اسرائیلی انتخابات ایگزٹ پولز: نیتن یاہو مخالف اتحاد کو معمولی برتری مگر کوئی پارٹی واضح اکثریت حاصل نہ کر سکی
اسرائیل میں انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ تاہم اسرائیلی نشریاتی اداروں کے ایگزٹ پولز (ابتدائی اندازوں) کے مطابق وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے مخالف گاڈی آئزنکوٹ کی جماعت سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا سب سے بڑے پارلیمانی گروپ کے طور پر سامنے آنے کا امکان ہے۔
خلاصہ
اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم
اسرائیلی انتخابات کے ایگزٹ پولز: نیتن یاہو کی جماعت سب سے بڑی پارٹی، مگر اپوزیشن اتحاد نشستوں میں آگے
نیتن یاہو کی جماعت کا ووٹنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ مسترد
اسرائیل میں انتخابات کا انعقاد کیسے ہوتا ہے اور اس بار وزیر اعظم کے عہدے کے بڑے حریف کون ہیں؟
اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات کی پولنگ جاری: ووٹر ٹرن آؤٹ 49 سال بعد بلند ترین سطح پر
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسرائیل کی تاریخ کے اہم ترین اور فیصلہ
کن انتخابات میں سے ایک قرار دیے جانے والے انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ سنہ 1977 کے
بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ابتدائی سرویز کے مطابق موجودہ وزیرِ
اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کے
درمیان وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ انتہائی سخت اور کانٹے دار مقابلے کی صورت اختیار کر
چکی ہے، اور دونوں امیدوار تقریباً برابر پوزیشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔
تاہم اندازوں کے مطابق دونوں رہنماؤں کے
سیاسی اتحاد پارلیمان میں حکومت سازی کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل کرنے میں ناکام
رہ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں حکومت کی تشکیل کے لیے کئی ہفتوں یا حتیٰ کہ کئی ماہ
تک سیاسی جوڑ توڑ اور مذاکرات جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس انتخاب کو بڑی حد تک نیتن یاہو کی
حکمرانی پر عوامی رائے شماری یا ریفرنڈم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
منگل کی صبح متعدد بڑی سیاسی جماعتوں نے
ملک بھر کے پولنگ سٹیشنوں پر مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر معمولی واقعات کی شکایات
کیں۔ تاہم اسرائیل کی مرکزی انتخابی کمیٹی (سی ای سی) کا کہنا ہے کہ بیلٹ
پیپرز میں منظم چھیڑ چھاڑ یا انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کسی منظم کوشش کے شواہد
نہیں ملے ہیں۔
مصر کے سعودی عرب کے دفاع کے لیے اقدامات ’یمن کے خلاف اعلان جنگ‘ ہیں: حوثی
،تصویر کا ذریعہGetty Images
یمنی حوثی گروہ انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے مصری پارلیمنٹ کی جانب سے صدر عبدالفتاح السیسی کو سعودی عرب کی مدد کے لیے دفاعی اقدامات کی اجازت دینے کو ’یمن کے خلاف اعلانِ جنگ‘ قرار دیا ہے، جبکہ قاہرہ کا اصرار ہے کہ اس کی حمایت سعودی عرب کے دفاع اور اس کی علاقائی خودمختاری کے تحفظ تک محدود ہے۔
حوثی رہنما کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ اس نے اپنی حدود کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائل اور چار ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔
محمد علی الحوثی نے پیر اور منگل کی درمیانی شب جاری کیے گئے بیانات میں کہا کہ سعودی عرب کے دفاع کی حمایت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے منافی ہے۔
انھوں نے کہا ’مصر اور اس کی پارلیمنٹ سعودی عرب کے دفاع کے نام پر اس کی حمایت کا اعلان کر رہے ہیں اور ایسا کر کے وہ یمن کے خلاف جنگ کا اعلان کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے پیر کو مصری پارلیمنٹ نے دو تہائی اکثریت سے صدر عبدالفتاح السیسی کو سعودی عرب کی حمایت اور اس کی سرزمین و خودمختاری کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی منظوری دی تھی۔
ایران، روس اور دیگر ممالک عالمی تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں کریں گے: پزشکیان
،تصویر کا ذریعہIRNA
،تصویر کا کیپشنایرانی صدر مسعود پزشکیان
