's Khyber Pakhtunkhwa province,
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح حملہ آوروں نے نصف شب کنگر پل پولیس چوکی پر حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق حملے کے بعد کوئیک رسپانس فورس، ریپڈ رسپانس فورس اور اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران چار حملہ آوروں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق ان کے قبضے سے کلاشنکوفیں، گولہ بارود، دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی ملا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

  3. آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک اور آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا: ایرانی بحریہ کا دعویٰ

    آبنائے ہرمز

    ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک اور آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

    ایرانی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ’خلاف ورزی کرنے والا آئل ٹینکر‘ ہفتے کی صبح اپنے ٹریکنگ اور شناختی نظام بند کرکے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس دوران اسے حادثہ پیش آیا۔

    اس سے پہلے پاسدارانِ انقلاب بھی دو دیگر آئل ٹینکروں کے سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد حادثات کا شکار ہونے کی اطلاع دے چکی ہے۔

    دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے تمام بین الاقوامی بحری راستوں سے بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں، اور ایران ان جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائل استعمال کر رہا ہے۔

    ایران اور امریکہ کے حکام متعدد مواقع پر یہ کہہ چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز پر ان کا کنٹرول برقرار ہے۔

    اس سے پہلے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے کہا تھا کہ کہ دو آئل ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کے دوران سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان میں دھماکے اور آگ لگ گئی۔

    ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے ایک بیان میں کہا ’دو آئل ٹینکر، جنھوں نے اپنے ریڈار اور مقام معلوم کرنے والے نظام بند کر رکھے تھے اور خفیہ طور پر ایک غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے، سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکے اور آگ کا شکار ہو گئے۔‘

    بیان میں ان جہازوں کے نام یا ان کی روانگی کی جگہ کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں دی گئی، تاہم کہا گیا ہے کہ ان میں سے ایک ایک بہت بڑا آئل ٹینکر تھا۔

  4. بی بی سی نیوز اُردو اب موبائل ایپ پر بھی دستیاب، ابھی ڈاؤن لوڈ کیجیے

    BBC App

    بی بی سی اُردونے اپنی نئی ایپ لانچ کر دی ہے، جس کے ذریعے اب صارفین اپنی دلچسپی کی تمام علاقائی و عالمی خبریں، تجزیے اور معلومات براہ راست اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ پر حاصل کر سکیں گے۔

    بی بی سی اُردو کا تمام مواد بی بی سی ورلڈ سروس کی نئی ایپ پر دستیاب ہو گا جسے آپ اپنے موبائل فون یا ٹیبلٹ کی مناسبت سے ایپ سٹور یا گوگل پلے سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

  5. ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی چین میں ملاقات متوقع

    Trump, Putin and xi

    وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ اگلے ہفتے چین میں ایک اجلاس کے موقع پر ملاقات کر سکتے ہیں۔

    یہ ملاقات چین کے شہر شین ژین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سربراہی اجلاس کے دوران متوقع ہے جس میں ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹرمپ اس ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی سمیت کئی عالمی مسائل پر بات کریں گے۔ ایران کا معاملہ بھی زیرِ بحث آ سکتا ہے، تاہم اس ملاقات میں یوکرین پر گفتگو متوقع نہیں۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس ملاقات سے کسی بڑے معاہدے کی توقع نہیں کی جا رہی تاہم وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس میں جن موضوعات پر بات کی جائے گی ان میں سے ایک دنیا میں جوہری ہتھیاروں میں کمی ہے۔

    ٹرمپ جمعرات کو شی جن پنگ سے الگ ملاقات بھی کریں گے۔

    2025 میں دوبارہ صدر بننے کے بعد یہ دونوں رہنماؤں کی چوتھی ملاقات ہو گی۔

    یاد رہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کا اہم معاہدہ رواں سال فروری میں ختم ہو گیا تھا۔ اقوامِ متحدہ دونوں ممالک پر زور دے چکی ہے کہ وہ جلد کسی نئے معاہدے پر اتفاق کریں۔

    چین اور روس نے ابھی تک اس مجوزہ سہ فریقی ملاقات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم روسی حکام پہلے اس طرح کی ملاقات کے امکان کا اشارہ دے چکے ہیں۔

    صدر ٹرمپ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ ایسے نئے معاہدے کے خواہاں ہیں جس میں چین بھی شامل ہو، جبکہ چین حالیہ برسوں میں اپنے جوہری ذخائر میں اضافہ کر رہا ہے۔

