جھوٹ، بھیس اور سرف بورڈ کا بیگ: حسد زدہ پولیس اہلکار نے دوہرے قتل کو کیسے چھپانے کی کوشش کی؟

،تصویر کا ذریعہEPA-EFE/REX/Shutterstock
- مصنف, ہیلن لیونگسٹون
- عہدہ, بی بی سی نیوز، سڈنی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 11 منٹ
سڈنی کے ایک امیر علاقے میں فروری کی ایک گرم صبح، نو بجے کے کچھ دیر بعد، سی سی ٹی وی کیمرے ایک ایسے شخص کو ریکارڈ کر رہے تھے جو اوبر ایٹس کے ڈیلیوری رائیڈر کا بھیس بنا کر سڑک کے کنارے کھڑا تھا۔
استغاثہ کے مطابق وہ شخص تقریباً 20 منٹ تک وہاں وقت گزارتا رہا اور اس دوران خود کو ’جو کچھ کرنے جا رہا تھا، اس کے لیے ذہنی طور پر تیار‘ کرتا رہا، جس کے بعد وہ کیمرے کی نظر سے اوجھل ہو گیا۔ چند منٹ بعد ایک دوسرے سی سی ٹی وی کیمرے نے فائرنگ کی آوازیں ریکارڈ کیں۔
سابق پولیس اہلکار 31 سالہ بیو لامارے کو بُدھ کے روز اپنے سابق ساتھی جیسی بیئرڈ، جو ٹی وی میزبان تھے اور بیئرڈ کے نئے ساتھی لیوک ڈیوس کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا۔ دونوں کو قتل کرنے کے لیے انھوں نے پولیس کی جانب سے جاری کردہ پستول استعمال کیا تھا۔
فروری 2024 میں جیسی بیئرڈ اور لیوک ڈیوس کے خون آلود سامان سڈنی کے علاقے کرونولا میں ایک کوڑے دان سے ملنے کے بعد دونوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی تھی۔
یہ تلاش بالآخر ایک دیہی علاقے میں واقع زمین پر دونوں کی لاشیں ملنے پر ختم ہوئی، جہاں انھیں لکڑیوں اور دیگر ملبے کے نیچے جزوی طور پر دفن کیا گیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہSupplied: Jesse Baird
دو ماہ تک جاری رہنے والے مقدمے کی سماعت کے دوران، جس میں بعض مواقع پر غیر معمولی گواہیاں اور سی سی ٹی وی کی بڑی تعداد میں شواہد پیش کیے گئے، عدالت کو بتایا گیا کہ لامارے نے کئی ماہ پہلے ہی قتل کی منصوبہ بندی شروع کر دی تھی۔
جیوری کو سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی گئی جس میں اس وقت کے پولیس اہلکار لامارے کو سرف بورڈ رکھنے والا بیگ خریدتے دیکھا گیا۔ اس بیگ میں وہ جیسی بیئرڈ کی لاش رکھنا چاہتے تھے۔ دکان میں انھوں نے بیگ کا اندازہ لگانے کے لیے اسے اپنے ایک دوست کے جسم کے ساتھ بھی ناپا تھا۔
عدالت میں لامارے کے سابق دوستوں اور ساتھیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی گواہی دی۔ ان کے مطابق لامارے نے ان سے موبائل فون کے سگنلز سے لے کر اسلحہ خریدنے کی جگہ تک، مختلف امور پر مشورے مانگے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک خاتون نے عدالت کو بتایا کہ لامارے نے ایک مرتبہ انتہائی خوفناک انداز میں ان سے کہا تھا کہ اگر وہ کبھی کسی کو قتل کریں تو مقتول کا سامان کوڑے دان میں پھینک دیں گے اور لاش ایسی جھاڑیوں یا جنگلاتی علاقے میں چھپا دیں گے جہاں وہ کبھی نہ مل سکے۔
ان کی گواہی کے مطابق لامارے نے ان سے پوچھا تھا کہ ’اگر میں آپ کو بتاؤں کہ میں نے کسی کو قتل کر دیا ہے تو آپ کیا کریں گی؟ کیا آپ لاش چھپانے میں میری مدد کریں گی؟‘
بعدازاں لامارے نے قتل کے شواہد چھپانے میں بھی دوستوں سے مدد مانگی۔ ان دوستوں میں سے کسی پر بھی اس جرم میں ملوث ہونے کا الزام نہیں لگایا گیا، تاہم ان کے مطابق انھیں لامارے کی جانب سے گھبرائے ہوئے فون اور عجیب و غریب درخواستیں موصول ہونے لگیں۔
