آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
لیاقت عباس بھٹی: حافظ آباد میں سابق وزیر مملکت کا ’ذاتی محافظوں کے ہاتھوں‘ قتل
- مصنف, شہزاد ملک اور احتشام احمد شامی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 6 منٹ
انتباہ: اس تحریر میں شامل چند تفصیلات قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔
پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے تھانہ سٹی میں سابق وزیر مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے قتل کے الزام میں ان کے چار ذاتی محافظوں سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اس مقدمے کے مدعی پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری ضمیر الحسن بھٹی ہیں جبکہ مقدمہ کی ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 (قتل) اور 395 (ڈکیتی) لگائی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق لیاقت عباس بھٹی کے قتل میں چار ملازمین شامل تھے جن میں سے دو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال سے بطور سکیورٹی گارڈ ملازمت کر رہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ واردات پیٹرول پمپ سے ملحقہ رہائش گاہ پر پیش آئی جہاں چاروں ذاتی محافظوں نے مل کر لیاقت عباس بھٹی کو قتل کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے چچا مقتول لیاقت عباس بھٹی 18 اور 19 نومبر کی درمیانی شب دیگر دو افراد کے ساتھ عباس پیٹرول فلنگ سٹیشن حافظ آباد پر موجود تھے جب ملزمان اسلحہ سمیت اندر گھسے۔
’لیاقت عباس بھٹی نے جب مزاحمت کی تو ایک گن مین نے ان کو بیڈ پر گرا دیا اور دوسرے نے ان کے بازو پکڑ لیے، دو ملزمان نے ٹانگوں سے پکڑ لیا جس کے بعد ایک ملزم نے گلہ دبا کر قتل کر دیا اور گھر سے سامان لوٹ کر لے گئے۔‘
مدعی مقدمہ کے مطابق وہ خود 19 نومبر کی دوپہر جائے واردات پر پہنچے جہاں انھوں نے دیکھا کہ ان کے ’چچا بیڈ پر مردہ حالت میں پڑے ہیں اور سامان بکھرا ہوا ہے۔ دوسرا کمرا کھولا تو گواہان رسیوں سے بندھے ہوئے تھے جن کو آزاد کروایا اور انھوں نے واقعے کے بارے میں بتایا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایف آئی آر کے مطابق ’ملزمان جاتے ہوئے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کا پچاس تولے سونا، بیس لاکھ روپے نقد، تین قیمتی گاڑیاں ، اسلحہ اور گھر سے سارا سامان بھی لوٹ کر لے گئے۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ تین گاڑیوں میں ایک پراڈو، ایک ویگو ڈالا اور ایک لینڈ کروزر شامل ہیں جو ملزمان چرا کر ساتھ لے گئے۔
لیاقت عباس بھٹی کون ہیں؟
لیاقت عباس بھٹی ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔ وہ ضلع حافظ آباد کے حلقہ این اے 103 سے سال 2002 اور 2008 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
وہ سال 2013 میں بھی اسی حلقے سے منتخب ہوئے تاہم انتخابی بے ضابطگیوں کے باعث یہ انتخاب کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔
ان کا تعلق حافظ آباد کے علاقے پنڈی بھٹیاں کے معروف سیاسی بھٹی خاندان سے تھا۔ وہ سابق ایم این اے مہندی حسن بھٹی کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی حسن بھٹی کے چچا تھے، تاہم ان دنوں لیاقت عباس بھٹی کی سیاسی راہیں اپنے بھائی سے الگ ہو چکی تھیں۔
2018 میں انھوں نے اپنے بھتیجے شوکت علی بھٹی کے مدمقابل این اے 87 سے انھوں نے الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔
پولیس کا کیا کہنا ہے؟
ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ چودھری لیاقت عباس بھٹی کی موت مشکوک حالات میں ہوئی ہے۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
آر پی او نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث سکیورٹی گارڈز، مقتول کی ذاتی گاڑیوں کے ہمراہ غائب ہیں، جبکہ مقتول کا ذاتی اسلحہ بھی رہائش گاہ سے غائب پایا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں ذاتی ملازمین کا سراغ لگانے اور گاڑیاں برآمد کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ابتدائی تحقیقات میں یہ واضح ہو گیا ہے کہ لیاقت بھٹی کو رسی سے پھندا دیکر قتل کیا گیا۔‘ ان کے مطابق لیاقت بھٹی کے گلے پر ’رسی کا واضح نشان موجود ہے۔‘
آر پی او خرم شہزاد کے مطابق ’لیاقت بھٹی کے منھ سے خون نکلنے کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔‘ انھوں نے بتایا کہ نعش رہائش گاہ سے ملحقہ ڈیرے کے کمرے سے ملی ہے۔
حافظ آباد پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ واردات کے بعد لیاقت عباس بھٹی کے پٹرول پمپ سے ان کی تینوں گاڑیوں کی ٹینکیاں فل کروائی گئیں، اور یہی تینوں گاڑیاں اس واردات کے بعد سے غائب ہیں۔
جائے وقوعہ کا دورہ کرنے والے تفتیشی ٹیم میں شامل پولیس افسران کا کہنا ہے کہ’ لیاقت عباس بھٹی نے واسکٹ پہن رکھی تھی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ واردات کے وقت وہ سوئے ہوئے نہیں تھے بلکہ جاگ رہے تھے اور ملزمان نے مل کر انھیں قتل کیا۔‘
ڈیرے پر کام کرنے والے ملازمین نے پولیس کو بتایا کہ لیاقت بھٹی رات ساڑھے گیارہ بجے تک اپنی رہائش گاہ سے ملحقہ خالی پلاٹ میں صفائی کا کام کرواتے رہے، جس کے بعد گھر چلے گئے۔
ان کی فیملی لاہور میں مقیم ہے اور وہ گھر میں اکیلے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فواد احمد نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میڈیا کو بتایا کہ ’نعش کی حالت سے لگتا ہے کہ لیاقت بھٹی کو مارنے کے بعد لٹا کر کمبل دے دیا گیا، تاکہ یہ لگے جیسے یہ سو رہے ہیں۔‘
مقتول کی نعش کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد سے رات گئے پوسٹمارٹم کروا لیا گیا تھا جس کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت عباس بھٹی کے رشتہ دار اظہر عباس بھٹی نے بی بی سی کو بتایا کہ لیاقت عباس بھٹی کے قتل میں ان کے سیکورٹی گارڈ ہی ملوث ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان باڈی گارڈز کو چند روز پہلے ہی ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ان گارڈز کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے اور ان کو ملازمت دینے سے پہلے ان کی تمام چھان بین بھی کی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی کے قتل میں ملوث ان گارڈز کو ملازمت دینے کے بعد متعلقہ تھانے میں ان کا اندراج بھی کروایا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ ملزمان کو ملازمت پر رکھے ہوئے کچھ ماہ ہی ہوئے تھے کہ یہ واقعہ ہو گیا۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