یہ مشن صرف ایک سائنسی کامیابی نہیں
بلکہ ایک سفارتی اور جغرافیائی سیاسی پیغام بھی ہے۔
چین پہلی بار کسی غیر ملکی شہری کو
خلا میں بھیج رہا ہے، اور اس کی دو بڑی وجوہات ہیں: سائنس اور سفارت کاری۔
پاکستان فضائیہ کے 40 سالہ پائلٹ
محمد ذیشان علی شینژو 24 مشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ مدار میں پانچ روزہ پرواز کے
دوران بایوٹیکنالوجی اور فوٹو سینتھیٹک مائیکرو آرگنزمز کے شعبوں میں کئی تجربات
انجام دینے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔
بیجنگ کو امید ہے کہ یہ پرواز اسلام
آباد کے ساتھ اس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی، خصوصاً ایسے وقت میں جب دونوں
ممالک خلائی تعاون کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔
چین اپنے خلائی پروگرام پر اربوں
ڈالر خرچ کر چکا ہے، اور اس کا اہم ترین منصوبہ، تیانگونگ خلائی سٹیشن، عموماً تین
خلا بازوں پر مشتمل ٹیموں کے ذریعے چلایا جاتا ہے جنھیں ہر چھ ماہ بعد تبدیل کیا
جاتا ہے۔
اب چین یہ دکھانے کا خواہاں ہے کہ یہ
خلائی سٹیشن صرف چینی تنصیب نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی تحقیقی پلیٹ فارم بننے کی
صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب
بیجنگ امریکہ کی قیادت میں چلنے والے خلائی پروگرام کے متبادل کے طور پر اپنی
حیثیت منوانے کی کوشش کر رہا ہے، اور 2030 تک پہلی بار چینی خلا بازوں کو چاند پر
اتارنے کا ہدف رکھتا ہے۔
بین الاقوامی شراکت داریاں اثر و
رسوخ اور ساکھ میں اضافہ کرتی ہیں۔ اسی لیے اس مشن کے ذریعے چین کا پیغام یہ ہے کہ
وہ دیگر ممالک کو بھی اپنے خلا بازوں کو خلا میں بھیجنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