آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, حکومت اور اسٹیبلشمنٹ بظاہر ایک پیج پر لیکن دال میں کچھ کالا ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عدالت کے حکم سے پہلے ہی حکومت کو خود عمران خان کا علاج کرانا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اچھی نیت سے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لیکن ارد گرد موجود بعض لوگ ان کی کوششیں ناکام بنا دیتے ہیں۔ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بظاہر وہ ایک پیج پر ہیں، تاہم ’دال میں کچھ کالا ہے۔‘

لائیو کوریج

  1. اسرائیل نے غزہ میں پانچ سالہ ہند رجب کو لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی تصدیق کر دی, یولاند نیل، نامہ نگار برائے مشرقِ وسطیٰ، یروشلم

    اسرائیلی فوج نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ غزہ جنگ کے دوران غزہ سٹی میں پانچ سالہ ہند رجب اور ان کے خاندان کے چھ افراد کو لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔

    جنوری 2024 میں ہونے والے حملے میں ابتدائی طور پر تو ہند رجب زندہ بچ گئی تھیں، تاہم ان کے خاندان کے کئی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ البتہ چند روز بعد ان کی لاش ان کے رشتہ داروں کی لاشوں کے ساتھ برآمد ہوئی۔

    حملے کے بعد ہند رجب فلسطینی ہلالِ احمر سوسائٹی کی ایک ٹیلی فون کال کا جواب دینے میں کامیاب رہی تھیں۔ یہ گفتگو کئی گھنٹے جاری رہی۔ بعد ازاں انھیں بچانے کے لیے بھیجی جانے والی ایمبولینس، جس کی نقل و حرکت اسرائیلی فوج کے ساتھ رابطے میں طے کی گئی تھی، گولہ باری کا نشانہ بنی جس میں دو طبی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

    اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جائزے کے بعد اس واقعے کی فوجداری تحقیقات شروع کی جا رہی ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ ’فلسطینی ہلالِ احمر کی ایمبولینس کی نقل و حرکت کے لیے رابطہ کاری میں مبینہ ناکامیوں کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس واقعے کی فوجی پولیس کے شعبۂ فوجداری تحقیقات کے ذریعے مجرمانہ تحقیقات کی جائیں گی۔‘

    آئی ڈی ایف نے ابتدا میں کہا تھا کہ ہند رجب کی ہلاکت کے وقت اس علاقے میں اس کے کوئی اہلکار موجود نہیں تھے، تاہم اس دعوے پر جلد ہی سوالات اٹھنے لگے۔

    بعد ازاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ سٹی کے مختلف علاقوں، جن میں تل الہوا بھی شامل تھا جہاں ہند رجب موجود تھیں، میں ’دہشت گردی کے اہداف‘ کے خلاف کارروائیاں کی تھیں۔

    ہند رجب کی ہلاکت کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی، خاص طور پر اس آڈیو ریکارڈنگ کے بعد جس میں وہ طبی اہلکاروں سے گفتگو کر رہی تھیں اور جو دنیا بھر میں نشر کی گئی۔

    ہند اور ان کا خاندان غزہ سٹی میں اپنے علاقے پر اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوران وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے جب ان کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی۔

    ہند کی مدد کی اپیلیں اُس وقت ختم ہو گئیں جب مزید فائرنگ کی آوازوں کے درمیان فون لائن منقطع ہو گئی۔

    ہند رجب کی کہانی پر مبنی ایک فلم ’دی وائس آف ہند رجب‘ بھی بنائی گئی، جسے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

    اقوامِ متحدہ نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں ہند کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام عائد کیا تھا، جس کی اسرائیل تردید کرتا ہے۔

    ہند اور ان کے خاندان کے واقعے کے علاوہ اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ گذشتہ سال جنوبی غزہ کے شہر رفح کے قریب 15 فلسطینیوں، جن میں طبی کارکن اور اقوامِ متحدہ کا ایک اہلکار بھی شامل تھا، کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرے گی۔

