امریکی اور ایرانی رہنماؤں کے درمیان تین گھنٹے طویل ’بہت اچھی اور نتیجہ خیز‘ بات چیت ہوئی ہے: صدر ٹرمپ

نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک بہت اچھی اور انتہائی نتیجہ خیز ملاقات تھی۔ تاہم صدر ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ کمرے میں کون سے ایرانی رہنما موجود تھے۔' تاہم ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے اور خبر رساں ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. ترکی کے بعد عراق اور جارجیا نے بھی ایرانی طیاروں کے داخلے پر پابندی لگا دی

    Getty Images

    امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے اس اعلان کے بعد کہ آنے والے دنوں میں ایرانی ایئرلائنز کو عالمی سطح پر پروازیں چلانے سے روک دیا جائے گا، عراق اور جارجیا نے بھی ترکی کی پیروی کرتے ہوئے ایرانی ایئرلائنز کے اپنے ممالک میں داخلے پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔

    اس سے قبل ماہان ایئر نے اعلان کیا تھا کہ ترکی نے کمپنی کو اپنی پروازیں معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

    بی بی سی فارسی کے مطابق عراق کے دو ذرائع نے پیر کو اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی محکمۂ خزانہ کے اعلان کے بعد بغداد ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کر دے گا۔

    اس خبر کے بعد جارجیا نے بھی ایرانی ایئرلائنز کو اپنی فضائی حدود میں داخلے سے روک دیا ہے۔

    اس سے قبل سنیچر کے روز ماہان ایئر نے اعلان کیا تھا کہ ترک حکومت کی درخواست پر اس نے ترکی کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔

  2. ایرانی وزیرِ خارجہ کی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آمد

    IRNA
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق وہ ’ایک سفارتی وفد کی سربراہی‘ میں نیویارک پہنچے ہیں۔

    ارنا کے مطابق عراقچی اقوامِ متحدہ کے اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ سربراہی اجلاس میں شریک متعدد حکام اور وزرائے خارجہ سے ’بات چیت اور مشاورت‘ کریں گے۔

  3. ایران، امریکہ تنازع ختم کرنے کے لیے پاکستان سے رابطے میں ہیں: اقوامِ متحدہ کے ترجمان

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع ختم کرنے کی کوششوں میں مدد کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں رہے ہیں۔

    سٹیفان دوجارک نے جون میں ایران اور امریکہ کے درمیان لڑائی روکنے کے معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک ’بڑی کامیابی‘ قرار دیا۔

    انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مذاکرات کی بحالی سے تنازع ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

  4. یمن میں لڑائی میں تیزی آنے سے ایک ماہ میں ہلاک اور زخمی افراد کی مجموعی تعداد 3,600 سے زائد: ڈبلیو ایچ او

    یمن میں شدید لڑائی سیکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں
    ،تصویر کا کیپشنیمن میں شدید لڑائی اور عام شہریوں کی ہلاکتوں کے بعد سیکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں اور انھیں ہنگامی رہائش، خوراک، صاف پینے کے پانی اور بنیادی صفائی کی سہولتوں کی فوری ضرورت ہے

    عاالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں میں لڑائی دوبارہ شدت اختیار کرنے کے بعد گزشتہ ماہ سے اب تک 674 افراد ہلاک جبکہ 2,998 زخمی ہو چکے ہیں۔

    ادارے کے مطابق صرف 13 سے 18 ستمبر کے درمیان 164 افراد ہلاک اور 516 زخمی ہوئے۔

    دوسری جانب بین الاقوامی ادارۂ برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے کہا ہے کہ یمن کے سات صوبوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے باعث 129,438 افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

    مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے آئی او ایم کے علاقائی ڈائریکٹر عثمان بیلبیسی کے مطابق 18 سے 21 ستمبر کے درمیان صرف تین دنوں میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد میں 11,352 افراد کا اضافہ ہوا۔

  5. امریکہ نے ایرانی صدر کے وفد کے بعض ارکان کو ویزا دینے سے انکار کر دیا، ایرانی میڈیا کا دعویٰ

