روس: جوہری آبدوز، آگ پر قابو پا لیا گیا

وقت اشاعت

روس میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک جوہری آبدوز میں مرمت کے دوران لگنے والے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

روس کی ہنگامی وزارت کے وزیر سرگئی شوگو کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا کلاس فور کی جوہری آبدوز میں آگ پر قابو پانے کے بعد تابکاری اثرات کی معمول کے مطابق نگرانی کی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے دو جوہری ری ایکٹروں کو کوئی حظرہ لاحق نہیں کیونکہ انہیں پہلے ہی بند کر دیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے دوران نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب روس کے صدر دمتیری مدیودو نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ جوہری آبدوز کی مرمت میں کئی ماہ درکار ہونگے۔

نائب وزیرِ اعظم دمتری رگوزن کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ کے واقعے کی وجہ سے آبدوز کی جنگی کاررکردگی متاثر نہیں ہو گی۔