لائیو, قصور: انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہری ہلاک، ایک زخمی

ان ہلاکتوں کے حوالے سے انڈیا اور پاکستان کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ’انڈین بارڈر سکیورٹی فورسز نے بغیر وارننگ دیے نہتے‘ شہریوں کو ہدف بنایا، جبکہ انڈیا کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد انڈین پنجاب میں ’دراندازی‘ کی کوشش کر رہے تھے۔

خلاصہ

  • چھ ممالک نے مکہ معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے: پاکستانی وزیر خارجہ
  • القادر ٹرسٹ کیس: سزاؤں کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر
  • حوثی گروہ نے مدینہ کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے اِس سے متعلق سعودی عرب کے دعوؤں کو ’بے بنیاد الزام‘ قرار دیا ہے
  • پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کی مدینہ میں بجلی کی تنصیب کو مبینہ نشانہ بنانے کی مذمت، حوثیوں سے حملوں کے غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ
  • یمن میں حکومتی فورسز کا دارالحکومت صنعا میں ’انتہائی اہم‘ اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
  • برطانوی فضائی اڈے کے قریب مبینہ دہشت گردی کے الزام میں ایرانی نژاد برطانوی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے: پولیس

لائیو کوریج

  1. برطانوی فضائی اڈے کے قریب مبینہ دہشت گردی کے الزام میں برطانوی۔ایرانی شہری گرفتار: پولیس

    برطانیہ کی کاؤنٹر ٹیررازم پولیس

    برطانیہ کی کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک برطانوی-ایرانی شخص کو آر اے ایف فیئرفورڈ فضائی اڈے کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کی تیاری کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔

    اس 27 سالہ شخص کو لندن کے علاقت ویسٹ منسٹر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک دوسرے شخص، جو 26 سالہ برطانوی شہری ہے، سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے، جبکہ علاقے میں واقع دو جائیدادوں کی تلاشی لی گئی ہے۔

    اتوار کے روز گلوسٹرشائر میں واقع فضائی اڈے کے قریب گرفتار کیے گئے بیس سے کچھ زائد عمر کے پانچ افراد بدستور ضمانت پر ہیں۔ یہ پانچوں افراد لندن سے تعلق رکھنے والے برطانوی شہری تھے۔

    کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کی سینیئر کوآرڈینیٹر وکی ایونز کا کہنا ہے کہ پولیس ’تمام ممکنہ پہلوؤں پر غور کر رہی ہے، جن میں کسی غیر ملکی ریاست کے ممکنہ کردار کا امکان بھی شامل ہے۔‘

    انھوں نے کہا ’گلوسٹرشائر میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق تحقیقات انتہائی پیچیدہ ہیں اور ہماری ماہر ٹیمیں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا ’میں عوام کی مسلسل حمایت اور صبر پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔‘

    خیال رہے اتوار کی صبح دیگر پانچ افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب امریکی فضائیہ کے زیرِ انتظام اڈے کی جانب ’تین مشتبہ گاڑیوں‘ کے جانے کی اطلاع ملی تھی۔

  2. مدینہ میں بجلی تقسیم کرنے والے مرکز پر حوثیوں نے حملہ کیا: سعودی اتحاد کا الزام

    یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے لیے قائم عسکری اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے مدینہ میں واقع پاور ڈسٹری بیوشن سٹیشن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 ستمبر 2026 کو صبح پانچ بج کر 11 منٹ پر مدینہ میں واقع بجلی تقسیم کرنے والے مرکز پر حملہ کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیے گئے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کی تحقیقات اور جمع کیے گئے شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں حوثی ملیشیا ملوث تھی۔

    اتحاد کا کہنا ہے کہ یہ نتیجہ واقعے کے بعد کی تحقیقات اور استعمال ہونے والے ڈرون کے ملبے کے جائزے کے بعد اخذ کیا گیا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے نتیجے میں ایک پاور ٹرانسفارمر ناکارہ ہوا، تاہم بجلی کی ترسیل کے نظام پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

    سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا کہ جس تنصیب کو نشانہ بنایا گیا وہ ’مدینہ میں مسجد نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے نظام کا حصہ تھی۔‘

    بیان میں مزید کہا گیا کہ اتحاد حوثی ملیشیا کو روکنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔

  3. ملاقات کے لیے حکومت کا پیغام قبول کیا ہے: بیرسٹر گوہر

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کل ملاقات کا پیغام موصول ہوا جسے قبول کر لیا ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھجوایا گیا پیغام ’اپوزیشن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں‘ قبول کیا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کل دوپہر 12 بجے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دفتر میں اپوزیشن اور حکومتی وفود کے درمیان ملاقات ہو گی۔

    ایوانِ صدر کے اعلامیے کے مطابق اپوزیشن سے ملاقات کرنے والے وفد میں حکومت کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین بھی شامل ہوں گے۔

    ایوانِ صدر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کی صورتحال پر ’تشویش کا اظہار کیا گیا اور طے پایا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل (جمعہ کو) پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات اور موجودہ سیاسی صورتحالپر مذاکرات کرے گا۔‘

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام شامل ہوں گے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی کریں گے۔

  4. لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہو گا، پانچ اکتوبر کو کوہاٹ میں پڑاؤ کے بعد ضلع پشاور داخل ہو گا: تحریک انصاف

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہو گا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں انھوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا پہلا پڑاؤ کرک، جبکہ پانچ اکتوبر کو دوسرا پڑاؤ کوہاٹ میں ہو گا۔

    شفیع جان کے مطابق، ’اس کے بعد لانگ مارچ ضلع پشاور داخل ہو گا۔‘

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چار اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم شفیع جان کی ایکس پوسٹ سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ یہ مارچ کس تاریخ کو اسلام آباد پہنچے گا۔

    ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں اور حامیوں سے مالی تعاون کی اپیل کی ہے۔

    شفیع جان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر وزیر اعلیٰ کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں سہیل آفریدی کہہ رہے ہیں کہ وہ کل (جمعہ، دو اکتوبر) شام چار بجے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں موجود ہوں گے۔

    اس ویڈیو میں سہیل آفریدی کے ساتھ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر بھی موجود ہیں۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کہتے ہیں کہ کل پی ٹی آئی کی تمام لیڈرشپ رات تک موجود رہے گی اور لانگ مارچ کے لیے چندہ دینے کے خواہش مند افراد اپنا عطیہ براہِ راست انھیں دے سکیں گے۔

  5. گذشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    • پاکستان فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ افغان طالبان پاکستان مخالف عناصر کو پناہ دے رہے ہیں۔ ایک نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو افغانستان یا اس کے عوام سے نہیں بلکہ افغان طالبان کی حکومت سے مسئلہ ہے، ’جس نے خود کو افغانستان پر مسلط کر رکھا ہے۔‘
    • شام کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ملک کے وسطی صوبے حمص میں بدھ کے روز ایک بس پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
    • متحدہ عرب امارات نے دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے دوران پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پرواز راستہ تبدیل کرنے کے بعد سعودی عرب کے شہر تبوک کے ہوائی اڈے پر اتاری گئی تھی۔
    • اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے مطابق یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز پر ایک پائلٹ کے دوسرے پائلٹ کو چاقو مارنے اور طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش میں ایران کا کوئی کردار تھا یا نہیں۔
    • ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے عراق سے امریکی افواج کے انخلا کو ’ایک عظیم اور تاریخی‘ لمحہ اور ’مزاحمت کی محور‘ کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔
    • کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ایک ایسے قانون پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت اب 18 سال سے کم عمر افراد کی شادی نہیں ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ امریکہ کی 32 ریاستوں میں اب بھی کم عمری کی شادی کی کسی نہ کسی شکل قانونی اجازت ہے۔
  6. بی بی سی اردو کے لائیو پیج میں خوش آمدید

    جمعرات یکم اکتوبر کی خبروں کے لیے یہاں کلک کریں۔