آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا جزیرہ قشم کے نزدیک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ یہ 18واں امریکی ایم کیو-1 ڈرون ہے جسے ایرانی افواج نے مار گرایا ہے۔

لائیو کوریج

  1. روس کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا عندیہ, بی بی سی مانیٹرنگ

    روس نے 16 نومبر کو ابوظہبی میں دونوں ممالک کے دو اعلیٰ ترین سکیورٹی عہدیداروں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ فوجی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    روس کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو نے یو اے ای کی سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی محمد الشمسی کے ساتھ ’مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے تناظر میں سکیورٹی سے متعلق امور کو آگے بڑھانے‘ پر ہونے والے مذاکرات کے دوران کہا کہ روس اور یو اے ای کے درمیان فوجی تعاون میں ’نمایاں غیر استعمال شدہ صلاحیت‘ موجود ہے۔

    روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق شوئیگو ایک ایسے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچے، جس نے اماراتی حکام کے ساتھ عدالتی امور، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون، بینکاری، خلائی شعبے، سول جوہری تعاون اور فوجی و تکنیکی تعلقات پر مذاکرات کیے۔

    شوئیگو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اشتراک کی عکاسی اس مفاہمتی یادداشت سے ہوتی ہے، جس پر اس دورے کے دوران روسی سلامتی کونسل اور یو اے ای سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے درمیان دستخط کیے گئے۔

    روسی عہدیدار کا ابوظہبی کا یہ دورہ امریکہ کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کے بعد ہوا ہے، جو 10 اور 11 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں منعقد ہوئے تھے۔

  2. حوثیوں کی عدن کی جانب پیش قدمی کی اطلاعات

    اطلاعات ہیں کہ یمن کے حوثی جنگجو عدن کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ یمنی حکومت اس وقت عدن میں قائم ہے اور اسی شہر کو اپنا دارالحکومت قرار دیتی ہے۔

    اتوار کے روز یمنی حکومت کی حامی افواج نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے سے انخلا شروع کیا، جہاں وہ اہم باب المندب آبنائے کے کنٹرول کے لیے حوثیوں کے خلاف برسرِ پیکار تھیں۔

    حکومت نواز یمنی افواج کا کہنا ہے کہ وہ عدن کے دفاع کے لیے اپنی پوزیشنیں مضبوط بنا رہی ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کے دفترِ انسانی حقوق کے ایک ترجمان نے تنازع کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کا احترام کریں اور ضرورت مند افراد تک انسانی امداد کی رسائی یقینی بنائیں۔

  3. جنگ کے ’مستقل خاتمے‘ تک جوہری تنصیبات تک رسائی نہیں دیں گے: ایران

    ایک سینیئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ تہران امریکہ کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں نقصان کا شکار ہونے والی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت اس وقت تک نہیں دے گا جب تک جنگ ’مستقل طور پر ختم‘ نہیں ہو جاتی۔

    اتوار کی رات ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ’ہم آئی اے ای اے کو تب تک ان تنصیبات تک رسائی نہیں دیں گے جب تک ایران کی شرائط پوری نہیں ہوتیں اور جنگ مستقل طور پر ختم نہیں ہو جاتی۔‘

    یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جوہری نگرانی کے ادارے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے تہران پر زور دیا کہ وہ جوہری تنصیبات کے معائنے دوبارہ شروع کرنے کی جانب اقدامات کرے، جو گذشتہ سال سے جزوی طور پر معطل ہیں۔

    آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں نے ستمبر میں بوشہر جوہری بجلی گھر کا دورہ کیا تھا، تاہم انھیں ان دیگر تنصیبات تک رسائی نہیں مل سکی جنھیں امریکہ نے نشانہ بنایا تھا، جن میں نطنز، فردو اور اصفہان شامل ہیں۔

    غریب آبادی نے کہا کہ نقصان زدہ تنصیبات کے معائنے کے حوالے سے ایجنسی کی درخواست ’غالباً امریکی ہتھیاروں کی مؤثریت کا جائزہ لینے کے مقصد سے کی گئی ہے۔‘

  4. وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات سننے کی اجازت دے دی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو اسلام آباد

    وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائی کورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات سننے کی اجازت دیتے ہوئے 5 نومبر کو جاری کیے گئے حکمِ امتناع میں ترمیم کر دی ہے۔

    آئینی عدالت میں سماعت کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے حکم نامے کی وجہ سے پشاور ہائی کورٹ کی کارروائی متاثر ہو رہی ہے اور عدالت اس ضمن میں مقدمات نہیں سن رہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کے حکم کے باعث وکلا کی پریکٹس بھی متاثر ہوئی ہے۔

    بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی آئینی عدالت کا حکمِ امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات کے حوالے سے تھا۔

    چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ کے رکن جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ پشاور ہائی کورٹ آرٹیکل 199 کے دیگر مقدمات سن سکتی ہے۔

    جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 245، جو کسی بھی علاقے میں فوج طلب کرنے سے متعلق ہے، کی بظاہر سادہ تشریح کے مطابق آرٹیکل 199 کے مقدمات نہیں سنے جا سکتے۔

    سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ تھری ایم پی او کے تحت بھی ریلیف دیا جائے کیونکہ خیبر پختونخوا میں اب تک ریویو بورڈ قائم نہیں کیا گیا۔ اس پر بینچ نے بیرسٹر گوہر کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے پر پشاور میں آئینی عدالت کی رجسٹری برانچ سے رجوع کریں۔

    بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پشاور ہائی کورٹ میں درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ بھی ہونا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے متعدد افراد گرفتار ہیں اور اُن کے گرفتار کارکن پولیس لائنز میں موجود ہیں۔ انھوں نے عدالت سے اس معاملے میں ریلیف دینے کی استدعا بھی کی۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ریویو بورڈ سے رجوع کرنے کے حوالے سے تین ماہ کا عرصہ درکار ہو گا۔

    عدالت نے ان درخواستوں میں پشاور بار کونسل کو فریق بننے کی اجازت دے دی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بار کونسل کے علاوہ دیگر درخواستیں ابھی سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئیں کیونکہ وہ گذشتہ روز پشاور رجسٹری میں دائر کی گئی ہیں۔

    اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک اہم مقدمہ ہے اور بار کونسلز کو ضرور آنا چاہیے کیونکہ ایمرجنسی سے متعلق معاملہ اہمیت کا حامل ہے۔

    عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

    دریں اثنا، خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے حکم کے تناظر میں ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے اپنا جواب بھی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

    صوبائی حکومت کے جواب میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبے میں، کسی استثنا کے بغیر، سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے مسلح افواج کی مسلسل تعیناتی ناگزیر ہے اور حکومت کا فی الحال کسی ضلع یا علاقے سے فوج واپس بلانے یا اس کی تعیناتی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

    جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سول انتظامیہ اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلح افواج کی مسلسل معاونت اور عملی موجودگی کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے اپنے 5 نومبر کے حکم میں خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں فوج کی تعیناتی کی تفصیلات طلب کی تھیں اور پوچھا تھا کہ کن اضلاع میں فوج کی ضرورت ہے اور کن اضلاع میں اس کی ضرورت نہیں رہی۔

  5. انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر: دو اضلاع میں مسلح واقعات کے بعد بڑے پیمانے پر سکیورٹی آپریشن, ریاض مسرور، بی بی سی اردو، سرینگر

    انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے دو اضلاع کولگام اور کشتواڑ میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملے اور دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    حکام کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 500 سے زیادہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے جبکہ کم از کم 20 مشتبہ افراد اب بھی حراست میں ہیں۔ آپریشن کے باعث متاثرہ علاقوں میں نقل و حرکت پر پابندیاں عائد ہیں، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    بدھ 11 نومبر کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں میر بازار کے قریب نوپورہ اکھرن کے مقام پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دستے پر فائرنگ کی، جس سے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

    اس واقعے کے اگلے روز جموں خطے کے ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے دچھن میں لاپتہ ہونے والے دو سپیشل پولیس افسران، بابی چند اور ریشپال کمار کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملیں۔

