پاکستان میں پیٹرول اور ہائی سپید ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک بار پھر اضافہ
پاکستان کی حکومت نے جمعرات کے روز پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک بار پھر اضافے کا اعلان کیا ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 398 روپے 96 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے لیے گذشتہ ماہ پاکستانی حکومت نے ایک خصوصی سکیم کا اعلان کیا تھا۔
اس سکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے۔



