متحدہ عرب امارات کا خطے کی صورتحال پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار: ’ایسے اقدامات سے بچا جائے جو تشدد اور عدم استحکام کے ایک نئے سلسلے کو جنم دے‘
متحدہ عرب امارات نے گذشتہ چند روز کے دوران خطے میں ہونے والی پیش رفت پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے کو فوری طور پر روکنے اور تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو مزید عدم استحکام کا باعث بنیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ’زیادہ سے زیادہ تحمل‘ کا اظہار کرنے کا اور ایسے کسی بھی اقدام سے بچنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جو تشدد اور عدم استحکام کے ایک نئے سلسلے کو جنم دے سکتا ہو۔
متحدہ عرب امارات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام جارحانہ کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور مذاکرات کی میز پر جلد واپسی یقینی بنائی جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی برقرار رکھنا عالمی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ خطے میں شہری بنیادی ڈھانچے اور تنصیبات، جن میں سکول، جامعات، ہسپتال، ڈی سیلینیشن پلانٹس، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے مراکز، اور رہائشی علاقے شامل ہیں، پر حملے بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور دفعات کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے خبردار کیا کہ ان مراکز کو نشانہ بنانا کسی بھی صورتِ حال میں نہ قابلِ قبول ہے اور نہ ہی اس کا کوئی جواز پیش کیا جا سکتا ہے۔











