ہندو لڑکی سے شادی کرنے پر مسلم لڑکے کے خلاف مقدمہ: جسمانی تعلق قائم کر کے لڑکی کو پھنسایا گیا، بی جے پی رہنما کا الزام

،تصویر کا ذریعہshravani rane
- مصنف, دیپالی جگتاپ
- عہدہ, بی بی سی مراٹھی
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 9 منٹ
’وہ سیاست کے نام پر ہمیں ہراساں کر رہے ہیں۔ ہم سیاست میں نہیں، پھر ہمیں کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ میرے ہاتھوں کی مہندی ابھی اتری بھی نہیں اور میں عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں۔‘
22 سالہ شراونی رانے اور 26 سالہ محمد فیض نے اکتوبر 2026 میں سپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کی تھی۔
تاہم شراونی کی والدہ نے میگھواڑی پولیس سٹیشن میں شکایت درج کروائی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ شراونی کا جبراً مذہب تبدیل کروایا گیا ہے۔ اس شکایت کے بعد محمد فیض کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مہاراشٹر میں مارچ 2026 میں ریاستی حکومت نے مذہبی آزادی سے متعلق ایک قانون منظور کیا تھا۔ اس قانون کے تحت جبراً یا دھوکے سے مذہب تبدیل کروانے پر سزا کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ قانون میں مذہب کی تبدیلی کے لیے اختیار کیے جانے والے طریقۂ کار کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
شراونی کی والدہ نیلیشا رانے انڈیا کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما کریٹ سومیا کے ہمراہ چند روز قبل میگھواڑی پولیس سٹیشن گئی تھیں۔ اس کے بعد انھوں نے میڈیا سے بھی بات کی۔
شراونی کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے مطابق ان کے اور فیض کے درمیان گذشتہ پانچ برس سے تعلق تھا۔ وہ ایک دوسرے کو سکول کے زمانے سے جانتے تھے اور 2022 سے ان کے درمیان محبت کا رشتہ تھا۔
شراونی کا کہنا ہے کہ دونوں خاندانوں کو اس تعلق کے بارے میں پہلے ہی علم تھا۔ ان کے بقول دونوں ایک دوسرے کے خاندانوں کو جانتے تھے اور ان کے درمیان ملاقاتیں بھی ہو چکی تھیں۔
اس دعوے کے ثبوت کے طور پر شراونی نے اپنے موبائل فون میں موجود ایک تصویر بھی دکھائی، جس میں ان کی والدہ اور محمد فیض ایک ساتھ کیک کھاتے نظر آ رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ تمام خِبریں جو آپ جاننا چاہتے ہیں بی بی سی ورلڈ سروس ایپ پر موجود ہیں
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
تاہم اب شادی کے بعد ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ شراونی کا کہنا ہے کہ شادی کے چند ہی دن بعد انھیں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے پہلے پولیس سٹیشن اور پھر عدالت کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔
شراونی کے مطابق شادی کے بعد کچھ دن تک سب کچھ معمول کے مطابق تھا اور وہ اپنی والدہ سے فون پر رابطے میں بھی تھیں۔
لیکن پھر اچانک خبر ملی کہ ان کے شوہر محمد فیض کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ شراونی کو بھی پولیس سٹیشن طلب کیا گیا۔
دِندوشی سیشن عدالت نے مہاراشٹر مذہبی آزادی ایکٹ 2026 کے تحت میگھ واڑی پولیس سٹیشن میں درج مقدمے میں نامزد ملزم محمد فیض اکبر خان کو نے 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی ہی مالیت کے ایک ضامن کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری دے دی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق ملزم کو آئندہ 90 روز تک ہر پیر اور جمعے کو دوپہر 12 بجے سے 3 بجے کے درمیان متعلقہ پولیس سٹیشن میں حاضری دینا ہو گی۔
عدالت نے مزید شرط عائد کی ہے کہ ملزم شواہد سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرے گا، شکایت کنندہ یا گواہوں سے رابطہ نہیں کرے گا، تفتیش میں تعاون کرے گا، سات دن کے اندر تفتیشی افسر کو اپنا رہائشی پتہ اور رابطے کی تفصیلات فراہم کرے گا، اور عدالت کی اجازت کے بغیر ملک نہیں چھوڑے گا۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر ان شرائط کی خلاف ورزی کی گئی تو ضمانت منسوخ کی جا سکتی ہے۔