    چینی سرکاری میڈیا نے جمعے کو رپورٹ کیا تھا کہ صدر شی جن پنگ ایپیک اجلاس کے موقع پر دوطرفہ ملاقاتوں میں حصہ لیں گے، تاہم اس سہ فریقی ملاقات کا ذکر نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس نے رواں ماہ اطلاع دی تھی کہ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ایسی ملاقات کے انعقاد کے حوالے سے ’مثبت اشارے‘ مل رہے ہیں۔

  6. وائٹ ہاؤس بریفنگ کے اہم نکات: ’پروازوں کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا‘

    Airport

    امریکہ میں ہوا بازی کے حکام کی جانب سے غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر چار گھنٹے سے زائد تمام پروازیں معطل ہونے کے بعد اب فضائی آپریشن کی بحالی شروع کر دی گئی ہے۔

    اس تعطلل کے حوالے سے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی نیوز بریفنگ کی اہم باتیں پیش خدمت ہیں۔

    • امریکی وزیرِ نقل و حمل شان ڈفی نے اعلان کیا ہے کہ لاکھوں امریکیوں کو متاثر کرنے والی زمینی پروازوں پر پابندی امریکی وقت کے مطابق رات سوا آٹھ بجے (01:15 جی ایم ٹی) پر ختم کر دی گئی ہے۔
    • شان ڈفی نے خبردار کیا کہ پروازوں کی معطلی کے اثرات فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے اور نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث مسائل آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتے ہیں۔
    • وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولن نے اس تعطل کی ذمہ داری فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے نظام پر عائد کی، جو ان کے مطابق کانگریس سے مطلوبہ فنڈنگ نہ ملنے کے باعث جدید نہیں بنایا جا سکا۔
    • مارک مولن نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ پروازوں کی معطلی کسی سائبر حملے کا نتیجہ تھی یا اس کا تعلق گزشتہ روز پیش آنے والی مائیکروسافٹ کی خرابی سے تھا۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’کسی کو بھی کبھی خطرہ لاحق نہیں تھا۔‘
    • مولن نے خبردار کیا کہ اگر نقل و حمل کے نظام کی ’مکمل ازسرِ نو تعمیر‘ نہ کی گئی تو آج جیسے واقعات دوبارہ بھی پیش آ سکتے ہیں۔
    • شان ڈفی نے کہا کہ اگرچہ نظام کو مکمل استعداد کے ساتھ بحال ہونے میں کچھ وقت لگے گا، تاہم انھیں توقع ہے کہ امریکہ میں تھینکس گیونگ کے تہوار سے پہلے نظام اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کرنا شروع کر دے گا۔
  7. ’نیٹ ورک میں ہر ممکن بڑی خرابی کی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی‘:امریکی وزیر شان ڈفی

    امریکی وزیرِٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا ہے کہ وہ نیٹ ورک میں پیش آنے والی ہر ممکن بڑی یا تباہ کن خرابی کی پیش گوئی نہیں کر سکتے، ان کے مطابق ’اس نوعیت کے تعطل کی توقع نہیں کی تھی تاہم اگر پرانے نظام کو تبدیل نہ کیا گیا تو ایسے مزید واقعات رونما ہوں گے۔‘

    اس موقع پر صحافیوں نے سوال اٹھایا کہ جب خود وزیرِٹرانسپورٹ نقل و حمل موجودہ فضائی نظام کو فرسودہ قرار دے رہے ہیں تو مسافر فضائی سفر کو محفوظ کیسے سمجھ سکتے ہیں۔

    تاہم ڈفی نے اس سوال کا براہِ راست جواب نہیں دیا بلکہ انھوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نئے نظام کی تعمیر کے لیے انھیں کانگریس کی حمایت درکار ہے۔

    انھوں نے کہا کہ نئے نظام کی تعمیر میں وقت لگے گا، لیکن ان کے نزدیک اب کارروائی کا مناسب وقت آ گیا ہے اور نظام کو اپ گریڈ کرنے کو مزید مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔

  8. بریکنگ, فضائی ٹریفک بحال، تاہم اثرات کئی روز تک برقرار رہ سکتے ہیں: امریکی وزیر ٹرانسپورٹ

    امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے فضائی حدود دوبارہ کھول دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کے اثرات ختم کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

    شان ڈفی نے بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ’ہمارے مراکز اور ٹرمینل ریڈار اپروچ کنٹرول مراکز (ٹریکونز) اب فعال ہیں،تاہم پروازوں کی روانگی اور آمد کا انحصار دستیاب وسائل پر ہے۔‘