ایک دوست نے عدالت کو بتایا کہ لامارے اسے اپنے ساتھ دیہی علاقے میں گاڑی پر سفر کے لیے لے گئے، جہاں انھوں نے ڈیٹنگ ایپ پر ملنے والے ایک شخص کے خاندانی فارم پر لاشیں ٹھکانے لگانے کی کوشش کی۔ اس دوران گاڑی کے سپیکرز پر ٹیلر سوئفٹ کا گانا ’نو باڈی نو کرائم‘ چل رہا تھا۔
جنون میں بدلتی محبت
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
26 سالہ جیسی بیئرڈ اور لامارے کی ملاقات اکتوبر 2022 میں ایک نائٹ کلب میں ہوئی تھی۔ لامارے، جو پولیس کی ملازمت کے ساتھ ایک معروف شخصیات سے متعلق بلاگر اور اپنا سوئم ویئر برانڈ بھی چلاتے تھے، اس تعلق میں جلد ہی شدید دلچسپی لینے لگے، تاہم بیئرڈ، جو اے ایف ایل کے ریفری اور نیٹ ورک ٹین کے سابق ٹی وی میزبان تھے، کے لیے یہ تعلق بظاہر زیادہ سنجیدہ نہیں تھا۔
اپریل 2023 میں بیئرڈ کو معلوم ہوا کہ لامارے نے ان کے فون پر پیغامات دیکھے ہیں اور انسٹاگرام پر دیگر مردوں کو ان کے اکاؤنٹ سے اَن فالو بھی کیا ہے، جس کے بعد انھوں نے یہ تعلق ختم کر دیا۔
تاہم لامارے کا جنون بڑھتا گیا۔ وہ بیئرڈ کو ان کے بیڈروم کی کھڑکی سے ایک دوسرے شخص کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتے دیکھتے رہے، متعدد مرتبہ ان کے گھر میں گھس گئے، ان کے فون سے رابطوں کو حذف کیا اور ان کی لوکیشن کی سیٹنگز تبدیل کر دیں تاکہ ٹی وی میزبان سے ملاقاتوں کا انتظام کر سکیں۔
ایک مرتبہ بیئرڈ کی آنکھ کھلی تو انھوں نے لامارے کو اپنے بیڈروم میں موجود پایا۔ یہ پہچان نہ ہونے پر کہ سامنے کون ہے، بیئرڈ نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے انھیں سڑک تک دوڑایا۔ بدھ کے روز لامارے کو اس واقعے میں گھر میں زبردستی داخل ہونے اور سنگین نوعیت کے جرم کا مرتکب بھی قرار دیا گیا۔
استغاثہ کے وکیل بریٹ ہیٹفیلڈ نے کہا کہ بیئرڈ ’ملزم کی منصوبہ بندی اور چالوں سے بے خبر تھے‘۔ اس دوران دونوں نے مختصر وقت کے لیے دوبارہ تعلق قائم کیا، تاہم نومبر میں بیئرڈ نے اسے حتمی طور پر ختم کر دیا۔
بیئرڈ کو دوبارہ معلوم ہوا تھا کہ لامارے ان کے فون تک رسائی حاصل کر رہے ہیں اور انھوں نے ایک دوسرے شخص کو، جسے وہ اپنے لیے محبت کا حریف سمجھتے تھے، دور رکھنے کے لیے یہ جھوٹ بھی بولا تھا کہ انھیں بیئرڈ کی جانب سے پھول موصول ہوئے ہیں۔

’قتل کی منصوبہ بندی کا آغاز‘
استغاثہ کے وکیل بریٹ ہیٹفیلڈ کے مطابق، لامارے کی انا کو ٹھیس پہنچنے کے بعد ان کے ذہن میں انتقام لینے کا خیال پیدا ہوا اور وہ ’ایک تاریک راستے‘ پر چل پڑے۔
ہیٹفیلڈ نے عدالت کو بتایا کہ لامارے نے اپنے ایک پرانے دوست سے پوچھا کہ کیا اس کا سابق ساتھی ان کے لیے پستول حاصل کر سکتا ہے؟ وکیل کے مطابق ’یہ قتل کی منصوبہ بندی کا آغاز تھا۔‘
قتل سے پہلے کے چند ماہ میں لامارے نے ایک ایسا موبائل فون خریدا جسے استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے، موٹر سائیکل کا ہیلمٹ لیا اور جنگلات میں جا کر فائرنگ کی مشق کی۔ جنوری 2024 میں بالی میں ایک دوست کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے دوران انھوں نے سائلنسر خریدنے کی کوشش بھی کی۔