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، جبکہ امریکہ کی جانب سے اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوششیں ایک بڑا چیلنج ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران، روس اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر مختلف ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق مسعود پزشکیان پیر کی شام آٹھویں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم میں شرکت کے لیے ماسکو پہنچے۔ ونوکووو ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ایران اور روس کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات میں نمایاں وسعت آئی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے تعلقات اب مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے مرحلے سے آگے بڑھ چکے ہیں۔ دونوں ملک ایک جامع سٹریٹجیک معاہدے پر دستخط کر چکے ہیں اور اب اس کے تمام پہلوؤں پر عمل درآمد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق ان معاہدوں پر عملی طور پر عمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں، جن میں معیشت، سائنس، ثقافت، سکیورٹی اور سیاست کے شعبے شامل ہیں۔
مسعود پزشکیان منگل کو گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے آٹھویں سربراہی اجلاس میں ایران کی تجاویز پیش کریں گے۔ ان تجاویز کا مقصد توانائی کے بڑے ذخائر رکھنے والے ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی سطح پر مختلف ممالک کے درمیان اشتراک بڑھانا ہے۔
ایرانی صدر اس اجلاس میں شریک روسی صدر ولادیمیر پوتن اور دیگر کئی ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔
اسرائیل میں عام انتخابات کے بارے میں اب تک ہم کیا جانتے ہیں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسرائیل میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، جس میں موجودہ وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو اور اسرائیل کے سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کے درمیان وزارتِ عظمیٰ کے لیے سخت مقابلے کی توقع ہے۔ انتخابات میں سکیورٹی اور معیشت اہم موضوعات ہیں، تاہم کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت ملنے کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔
مقامی وقت کے مطابق پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی اور اہل ووٹرز رات دس بجے تک اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
بنیامن نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج کے سابق سربراہ گادی آئزنکوٹ وزارتِ عظمیٰ کے دو اہم امیدوار ہیں۔
جمعے کو جاری ہونے والے انتخابی جائزوں کے مطابق دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ کی مجموعی 120 نشستیں ہیں، اس لیے حکومت بنانے کے لیے کم از کم 61 نشستیں درکار ہیں۔
اندازوں کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کر سکے گی، جس کے بعد مخلوط حکومت تشکیل دینا پڑ سکتی ہے۔ نئی حکومت کی تشکیل میں کئی ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔
انتخابی مہم میں سکیورٹی اور معاشی مسائل کو مرکزی اہمیت حاصل رہی ہے۔
مقامی وقت کے مطابق آج رات دس بجے اسرائیلی ٹی وی چینلز ایگزٹ پولز کے نتائج جاری کریں گے۔ ابتدائی نتائج کل سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ حتمی سرکاری نتائج کا اعلان چار نومبر کو طے ہے۔
،تصویر کا ذریعہEPA/Shutterstock
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسرائیلی انتخابات: کیا سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی جماعت کا سربراہ ہی وزیرِ اعظم بنتا ہے؟
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
بی بی سی عربی کے مطابق اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ جماعت حکومت بھی بنا لے گی، کیونکہ حکومت سازی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ آیا وہ پارلیمان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے درکار حمایت جمع کر سکتی ہے یا نہیں۔
اسرائیل کے سیاسی نظام میں سب سے بڑی جماعت اور سیاسی اتحاد میں فرق کیا جاتا ہے۔ سب سے بڑی جماعت وہ ہوتی ہے جو اپنے طور پر سب سے زیادہ نشستیں جیتے، جبکہ سیاسی اتحاد میں متعدد ایسی جماعتیں شامل ہوتی ہیں جو وزیر اعظم کے ایک ہی امیدوار کی حمایت پر متفق ہوں۔
ایسا ممکن ہے کہ کوئی جماعت انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں جیت لے لیکن اکثریت کے لیے ضروری اتحادی حمایت حاصل نہ کر سکے۔ اس کے برعکس، کم نشستیں جیتنے والی جماعت دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔
اس کی ایک مثال 2009 کے انتخابات میں سامنے آئی تھی، جب کادیما پارٹی، جس کی قیادت تزیپی لیونی کر رہی تھیں، نے 28 نشستیں حاصل کیں، جبکہ لیکود پارٹی، جس کے سربراہ بنیامین نیتن یاہو تھے، 27 نشستیں جیت سکی تھی۔
اگرچہ کادیما کو ایک نشست کی برتری حاصل تھی، تاہم اُس وقت کے اسرائیلی صدر شمعون پیریز نے حکومت بنانے کی ذمہ داری بنیامین نیتن یاہو کو سونپی، کیونکہ انھیں دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔
اسی لیے انتخاب میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کا مطلب لازمی طور پر یہ نہیں ہوتا کہ کامیاب جماعت کا رہنما وزیر اعظم بھی بن جائے گا۔
رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای ’مکمل طور پر صحت مند‘ ہیں، باقر قالیباف کا ایرانی پارلیمان میں بیان
،تصویر کا ذریعہReuters/NurPhoto via Getty Images
ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای ’مکمل طور پر صحت مند‘ ہیں۔
منگل کے روز ایرانی پارلیمان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’عام طور پر مجھ سے جو سوالات کیے جاتے ہیں، ان میں سے ایک رہبرِ انقلاب کی صحت سے متعلق ہوتا ہے۔ میں ارکانِ پارلیمان کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ جناب مجتبیٰ خامنہ ای مکمل صحت مند ہیں۔‘
ایرانی ذرائع ابلاغ نے حالیہ دنوں میں خبر دی تھی کہ قالیباف نے مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کی ہے۔
اپنے والد علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے رہبرِ اعلیٰ بنے تھے۔ تاہم تب سے ان کی کوئی ویڈیو یا آڈیو ریکارڈنگ منظرِ عام پر نہیں آئی۔ اب تک صرف ان سے منسوب تحریری پیغامات ہی شائع ہوئے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس صورتِ حال کی وجہ سکیورٹی اقدامات ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی حال ہی میں اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ قیادت سنبھالنے کے بعد سے وہ دو مرتبہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کر چکے ہیں۔
اسرائیلی انتخابات: عرب جماعتیں اگلی حکومت کی تشکیل میں کیسے اہم ثابت ہو سکتی ہیں؟
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشنیونائیٹڈ عرب لسٹ کے رہنما منصور عباس ووٹ ڈال رہے ہیں۔
اگر اسرائیل کے بڑے سیاسی اتحادوں میں سے کوئی بھی پارلیمان میں واضح اکثریت حاصل نہ کر سکا تو عرب جماعتیں اگلی حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
یہ جماعتیں مختلف طریقوں سے اثر و رسوخ استعمال کر سکتی ہیں، جن میں وزیر اعظم کے امیدوار کی حمایت کا اعلان، حکومتی اتحاد میں شامل ہونا، یا اتحاد کا حصہ بنے بغیر باہر سے حکومت کی حمایت کرنا شامل ہے۔
اس کی ایک مثال 2021 میں سامنے آئی تھی، جب منصور عباس کی سربراہی میں یونائیٹڈ عرب لسٹ (راعَم) نے نفتالی بینیٹ کی قیادت میں قائم حکومتی اتحاد میں شمولیت اختیار کی۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ ایک آزاد عرب جماعت باضابطہ طور پر اسرائیلی حکومتی اتحاد کا حصہ بنی۔
تاہم حکومت میں شمولیت کے معاملے پر عرب جماعتوں کے مؤقف ایک جیسے نہیں ہیں۔ 19 اکتوبر کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق منصور عباس نے نئی حکومت کی تشکیل میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی تھی، جبکہ احمد طیبی، جو جوائنٹ لسٹ سے تعلق رکھتے ہیں، نے اتحاد میں شامل ہوئے بغیر متبادل حکومت کی حمایت کے امکان کا ذکر کیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں میں بھی عرب جماعتوں کے ساتھ تعاون کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ سابق فوجی سربراہ اور وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزنکوٹ نے ایسی حکومت بنانے کے امکان کو مسترد کیا ہے جو عرب جماعتوں کی حمایت پر منحصر ہو، جبکہ یائر گولان نے حکومتی اتحاد میں عرب جماعتوں کی شمولیت کی حمایت کی ہے۔
نیتن یاہو یا جنرل آئزنکوٹ: موجودہ انتخابات اسرائیلی تاریخ میں سب سے اہم کیوں ہیں؟, لوسی ولیمسن، تل ابیب
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
،تصویر کا کیپشنایک انتخابی بل بورڈ پر دائیں جانب لیکود پارٹی کے بنیامین نیتن یاہو اور بائیں جانب اعتدال پسند یاشر پارٹی کے رہنما اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزنکوٹ کی تصاویر موجود ہیں
علاقائی جنگ کے تین سال بعد، یہ وہ معرکہ ہے جس کے درپیش ہونے کا اسرائیل کو ہمیشہ سے اندازہ تھا۔
اسرائیل میں ہونے والے انتخابات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب ملک گہری تقسیم کا شکار نظر آتا ہے۔
جمعہ کو شائع ہونے والے عوامی جائزوں کے مطابق حکمران اتحاد اور مرکزی اپوزیشن اتحاد تقریباً برابر ہیں، جبکہ آج ہونے والی پولنگ میں پانچ لاکھ ووٹر پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق تقریباً 70 ہزار اسرائیلی صرف ووٹ ڈالنے کے لیے بیرونِ ملک سے آ رہے ہیں۔
سنیچر کی شب، حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ لیے، اپوزیشن کے ووٹروں کی بڑی تعداد تل ابیب کے مرکزی علاقے میں جمع ہوئی۔
21 سالہ عمری نے مجھے بتایا: ’ہم پُر امید ہیں۔ میں امن چاہتا ہوں، سلامتی چاہتا ہوں، بد عنوانی کا خاتمہ چاہتا ہوں اور مذہبی انتہا پسندوں کو اقتدار سے باہر کرنا چاہتا ہوں۔‘
اس بار انتخابی مہم میں نئی حکمتِ عملیاں دیکھنے میں آئیں۔ ان میں مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ایسی ویڈیوز بھی شامل ہیں جنھیں سرخیوں میں جگہ پانے کے لیے بنایا جاتا ہے۔