’میں نے اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا‘

،تصویر کا ذریعہshravani rane
بی بی سی نیوز مراٹھی سے بات کرتے ہوئے شراونی رانے نے بتایا کہ ’میرا بیان ریکارڈ کیا گیا ہے۔ میں نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنی مرضی سے آئی تھی۔ میں نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔ میں نے ان سے محبت کرتی ہوں، اسی لیے شادی کی۔‘
’میں نے اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا ہے۔ میرا آدھار کارڈ اور پین کارڈ شراونی نیلیش رانے کے نام پر ہیں۔ اگر میرے شوہر کو اس پر کوئی اعتراض نہیں تو ان لوگوں کو کیا مسئلہ ہے؟ً‘
شراونی کا کہنا ہے کہ عدالت میں شادی کے بعد ہونے والی استقبالیہ تقریب کے دعوت نامے میں شراونی کے پورے نام ’شراونی نیلیشا رانے‘ کے ساتھ ’عائشہ‘ بھی لکھا گیا تھا، جس کے بعد لوگوں میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ انھوں نے مذہب تبدیل کر لیا ہے۔
تاہم شراونی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اب تک مذہب تبدیل نہیں کیا۔
’ہماری شادی کی استقبالیہ تقریب ہوئی تھی۔ کیا کارڈ پر لکھا ہوا نام اس بات کا ثبوت ہے؟‘
’لوگ میرے لباس کی بنیاد پر میرے بارے میں رائے قائم کر رہے ہیں۔ صرف اس لیے کہ میں اپنی مرضی کے کپڑے پہنتی ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں نے مذہب تبدیل کر لیا ہے۔ میرا نام واضح طور پر شراونی لکھا گیا ہے، البتہ وہ مجھے محبت سے عائشہ کہہ کر پکارتے ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تاہم شراونی کی والدہ نیلیشا رانے نے میگھا واڑی پولیس سٹیشن میں جبری مذہب تبدیلی کی شکایت درج کروائی ہے۔
اس سے قبل انھوں نے شراونی کے لاپتا ہونے کی رپورٹ بھی درج کروائی تھی۔ تاہم شراونی کا دعویٰ ہے کہ ان کی اپنی والدہ سے فون پر بات ہوئی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی کے بعد وہ خود پولیس سٹیشن گئی تھیں اور وہاں اپنا شادی کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کروایا تھا۔
محمد فیض کے خلاف مذہبی آزادی کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور جس کی سماعت جاری ہے۔
محمد فیض کے وکیل کریم پٹھان کا کہنا ہے کہ ’لڑکا مسلمان ہے اور لڑکی ہندو۔ ان کی شادی سپیشل میرج ایکٹ کے تحت ہوئی تھی۔ استقبالیہ تقریب کے کارڈ پر عائشہ نام درج ہونے کی وجہ سے لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ لڑکی نے مذہب تبدیل کر لیا ہے۔‘
محمد فیض کو پیشگی ضمانت ملنے کے بعد ان کے وکیل کریم پٹھان کا کہنا تھا کہ مہاراشٹر کا یہ قانون اب بھی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایک بے گناہ شخص کو پھنسایا گیا۔ ’تاہم سیشن عدالت میں جس طرح مقدمہ پیش کیا گیا، اس سے ثابت ہوا کہ یہ ایف آئی آر اور الزامات غلط تھے۔ یہ ہمارے اور اس جوڑے، دونوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔‘
’ہندو اور مسلمان کی شادی کی وجہ سے معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے‘
شراونی نے الزام لگایا ہے کہ ہندو اور مسلمان کے درمیان شادی ہونے کی وجہ سے ان کے معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
اس معاملے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی رہنما کیرٹ سومیا نے الزام لگایا کہ 22 سالہ ہندو لڑکی کو پھنسایا گیا اور اس پر دباؤ ڈال کر مذہب تبدیل کروایا گیا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ جب لڑکی کی والدہ اس کو روکنے کی کوششیں کرنے لگیں تو اس سے پہلے ہی اس نوجوان نے سپیشل میرج ایکٹ کے تحت لڑکی سے شادی کر لی۔
بی جے پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ شادی کے تین ہفتے بعد مسلم رسم و رواج کے مطابق نکاح کیا گیا۔ ’اس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ پہلے لڑکی کو پھنسایا گیا، پھر اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کیے گئے اور اس کے بعد شادی کا لالچ دے کر اس کا مذہب تبدیل کروایا گیا۔‘