    USA and Iran symbolic

    ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس ہفتے ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ جانے والے وفد کے بعض ارکان، جن میں ان کی میڈیا ٹیم کے ارکان بھی شامل ہیں، کو ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ’ ٹرمپ انتظامیہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک جانے والے اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کے بعض ارکان، جن میں صدر کی میڈیا ٹیم کے ارکان بھی شامل ہیں، کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے۔‘

    خبر رساں ایجنسی مہر نے بھی ایرانی صدارتی ترجمان کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مسعود پزشکیان بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

    دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی ٹرمپ انتظامیہ پر معلومات تک رسائی کے حق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔

    انھوں نے وائٹ ہاؤس کے حالیہ اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ ’جب ایک حکمران نظام امریکہ کے اپنے میڈیا کو بھی معلومات تک رسائی سے روکتا ہے اور ساتھ ہی غیر ملکی صحافیوں کی رسائی بھی محدود کرتا ہے، جن میں ایرانی صدر کی میڈیا ٹیم بھی شامل ہے، تو یہ رسائی کا انتظام نہیں بلکہ حقیقت کو چھپانے کی کوشش ہے، اور یہ معلومات تک رسائی کے حق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غلط معلومات پھیلانے کی مہم کا حصہ ہے۔‘

  6. پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن، سابق اپوزیشن لیڈر سمیت متعدد کارکن گرفتار, نصیر چوہدری، صحافی

    تصویر

    پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر انھیں اور متعدد پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

    ڈی ایس پی اشتیاق گیلانی نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی کے دوران پی ٹی آئی سے وابستہ 12 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ان کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران خواجہ فاروق احمد سمیت اجلاس میں شریک متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پی ٹی آئی کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دی گئی احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال کے حوالے سے مشاورتی اجلاس جاری تھا۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میر عتیق نے بتایا کہ سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سمیت تقریباً 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر جاری مشاورتی اجلاس کے دوران گرفتاریوں کی مذمت کی۔

    خواجہ فاروق احمد نے 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دی گئی لانگ مارچ کی کال کے سلسلے میں اپنی رہائش گاہ پر حلقہ تین مظفر آباد کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کا مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا۔

    خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ لوئر پلیٹ، مظفرآباد میں واقع ہے پی ٹی آئی کے مطابق وہاں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی کی سربراہی میں تین ایس ایچ اوز سمیت درجنوں پولیس اہلکار پہنچے اور کارروائی کی گئی۔

  7. روس نے یوکرین جنگ کے باعث ڈیزل کی صنعت پر کنٹرول کھو دیا ہے: صدر ٹرمپ

    تصویر

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین کے ساتھ جنگ کے باعث اپنی ڈیزل آئل انڈسٹری پر ’بدقسمتی سے کنٹرول کھو دیا ہے۔‘

    ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس کی بڑی تعداد میں ڈیزل ریفائنریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور وہ ’کم از کم عارضی طور پر‘ کام نہیں کر رہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’یہ مضحکہ خیز اور کبھی ختم نہ ہونے والی جنگ ختم ہونی چاہیے۔‘

    ٹرمپ کے مطابق اس جنگ کا اثر پوری دنیا پر پڑ رہا ہے کیونکہ ہر ماہ تقریباً 25 ہزار افراد، جن میں زیادہ تر فوجی ہیں، مارے جا رہے ہیں۔

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس کی تیل صاف کرنے کی صلاحیت پر یوکرین کے ڈرون حملوں کے اثرات اور عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔

  8. جاپان میں طوفان دوجوان: ’انتہائی خطرے‘ کا انتباہ، 19 لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کی ہدایت

    تصویر

    جاپان میں ٹائیفون دوجوان کے باعث 19 لاکھ افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جاپان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ایباراکی، چیبا، ٹوکیو، کاناگاوا اور شیزوکا میں 19 لاکھ افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے جاری یہ ہدایات لازمی نہیں ہیں۔

    جاپان کے محکمۂ موسمیات نے ٹائیفون دوجوان کے باعث ٹوکیو کے جنوب میں واقع اوشیما اور ایزو جزائر کے بعض علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے لیے لیول فائیو کا ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے، جو خطرے کی بلند ترین سطح ہے۔

