امریکی ایوانِ نمائندگان میں
ڈیموکریٹس کے سرکردہ رہنما اور ممکنہ طور پر ہاؤس کے اگلے سپیکر حکیم جیفریز نے
کہا ہے کہ وہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کے حق میں ہیں۔
نیو یارک سے تعلق رکھنے والے رکنِ
کانگریس حکیم جیفریز نے امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی کے پروگرام ’دِس ویک‘ میں
کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ نے ’اختیارات کا غلط استعمال کیا، ہماری قومی سلامتی کو نقصان
پہنچایا اور ایران میں اس غیر محتاط اور مہنگی جنگ کو آگے بڑھایا جس کا انتخاب خود
کیا گیا تھا۔‘
ادھر ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس
میسی، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ناقد سمجھے جاتے ہیں، نے کہا ہے کہ وہ پیر کے روز ہیگسیتھ
کے مواخذے کی قرارداد پیش کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں انھیں عہدے سے ہٹایا جا
سکتا ہے۔
پینٹاگون نے بی بی سی کو بتایا کہ اس
نے قانون کے مطابق کام کیا ہے اور پیٹ ہیگسیتھ ’بے بنیاد تحقیقات‘ سے مرعوب نہیں
ہوں گے۔
گذشتہ ہفتے کے وسط مدتی انتخابات میں
ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد حکیم جیفریز کو ایوانِ نمائندگان کا سپیکر بننے کا
مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
جیفریز نے اتوار کو اے بی سی سے
گفتگو میں کہا: ’ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پر میرا جواب واضح طور پر ہاں میں
ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’پیٹ ہیگسیتھ کو
جانا ہو گا۔‘
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے تھامس
میسی کی قرارداد میں ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی آٹھ دفعات شامل ہیں۔ ان میں الزام
لگایا گیا ہے کہ انھوں نے 1973 کے وار پاورز ریزولوشن کے تحت درکار کانگریسی
منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی کی۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو ہیگسیتھ کا
دفاع کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کے مواخذے کے مطالبات کو مسترد کیا۔
سی بی ایس نیوز کے پروگرام ’60 منٹس‘
سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا: ’وہ ان کا مواخذہ کرنا چاہتے ہیں، یہ بہت غیر منصفانہ
ہے۔ ہماری دو جنگیں تھیں اور ہم دونوں جیت گئے۔ ہم وینزویلا میں جیتے، ہم ایران
میں جیتے۔‘
حکیم جیفریز کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس
ٹرمپ انتظامیہ کے لیے احتساب اور توازن کا کردار ادا کریں گے۔
تاہم انھوں نے وسط مدتی انتخابات کے
نتائج آنے کے بعد کہا تھا کہ اس وقت ڈیموکریٹس کی توجہ صدر ٹرمپ کے مواخذے پر نہیں
ہے۔ ٹرمپ اپنی پہلی مدتِ صدارت میں دو مرتبہ مواخذے کا سامنا کر چکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے ہیگسیتھ نے تقریباً چھ
منٹ دورانیے کی ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انھوں نے کانگریس سے پینٹاگون کے تازہ
ترین دفاعی بجٹ کی منظوری کی اپیل کی۔ یہ اپیل ریپبلکن اکثریت والی مقننہ کی مدت
ختم ہونے سے قبل کی گئی۔
ویڈیو میں انھوں نے تھامس میسی کی
مواخذے کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے اسے ’فرضی الزامات‘ قرار دیا۔
ہیگسیتھ نے کہا: ’ان کی پالیسیاں
کامیاب نہیں ہو رہیں، اس لیے وہ طاقت سے اپنے مخالفین کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’یہ سب کردار کشی
کی سیاست ہے۔ یہ صدر ٹرمپ کے خلاف کامیاب نہیں ہوئی اور میرے خلاف بھی کامیاب نہیں
ہو گی۔‘
امریکہ میں مواخذہ ایک غیر معمولی
آئینی عمل ہے جس کے تحت ایوانِ نمائندگان کسی عہدے دار کو بد عنوانی یا بد انتظامی
کا مرتکب قرار دینے کے لیے ووٹ دیتا ہے، جبکہ بعد ازاں سینیٹ اسے عہدے سے ہٹانے یا
نہ ہٹانے کا فیصلہ کرتی ہے۔
اگرچہ وسط مدتی انتخابات کے بعض
نتائج ابھی باقی ہیں، تاہم ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان میں 254 نشستوں کے ساتھ
اکثریت حاصل کر چکے ہیں، جو مواخذے کی دفعات منظور کرنے کے لیے درکار 218 نشستوں
سے کہیں زیادہ ہے۔
تاہم
کسی عہدے دار کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔
اس مقصد کے لیے ڈیموکریٹس کو ریپبلکن اراکین کی حمایت بھی حاصل کرنا ہو گی، جسے
سیاسی طور پر ایک مشکل ہدف تصور کیا جاتا ہے۔