  2. تحفظات دور نہ کیے تو تعاون نہیں کریں گے، شہباز شریف کے گرد لوگ ان کی کوششیں ناکام بنا رہے ہیں: بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحفظات دور ہونے تک ان کی جماعت قانون سازی پر حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’تاہم، اگر کوئی ایسا قانون آ جائے جو قومی مفاد میں ہو‘ تو پیپلز پارٹی اس مخصوص معاملے پر تعاون کر بھی سکتی ہے۔

    بلاول بھٹو کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے ارکان اس بات کے لیے تیار نہیں ہیں کہ حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے اور نہ ہی مسلم لیگ ن نے پارٹی کے اعتراضات دور کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم شہباز شریف کی نیت ٹھیک ہے، وہ کام بھی کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے تحفظات بھی دور کرنا چاہتے ہیں، لیکن ان کے ارد گرد کچھ ایسے لوگ ہیں جو وزیر اعظم کی کوششوں کو بار بار ناکام بنا دیتے ہیں۔‘

    بلاول بھٹو نے ’اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے ایک پیج پر ہونے‘ سے متعلق سوال پر بھی تبصرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا: ’پیج ایک ہو بھی سکتا ہے، لیکن دال میں کچھ تو کالا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ ہے کیا، لیکن کچھ تو ہے، اور وہ آج یا کل سامنے آ جائے گا۔‘

    پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو سے سوال میں ان کے بیان کا حوالہ دیا گیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اِن ہاؤس تبدیلی لانا چاہتے ہیں؟

    بلاول بھٹو کا جواب تھا: ’اس وقت میری توجہ اِن ہاؤس تبدیلی پر نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ پارلیمان فعال بنے۔‘

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے جو قدم عوام کے اتفاق رائے سے اٹھایا جائے گا، پیپلز پارٹی اس کے ساتھ کھڑی ہو گی، تاہم ’زور زبردستی سے کوئی بات ہم نہ پہلے مانے ہیں، نہ آگے مانیں گے۔‘

    عمران خان کو علاج کے لیے اسلام آباد کے شفا ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ زیادہ بہتر ہوتا اگر سپریم کورٹ کو یہ حکم دینے کی ضرورت نہ پڑتی اور حکومت عمران خان کے علاج کا خود بندوبست کرتی۔

    انھوں نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے انتخابات کو بھی متنازعہ قرار دیا اور کہا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن وہاں کے مسائل کا حل نہیں نکال سکے گی۔

    پریس کانفرنس سے قبل بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر اور دیگر رہنما موجود تھے۔

  3. ایران، امریکہ مفاہمت کا موقع ضائع ہوا تو غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا: سابق ایرانی صدر محمد خاتمی

    ایران کے سابق صدر محمد خاتمی نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی حمایت کرتے ہوئے اسے ایک ایسا موقع قرار دیا ہے جس کے ضائع ہونے کی صورت میں ’غیر معمولی مشکلات‘ پیدا ہو سکتی ہیں۔

    خاتمی کے سرکاری ٹیلی گرام چینل ’خاتمی میڈیا‘ نے 18 اگست کو ان کے خطاب کے بعض حصے نشر کیے ہیں۔

    محمد خاتمی نے اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو ’بے مثال‘ قرار دیتے ہوئے کہا: ’دوسری جنگِ عظیم کے بعد امریکی صدر کے دستخط سے منظور ہونے والی کوئی دستاویز ایسی نہیں جس میں دوسرے فریق کو اس قدر مراعات دی گئی ہوں۔‘

    ان کے بقول: ’مفاہمتی یادداشت سے پیدا ہونے والا یہ موقع اگر ہم نے کھو دیا تو ہمیں غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس معاہدے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔‘

    محمد خاتمی نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت پر دونوں ممالک کے صدور کے دستخط ہیں اور اگرچہ وہ امریکہ پر اعتماد نہیں کرتے، تاہم ان کے مطابق اس دستاویز کی حیثیت اور اعتبار بہت سے دیگر معاہدوں سے زیادہ ہے۔

    انھوں نے جنگ کے حامی حلقوں کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’میں بھی اپنے رہبر کے قتل پر دلی صدمہ محسوس کرتا ہوں، لیکن ملک کا نظم و نسق جذبات کی بنیاد پر نہیں چلایا جا سکتا۔ یہ دیکھنا چاہیے کہ ملک، نظام اور اسلام کے مفاد میں کیا ہے۔‘

  4. آبنائے ہرمز میں روکے گئے اماراتی آئل ٹینکر کا رخ بندرعباس کی جانب موڑ دیا گیا: ایرانی میڈیا

    ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں روکے گئے متحدہ عرب امارات کے آئل ٹینکر کا رخ بندرعباس کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

    یہ تیل بردار بحری جہاز اس سے قبل آبنائے ہرمز کے شمالی حصے میں تحویل میں لیا گیا تھا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق اس آئل ٹینکر کی ابتدائی منزل امارات کی جبل علی بندرگاہ تھی، تاہم اب اس کا رخ بندرعباس کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

    یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے ساتھ اپنی تمام تجارتی سرگرمیاں اور مالی لین دین تا حکمِ ثانی معطل کر دیا ہے۔

  5. برطرف کیے گئے یوکرینی وزیرِ دفاع کا جنگ کے دوران صدارتی انتخابات کرانے کا مطالبہ

    یوکرین کے مقبول سابق وزیرِ دفاع میخائلو فیڈوروف نے جنگ کے دوران انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے، جسے روس کے حملے کے ساڑھے چار برس بعد صدر ولادیمیر زیلنسکی کی صدارت کو درپیش سب سے بڑا سیاسی چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

    35 سالہ فیڈوروف نے منگل کو یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ ’روس جمہوریت کو یرغمال نہیں بنا سکتا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین ’اسی لیے لڑ رہا ہے کہ وہ ایک آزاد یورپی ریاست کے طور پر برقرار رہ سکے۔‘

    2022 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے یوکرین میں مارشل لا نافذ ہے، جس کے باعث انتخابات معطل ہیں۔

    فیڈوروف نے اپنی ویڈیو میں زیلنسکی کا نام نہیں لیا، تاہم گذشتہ ماہ انھیں اپنی تقرری کے صرف چھ ماہ بعد غیر متوقع طور پر وزیرِ دفاع کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ان کی برطرفی کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

    زیلنسکی نے فیڈوروف کی ویڈیو پر ابھی تک کوئی ردِعمل نہیں دیا۔

  6. خطے کا سکیورٹی نظام تبدیل ہوتے دیکھ رہے ہیں: باقر قالیباف

    ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ’40 روزہ جنگ کے بعد ہم خطے کا سکیورٹی نظام تبدیل ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ نئے نظام میں بیرونی طاقتوں اور علاقائی حدود سے باہر کے کرداروں کی خطے کے معاملات میں مداخلت تیزی سے کم ہو رہی ہے۔‘

    محمد باقر قالیباف آج بدھ کے روز عراقی اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے لیے بغداد پہنچے ہیں اور ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق انھوں نے عراق کے صدر نزار آمیدی سے ملاقات کی ہے۔

    ابھی تک اس ملاقات کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    عراقی صدر سے ملاقات سے قبل بغداد ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ان کا آج کا دورۂ عراق ’خطے میں نئے نظام کو مضبوط بنانے اور بیرونی مداخلت کے بغیر تمام علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو تیز کرنے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔‘

    اس دورے کا مقصد ’دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سرحدی سلامتی، شدت پسندی کے خلاف جنگ اور اقتصادی تعاون میں توسیع پر تبادلہ خیال‘ بتایا گیا ہے۔