    محکمۂ موسمیات کے مطابق ایزو جزائر کے شمالی حصوں، چیبا، کاناگاوا اور شیزوکا میں لیول فور کا الرٹ ہے۔

    تصویر

    ٹائیفون دوجوان ایزو جزائر سے گزر چکا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونشو کے ساحل کے متوازی شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔

    اس وقت طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکڑوں کی رفتار 194 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہی ہے۔

    کانتو کے علاقے میں پیر کے روز شدید اور مسلسل بارش متوقع ہے، جہاں بعض مقامات پر 250 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ طوفان کے باعث پہلے ہی لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں جبکہ تقریباً چار ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔

    جاپان سے روانہ ہونے والی سینکڑوں بھی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں کیونکہ طوفان کے باعث شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  9. دُنیا بھر کی فضائیں منگل سے تمام ایرانی ایئر لائنز کے لیے بند کر دی جائیں گی: امریکی وزیرِ خزانہ

    تصویر

    امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ منگل سے دنیا بھر کی فضائیں تمام ایرانی ایئر لائنز کے لیے بند کر دی جائیں گی۔

    امریکی محکمہ خزانہ نے تقریباً دو ہفتے قبل 27 ایرانی ایئر لائنز کو اپنی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

    سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ انھیں نہیں معلوم کہ ایران کے ساتھ یہ تنازع کب تک جاری رہے گا، تاہم اُنھوں نے بتایا کہ ایران پر عائد پابندیوں کے حوالے سے اُنھوں نے چین سے بات چیت کی ہے۔

    چینی صدر دو روز میں امریکہ کا دورہ کریں گے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت کریں گے جن میں ایران پر عائد پابندیاں بھی شامل ہیں۔

    سکاٹ بیسنٹ اس سے قبل کہہ چکے تھے کہ چینی نائب وزیراعظم وانگ یی کے ساتھ بات چیت میں وہ ایران کے خلاف پابندیوں کے معاملے پر دونوں صدور کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کریں گے۔

  10. آبنائے ہرمز میں برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا: میری ٹائم سکیورٹی

    آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا جس پر برطانوی پرچم لہرا رہا تھا۔

    اس سے پہلے ہم نے اطلاع دی تھی کہ آبنائے ہرمز میں داخل ہوتے ہی ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا تھا۔

    اب، ایک برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی کا کہنا ہے کہ برطانوی پرچم والے ٹینکر ’لا سٹیفنی‘ کو آبنائے ہرمز میں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ خلیج فارس کی طرف روانہ تھا۔

    اطلاعات کے مطابق حملے میں ٹینکر کے عملے کے دو ارکان کو معمولی چوٹیں آئیں۔

    برٹش میری ٹائم ٹریڈ آپریشن سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹینکر اب اپنی اگلی بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔

  11. راس لفان کمپلیکس کے ایل این جی یونٹس کی مرمت میں تین سال لگ سکتے ہیں: قطر انرجی کے سربراہ سعد کعبی

    تصویر

    قطر انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سعد کعبی کا کہنا ہے کہ راس لفان کمپلیکس میں ایل این جی کی پیداوار کے ان دو یونٹس کی مرمت میں تین سال تک کا وقت لگ سکتا ہے جو جنگ میں تباہ ہو گئے تھے۔

    ان کے مطابق ان حملوں کی وجہ سے قطر کی مائع گیس کی پیداواری صلاحیت کا 17 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔

    سعد کعبی نے یہ بھی کہا کہ ’نارتھ فیلڈ ایسٹ‘ گیس فیلڈ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کا پہلا یونٹ 2027 کی پہلی ششماہی میں پیداوار شروع کر دے گا، لیکن اس کے بعد کے یونٹس کا آغاز آبنائے ہرمز کی صورتحال پر منحصر ہے۔

    اُنھوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کی وجہ سے اس منصوبے کے لیے درکار آلات ابھی تک قطر نہیں پہنچ پا رہے۔

    قطر انرجی نے گذشتہ روز یہ بھی کہا تھا کہ آبنائے ہرمز کا بحران اس کے کچھ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا باعث بن سکتا ہے۔