    ان واقعات کے بعد انڈین فوج، جموں و کشمیر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے دونوں اضلاع میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مشترکہ کارروائیاں شروع کیں۔ کولگام کے میر بازار اور آس پاس کے درجنوں دیہات کا محاصرہ کیا گیا ہے جبکہ کشتواڑ کے گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں ڈرونز، ہیلی کاپٹروں اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے تلاش جاری ہے۔

    پولیس نے چناب ویلی میں سرگرم تین مشتبہ عسکریت پسندوں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں مدد دینے والے کے لیے 30 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ انڈیا کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ٹیموں نے بھی دونوں مقامات کا دورہ کر کے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔

    پولیس ذرائع کے مطابق کولگام واقعے کے بعد مبینہ معاون نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے 500 سے زیادہ نوجوانوں اور مقامی افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا ہے، تاہم کم از کم 20 افراد سے تفتیش جاری ہے۔ کشتواڑ کے مڑواہ اور دچھن علاقوں سے بھی چھ سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    سیاسی ردعمل

    آپریشن کے دوران سخت پابندیوں اور بڑے پیمانے پر حراستوں پر مقامی سیاسی رہنماؤں نے تشویش ظاہر کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب گورنر منوج سنہا نے سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھی حملوں کی مذمت کی، تاہم انھوں نے عام شہریوں کو ہراساں کرنے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کو حراست میں لینے پر اعتراض کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تشدد کے واقعات کی آڑ میں بے گناہ افراد کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے اور نہ ہی عام شہریوں کو اجتماعی سزا دی جانی چاہیے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ تفتیش کو پیشہ ورانہ انداز میں اصل ملزمان تک محدود رکھا جائے۔

    نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے بھی خطے میں پائیدار امن کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت اور سیاسی عمل آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مقامی شہریوں اور انسانی حقوق کے حلقوں نے بھی سکیورٹی کارروائیوں کے دوران شہریوں کے حقوق کا احترام یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔

  6. آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل بردار جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا: ایرانی بحریہ کا دعویٰ

    ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک اور تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا اور حرکت کرنے کے قابل نہیں رہا۔

    ایرانی بحریہ کے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح آبنائے ہرمز کے مشرق میں واقع محدود سمندری علاقے میں پیش آیا۔ بیان میں جہاز کو ’خلاف ورزی کرنے والا‘ قرار دیا گیا ہے۔

    ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں جہازوں کی آمدورفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس پر اس کا کنٹرول ہے۔

    اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں دو تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اتوار سے اب تک آبنائے ہرمز میں چھ تیل بردار جہازوں میں آگ لگ چکی ہے۔

  7. آبنائے ہرمز میں دو مزید تیل بردار جہاز بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے: پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو مزید تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔

    تنظیم کے مطابق یہ دونوں جہاز امریکی اہلکاروں کی براہِ راست رہنمائی میں غیر قانونی جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئے، جس کے بعد زور دار دھماکے ہوئے اور ان میں آگ لگ گئی۔

    پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ یہ دونوں جہاز پہلے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے والے دو جہازوں سے کچھ فاصلے پر دھماکوں کا شکار ہوئے۔

    تنظیم نے مزید دعویٰ کیا کہ اتوار سے اب تک آبنائے ہرمز میں چھ تیل بردار جہازوں میں آگ لگ چکی ہے۔

  8. یمن کے قریب سمندر میں تیل بردار جہاز کے نزدیک مشتبہ کشتیوں کی نقل و حرکت

    برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کو یمن کے جزیرے سوکوترا سے 430 ناٹیکل میل مشرق میں ایک واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

    تنظیم نے پیر 16 نومبر کی صبح بتایا کہ ایک تیل بردار جہاز کے کپتان نے اطلاع دی ہے کہ ایک ممکنہ طور پر بڑا معاون جہاز اور ایک تیز رفتار کشتی ان کے جہاز کے قریب آ رہے تھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتار کشتی میں چار مسلح افراد نظر آئے جبکہ اس میں ایک سیڑھی بھی موجود تھی۔

    اتوار کو ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دو ’خلاف ورزی کرنے والے‘ تیل بردار جہازوں میں دھماکے سے متعلق اطلاع دی تھی۔ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دھماکے سے تباہ ہوئے۔