    ایرانی پارلیمان کا ایک وفد بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہے۔

    باقر قالیباف کا یہ دورۂ عراق ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران عراقی حکومت اور ایران نواز مسلح گروہوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

    جب سے عراق کے نئے وزیر اعظم علی زیدی نے عہدہ سنبھالا ہے، وہ ایران کے قریب سمجھے جانے والے مسلح گروہوں کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  7. پاکستان کی شام میں اسرائیلی حملے کی مذمت، ’ان حملوں سے خطے کے امن کو مزید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے‘: دفتر خارجہ

    پاکستان نے شام کے شہر ادلب میں ابو الظہور ایئر بیس پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔

    پاکستان کے دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے کیا گیا یہ حملہ بلا اشتعال تھا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کے اقدامات بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور ان سے خطے کے امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    یاد رہے کہ امریکہ نے بھی اس حملے کے حوالے سے اسرائیل پر غیر معمولی تنقید کرتے ہوئے شام اور ترکی کی سرحد کے قریب واقع ایک شامی فوجی فضائی اڈے پر حملے کی اطلاعات کو غیر ضروری کشیدگی قرار دیا ہے۔

    شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق منگل کو ابو الظہور ہوائی اڈے کے رن وے اور گودام پر آٹھ فضائی حملے کیے گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    پاکستان نے شام کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شام عرب جمہوریہ کے امن و خوشحالی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

    دفترِ خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی مبینہ خلاف ورزیوں کو روکنے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    دوسری جانب اسرائیل نے حملوں پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا تاہم اس کا دعویٰ ہے کہ شام ’سکیورٹی سے متعلق موجودہ صورتحال کی خلاف ورزی کے قریب پہنچ گیا تھا۔‘

    اسرائیل نے دمشق پر الزام عائد کیا کہ وہ ترکی کی فوج کو اس فضائی اڈے پر تعینات ہونے کی اجازت دے رہا تھا۔

    شام اور ترکی نے ان حملوں کا ذمہ دار اسرائیلی فوج کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

  8. امریکی فوج کو سہولت دینا ’ایران کے خلاف شراکت داری‘ تصور کی جائے گی، ایرانی فوج کا انتباہ

    ایرانی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف علی عبداللہی نے خلیجی ممالک کو امریکہ کے ساتھ فوجی تعاون کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

    ایکس پر ایک پیغام میں علی عبداللہی نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں فوجی طیاروں، خصوصاً ایندھن بھرنے والے طیاروں، کی میزبان ممالک کی معلومات کے بغیر علاقائی اڈوں پر تعیناتی کا امکان کم ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایران امریکی فوج کو دی جانے والی کسی بھی ’مدد یا سہولت‘ کو اپنی فوجی قوتوں کے خلاف ’شراکت داری‘ تصور کرے گا۔

    یاد رہے کہ اسرائیل، امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران ایران نے خلیجی ممالک میں موجود ان امریکی اڈوں کو متعدد بار نشانہ بنایا تھا جہاں امریکی فوج تعینات ہے۔

  9. مالی سال 2025-26: بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.9 فیصد اضافہ، آٹو موبائل کی صنعت سرفہرست, سارہ حسن، صحافی

    پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ مالی سال 2025-26 میں ملک کی بڑی صنعتوں کی مجموعی شرح نمو 4.9 فیصد رہی اور اس میں سب سے اہم کردار آٹو موبائل شعبے نے ادا کیا جہاں ترقی کی شرح 50 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

    گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں لارج سکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) یعنی بڑی صنعتوں کی شرح نمو میں کمی دیکھی گئی تھی تاہم مالی سال 2025-26 میں معاشی استحکام کے بعد صنعتی پیداوار میں اضافہ سامنے آیا ہے۔

    پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے مطابق 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا۔