    کمپنی فی الحال ایل این جی کی بہت کم مقدار پیدا کر رہی ہے۔

    سعد کعبی نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے تو قطر میں گیس کی معمول کی سرگرمیاں چند ہفتوں کے اندر بحال ہو سکتی ہیں۔

  12. حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق کوئی یقین دہانی کروائی تو لانگ مارچ ملتان میں ہی روکا جا سکتا ہے: ترجمان جماعتِ اسلامی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    تصویر

    ترجمان جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق کوئی یقین دہانی کروائی تو لانگ مارچ کو ملتان میں روکا جا سکتا ہے۔

    سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی شکیل ترابی نے بی بی سی نیوز اُردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزرا نے لانگ مارچ ایک ماہ تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جسے جماعتِ اسلامی نے قبول نہیں کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ جماعت اسلامی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    شکیل ترابی کے مطابق حکومتی وزرا نے کہا ہے کہ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی امریکہ میں موجود وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آج ٹیلی فون پر بات کروائی جا سکتی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر وزیرِ اعظم کی طرف سے کوئی یقین دہانی کروائی گئی تو لانگ مارچ جو اس وقت ملتان پہنچنے والا ہے، کو وہیں پر اس مدت کے لیے روک دیا جائے گا جب تک وزیر اعظم کی طرف سے لیوی کم یا ختم کرنے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن گزر نہیں جاتی۔

    جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کو خدشہ ہے کہ اگر اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا دھرنا طویل ہو گیا تو یہ نہ ہو جماعتِ اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف آپس میں مل جائیں تو حکومت کے لیے اس صورتحال کو کنٹرول کرنا مشکل ہوسکتا ہے ۔

    انھوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی قیادت نے انھیں یقین دہانی کروائی تھی کہ دونوں جماعتوں کے مطالبات الگ الگ ہیں تاہم دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتی ہیں۔

  13. وزیرِ داخلہ محسن نقوی تہران پہنچ گئے

    تصویر

    پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی پیر کو تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں ایرانی وزیرِ داخلہ سکندر مومنی نے اُن کا استقبال کیا۔

    محسن نقوی کی تہران میں اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

    تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کے دورے کا ’ایران اور امریکہ کے درمیان موجودہ مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ دورہ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہوگا۔‘

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دو روز قبل کہا تھا کہ محسن نقوی کا دورہ مکمل طور پر دوطرفہ بات چیت کے دائرہ کار میں ہو گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ پاکستان کے کوئی اقتصادی وزیر ان کے ہمراہ ہوں۔

    محسن نقوی حالیہ مہینوں میں بھی کئی بار ایران کا دورہ کر چکے ہیں۔

    پاکستان اور قطر، ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں دو ثالث ہیں۔

    قطر نے بھی پیر کو کہا ہے کہ اس کے نمائندے ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

  14. اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے لیے ایرانی صدر کے امریکہ کے دورے پر تنازع

    تصویر

    ایرانی صدر منگل کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کا سفر کریں گے۔

    چند گھنٹے قبل، ڈونلڈ ٹرمپ نے مسعود پزشکیان سے ملاقات کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ اگر کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو ایران کو معاشی تباہی یا بربادی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کا مسعود پزشکیان کا دورہ انتہائی متنازعہ بن گیا ہے۔

    کچھ قدامت پسند شخصیات اور یہاں تک کہ اصلاح پسندوں کے قریبی کچھ سیاسی کارکنوں نے بھی اس دورے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔

    بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کی میڈیا ٹیم کو ویزے نہ ملنے کی وجہ سے خبروں اور واقعات کی مناسب کوریج ممکن نہیں ہے۔

    اس کے علاوہ، کچھ قدامت پسندوں کا ماننا ہے کہ جنگی صورتحال کے پیشِ نظر، اس دورے کو ایران کی مذاکرات کی خواہش کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور یہ ایران کو سفارتی طور پر کمزور پوزیشن میں بھی ڈالتا ہے۔