  9. قندھار میں طالبان حکام کی ریڈیو سٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت

    افغانستان کے صوبے قندھار میں طالبان حکومت کے حکام نے ریڈیو سٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق کوئی بھی مواد نشر کرنے سے روک دیا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دو ریڈیو سٹیشنز کے عہدیداروں اور صوبائی ذرائع نے اتوار کو اس پابندی کی تصدیق کی ہے۔

    قندھار طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا آبائی شہر ہے۔ طالبان حکومت اس سے قبل کرکٹ کی حمایت کرتی رہی ہے اور اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کی تقریبات کے دوران کرکٹ میچز بھی منعقد کروا چکی ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق قندھار کے محکمۂ اطلاعات و ثقافت نے گذشتہ روز ریڈیو سٹیشنز کو بتایا کہ اب وہ کرکٹ سے متعلق کوئی مواد نشر نہیں کر سکتے۔

    محکمے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو اس پابندی کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق صرف میچوں کی کمنٹری ہی نہیں بلکہ کرکٹ کی خبریں اور میچوں میں کامیابی سے متعلق رپورٹس نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    ایک مقامی ریڈیو سٹیشن کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ انھیں محکمۂ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون کر کے کہا گیا کہ وہ اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کر سکتے۔

    اس پابندی کی وجہ تاحال واضح نہیں، تاہم یہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان کی کرکٹ اے ٹیم، جسے عبدالیان بھی کہا جاتا ہے، حال ہی میں یوتھ ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قطر گئی ہے۔

    طالبان حکومت افغانستان میں ایم ایم اے سمیت بعض مارشل آرٹس اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر چکی ہے، تاہم لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے۔

    دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور سپورٹس کلبز جانے کی اجازت نہیں ہے۔

  10. عراقی صدر کی ٹرمپ سے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی اپیل

    عراق کے صدر نزار آمیدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی مہم کے اس وعدے پر واپس آئیں جس میں انھوں نے امریکہ کی ’لامتناہی جنگیں‘ ختم کرنے کی بات کی تھی، اور ایران کے ساتھ جاری فوجی تنازع ختم کریں۔

    امریکی دائیں بازو کے جریدے ’بریٹ بارٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے، جو اتوار کو شائع ہوا، نزار آمیدی نے کہا کہ ’ٹرمپ کو جنگیں ختم کرنے، خطے میں امن لانے اور اپنے سابقہ مؤقف پر واپس آنے کی ضرورت ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’یہ مؤقف یوکرین اور روس کی جنگ سمیت دنیا کے دیگر تنازعات کے خاتمے سے متعلق تھا۔‘

    عراقی صدر نے اپنے ملک کو تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی کے لیے موزوں فریق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’دونوں ملکوں کو پائیدار امن کے حصول کے لیے موجودہ موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’جغرافیائی محلِ وقوع اور دونوں ملکوں سے رابطوں کے لحاظ سے عراق بہترین پوزیشن میں ہے۔ امریکہ کئی برسوں تک عراق کا شراکت دار رہ سکتا ہے، جبکہ ایران طویل عرصے سے اس کا ہمسایہ ہے۔‘

    نزار آمیدی کی یہ اپیل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وائٹ ہاؤس بغداد پر دباؤ بڑھا رہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنی زمینی سرحدی گزرگاہیں بند کرے اور دونوں ملکوں کے درمیان پروازیں روک دے۔

    حالیہ پابندیوں کے تحت ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم کو ایک دوستانہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے عراق مدعو کیا گیا تھا، تاہم اس کے نجی طیارے کو عراق جانے کی اجازت نہ ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو زمینی راستے سے بھیجنا پڑا۔

  11. مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کے تین طیارہ بردار بحری جہاز ایک ساتھ تعینات

    امریکی فوج کے ایک اہلکار نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو تصدیق کی ہے کہ طیارہ بردار بحری جہاز ’یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ‘ اب مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ خطے میں پہلے سے موجود ’یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش‘ اور ’یو ایس ایس جارج واشنگٹن‘ بھی موجود ہیں۔

    خطے میں امریکہ کے ان تین طیارہ بردار بحری جہازوں کی بیک وقت موجودگی عارضی ہونے کا امکان ہے، کیونکہ طیارہ بردار بحری جہازوں کے جنگی گروپ ایک نظام کے تحت خطے میں اپنی تعیناتی کی جگہ تبدیل کرتے رہتے ہیں۔

  12. جو لوگ ماضی سے سبق نہیں سیکھتے، وہ وہی غلطیاں دوبارہ دہراتے ہیں: عباس عراقچی

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے قدیم روم کی تاریخ کا حوالہ دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’طاقت کے بل پر قانون کو نظرانداز کرنے والوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔‘

    عباس عراقچی نے اتوار کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’تلواریں رکھنے والوں کو قانون کا حوالہ نہ دیں‘ کا جملہ قدیم روم کے ایک جرنیل پومپے سے منسوب ہے۔ پومپے کو اپنی آخری فوجی مہم میں فوج کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔‘

    عراقچی نے اس تاریخی واقعے کا حوالہ دینے کے بعد لکھا کہ اس سے بہتر کہاوت یہ ہے کہ ’جو لوگ ماضی سے سبق نہیں سیکھتے، وہ وہی غلطیاں دوبارہ دہراتے ہیں۔‘

    واضح رہے کہ عباس عراقچی کا یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے متعلق خطاب کے بعد سامنے آیا ہے۔

    روبیو نے گذشتہ جمعے کو واشنگٹن میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عدالت بین الاقوامی قانون کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے اور اسے امریکہ پر اپنے قوانین لاگو کرنے کا اختیار نہیں ہے۔‘

    انھوں نے عدالت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تلواریں رکھنے والوں کو قانون کا حوالہ دینا بند کریں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت نے امریکی شہریوں پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کی تو امریکہ اس کا جواب دے گا۔

    روبیو کے اس بیان کے جواب میں عباس عراقچی نے اسی تاریخی جملے اور اس سے منسوب جرنیل کے انجام کا حوالہ دیا۔

    پومپے کون تھے؟

    پومپے قدیم روم کے ایک مشہور فوجی جرنیل تھے۔ وہ جولیس سیزر کے سیاسی اور فوجی حریف تھے۔ دونوں کے درمیان خانہ جنگی کے دوران 48 قبل مسیح میں پومپے کو شکست ہوئی، جس کے بعد وہ مصر فرار ہو گئے۔

    مصر پہنچنے پر انھیں قتل کر دیا گیا اور ان کا سر جولیس سیزر کے سامنے پیش کیا گیا۔

    عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں پومپے کی شکست اور موت کا حوالہ دے کر یہ یاد دلانے کی کوشش کی کہ ماضی میں بھی طاقت اور فوجی برتری رکھنے والے حکمرانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  13. نتن یاہو ایک منٹ کے لیے بھی اقتدار میں رہنے کے مستحق نہیں: گاڈی آئزنکوٹ

    اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے سیاسی حریف گاڈی آئزنکوٹ نے ان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نتن یاہو کا طرزِ عمل اسرائیل کی جمہوریت کے لیے براہِ راست خطرہ ہے اور انھیں مزید ایک منٹ کے لیے بھی اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے۔‘

    گاڈی آئزنکوٹ نے اتوار 15 نومبر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’نتن یاہو اور ان کے قریبی ساتھیوں کا رویہ اسرائیلی جمہوریت کے لیے واضح اور فوری خطرہ بن چکا ہے۔‘

    ان کے مطابق اسرائیل کا کوئی بھی ادارہ یا شعبہ بدعنوانی، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور نتن یاہو کے ذاتی سیاسی مفادات کے لیے استعمال ہونے سے محفوظ نہیں رہا۔

    انھوں نے الزام عائد کیا کہ نتن یاہو اب کسی حد کا احترام نہیں کرتے اور انھوں نے کوئی ایسی لکیر نہیں چھوڑی جسے عبور نہ کیا ہو۔ آئزنکوٹ نے کہا کہ کسی بھی صورت میں نتن یاہو کو مزید ایک منٹ کے لیے اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے۔

    گاڈی آئزنکوٹ ان رہنماؤں میں شامل ہیں جو اسرائیل میں نئی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک میں انتخابات کے بعد اسرائیلی صدر نے انھیں نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

  14. حوثیوں کا ریاض میں شاہ خالد ایئرپورٹ اور مالیاتی مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، مکہ اور مدینہ کی جانب ڈرون روکنے کی اطلاعات

    حوثی گروپ انصار اللہ نے اتوار کی شام دعویٰ کیا کہ اس نے سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ’ایسٹ ویسٹ‘ پائپ لائن کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ سعودی حکام نے تاحال اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ گروپ نے ریاض کے علاقے میں واقع سعودی عرب کی ’ایسٹ ویسٹ‘ آئل پائپ لائن کے آئل پمپنگ سٹیشن نمبر پانچ اور چھ کو بھی دو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا۔

    یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی زیرِ قیادت اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس نے مکہ اور مدینہ کے علاقوں کی جانب آنے والے تین ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔ اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے حوثیوں پر مکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔

    تاہم حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے سعودی مؤقف کو ’جھوٹا اور من گھڑت‘ قرار دیا۔

    ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

    دوسری جانب یحییٰ سریع نے الزام لگایا کہ سعودی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں میں 75 حملے کیے، جن کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

    حوثیوں کے مطابق کشیدگی کے آغاز سے اب تک یمن میں سعودی فضائی حملوں کی مجموعی تعداد 5,095 تک پہنچ چکی ہے۔

  15. یمنی حکومتی فورسز کا باب المندب کے علاقے سے انخلا کا اعلان

    یمن کی حکومتی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ وہ باب المندب آبنائے کے قریب واقع علاقوں سے انخلا کر رہی ہیں تاکہ اپنے مرکزی اڈے عدن کے دفاع پر توجہ مرکوز کر سکیں۔

    اس پسپائی کو ایران نواز حوثیوں کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

    حکومتی فورسز نے ایک بیان میں کہا: ’جنوبی مسلح افواج تعز صوبے کے مغربی حصے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے افواج کی منتقلی کا اعلان کرتی ہیں۔‘

    اس انخلا کے اعلان کے ساتھ ہی یمنی حکومت کی جانب سے بحیرہ احمر کے داخلی راستے کے قریب ساحلی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جاری چھ ہفتوں پر مشتمل جوابی کارروائی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی ہے۔

    حوثیوں نے ان علاقوں پر تیز رفتار پیش قدمی کے ذریعے قبضہ کر لیا تھا، جس سے سعودی عرب کی تیل برآمدات پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔

    اس پسپائی کے بعد یہ امکان پیدا ہو گیا ہے کہ حوثی دوبارہ عدن کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے لیے حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کو روکنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔

    2015 میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے یمنی حکومتی فورسز جنوبی ساحلی شہر عدن میں قائم ہیں۔

    سعودی عرب اور حوثیوں کی جانب سے تاحال اس پیش رفت پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

  16. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    آج کے دن میں آگے بڑھنے سے قبل آئیے گذشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    • ایران کی پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نیوی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد دو آئل ٹینکروں میں آگ لگ گئی اور دھماکے ہوئے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ ’گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے کے غیر مجاز راستے پر سفر کرنے والے دو آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد انتہائی شدید دھماکوں کا شکار ہوئے۔‘
    • ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ایک اسرائیلی ڈرون ’آربیٹر 4‘ مار گرایا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ نے ملک کے مغربی فضائی دفاع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کو ’ایک دشمن آربیٹر 4 ڈرون‘ کو نہاوند کی پہاڑیوں میں فوج کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔
    • ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں مسلح افراد کے حملے میں بسیج کے ایک رکن کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بسیج، اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) سے وابستہ رضاکار نیم فوجی فورس ہے۔
    • سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے خلیجی اتحادی بحرین کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے منامہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ریاض بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
    • ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن وحید احمدی نے کہا ہے کہ ایرانی فوج کی توجہ دشمن کو ’شکست تسلیم کرنے اور مشرقِ وسطیٰ سے پسپا ہونے پر مجبور کرنے‘ پر مرکوز ہے۔
  17. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

    یہاں آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تجزیے پیش کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ 15 اکتوبر کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