موجودہ انتخابات میں ایک نیا چہرہ بھی سامنے آیا ہے۔
گادی آئزنکوٹ شاید وہ شخصیت نہیں جن کے بارے میں یہ توقع کی جائے کہ وہ اسرائیل کے طویل ترین عرصے تک وزیرِ اعظم رہنے والے بنیامین نیتن یاہو کا مقابلہ کریں گے۔
’فوجی سربراہ برطرف کرنے کا ارادہ نہیں‘: پولنگ سے چند گھنٹے قبل نیتن یاہو کو یہ وضاحت کیوں دینا پڑی؟
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو، جون 2013: بنیامین نیتن یاہو کابینہ اجلاس کے دوران ایال زمیر سے گفتگو کر رہے ہیں۔ زمیر اس وقت وزیر اعظم کے فوجی سیکریٹری تھے۔
’میں فوج کے سربراہ کو برطرف کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔‘
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو انتخابات سے محض چند گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر یہ غیر معمولی وضاحت دینا پڑی ہے۔
نیتن یاہو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر وہ دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئے تو اسرائیلی فوج کے موجودہ سربراہ (چیف آف سٹاف) لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر کے عہدے پر برقرار رہنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج کے سربراہ کے درمیان حالیہ دنوں میں ایک حساس سکیورٹی معاملے پر شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔
ٹی وی چینل کا دعویٰ ہے کہ تنازع ایران پر کسی ممکنہ حملے کے بارے میں نہیں تھا بلکہ ایک ایسی کارروائی کے بارے میں تھا جس کے متعلق جنرل زمیر کو خدشہ تھا کہ ایران اس کی غلط تشریح کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان اچانک فوجی کشیدگی یا تصادم پیدا ہو سکتا ہے۔
اسرائیل میں عام انتخابات، 73 لاکھ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے
منگل کے روز اسرائیل میں 26ویں کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمان) کے انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے جس میں تقریباً 73 لاکھ ووٹر اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔
ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی۔ انتخابات کے لیے ملک بھر میں 12 ہزار سے زیادہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں ووٹر کنیسٹ کے 120 ارکان کا انتخاب کریں گے۔
موجودہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزنکوٹ کے درمیان وزارتِ عظمیٰ کی کرسی کے لیے سخت مقابلے کی توقع ہے۔
،تصویر کا ذریعہEPA
،تصویر کا ذریعہEPA
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشنفلسطینی امیدوار منصور عباس ووٹ ڈال رہے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہEPA
،تصویر کا کیپشناسرائیل کے قومی سلامتی کے وزایر ایتامیر بن گویر ووٹ ڈال رہے ہیں
،تصویر کا ذریعہEPA
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
اسرائیل میں حالیہ انتخابی مہم میں کن مسائل پر توجہ مرکوز رہی؟
سکیورٹی کے مسائل اسرائیل
میں حالیہ انتخابی مہم کا مرکزی موضوع رہے ہیں۔
بنیامین نیتن یاہو کے
سیاسی حریفوں نے سات اکتوبر کے حملوں سے قبل ہونے والی سکیورٹی ناکامیوں پر شدید
تنقید کی ہے۔ ان حملوں میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 251 افراد کو
یرغمال بنا کر غزہ لے جایا گیا تھا۔
تاہم انتخابی مہم کے دوران نیتن یاہو نے ایک بار پھر خود کو ’مسٹر
سکیورٹی‘ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ سنہ 2023 کے بعد
ہونے والی جنگوں اور تنازعات میں اسرائیل نے اہم سٹریٹجک کامیابیاں حاصل کی ہیں،
جنھیں وہ اپنی قیادت کا ثبوت قرار دیتے ہیں۔
فوجی خدمت بھی انتخابی بحث کا ایک اہم موضوع بن گئی ہے۔
روایتی طور پر وہ انتہائی مذہبی (الٹرا آرتھوڈوکس) یہودی مرد جو کل وقتی مذہبی
تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہوتے ہیں، فوجی خدمت سے مستثنیٰ رہے ہیں۔ تاہم غزہ
جنگ کے آغاز کے بعد یہ پالیسی معاشرے اور سیاست میں بڑھتے ہوئے اختلاف اور تنازع
کا سبب بن گئی ہے۔
عدالتی اصلاحات بھی انتخابی مہم میں نمایاں حیثیت رکھتی تھیں۔
نیتن یاہو کی حکومت عدالتی نظام میں متنازع اصلاحات کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری
رکھے ہوئے ہے۔ یہ وہی اصلاحات ہیں جن کے خلاف 7 اکتوبر سے پہلے ملک بھر میں بڑے
پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔
ان اصلاحات کے ناقدین کا کہنا ہے کہ مجوزہ تبدیلیاں عدلیہ کی
آزادی کو کمزور کرتی ہیں اور اسرائیل کے جمہوری نظام کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
دنیا کے دیگر کئی ممالک کی طرح مہنگائی اور بڑھتے ہوئے
اخراجات زندگی بھی ووٹروں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران
خوراک اور رہائش کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث عوام کو معاشی