    تاہم حکومتی حامیوں کا کہنا ہے کہ جنرل اسمبلی سے ایران کی غیر موجودگی زیادہ تر امریکہ کے مفاد میں ہے اور سفارت کاری کے موقع کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔

  15. آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر کو ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ سے نشانہ بنانے کی اطلاع

    تصویر

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر (UKMTO) کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں داخل ہوتے وقت ایک آئل ٹینکر کو ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ سے نشانہ بنایا گیا۔

    فوجی حکام کے مطابق، ٹینکر کے عملے کے دو ارکان معمولی زخمی ہوئے، تاہم جہاز نے اپنا سفر جاری رکھا اور وہ اپنی اگلی منزل کی بندرگاہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ فی الحال ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    ادارے نے جہازوں کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ وہ اس علاقے سے گزرتے وقت احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں۔

  16. پشاور میں منشیات کے خلاف ’تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی‘ میں ایک ٹن منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ

    تصویر

    خیبر پختونخوا کے محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور میں تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 720 کلو گرام چرس اور 240 کلو افیون برآمد کی گئی ہے۔

    محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم نے ایکسائز کی ٹیموں پر فائرنگ کی اور رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔

    بیان کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج ایکسائز انٹیلی جنس بیورو عاکف نواز خان کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب پشاور میں ایکسائز انٹیلی جنس کی تین خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔

    ناکہ بندی کے دوران جہاز چوک کے قریب ایک مشتبہ ریو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے فرار کی کوشش کی اور ایکسائز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فرار کے دوران گاڑی نے دیگر گاڑیوں اور سڑک کے پلیٹ فارمز کو بھی ٹکر ماری جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔

    ایکسائز ٹیموں نے تعاقب جاری رکھتے ہوئے گاڑی کو رنگ روڈ پشاور کے قریب ڈبل روڈ پر قابو میں لے لیا، تاہم ڈرائیور شدید فائرنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہو گیا۔

    گاڑی کو ایکسائز پولیس اسٹیشن (EPS) پشاور منتقل کیا گیا، جہاں تلاشی کے دوران 720 کلو گرام چرس اور 240 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔

  17. جنوبی شام میں اسرائیلی فورسز کی شدید گولہ باری: سنا

    SANA

    شامی خبر رساں ادارے سنا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے پیر کی صبح جنوبی شام کے صوبے درعا کے مغربی علاقوں میں عابدین اور الرقَد کی وادیوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی اور قریبی علاقوں کی جانب مشین گنوں سے فائرنگ کی ہے۔

    سنا کے مطابق گولہ باری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی فورسز نے یرموک بیسن میں متعدد دیہاتوں کے مضافات کو بھی نشانہ بنایا۔

    سنا کا کہنا ہے کہ ’یہ کارروائی ایک روز قبل صوبہ قنیطرہ کے علاقوں میں بھی اسرائیلی فورسز کی گولہ باری کے بعد کی گئی ہے۔‘

  18. پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز کے قریب ایک اور امریکی ’ایم کیو-1‘ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

    Getty Images
    ،تصویر کا کیپشنامریکی ’ایم کیو-1 ڈرون‘ (فائل فوٹو)

    ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک اور امریکی ’ایم کیو-1 ڈرون‘ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب نے پیر کی صبح جاری ایک بیان میں کہا کہ ’امریکی ’دہشت گرد فوج‘ سے تعلق رکھنے والے ’ایم کیو-1 ڈرون‘ کو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے تحت کام کرنے والے ایرو سپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔‘

    بیان کے مطابق ’ایم کیو-9 ڈرونز‘ کو پہنچنے والے ’بھاری نقصانات‘ کے باعث واشنگٹن نے کئی برس قبل ریٹائر کیے گئے جاسوسی اور جنگی ’ایم کیو-1 ڈرونز‘ کو دوبارہ ایران کے خلاف کارروائیوں میں شامل کیا ہے۔‘

    ارنا کے مطابق ’ایم کیو-1 ڈرون‘ کو افغانستان پر امریکی قیادت میں حملے اور قبضے کے دوران 20 ہزار گھنٹے کی پروازوں کے باعث ’بیئسٹ آف قندھار‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ اسے کئی برس قبل امریکی بحری اور فضائی افواج سے ریٹائر کر کے ایم کیو-9 ریپر ڈرونز سے تبدیل کر دیا گیا تھا۔

