گذشتہ شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھے جانے والے ٹیلیگرام چینلز، جن میں صابرین نیوز بھی شامل ہے، پر یہ دعویٰ کیا گیا کہ جہازوں کے خودکار شناختی نظام (AIS) کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک بڑا ایرانی آئل ٹینکر ’لائن بریکر‘ بحیرۂ عمان کی جانب رواں دواں ہے۔
صابرین نیوز نے دعویٰ کیا کہ یہ جہاز اپریل سے ایران کے خلاف نافذ امریکی بحری ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ تاہم بی بی سی فارسی کی آزادانہ جانچ پڑتال میں اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت نہیں ملا۔
جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ میرین ٹریفک اب بھی ’لائن بریکر‘ نامی ٹینکر کو آج ایک غیر متعین بندرگاہ سے، جو ہنگام جزیرے کے قریب بتائی گئی ہے، منسلک دکھا رہی ہے۔ تاہم گذشتہ چند روز کی سینٹینل/کوپرنیکس سیٹلائٹ تصاویر میں اس جہاز کی کسی قسم کی نقل و حرکت کے آثار نہیں ملے۔
چونکہ آئل ٹینکر عموماً کم رفتار سے سفر کرتے ہیں، اس لیے وہ اکثر سیٹلائٹ تصاویر میں آسانی سے نظر آ جاتے ہیں۔ بی بی سی فارسی کو یہ ثبوت بھی نہیں ملے کہ جہازوں کے خودکار شناختی نظام کو ہیک کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ٹینکرز کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی کمپنی ٹینکر ٹریکرز نے بھی ان خبروں کی تردید کی ہے کہ ’لائن بریکر‘ نامی کوئی ایرانی آئل ٹینکر بحیرۂ عمان کی جانب امریکی ناکہ بندی توڑنے کے لیے جا رہا ہے۔
کمپنی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس نام کا کوئی آئل ٹینکر موجود ہی نہیں، خودکار شناختی نظام کے ذریعے نشر ہونے والی معلومات غلط ہیں اور سیٹلائٹ تصاویر بھی ایسے کسی جہاز کی نقل و حرکت کی تصدیق نہیں کرتیں۔
حالیہ دنوں میں ایران کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے اور خارگ جزیرے کے قریب آئل ٹینکروں میں تیل کی منتقلی سے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی فارس نیوز ایجنسی نے 17 نومبر کو تجویز پیش کی کہ ایران ناکہ بندی توڑنے کے لیے آئل ٹینکروں کا ایک قافلہ روانہ کرے اور خبردار کرے کہ اگر امریکہ نے ان جہازوں کو روکنے کی کوشش کی تو خطے میں دشمن کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، خصوصاً متحدہ عرب امارات کی تیل تنصیبات، کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
کیپلر انسٹیٹیوٹ میں خام تیل کے ڈیٹا تجزیے کے سربراہ ہمایوں فلکشاہی نے بی بی سی فارسی کو بتایا کہ گذشتہ ہفتے خلیج فارس میں ایرانی خام تیل ایک ٹینکر سے دوسرے ٹینکر میں منتقل کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق دوسرا جہاز ماضی میں روسی فیول آئل منتقل کر چکا ہے اور اس وقت امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل نہیں۔
ادھر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کے لیے ایرانی ٹینکروں کی مبینہ نقل و حرکت سے متعلق خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بہت زیادہ قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ مسئلہ ’ایک معقول راستے‘ سے حل ہو جائے گا۔