    ڈفی نے وضاحت کی کہ اس تعطل کے اثرات پورے فضائی نظام میں مرتب ہوئے ہیں اسی لیے حکام پروازوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ نظام کو دوبارہ معمول پر لایا جا سکے۔

    ڈفی کے مطابق اس خرابی کے اثرات آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

  9. اگر نظام میں جدت نہ لائی گئی تو ایسے واقعات دوبارہ بھی پیش آ سکتے ہیں: امریکی حکام

    امریکی حکام نے بریفنگ کے دوران ملک میں نقل و حمل کے نظام کی ازسرِ نو تعمیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر نقل و حمل کے نظام کو جدید نہیں بنایا گیا تو مستقبل میں بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہیں گے۔

    امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق اس واقعے کے دوران مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر منقطع نہیں ہوا تھا بلکہ اس میں وقفے وقفے سے خلل آ رہا تھا، جس کے باعث حکام نے پروازوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

    انھوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ کچھ حد تک رابطہ برقرار تھا، تاہم جب ایسے مسائل پیدا ہوں کہ فوری طور پر نہ جہازوں سے رابطہ ممکن ہو اور نہ ہی انھیں دیکھا جا سکے تو ’یہ ایسا خطرہ ہے جسے ہم قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘

    ڈفی کے مطابق جدت لانے کا کام راتوں رات نہیں ہو سکتا، تاہم اس کی اشد ضرورت ہے۔

  10. امریکہ میں فضائی نظام میں تعطل کے بعد پروازیں بحال ہونا شروع، سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے: حکام

    brifing

    امریکی حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایئر سپیس کھولے جانے کے بعد اب زمینی پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے اور تقریباً چار گھنٹے بعد پروازوں کی بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    امریکہ کے ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولن نے وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران یہ بھی واضح کیا ہے کہ ’آج پیش آنے والے نظامی تعطل کا تعلق مائیکروسافٹ کی خرابی سے ہر گز نہیں ہے۔‘

    بریفنگ کے آغاز میں گفتگو کرتے ہوئے مارک مولن نے کہا کہ عوام کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ انتہائی تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے تاکہ پروازیں معطل ہونے کے باعث مختلف مقامات پر پھنس جانے والے مسافروں کی مدد کی جا سکے۔

    مارک مولن نے دعویٰ کیا کہ اس صورتحال کے دوران عوام کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہوا۔

    امریکی وزیرِ نقل و حمل شان ڈفی نے بریفنگ میں کہا کہ موجودہ نظام پر عارضی اقدامات کا دباؤ بڑھ گیا تھا، جس کے باعث یہ خرابی پیش آئی۔

    انھوں نے واضح کیا کہ ’حالیہ عرصے میں نصب کیے گئے نئے آلات کا اس تعطل میں کوئی کردار نہیں تھا۔ جو نظام بند ہوا وہ پرانا تھا۔ خرابی پرانے اور فرسودہ آلات میں پیدا ہوئی۔‘

    ان کے مطابق حکام نے ایسے اصلاحی اقدامات نافذ کیے جن کے ذریعے سوئچز پر پڑنے والا اضافی دباؤ کم کیا گیا اور نیٹ ورک کو دوبارہ فعال کیا گیا۔

    شان ڈفی نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ مسئلہ کسی حملے کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ موجودہ آلات اور نیٹ ورک میں خرابی کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔

    ایک صحافی کے سوال پر مارک وین مولن نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، تاہم اب تک ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جو سائبر حملے کی نشاندہی کرتا ہو۔

    انھوں نے کہا کہ حکام نے ’اس نوعیت کے کسی واقعے کے آثار‘ نہیں دیکھے۔

  11. بریکنگ, امریکہ میں فضائی آپریشن کی بحالی کا عمل شروع: امریکی میڈیا

    امریکی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں گراؤنڈ سٹاپ آپریشن پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے اور اس تعطلل کے آغاز کے بعد اب تقریباً چار گھنٹے بعد پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ امریکی ہوا بازی کے حکام نے غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر امریکہ بھر میں تمام پروازیں معطل کر دی تھیں۔

    امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایک ’مواصلاتی خرابی‘ نے فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کیا ہے اور وفاقی ہوا بازی کے تکنیکی ماہرین اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  12. سڈنی سے امریکہ جانے والی تمام پروازیں فی الحال روک دی گئیں

    امریکہ جانے والی تمام پروازیں فی الحال روک دی گئی

    آسٹریلیا کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے، سڈنی ایئرپورٹ نے کہا ہے کہ امریکہ جانے والی تمام پروازیں فی الحال روک دی گئی ہیں۔