سومیا نے الزام لگایا کہ تبدیلی مذہب کے قانون کے تحت یہ ایک جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں مقدمہ درج ہو چکا ہے اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑکی کی والدہ کو انصاف ملے گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
دوسری جانب، شراونی نے اپنے شوہر کے خلاف لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
شراونی کا کہنا تھا کہ بی جے پی رہنما نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ مجھ پر دباؤ ڈالا گیا تھا۔ ’انھیں یہ بات کس نے بتائی؟ انھوں نے مجھے کبھی دیکھا تک نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ پانچ برس سے فیض کے ساتھ تعلق میں ہیں۔
شراونی نے سوال اٹھایا کہ ’سیاست کی خاطر انھیں کیوں ہراساں کیا جا رہا ہے؟‘
’گھر والے سب جانتے تھے‘

،تصویر کا ذریعہshravani rane
شراونی رانے نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ان کے خاندان کو اندازہ تھا کہ ان کا فیض سے تعلق ہے اور دونوں خاندانوں کے درمیان بھی روابط تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میرے خاندان کو معلوم تھا کہ وہ میرا بوائے فرینڈ ہے۔ میری والدہ بھی اس سے بات کرتی تھیں۔ گھر میں سب کو معلوم تھا کہ میں ان کے گھر جاتی تھی اور وہ میرے گھر آتا تھا۔ سب کو اس بارے میں پتا تھا۔
انھوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ایک تصویر بھی ہے جس میں ان کی والدہ اور فیض کیک کھا رہے ہیں۔
شراونی کا کہنا ہے کہ محبت کی بنیاد پر ہونے والی شادی کو مذہبی یا سیاسی نقطۂ نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے کے باعث وہ کہیں بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتے۔
’ہماری شادی کو ایک ماہ ہو چکا ہے۔ ہم کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ ہم نے ایک دوسرے سے محبت کی وجہ سے شادی کی ہے۔ ذات اور مذہب ہمارے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے۔ محبت مذہب کی بنیاد پر نہیں ہوتی۔ محبت کسی سے بھی اور کہیں بھی ہو سکتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’ہم نے محبت کی خاطر شادی کی۔ ہم نے ایک ساتھ زندگی گزارنے کے لیے شادی کی۔ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ہماری شادی ایک مذہبی معاملہ بن جائے گی۔ میرے شوہر مراٹھی ثقافت اور روایات پر عمل کرتے ہیں۔ میری ساس خود ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔‘
’اگر اس نے مذہب تبدیل نہیں کیا تو وہ برقع کیوں پہن رہی ہے؟‘
شراونی کی والدہ نیلیشا رانے نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی نے مذہب تبدیل کر لیا ہے اور ان کے پاس مبینہ مذہب تبدیلی کی ایک ویڈیو بھی موجود ہے۔
بی بی سی نیوز مراٹھی سے بات کرتے ہوئے نیلیشا رانے نے کہا کہ ’اگر اس نے مذہب تبدیل نہیں کیا تو پھر قاضی کے پاس بیٹھی ہوئی اس کی وہ ویڈیو کہاں سے آئی جو مجھے ملی؟ اسی نے تو اسے مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا تھا، یا نہیں؟‘
وہ سوال کرتی ہیں کی شادی کی تقریب مراٹھی رسم و رواج کے مطابق کیوں نہیں ہوئی؟
انھوں نے الزام لگایا کہ فیض پہلے بھی ان کی بیٹی کو دھمکاتا تھا، لیکن اس کے باوجود اس نے شادی کر لی۔ ’یہ واضح ہے کہ اس نے مذہب تبدیل کر لیا ہے۔‘
شراونی کی والدہ نے عدالت سے انصاف کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو واپس ان کے پاس بھیجا جائے۔
نیلیشا رانے نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے مئی 2026 میں مذہب تبدیلی کے حوالے سے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’اس نے مذہب تبدیل کر لیا ہے۔ میں اسے قبول نہیں کرتی۔ میں اس شادی کو قبول نہیں کرتی۔ مجھے اپنی بیٹی واپس چاہیے۔ اگر اس نے مذہب تبدیل نہیں کیا تو وہ برقع کیوں پہن رہی ہے؟ میں نے اسے کیک اس لیے کھلایا تھا کیونکہ وہ اس کا دوست تھا۔‘
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔




