استغاثہ کے مطابق، قتل کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ لامارے نے بیئرڈ کو نقصان پہنچانے کے لیے چھوٹی چھوٹی شرارتیں اور بدنیتی پر مبنی اقدامات بھی شروع کر دیے، جن میں بیئرڈ کی گاڑی کے فیول ٹینک میں پانی ڈالنا شامل تھا۔
تاہم، قتل کی منصوبہ بندی کے باوجود لامارے اپنے سابق ساتھی کو دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش بھی کرتے رہے۔
ایک موقع پر انھوں نے اپنے ایک دوست پر دباؤ ڈالا کہ وہ بیئرڈ کو ان کی جانب سے لکھا گیا تقریباً 1600 الفاظ کا پیغام بھیج دے۔ اس پیغام میں لامارے نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں کینسر ہے اور ممکن ہے کہ ان کا ایک بازو کاٹنا پڑے۔
عدالت میں پوچھ گچھ کے دوران لامارے نے کہا کہ کسی قدرتی طریقۂ علاج کے ماہر نے انھیں ’کینسر کی ایک غیر معمولی قسم‘ کی تشخیص کی تھی، تاہم انھیں اس ماہر کا نام یاد نہیں تھا۔
2023 کے اختتام تک بیئرڈ کی ملاقات 29 سالہ لیوک ڈیوس سے ہو چکی تھی اور دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے۔
بیئرڈ کی والدہ ہیلن بیئرڈ نے عدالت کو بتایا کہ ’تعلق ابھی ابتدائی مرحلے میں تھا، لیکن دونوں ایک دوسرے پر فدا تھے۔‘
لیوک ڈیوس نے اپنی والدہ کو دونوں کی پنک کنسرٹ میں لی گئی ایک تصویر بھی بھیجی تھی۔ ہیلن بیئرڈ کے مطابق انھوں نے تصویر دیکھ کر دونوں کے لیے دل کی شکل کا ایموجی بھیجا اور لکھا کہ ’مجھے آپ دونوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہSupplied: Jesse Baird
19 فروری کی صبح سویرے لامارے نے کرائے کی وہ گاڑی حاصل کی جسے انھوں نے اپنی والدہ سے کرائے پر لینے کے لیے کہا تھا، اور اسے بیئرڈ کے گھر لے گئے۔ وہاں کئی گھنٹے انتظار کرنے کے بعد، جب بیئرڈ کے گھر میں رہنے والے دیگر افراد باہر چلے گئے، تو وہ اوبر ایٹس ڈیلیوری رائیڈر کا بھیس بنا کر اپنی نقل کروائی ہوئی چابی سے گھر میں داخل ہوئے۔
لامارے نے عدالت کو بتایا کہ وہ بیئرڈ کے گھر ان کا کچھ سامان لینے گئے تھے، جس میں 25 ہزار آسٹریلوی ڈالر (16 ہزار 500 امریکی ڈالر) مالیت کی کارٹیئر کی انگوٹھی بھی شامل تھی۔ ان کے مطابق انھوں نے یہ بھیس اس لیے اختیار کیا تھا تاکہ اگر گھر میں کوئی موجود ہو تو انھیں پہچانے جانے کی شرمندگی سے بچ سکیں۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ دروازے پر کوئی جواب نہ ملنے پر وہ خود اندر داخل ہوئے اور دونوں افراد الگ الگ جھگڑوں کے دوران ہلاک ہوئے۔ لامارے کا کہنا تھا کہ بیئرڈ کے ہاتھ میں چاقو تھا اور پہلی گولی انھیں غیر مسلح کرنے کے لیے چلائی گئی، جبکہ دوسری گولی اتفاقاً چل گئی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیوس نے پستول پکڑنے کی کوشش کے دوران خود کو گولی مار لی۔
تاہم استغاثہ نے جیوری کو بتایا کہ بیئرڈ کو پہلے پشت پر گولی ماری گئی اور پھر جب وہ کچن کے فرش پر شدید زخمی حالت میں پڑے تھے تو ان کے سر کی کنپٹی پر بھی گولی چلائی گئی۔
وکیل بریٹ ہیٹفیلڈ کے مطابق شواہد صرف ایک ہی نتیجے کی طرف اشارہ کرتے تھے، اور وہ تھا ’قتلِ عام نہیں بلکہ باقاعدہ قتل‘۔