    ادارے کے مطابق صنعتی پیداوار میں اضافے میں آٹو موبائل شعبے کا کردار نمایاں رہا جبکہ گارمنٹس اور پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق صنعتوں کی کارکردگی بھی بہتر رہی۔

    وفاقی ادارۂ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق آٹو موبائل شعبے میں شرح نمو 55.7 فیصد، ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں 42.3 فیصد، فرنیچر کے شعبے میں 22.69 فیصد، کھیلوں کے سامان سمیت دیگر مینوفیکچرنگ صنعتوں میں 16.62 فیصد اور پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 9.70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، کیمیکلز اور ادویات سازی کی صنعتوں کی پیداوار میں کمی دیکھی گئی۔

    اگرچہ مالی سال 2025-26 کے دوران ایل ایس ایم کی شرح نمو میں اضافہ ہوا تاہم مالی سال کے اختتام پر ترقی کی رفتار کمزور پڑتی ہوئی دکھائی دی۔

    جون 2026 میں صنعتی پیداوار میں ماہانہ اور سالانہ دونوں بنیادوں پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    جون 2026 میں ایل ایس ایم کی شرح نمو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 3.4 فیصد رہی۔

    صنعتکاروں اور معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت صنعتوں کے لیے توانائی کی بلند قیمتوں اور زیادہ ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی کے لیے مختلف اقدامات کر رہی تھی تاہم مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال اور امریکہ ایران تنازع نے غیر یقینی کی فضا کو بڑھا دیا ہے۔

    وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق اس جنگ کے باعث پاکستان کی مجموعی شرح نمو میں 1.5 فیصد کمی آئی ہے۔

  10. امریکہ ایران سے ایسی رعایتیں چاہتا ہے جو معاہدے کا حصہ نہیں تھیں: باقر قالیباف

    ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ’امریکی حکام کا خیال ہے کہ ایران پر مزید دباؤ ڈال کر اسے ایسی رعایتیں دینے پر مجبور کیا جا سکتا ہے جو کبھی کسی معاہدے کا حصہ نہیں رہیں۔‘

    سوشل میڈیا نیٹ ورک ایکس پر اپنے بیان میں امریکی حکام سکاٹ بیسنٹ اور پیٹ ہیگستھ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’یہ دونوں اس معاملے کے لیے موزوں نہیں ہیں، امریکی انتظامیہ کو پہلے اپنے پیدا کردہ مسائل حل کرنے چاہییں۔‘

    ایک علیحدہ بیان میں انھوں نے عراق کے دورے کے حوالے سے لکھا کہ ’ایرانی اور عراقی عوام کے درمیان تعلقات تاریخی ہیں اور انھیں الگ نہیں کیا جا سکتا۔ اس دورے کے دوران ہم دونوں ممالک کے انفرادی اور مشترکہ امن کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں عوام کی خوشحالی کے لیے عملی اور بڑے اقدامات کریں گے۔‘

  11. اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی کے گرد الرٹ کے لیے سائرن بجا دیے گئے

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے ملحق راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

    ایم ڈی واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ کے تحت رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    راولپنڈی کے نشیبی علاقوں لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد میں پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری تعینات ہے۔

    ایم ڈی واسا کے مطابق ’نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہےجس کے تحت نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 21 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 17 فٹ ہے۔‘

    نالہ لئی کے ارد گرد بسنے والے شہریوں کو الرٹ رہنے کے لیے سائرن بجائے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 21 اگست تک مون سون کے چھٹے سلسلے کی پیش گوئی کر رکھی ہے جس کے تحت پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب اور خیبرپختونخوا نے مون سون بارشوں کے موجودہ الرٹ میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔

    اعلامیے کے مطابق 17 سے 20 اگست کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ ، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر الرٹ میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    اعلامیے میں مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بتایا گیا ہے۔

  12. متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایران پر میزائل حملے کا الزام بے بنیاد ہے: اسماعیل بقائی

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے متحدہ عرب امارات کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایران نے ان کے ملک پر میزائل داغے ہیں۔

    اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ متحدہ عرب امارات کا یہ رویہ اچھی ہمسائیگی کے اصول کے خلاف ہے۔ اس سے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد بڑھانے اور خطے میں عدم تحفظ کو روکنے کی جاری کوششیں متاثر ہوتی ہیں۔‘

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے رات گئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔

    ایران کی جانب سے میزائل داغے جانے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد متحدہ عرب امارات نے کہا کہ اس نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔یاد رہے کہ

    امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد، متحدہ عرب امارات خطے میں ایرانی حملوں کا سب سے زیادہ نشانہ بننے والا ملک رہا۔

    تاہم مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد ایران نے آپریشن کے دوران متحدہ عرب امارات پر حملہ نہیں کیا۔

  13. متحدہ عرب امارات کا ایران کے ساتھ تجارت معطل کرنے کا اعلان

    متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور مالیاتی لین دین اگلے نوٹس تک معطل کر دیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایکس پر بیان میں اعلان کیا کہ یہ فیصلہ علاقائی کشیدگی، امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والے تناؤ میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند گھنٹے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے ملک کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جن میں سے ایک متحدہ عرب امارات کے سمندری حدود سے باہر گرا اور دوسرا ملک کے پانیوں کے اندر گرا۔

  14. جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری گذشتہ سال کی نسبت 20 فیصد کم رہی: سٹیٹ بینک آف پاکستان, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔ تاہم جون کے مقابلے میں جولائی میں 264 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    مرکزی بینک کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں بجلی اور مالیاتی شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والے نمایاں شعبے رہے۔

    بجلی کے شعبے میں جولائی کے دوران پانچ کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ اس شعبے میں جون میں آٹھ کروڑ 68 لاکھ ڈالر جبکہ گذشتہ سال جولائی میں سات کروڑ آٹھ لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

    مالیاتی خدمات کے شعبے میں جولائی کے دوران چھ کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جو جون کے آٹھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں کم ہے، تاہم جولائی 2025 کے پانچ کروڑ 88 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    واضح رہے کہ 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری 34 فیصد کمی کے بعد 1.64 ارب ڈالر رہی تھی۔

  15. بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرِثانی کے لیے رجوع کریں گے: اعظم نذیر تارڑ

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ’حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا ہے اور اس فیصلے پر نظرِثانی کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔‘

    ایک ویڈیو بیان میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کے حکم نامے کے دیگر نکات پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔‘

    وزیر قانون نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ’آیا سپریم کورٹ کا یہ حکم تمام قیدیوں پر بھی لاگو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی جیلوں میں بہت سے ایسے قیدی موجود ہیں جنھیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔‘

    اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ’سزا یافتہ قیدیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔‘

  16. گزشتہ روز کی اہم خبروں کا خلاصہ

    بی بی سی اردو کی لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم بدھ کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے پہلے گزشتہ روز کی اہم خبروں کے خلاصے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

    • ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکہ مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شرائط پر عمل نہیں کرتا۔
    • صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور نہ ہی کوئی بات چیت طے ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے اور سب کچھ ’معمول‘ کے مطابق چل رہا ہے۔
    • متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی میزائل اماراتی سرزمین پر نہیں گرا۔
    • وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم کا جائزہ لیا ہے اور اس فیصلے پر نظرِثانی کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے سپریم کورٹ کےاس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس فیصلے پر من و عن عمل‘ کیا جائے گا۔
    • فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں دو ایرانی سفارت کاروں کو ملک بدر کر دے گا۔
    • بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے افراد کے حملے میں تین افغان شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
  17. بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید

    بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    یہاں ہم آپ کے لیےپاکستان سمیت دنیا بھر سے تازہ ترین خبریں اور اہم تجزیے شامل کرتے ہیں۔

    اگر آپ 18 اگست کی خبریں پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں!