فرانزک امور کے ایک ماہر نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں جنسی جرائم میں سزا یافتہ جیفری ایپسٹین کی جیل میں موت خودکشی نہیں بلکہ قتل کا نتیجہ تھی۔
اس خبر میں پریشان کن تفصیلات اور خودکشی کے حوالے شامل ہیں۔
بی بی سی کے پروگرام ’نیوز نائٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر مائیکل فری مین نے کہا کہ نیویارک سٹی کے طبی معائنہ کار کی فائل کا جائزہ لینے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ایپسٹین کا گلا گھونٹا گیا تھا اور غالباً حملہ پیچھے سے کیا گیا تھا۔
تاہم 2019 میں ایپسٹین کا پوسٹ مارٹم کرنے والے طبی معائنہ کار نے اس وقت نتیجہ اخذ کیا تھا کہ ان کے جسم پر موجود زخم خودکشی سے مطابقت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے دفاعی زخموں کے کوئی شواہد نہیں ملے تھے جو عموماً قتل کی صورت میں متوقع ہوتے ہیں۔
ایپسٹین 10 اگست 2019 کو نیویارک کی جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔ اس وقت وہ جنسی مقاصد کے لیے انسانی سمگلنگ کے الزامات پر مقدمے کا انتظار کر رہے تھے۔
اس وقت نیویارک کی چیف میڈیکل ایگزامنر ڈاکٹر باربرا سیمپسن نے ایپسٹین کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔ وہ اس فیصلے پر پہلے بھی اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہہ چکی ہیں کہ وہ موت کی وجہ اور طریقۂ کار سے متعلق اپنے ادارے کے فیصلے پر قائم ہیں۔ بی بی سی نے ان سے مزید تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
مائیکل فری مین امریکہ میں پولیس کی حراست کے دوران ہونے والی اموات کے مقدمات میں اٹارنی جنرلز کے لیے موت کی وجہ کا تعین کرنے والے ماہر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ ان میں مینیسوٹا میں جارج فلائیڈ کی موت کا معاملہ بھی شامل ہے۔
فری مین نے پیر کی شام لندن میں اپنے نتائج پیش کرنے کے بعد اپنی تحقیق اور نیویارک کے طبی معائنہ کار کی فائلیں شائع کیں۔ انھوں نے ایپسٹین کی لاش خود نہیں دیکھی بلکہ اپنی تحقیق کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور اس کے ساتھ موجود تصاویر کا جائزہ لیا، جو انھیں ایپسٹین کے بھائی مارک ایپسٹین نے فراہم کی تھیں۔ مارک ایپسٹین ہمیشہ سے یہ مؤقف رکھتے آئے ہیں کہ ان کے بھائی کو قتل کیا گیا تھا۔
فری مین کا کہنا ہے کہ ان کا تجزیہ آزادانہ ہے اور انھیں مارک ایپسٹین نے اس کام کے لیے کوئی معاوضہ نہیں دیا۔ تاہم ان کی تحقیق کا تاحال دیگر ماہرین نے جائزہ نہیں لیا۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ایپسٹین کے جسم پر ایسے نشانات موجود ہیں جو حملے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ان میں بائیں کندھے پر گہرا اندرونی خون بہنا اور چہرے پر ضرب لگنے سے ملتے جلتے زخم شامل ہیں۔
فری مین کے مطابق شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی رسی یا اسی طرح کی چیز سے ایپسٹین کا گلا گھونٹا گیا اور پھر غالباً اسی رسی سے ان کی لاش کو بنک بیڈ سے لٹکایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ایپسٹین کی گردن پر رسی کے نشان سے اوپر ناخنوں کے نشانات بھی دکھائی دیتے ہیں، جو ان کے بقول گلا گھونٹے جانے، خصوصاً پیچھے سے حملے اور متاثرہ شخص کی جانب سے رسی ہٹانے کی کوشش سے مطابقت رکھتے ہیں۔
فری مین نے کہا کہ جسم پر موجود زخم اور لاش ملنے کی صورتحال ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے، اس لیے ان کے خیال میں موت کی واحد ممکنہ وضاحت قتل ہے۔
دوسری جانب پوسٹ مارٹم کرنے والے طبی معائنہ کار نے امریکی محکمۂ انصاف کے دفتر برائے انسپکٹر جنرل کو بتایا تھا کہ ایپسٹین کے زخم گلا گھونٹ کر قتل کیے جانے کے بجائے پھانسی کے ذریعے خودکشی سے زیادہ مطابقت رکھتے تھے۔ ان کے مطابق گلا گھونٹے جانے کے واقعات میں عموماً متاثرہ شخص کے جسم پر دفاعی زخموں کے نشانات ہوتے ہیں، لیکن ایپسٹین کے جسم پر ایسے شواہد نہیں ملے تھے۔
فری مین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جیل میں پھانسی کے ذریعے موت کی تحقیقات کے دوران لاش کو نیچے اتارنے سے پہلے اس کی تصویر کیوں نہیں لی گئی۔
امریکی محکمۂ انصاف کی تحقیقات کے مطابق جیل کے جس اہلکار نے ایپسٹین کو دیکھا، اس نے فوری طور پر دوسرے اہلکار کو مدد کے لیے بلایا، پھر لاش کو نیچے اتار کر طبی امداد دینے کی کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق ایپسٹین کی موت سے ایک ماہ قبل انھیں مختصر مدت کے لیے خودکشی کی نگرانی میں بھی رکھا گیا تھا۔