    ایئرپورٹ کے ترجمان نے کہا ’ہم امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی جانب سے ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ کے فیصلے سے آگاہ ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا ’اس وقت سڈنی ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی امریکہ جانے والی تمام پروازیں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔‘

    ترجمان کے مطابق ’جو مسافر امریکہ یا امریکہ کے راستے سفر کر رہے ہیں، وہ اپنی پرواز سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔‘

    ایئرپورٹ کے آن لائن ڈیپارچر بورڈ پر بھی اب تبدیلیاں نظر آنا شروع ہو گئی ہیں۔ یونائیٹڈ ایئرلائنز کی لاس اینجلس اور سان فرانسسکو جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار دکھائی جا رہی ہیں۔

    ڈیلٹا ایئر لائنز کی لاس اینجلس جانے والی ایک پرواز کو روانہ شدہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم فلائٹ ٹریکنگ ایپس کے مطابق وہ اب بھی زمین پر موجود ہے۔

  13. وائٹ ہاؤس کی جانب سے گراؤنڈ سٹاپ کے بارے میں بریفنگ جلد متوقع

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے امریکہ میں گراؤنڈ سٹاپ کے بارے میں بریفنگ ہونے والی ہے۔

    ہم توقع کر رہے ہیں کہ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری مارک وین مولن کچھ ہی دیر میں صحافیوں کو بریفنگ دیں گے۔

    جیسے ہی ہمیں ان کی بریفنگ سے مزید معلومات موصول ہوں گی، ہم آپ تک تازہ ترین صورتحال پہنچائیں گے۔

    یاد رہے کہ امریکی ہوا بازی کے حکام نے غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر امریکہ بھر میں تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔

    امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایک ’مواصلاتی خرابی‘ نے فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کیا ہے اور وفاقی ہوا بازی کے تکنیکی ماہرین اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  14. گراؤنڈ سٹاپ جاری رہنے تک اندرونِ ملک کوئی نئی پرواز روانہ نہیں ہوگی: یونائیٹڈ ایئر لائنز

    یونائیٹڈ ایئر لائنز نے کہا ہے کہ جب تک ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ نافذ ہے، امریکہ کے اندر نئی پروازوں کو روانگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم بین الاقوامی پروازوں کی روانگی کے بارے میں فیصلے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ہر پرواز کے بارے میں انفرادی بنیاد پر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

    ایئر لائن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے یا دوبارہ بکنگ کروانے کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ چیک کریں۔

  15. پروازوں میں خلل دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے: امریکن ایئرلائنز

    امریکن ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جو پروازیں پہلے ہی فضا میں موجود ہیں وہ اپنی منزلوں تک سفر جاری رکھیں گی، تاہم دن کے باقی حصے میں معمول کے شیڈول میں خلل کا امکان ہے۔

    ایئر لائن کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ ختم کرے گی، امریکن ایئر لائنز کے تمام متعلقہ شعبے پوری طرح متحرک ہو جائیں گے تاکہ مسافروں کو ممکنہ حد تک جلد ان کی منزل کی جانب روانہ کیا جا سکے۔

  16. بریکنگ, امریکہ میں تمام پروازیں روکنے کا حکم: ہم اب تک کیا جانتے ہیں

    امریکی ایئرپورٹ

    امریکی ہوا بازی کے حکام نے غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر امریکہ بھر میں تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔

    • امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ ایک "مواصلاتی خرابی" نے فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کیا ہے اور وفاقی ہوا بازی کے تکنیکی ماہرین اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
    • ایکس پر جاری ایک بیان میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تصدیق کی ہے کہ اس غیر معمولی گراؤنڈ سٹاپ کی وجہ ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم میں عارضی تعطل ہے۔ ادارے نے مزید کہا کہ بین الاقوامی پروازوں سے انفرادی بنیادوں پر نمٹا جائے گا۔
    • پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 پابندی کے نفاذ کے وقت 3,100 طیارے امریکی فضا میں موجود تھے اور وہ امریکی ہوائی اڈوں کی جانب جا رہے ہیں، تاہم فی الحال کسی نئی پرواز کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
    • مسافروں کے مطابق، جو پروازیں لینڈ کر چکی ہیں، انہیں ٹارمک سے گیٹس تک جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
    • کئی بڑے امریکی ہوائی اڈوں نے بھی تمام پروازیں روکنے کی تصدیق کی ہے اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئر لائن سے رابطہ کریں۔
    • محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن نے عوام کو یقین دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ کوئی نائن الیون جیسا واقعہ نہیں ہے۔ ملن نے یہ بھی کہا کہ پروازوں کی یہ معطلی مائیکروسافٹ کے سسٹم میں خرابی سے متعلق نہیں ہے۔