ڈیوس کو اس وقت بیڈروم کے دروازے کے پار سے گولی ماری گئی جب وہ ہنگامی امداد کے لیے فون کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ عدالت میں ان کی گھبراہٹ بھری آواز بھی سنائی گئی، جو چند سیکنڈ کی کال کے دوران ریکارڈ ہوئی تھی اور پھر رابطہ منقطع ہو گیا۔
شواہد چھپانے کی کوشش
اس کے بعد لامارے نے ان شواہد کو چھپانے کی کوششیں شروع کر دیں جنھیں استغاثہ کے وکیل نے 'بے باکی سے کیے گئے ہولناک قتل' قرار دیا تھا۔
ان کے ابتدائی اقدامات میں سے ایک اپنے دوست کو فون کرنا تھا۔ اس دوست نے عدالت میں گواہی دی کہ لامارے نے فون پر اعتراف کیا کہ انھوں نے ’لوگوں کو قتل کر دیا ہے‘ اور اپنے دوست سے کہا کہ وہ کام سے ایک دن کی چھٹی لے کر ان کی ’گندگی صاف کرنے‘ میں مدد کرے۔
بعد میں لامارے نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ وہ فون پر مذاق کر رہے تھے۔ انھوں نے اپنے دوست سے کہا: ’میری آسکر والی اداکاری پسند آئی؟ میں نے تمہیں بے وقوف بنا دیا۔‘
دریں اثنا، لامارے ایک ہارڈویئر سٹور گئے جہاں سے انھوں نے صفائی کے لیے پوچا، بلیچ اور کچرے کے تھیلے خریدے۔ بیئرڈ کے گھر واپس آ کر صفائی کرنے کے بعد انھوں نے دونوں لاشیں سرف بورڈ رکھنے والے بیگوں اور ترپال میں لپیٹ کر گھر کے صحن میں چھوڑ دیں۔
بیئرڈ نے اسی ہفتے گھر منتقل کرنا تھا۔ لامارے نے ان کے فون سے گھر میں رہنے والے دیگر افراد کو پیغام بھیجا اور انھیں یقین دلایا کہ انھوں نے سامان منتقل کرنے کے لیے ایک ایئر ٹاسکر (آن لائن خدمات فراہم کرنے والا) بُک کیا ہے۔ پیغام میں انھوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ 'ممکن ہے آج رات میں پرتھ جا رہا ہوں۔'
جب بیئرڈ کے گھر میں رہنے والے افراد واپس آئے تو انھوں نے صحن میں سرف بورڈ کے بیگ دیکھ لیے۔ ان میں سے ایک خاتون نے تصویر بھی لی، جو عدالت میں پیش کی گئی۔ تصویر میں بیگ سے ’سرخ رنگ کا مائع‘ نکلتا دکھائی دے رہا تھا۔
ان خواتین میں سے ایک نے عدالت کو بتایا کہ ’میں نے سوچا یہ باہر رکھے فرنیچر سے آنے والا زنگ آلود پانی ہے۔‘ اگلی صبح سرف بورڈ کے بیگ وہاں موجود نہیں تھے۔

،تصویر کا ذریعہNSW Supreme Court
لامارے نے ایک وین کرائے پر لی اور اگلے دو دنوں کے دوران ہارڈویئر سٹور اور کھیلوں کا سامان فروخت کرنے والی دکان سے مزید خریداری کی۔ انھوں نے ربڑ کے بوٹ، سامان لے جانے کی ٹرالی، بڑے سرف بورڈ بیگ اور 10 کلو وزن کے بلاکس خریدے۔ اس دوران انھوں نے ایک معمولی طبی عمل کے لیے ہسپتال کا وقت بھی لیا اور ایک دوست کے ساتھ سوشی کھانے کے لیے بھی رکے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انھیں ہنستے اور کھانا کھاتے دیکھا گیا، جبکہ دونوں لاشیں ان کی وین کے پچھلے حصے میں موجود تھیں۔
21 فروری کو وہ وین میں ایک اور دوست کو ساتھ لے گئے۔ ان کی دوست سمجھ رہی تھیں کہ وہ دونوں دوپہر کا کھانا کھانے جا رہے ہیں۔
ان کی دوست نے عدالت کو بتایا کہ وین کے پچھلے حصے میں نیلی ترپالیں تھیں اور وہاں سے ’لیموں جیسی خوشبو‘ آ رہی تھی۔ ان کے مطابق، سڈنی سے تقریباً 200 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع شہر گولبرن کی جانب سفر کے دوران انھیں گاڑی کی کھڑکیاں بند کرنے یا ایئر کنڈیشنر بند کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ راستے میں وہ صرف ایک اور ہارڈویئر اسٹور پر رکے، جہاں لامارے نے اپنی دوست سے ایک اینگل گرائنڈر خریدنے کو کہا۔