دباؤ کا سامنا ہے اور یہ مسئلہ انتخابی مباحث میں نمایاں مقام ہو کر سامنے آیا ہے۔
اس بار وزیر اعظم کے عہدے کی دوڑ کتنی سخت ہے اور بڑے حریف کون ہیں؟
،تصویر کا ذریعہReuters / Getty Images
گذشتہ جمعہ کو جاری ہونے والے مختلف سرویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ
موجودہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف سٹاف گادی آئزنکوٹ کے
درمیان وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ انتہائی سخت اور قریب ترین مقابلے کی شکل اختیار کر
چکی ہے۔
گادی آئزنکوٹ کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اُن کا فوجی پس منظر
ہے، تاہم سیاست میں نسبتاً نئے چہرے کے طور پر اُن کی شناخت بھی ووٹروں کو متوجہ
کر رہی ہے۔ انھوں نے گذشتہ سال ہی اپنی جماعت ’یشر پارٹی‘ کی بنیاد رکھی
تھی، جس کے باعث بعض ووٹر انھیں روایتی سیاستدانوں کے متبادل کے طور پر دیکھتے
ہیں۔
غزہ جنگ کے ابتدائی مہینوں میں گادی آئزنکوٹ کا ایک بیٹا اسرائیلی
فوج میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ خود آئزنکوٹ بھی بطور آرمی
چیف نیتن یاہو کی قائم کردہ جنگی کابینہ کا حصہ رہے ہیں۔ تاہم انھوں نے سنہ 2024
میں جنگ سے متعلق پالیسی اختلافات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
گادی آئزنکوٹ نے اپنی انتخابی مہم کی بنیاد سات اکتوبر سے قبل
پیش آنے والی سکیورٹی ناکامیوں کے احتساب کے مطالبے پر رکھی ہے۔
حکومت مخالف دیگر نمایاں رہنماؤں میں سابق وزیراعظم نفتالی
بینیٹ اور اوِیگڈور لائبرمین شامل ہیں۔ یہ دونوں دائیں بازو سے تعلق
رکھتے ہیں، سکیورٹی کے معاملات پر سخت مؤقف رکھتے ہیں اور مقبوضہ مغربی کنارے
(ویسٹ بینک) کے وسیع علاقوں پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہیں۔
دوسری جانب بائیں بازو کے سیاستدان یائر گولان بھی
سیاسی میدان میں موجود ہیں اور وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے بڑے حصوں سے اسرائیلی
انخلا کے حامی ہیں۔
اگرچہ ان رہنماؤں کے سیاسی مؤقف میں نمایاں اختلافات پائے
جاتے ہیں، تاہم نئی حکومت کی تشکیل کے لیے اُن کے گادی آئزنکوٹ کے ساتھ تعاون کرنے
کا امکان موجود ہے۔
نیتن یاہو کی موجودہ حکومت کو اسرائیل کی تاریخ کی سب سے
زیادہ دائیں بازو کی حکومت قرار دیا جاتا ہے۔ اقتدار میں برقرار رہنے کے لیے انھیں
غالباً اپنی موجودہ انتہائی دائیں بازو کی اتحادی جماعتوں کی حمایت پر انحصار جاری
رکھنا پڑے گا۔
ان اتحادی جماعتوں میں شامل بعض عناصر انتہائی قوم پرستانہ
نظریات رکھتے ہیں۔ ان میں مقبوضہ ویسٹ بینک کو اسرائیل میں ضم کرنے اور غزہ سے
فلسطینیوں کے ’اخراج‘ کے مطالبات بھی شامل ہیں، جن پر ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کے
نتیجے میں شہری آبادی کی جبری نقل مکانی ہو سکتی ہے۔
نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے بعض ارکان بھی فلسطینیوں
کی اس علاقے سے ’ہجرت‘ کی حمایت کر چکے ہیں۔
انتخابات میں عرب سیاسی جماعتوں کے دو اتحاد بھی حصہ لے رہے
ہیں۔ عرب شہری اسرائیل کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ ہیں، جن میں سے بہت سے خود
کو اسرائیل کے فلسطینی شہری قرار دیتے ہیں۔
نظریاتی طور پر یہ جماعتیں مستقبل کی حکومت کی تشکیل میں
فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تاہم ایک بڑی یہودی جماعت کے سوا تقریباً تمام
اہم یہودی سیاسی دھڑوں نے ان کے ساتھ تعاون سے گریز کیا ہے۔ اسی وجہ سے نمایاں
انتخابی قوت رکھنے کے باوجود حکومتی اتحاد سازی میں ان کا کردار عملی طور پر محدود
رہتا ہے۔
اسرائیل میں انتخابات کا انعقاد کیسے ہوتا ہے؟
،تصویر کا ذریعہEPA
اسرائیل کی پارلیمان،
جسے کنیسٹ کہا جاتا ہے، 120 نشستوں پر مشتمل ہے۔ حکومت بنانے اور پارلیمان میں واضح
اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی جماعت یا سیاسی اتحاد کو کم از کم 61 نشستیں درکار ہوتی
ہیں۔
اسرائیل میں متناسب
نمائندگی (پروپورشنل ریپریزینٹیشن) کا انتخابی نظام رائج ہے، جس کے تحت سیاسی جماعتوں
کو حاصل ہونے والے ووٹوں کے تناسب سے پارلیمان میں نشستیں دی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے
کہ اسرائیل میں انتخابات کے نتیجے میں اب تک بننے والی تقریباً تمام حکومتیں متعدد
جماعتوں پر مشتمل اتحادی حکومتیں رہی ہیں۔
انتخابات کے بعد نئی
حکومت کی تشکیل کا عمل فوری طور پر مکمل نہیں ہوتا۔ مختلف جماعتوں کے درمیان وزارتوں،
پالیسیوں اور دیگر سیاسی امور پر مذاکرات اور مفاہمت کے لیے بات چیت ہوتی ہے، جس کے
باعث بعض اوقات ملک میں حکومت سازی میں کئی ہفتے بلکہ بعض اوقات کئی ماہ بھی لگ سکتے
ہیں۔
اگر کوئی جماعت یا
سیاسی اتحاد پارلیمان میں 61 نشستوں کی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے تو پھر