    جو باتیں ابھی معلوم نہیں ہیں:

    • یہ واضح نہیں کہ اس وقت کتنی پروازیں معطل ہیں۔
    • یہ بھی معلوم نہیں کہ خرابی کی اصل وجہ کیا ہے۔
    • یہ واضح نہیں کہ مسئلے کے حل میں کتنا وقت لگے گا۔
  17. بریکنگ, یہ ایک اور نائن الیون نہیں ہے: مارک ملن

    مائیک ملن

    امریکہ میں ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر مارک وین ملن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ امریکہ کے خلاف کوئی حملہ تھا۔

    انہوں نے کہا: "یہ ٹیلی کمیونی کیشنز کا تعطل ہے۔"

    انہوں نے مزید کہا: "تمام پروازوں کا پتا لگایا جا چکا ہے۔ سب لوگ محفوظ ہیں اور یہ ایک اور نائن الیون نہیں ہے۔"

    خیال رہے کہ امریکہ بھر میں پروازیں روکنے کا حکم آخری بار 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد دیا گیا تھا

  18. بریکنگ, مواصلاتی خرابی سے ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر متاثر ہوئے ہیں؛ ٹرانسپورٹ سیکریٹری

    امریکہ کے ٹرانسپورٹ سیکریٹری شان ڈفی نے کہا ہے کہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے امریکہ کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی عارضی طور پر روک دی ہے، کیونکہ ایک مواصلاتی خرابی نے تمام ایئر روٹ ٹریفک کنٹرول سینٹرز کو متاثر کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ "ایف اے اے کے تکنیکی ماہرین اس خرابی کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی، ہم فوری طور پر آگاہ کریں گے۔"

  19. بریکنگ, امریکہ میں تمام پروازیں روک دی گئیں

    امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ملک میں تمام پروازیں "غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات" کی بنا پر عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔

    یہ اطلاع، جو ایف اے اے کی ویب سائٹ پر شائع ہوئی تھی، بعد ازاں ہٹا دی گئی۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس وقت کتنی پروازیں زمین پر روکی گئی ہیں۔

  20. قطر اور ترکی کے درمیان ’دفاع میں تعاون‘ سمیت پانچ معاہدوں پر دستخط

    ترک صدر اور قطر کے امیر

    قطر اور ترکی نے ’دفاع میں تعاون‘ سمیت مختلف شعبوں میں پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔

    ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق صدر رجب طیب اردوغان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے استنبول میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ’صدر اردوغان نے کہا کہ آج قطر اور ترکی کے درمیان طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔‘

    ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق اجلاس کے موقع پر پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے گئے جن میں قطر اور ترکی کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ، سپریم اسٹریٹیجک کمیٹی کے 12ویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ، تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ، امن و مصالحت اور تنازعات کے حل سے متعلق مفاہمتی یادداشت، اور صارفین کے تحفظ و مارکیٹ نگرانی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت شامل ہیں۔

    قطر کی وزارت خارجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق قطر اور ترکی کی سپریم سٹریٹیجک کمیٹی کا 12واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون اور مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی صنعت میں اشتراک اور فوجی تربیت کے تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ باہمی دفاعی معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا، علاقائی سلامتی و استحکام کو فروغ دینا اور کسی ایک یا دونوں ممالک کو نشانہ بنانے والے کسی بھی بیرونی مسلح حملے کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔

    اعلامیے میں قطر، ترکی، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان طے پانے والی بدر مفاہمتی یادداشت کا بھی خیر مقدم کیا گیا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ اس سے دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی کی ترقی، معلومات و مہارت کے تبادلے اور دفاعی صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔

    دونوں ممالک نے مستقبل قریب میں دو طرفہ تجارتی حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کا اعادہ کیا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ترکی میں قطری سرمایہ کاری اور قطر میں ترک کمپنیوں کے 20.8 ارب ڈالر مالیت کے 206 منصوبے دونوں ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

    اعلامیے میں درج ہے کہ فریقین نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے، مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی تجارت کو فروغ دینے اور علاقائی توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا، جبکہ مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، کوانٹم ٹیکنالوجی، خلائی تعاون اور تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی حمایت پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے غزہ میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد، شہریوں کے تحفظ اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

    اعلامیے میں اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں بستیوں کی تعمیر، زمینوں پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت کی گئی، جبکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی، جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا گیا۔