    ارنا کے مطابق دونوں ماڈلز کو ایران کی فضائی حدود میں آئی آر جی سی کے جدید فضائی دفاعی نظام کی جانب سے اکثر نشانہ بنا کر مار گرایا جاتا ہے۔

    ایرانی مسلح افواج کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے ایرانی افواج نے درجنوں جاسوسی اور جنگی ڈرونز سمیت دیگر ’دشمن طیاروں‘ کو تباہ کیا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ یہ جنگ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شروع کی گئی۔

  19. امریکہ نے نیا حملہ کیا تو ایسے ہتھیار استعمال کریں گے جو دنیا کو حیران کر دیں گے: ترجمان پاسدارانِ انقلاب

    EPA
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر امریکہ نے ایران پر نیا حملہ کیا تو ایران ’نئے ہتھیار‘ استعمال کرے گا اور ’جنگ کا جغرافیہ تبدیل کرتے ہوئے‘ ان علاقوں کو نشانہ بنائے گا جنھیں اب تک نشانہ نہیں بنایا گیا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’اگر امریکہ نے حملہ کیا تو ایران ایسے نئے ہتھیار استعمال کرے گا جو دنیا کو ’حیران‘ کر دیں گے۔‘

    ان کے مطابق ایران نے ایسے ہتھیار تیار کیے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو ترقی دی ہے جنھیں جنگ کے موجودہ مرحلے میں استعمال نہیں کیا گیا۔ انھوں نے ان ہتھیاروں کو ایران کے ’سٹریٹجیک‘ ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں ’ضرورت پڑنے پر‘ استعمال کیا جائے گا اور ’دنیا دیکھے گی کہ کیا ہوتا ہے۔‘

    EPA
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    جنگ کے جغرافیے میں تبدیلی کے حوالے سے آئی آر جی سی کے ترجمان نے کہا کہ ’جنگ اب علاقائی شکل اختیار کر چکی ہے، لیکن چونکہ خطہ بہت وسیع ہے، اس لیے اب بھی اس جنگ کے جغرافیائی طور پر پھیلنے کی گنجائش موجود ہے۔‘

    انھوں نے کہا کہ فوج ’طویل مدتی جنگ‘ کی تیاری کر رہی ہے۔

    آئی آر جی سی کے ترجمان کی یہ وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’امریکہ بعض علاقائی ممالک کی جانب سے ’گرین سگنل‘ ملنے کے بعد اپنی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘

    خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر، جو جنگ کے دوران ایران کا سب سے اعلیٰ فوجی ادارہ ہے، نے کہا ہے کہ ایران کو اطلاعات ملی ہیں کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایک یورپی ملک میں کئی علاقائی ممالک کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی ہے۔

  20. پارلیمانی انتخابات سے قبل ماسکو پر ’سینکڑوں ڈرونز‘ سے یوکرین کا حملہ، میئر کا دعویٰ

    Reuters
    ،تصویر کا کیپشنفائل فوٹو

    ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے دعویٰ کیا ہے کہ ’یوکرین نے گذشتہ دو روز کے دوران روسی دارالحکومت ماسکو پر سینکڑوں ڈرونز سے حملے کیے ہیں۔

    ماسکو کے میئر کے مطابق سنیچر سے اب تک کم از کم 450 ڈرونز نے ماسکو کو نشانہ بنایا، جسے انھوں نے شہر پر ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔

    ان کے مطابق حملے میں ماسکو کی آئل ریفائنری کو نقصان پہنچا ہے۔ جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریفائنری آگ کی لپیٹ میں ہے۔

    روسی علاقائی حکام کے مطابق حملوں میں دو افراد ہلاک اور کم از کم چھ زخمی ہوئے ہیں۔

    روسی دارالحکومت پر یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ملک میں پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں۔

    دوسری جانب یوکرین کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ روسی حملے میں دارالحکومت کییف کے علاقے میں دو بچوں سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