اقلیتی حکومت کے قیام کا امکان پیدا ہو جاتا ہے، جو دیگر جماعتوں کی محدود حمایت کے
ساتھ اقتدار سنبھال سکتی ہے۔
اسرائیلی پارلیمانی انتخابات میں پولنگ کا آغاز، نیتن یاہو اور گادی آئزنکوٹ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع
،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images
اسرائیل میں 26ویں
کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمان) کے انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہو گئی جس میں تقریباً 73 لاکھ ووٹر
اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔
ان انتخابات میں موجودہ
وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
نیتن یاہو ساتویں مرتبہ وزیرِ اعظم بننے کے خواہشمند ہیں۔
ووٹنگ مقامی وقت
کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی۔ ان انتخابات کے لیے ملک بھر میں 12 ہزار سے زیادہ
پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جہاں ووٹر کنیسٹ کے 120 ارکان کا انتخاب کریں گے۔
بہت سے لوگ ان
انتخابات کو ملک کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق
ووٹ ڈالنے کے لیے ریکارڈ 70 ہزار افراد بیرون ملک سے واپس آئے ہیں، جبکہ پانچ لاکھ
افراد ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔
جمعہ کے روز شائع
ہونے والے رائے عامہ کے جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم بنیامین نیتن
یاہو اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزنکوٹ کے درمیان وزارتِ عظمیٰ کی کرسی کے لیے
سخت مقابلے کی توقع ہے۔
تاہم اندازوں کے
مطابق ان میں سے کسی بھی سیاسی اتحاد کو حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل
نہیں ہوں گی، جس کا مطلب ہے کہ آئندہ کئی ہفتوں یا حتیٰ کہ مہینوں تک سیاسی جوڑ
توڑ جاری رہ سکتی ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
اسرائیل کے متناسب نمائندگی کے انتخابی نظام کے تحت حکومتیں ہمیشہ اتحادی شکل میں بنتی رہی ہیں، اور اقتدار تک پہنچنے کی دوڑ میں غیر متوقع اتحاد بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ تاہم اس بار مقابلہ خاص طور پر سخت دکھائی دے رہا ہے اور سیاسی صف بندیاں پہلے ہی واضح ہو چکی ہیں۔
یشار پارٹی کے گادی آئزنکوٹ نام نہاد ’تبدیلی کے اتحاد‘ کی نمایاں شخصیت ہیں۔ اس اتحاد میں شامل جماعتوں کے درمیان نظریاتی اختلافات تو موجود ہیں، لیکن سب کا مشترکہ مقصد بنیامین نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانا ہے۔
اس اتحاد کے دیگر رہنماؤں میں سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ، ایویگڈور لیبرمین اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سابق جنرل یائر گولان شامل ہیں۔ بینیٹ اور لیبرمین دائیں بازو کے رہنما ہیں اور سلامتی کے معاملات پر سخت مؤقف رکھتے ہیں۔
جہاں تک بنیامین نیتن یاہو کا تعلق ہے، ان کی دوبارہ اقتدار میں واپسی کا انحصار انتہائی دائیں بازو اور قدامت پسند مذہبی جماعتوں کے ساتھ اتحاد پر ہوگا۔ یہ ان کے موجودہ حکومتی اتحاد کا حصہ ہیں اور جسے اسرائیل کی تاریخ کی سب سے زیادہ دائیں بازو کی حکومت قرار دیا جاتا ہے۔
اردنی فوج کے حملوں میں تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں، شامی حکومت کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
شام کی حکومت کا کہنا ہے کہ سوموار کے روز اردن کی فوج کی جانب سے ملک کے جنوبی علاقے میں کیے جانے والے فضائی حملوں میں ’عام شہری ہلاک‘ ہوئے ہیں، جبکہ اردنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں کا ہدف ’دہشت گرد تنظیمیں‘ تھیں۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق جنوبی شام کے صوبے درعا کے دیہی علاقوں میں متعدد مقامات پر کیے گئے فضائی حملوں میں ’سات افراد ہلاک اور تین زخمی‘ ہوئے۔
درعا کے محکمۂ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد الامیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات تک پہنچ گئی، جن میں تین بچے، ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں
شامی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں دو مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔
اس سے قبل سوموار کو اردن کی رائل ایئر فورس نے جنوبی شام میں مبینہ دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
اردنی فوج کے مطابق یہ کارروائی مملکت کے جنوبی صوبے کرک میں ایک چرچ پر ہونے والے حملے کے متاثرین کےانتقام کے طور پر کی گئی اور اس کارروائی میں دمشق کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کرک کے گاؤں حمود میں تین مسلح افراد نے ایک چرچ پر حملہ کیا تھا جس میں نو افراد ہلاک جبکہ قریب 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ایران کی شرکت کے بغیر خلیج فارس میں پائیدار سلامتی ممکن نہیں، عمانی وزیرِ خارجہ