ان کی دوست نے عدالت کو بتایا کہ انھیں یاد ہے کہ لامارے نے کسی وقت ’نو باڈی، نو کرائم‘ گانا بھی چلایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ بہت کم لوگوں کی پسند کا گانا ہے۔‘
گولبرن پہنچ کر، ڈیٹنگ ایپ ہنج پر ملنے والے ایک شخص کے خاندان کے فارم پر لامارے نے اینگل گرائنڈر سے تالے کو کاٹا اور ایک ڈیم تک پہنچے، جہاں انھوں نے لاشوں کو پانی میں ڈبونے کی کوشش کی، تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اس وقت رات کافی ہو چکی تھی۔ لامارے اپنی دوست کو، جو اس وقت پریشان اور الجھن میں تھیں، گھر چھوڑ کر واپس لاشیں لینے گئے۔ اس کے بعد انھوں نے لاشیں وین میں رکھیں اور رات بھر سڈنی میں گاڑی کھڑی کیے رکھی۔ اگلی مرتبہ وہ دوبارہ گولبرن گئے اور وہاں ایک خانقاہ کے قریب لاشیں پھینک دیں۔
اسی روز بعد میں وہ ایک اور دوست کے پاس گئے، اسے شیزوفرینیا کی تعریف تلاش کرنے کو کہا اور اس سے پانی کی نلی استعمال کرنے کی اجازت مانگی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ لامارے نے کہا تھا کہ کرائے کی وین سے ’کچھ خون صاف کرنا ہے‘۔
لامارے کو عمر قید کا سامنا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس وقت تک پولیس لامارے کے قریب پہنچ چکی تھی اور 23 فروری کو وہ خود کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے بانڈی پولیس سٹیشن گئے۔ راستے میں انھوں نے پولیس کی ہیلپ لائن پر فون کیا۔
فون پر دوسری جانب موجود خاتون سے انھوں نے کہا، ’نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے متعدد اہلکاروں نے مجھے ہراساں کیا ہے۔ اس تمام دباؤ، صدمے، نفسیاتی بدسلوکی اور اذیت نے، (کیا میں پہلے بھی صدمے کا ذکر کر چکا ہوں؟) مجھے نیند نہ آنے اور بے چینی کا شکار بنا دیا ہے اور مجھ میں شیزوفرینیا کی کچھ علامات پیدا ہو گئی ہیں۔‘
اس کے بعد انھوں نے کہا کہ ’اصل میں، معاف کیجیے، آپ جانتی ہیں کیا، کیا آپ یہ سب حذف کر سکتی ہیں؟ ہم اسے مختصر اور سادہ ہی رکھتے ہیں۔‘
لامارے نے یہ بھی کہا کہ انھیں یقین نہیں کہ وہ کب دوبارہ کام پر واپس آئیں گے۔ اس فون کال کے کچھ ہی دیر بعد انھیں گرفتار کر کے قتل کے الزامات عائد کیے گئے۔ چار روز بعد جیسی بیئرڈ اور لیوک ڈیوس کی لاشیں مل گئیں۔
لامارے کے وکیل جان سٹریٹن نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے ’سیلف ڈیفنس‘ میں یہ اقدامات کیے تھے اور جائے وقوعہ کی صورت حال دوسروں کو کیسی دکھائی دے گی، یہ سوچ کر وہ ’گھبرا گئے تھے‘۔
سٹریٹن کے مطابق، سابق پولیس اہلکار نے کئی ’احمقانہ‘ اور ’غیر معمولی‘ حرکتیں کی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’یہ کہنا درست ہو گا کہ وہ ایک ایسا بوائے فرینڈ تھا جس کا رویہ اچھا نہیں تھا‘، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ قاتل تھے۔
تاہم، جیوری اس دفاع سے قائل نہیں ہوئی اور لامارے کو مجرم قرار دینے کے لیے اسے ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت لگا۔
لامارے کو مارچ میں سزا سنائی جائے گی اور انھیں عمر قید کا سامنا ہے۔




















