امریکہ نے ایران کے جزیرہ قشم میں میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن یا امریکی مفادات کے خلاف کسی بھی ممکنہ خطرے کا جواب ’بے مثال‘ ہوگا۔ دوسری جانب کویت اور بحرین کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جس سے خلیج میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ امریکی جنگی طیاروں نے آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر پاسدارانِ انقلاب کی ایک میزائل لانچنگ سائٹ کو نشانہ بنایا۔ اہلکار کے مطابق یہ کارروائی امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے خلاف مبینہ خطرات کے جواب میں کی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنی سلامتی کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے کو ’بہت سنجیدگی سے‘ لیتا ہے۔
ادھر بحرین نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی حملوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ بحرینی فوج کے مطابق حملہ آور اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیے گئے۔
منامہ میں اے ایف پی کے نمائندے نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی، جبکہ بحرین کی وزارتِ داخلہ نے شہریوں کو موبائل فون کے ذریعے خبردار کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی افواج کے ریڈار نظام کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا۔ پاسداران کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
بحرین کی وزارتِ خارجہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انھیں ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی اور علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ بحرین اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے اس معاملے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