،تصویر کا ذریعہBloomberg via Getty Images
عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کا کہنا ہے کہ ایران کی شرکت کے بغیر خلیج فارس میں پائیدار سلامتی ممکن نہیں اور خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی کی ذمہ داری خود سنبھالنی چاہیے۔
سوموار کے روز برطانیہ کی یونیورسٹی آف کیمبرج میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ نصف صدی کے دوران علاقائی سلامتی کے انتظامات سے ایران کو باہر رکھنے کے نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
عمانی وزیر خارجہ کے مطابق خلیج فارس کے ممالک کا طویل عرصے تک بیرونی طاقتوں پر انحصار، جس میں فوجی دستوں کی تعیناتی، بحری بیڑوں، فضائی دفاعی نظاموں اور انٹیلی جنس تعاون کا سہارا لینا شامل ہے، بھاری سیاسی قیمت کا باعث بنا ہے۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب تہران چار ملکی اجلاس ہو رہا تھا جس میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفود نے ایرانی حکام سے ملاقات کی تھی۔
البوسعیدی نے زور دے کر کہا کہ ان کے خیال میں خطے میں موجود بیرونی طاقتوں کی ’ترجیحات اور قومی مفادات‘ ہمیشہ خطے کے ممالک اور ان کے عوام کے مشترکہ مفادات سے ہم آہنگ نہیں رہے۔ ان کے مطابق بیرونی طاقتوں کی موجودگی نے انحصار کو بڑھایا اور باہمی بداعتمادی کو بھی گہرا کیا۔
ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے البوسعیدی نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی مداخلت نے ان مسائل کے حل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
انھوں نے خلیج تعاون کونسل کے تمام چھ رکن ممالک اور ایران اور عراق کی شمولیت سے ایک جامع فریم ورک کے قیام پر زور دیا اور تجویز دی کہ یہ ممالک باہمی عدم جارحیت کے معاہدے کی جانب پیش رفت کریں۔
امریکی محکمۂ انصاف کی ایک مرتبہ پھر ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی پر فردِ جرم عائد کرنے کی کوشش
،تصویر کا ذریعہBloomberg via Getty Images
امریکی محکمۂ انصاف ایک بار پھر فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن (ایف بی
آئی) کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی پر ’قومی
دفاع سے متعلق معلومات افشا کرنے‘ کے الزام میں فردِ جرم عائد کرنے کی کوشش کر رہا
ہے۔
یہ تیسری مرتبہ ہے کہ امریکی محکمۂ انصاف نے جیمز کومی کے خلاف
فوجداری الزامات عائد کرنے کی کوشش کی ہے۔ خیال رہے کہ کومی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
کے سخت ناقد سمجھے جاتے ہیں۔
عدالت میں جمع کروائی گئی تین صفحات پر مشتمل درخواست میں دونوں
الزامات کی زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ تاہم کومی کے وکلا نے عدالت میں جمع
کروائے گئے دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ اکتوبر 2016 کومی کی جانب سے دی
نیویارک ٹائمز کو مبینہ طور پر خفیہ معلومات فراہم کرنے سے متعلق ہے۔ اس وقت کومی
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر تھے،
کومی نے سوموار کے روز پلیٹ فارم سب اسٹیک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو
میں کسی بھی غلط کام سے انکار کیا اور ان الزامات کو ’اختیارات کا ہولناک غلط استعمال‘
قرار دیا۔
’اگر یہ
محکمۂ انصاف کے اختیارات کا اتنا ہولناک غلط استعمال نہ ہوتا تو شاید اس پر ہنسی
آ جاتی، لیکن ہمیں ایسی کسی بات کے بارے میں لاتعلق نہیں ہونا چاہیے۔‘
ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کا مشترکہ اجلاس ’علاقائی اتحاد‘ کی تشکیل میں ’عملی تبدیلی کے آغاز‘ کا باعث بنے گا: محسن رضائی
،تصویر کا ذریعہReuters
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی کا کہنا ہے تہران میں ہونے والے چار فریقی اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ علاقائی سلامتی کا انتظام ’بیرونی مداخلت‘ کے بغیر مقامی بنیادوں پر ہونا چاہیے‘ اور امید ظاہر کی کہ سوموار کے روز ہونے والا اجلاس ’علاقائی اتحاد‘ کی تشکیل میں ’عملی تبدیلی کے آغاز‘ کا باعث بنے گا۔
محسن رضائی سوموار کے روز پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ فوجی اور انٹیلی جنس حکام کی ایرانی حکام سے ہونے والی ملاقات میں شامل تھے۔
بی بی سی فارسی کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی سے بات کرتے ہوئے محسن رضائی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شریک حکام نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو ’جنوبی لبنان، جنوبی شام، غزہ اور دریائے اردن کے مغربی کنارے‘ سے انخلا کرنا چاہیے۔
ایران کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ فوجی اور انٹیلی جنس حکام کی تہران میں موجودگی کو ’امریکی دھمکیوں کی غیر مؤثریت‘ کی علامت بھی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس، ان کے الفاظ میں، ’علاقائی اتحاد‘ کی تشکیل میں ’عملی تبدیلی کے آغاز‘ کا باعث بنے گا۔
پیر کے روز سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکی کی انٹیلی جنس سروس کے سربراہ ابراہیم کالن تہران پہنچے، جہاں انھوں نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
چرچ حملے کے بعد اردن کا جنوبی شام پر فضائی حملہ، متعدد ہلاکتوں کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہJordanian Army
اردن کی فوج رائل ایئر فورس نے پیر کو جنوبی شام میں مبینہ دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اردنی فوج کے مطابق یہ کارروائی مملکت کے جنوبی صوبے کرک میں ایک چرچ پر ہونے والے حملے کے متاثرین کےانتقام کے طور پر کی گئی اور اس کارروائی میں دمشق کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کرک کے گاؤں حمود میں تین مسلح افراد نے ایک چرچ پر حملہ کیا تھا جس میں نو افراد ہلاک جبکہ قریب 40 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اردن کی فوج کے مطابق ’اردنین ڈیٹرنس - حمود‘ نامی یہ آپریشن اُس گاؤں کے نام پر رکھا گیا ہے جہاں چرچ پر حملہ ہوا تھا۔
فوج کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حملے میں ملوث افراد کا تعلق دہشت گرد تنظیموں سے تھا۔
بیان کے مطابق رائل ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے جس کے نتیجے میں کئی عسکریت پسند ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ ان کی متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔
بلوچستان اسمبلی: سرداری نظام کے خلاف حزب اختلاف کی قرارداد پیش نہیں ہوسکی, محمد کاظم، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
،تصویر کا ذریعہpabalochistan.gov.pk
بلوچستان اسمبلی میں سرداری نظام کے خلاف حزب اختلاف کے رکن مولانا ہدایت الرحمان کی قرارداد پیش نہیں ہوسکی۔
قرارداد میں اس نظام کے خاتمے کے ساتھ ساتھ یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ سردار بولنے اور لکھنے پر بھی پابندی عائد کی جائے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی نے ایوان میں پیش ہونے سے قبل قرارداد کو نمٹاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نہ صرف اس کے خلاف قانون منظور ہوا ہے بلکہ اعلیٰ عدالتوں نے بھی اس کے خلاف فیصلے دیے ہیں۔
اگرچہ یہ قرارداد اسمبلی کے اجلاس میں پیش نہیں ہوسکی تاہم ایوان میں اس پر قائد حزب اختلاف یونس زہری اور مولانا ہدایت الرحمان کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔
قرارداد کے متن میں کیا تھا؟
قرارداد کے متن کے مطابق بلوچستان کے بعض علاقوں میں سرداری اور قبائلی اثر و رسوخ کے نام پر بعض شہریوں کو بیگار، جبری مشقت، دھمکیوں، جبری فیصلوں، معاشی استحصال، ذاتی آزادیوں پر پابندی اور انصاف تک رسائی میں رکاوٹ جیسی مشکلات کا سامنا ہے۔
قرارداد کے مطابق ’اس عمل سے انسانی وقار، شہری آزادیوں، بنیادی مساوات اور قانون کی حکمرانی کے اصول شدید متاثر ہو رہے ہیں۔‘
قرارداد کے مطابق یہ ایوان اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ بلوچستان کی قبائلی روایات، ثقافت، مہمان نوازی، باہمی احترام اور تاریخی تعاون ہماری تاریخی و سماجی شناخت کا حصہ ہیں۔
تاہم کسی بھی روایت، رسم، خاندانی حیثیت یا قبائلی اقتدار کو کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق سلب کرنے، خواتین اور بچوں پر ظلم کرنے، کمزور طبقات کو دبانے یا ریاستی قانون سے بالاتر ہونے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔
قرارداد میں بلوچستان حکومت سے سفارش کی گئی تھی کہ بلوچستان سے فوری طور پر سرداری نظام کا خاتمہ کیا جائے اور بلوچستان میں سردار اور نواب کا لفظ بولنے اور لکھنے پر پابندی عائد کی جائے۔
حزب اختلاف کے اراکین کے درمیان جھگڑا
سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے سرداری نظام کے خلاف قرارداد کو پیش نہیں ہونے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں نہ صرف اس کے خلاف ایک ایکٹ منظور ہوا ہے بلکہ اعلیٰ عدالتوں سے اس کے خلاف فیصلے بھی آئے ہیں جس کے باعث اس قرارداد کو نمٹا دیا جاتا ہے۔
اسمبلی کی آج کی کارروائی کو نمٹانے کے بعد مولانا ہدایت الرحمان نے پوائنٹ آف آرڈر پر قرارداد پر بات کرنا چاہی تو قائد حزب اختلاف یونس زہری نے کہا کہ قرارداد کو نمٹانے کے بعد اس پر بات کرنے کی کیوں اجازت دی جا رہی ہے۔
اس پر قائد حزب اختلاف اور مولانا ہدایت الرحمان کے درمیان گرما گرمی ہوئی اور قائد حزب اختلاف حملے کے لیے مولانا ہدایت الرحمان کی نشست کی جانب بڑھے لیکن دوسرے اراکین نے ان کو روک دیا۔
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ وہ ترامیم کے ساتھ دوبارہ اس قرارداد کو ایوان میں لائیں گے۔