باغات کی بہترین عکس بندی

وقت اشاعت

عالشیان باغوں کے بڑے بڑے مناظر سے لیکر پھولوں کی نہایت قریب سے کھینی گئی ہزاروں تصویروں کی چھانٹ پھٹک کے بعد آخر کار باغات کی تصاویر کے اس سال کے بین الاقوامی مقابلے ’انٹرنیشنل گارڈن فوٹوگرافر‘ کی بہترین تصاویر منظر عام پر آ گئی ہیں۔

مقابلے میں کئی شعبوں یا کیٹیگریز کو شامل کیا گیا تھا جن میں ایک اکیلے پودے کی تصویر سے لیکر ذاتی باغات، شہروں کے بیچ سرسبز باغات اور قدرتی جنگلی مناظر سمیت ہر قسم کی تصاویر بھیجنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مقابلے میں بہترین قرار دی جانے والے تصاویر کو دنوں مغربی لندن کے ’کیو گارڈن‘ میں نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، جس کے بعد انھیں انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے کئی مقامات پر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یہ تصویر جان روجر پالمور کی ہے جسے انھوں نے ’ہمارے باغ میں فروری کی ایک صبح‘ کا نام دیا ہے۔

اینڈریا جونز نے سکاٹ لینڈ کے ایک ایسے باغ کی تصویر بھیجی جس کا بہت خیال رکھا جاتا ہے۔ ’ایک شخص کی کاوش‘ نامی اس تصویر کے بارے میں اینڈریا کا کہنا تھا کہ انہیں باغ میں اپنی پسند کی روشنی کا کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑا تھا کیونکہ وہ سرد موسم کو تو تصویر میں سمونا چاہتی تھیں لیکن صرف ایسا سرد موسم جس میں برف کا شائبہ نہ ہو۔

سویڈن سے جیکی ہوبز کو یہ منظر بہت اچھا لگا جب پکے ہوئے سرخ سیبوں کو درختوں سے اتارا جا رہا تھا اور قریب ہی ایک سرخ ٹریکٹر بھی کھڑا تھا۔

ڈنکن ہیرنگ نے یہ تصویر شمال مغربی لندن میں صبح سویرے اتاری جہاں وہ اصل میں کسی ہرن کی تلاش میں گئے تھے لیکن جب تصویر کھیچی تو اس میں ایک دوسرا فوٹوگرافر دکھائی دیا شاید خود بھی ڈنکن کی طرح کسی ہرن کی تلاش میں نکلا تھا۔

مشرقی یورپ کے قدرتی باغ میں لہلہاتے ہوئے یہ گلِ لالہ بلندی سے دیکھنے پر اتنے بڑے میدان میں شاید دکھائی بھی نے دیتے لیکن قریب سے کھیچی ہوئی اس تصویر نے انھیں بہت اجاگر کر دیا۔

یہ اور اگلی دونوں تصاویر ’شہر میں سبزہ‘ کی کیٹیگری میں شامل تھیں۔ امریکہ کے ایک عوامی پارک میں اتاری گئی ’چیری بلاسم کے ہیرے‘ نامی یہ تصویر امینڈا کلینمین نے بھیجی۔

ڈیوڈ تھرسٹن نے ایک نوجوان لڑکی کی یہ تصویر بھی امریکہ سے بھجوائی تھی۔

پہلی نظر میں آپ شاید سوچیں کہ ’برساتی گلیاں‘ نامی اس تصویر میں وینڈا ریلوسکا نے کیا دکھانے کی کوشش کی ہے، لیکن جب آپ غور سے دیکھتے ہیں تو آپ کو پتہ چلتا ہے یہ اصل میں پانی میں ایک منظر کا عکس ہے۔

مارک گریز کی یہ تصویر ’درخت اور جنگلات‘ کی کیٹیگری میں اول قرار دی گئی۔

یہ ڈراؤانا دکھائی دینے والا منظر فلوریڈا سے پال مارسیلی نے مقابلے میں روانہ کیا تھا۔پال عموماً رات کو نکل جاتے ہیں اور ٹارچ کی روشنی کی مدد سے منظر کشی کرتے ہیں۔