آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
باکسنگ رِنگ سے سفارت کاری تک: جب محمد علی کلے خفیہ مشن پر بغداد اور بیروت گئے
- مصنف, محمد همدر
- عہدہ, بی بی سی نیوز
- وقت اشاعت
- مطالعے کا وقت: 9 منٹ
نومبر 1990 کے اواخر میں عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کلے بغداد ایئرپورٹ پہنچے، حالانکہ امریکی وزارتِ خارجہ نے امریکی شہریوں کو عراق کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
کلے کا عراق کا یہ دورہ معمول کا نہیں تھا۔ یہ اس وقت ہوا جب کویت پر عراقی حملے کو 100 دن سے زیادہ گزر چکے تھے اور خلیج میں سیاسی اور عسکری کشیدگی اپنے عروج پر تھی۔
محمد علی کو اپنا آخری باکسنگ مقابلہ لڑے اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کیے تقریباً نو برس ہو چکے تھے، جبکہ پارکنسن بیماری کی تشخیص کو تقریباً پانچ سال گزر چکے تھے۔
محمد علی کلے کے آرکائیو میں عرب دنیا کے دوروں کی تصاویر کی کوئی کمی نہیں۔ تین مرتبہ عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن بننے والے اس امریکی باکسر نے نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ نسل پرستی اور امریکی حکومتی پالیسیوں کے خلاف اپنے مؤقف کی وجہ سے بھی شہرت حاصل کی۔
اسی سبب وہ امریکہ سے باہر، خصوصاً مسلم دنیا میں غیرمعمولی مقبولیت رکھتے تھے۔ عرب ممالک کے دوروں کے دوران ان کا والہانہ استقبال کیا جاتا اور وہ لاکھوں لوگوں کے لیے ایک کھیلوں کے ہیرو سے بڑھ کر ایک بااثر عوامی شخصیت سمجھے جاتے تھے۔
تاہم محمد علی کی یہی شہرت اور عالمی حیثیت بعد ازاں انھیں ایک سفارتی کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے، اور وہ اغوا کیے گئے امریکی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے چلائی جانے والی ایک اہم مہم میں ثالث کے طور پر سامنے آتے ہیں۔
تو لبنان کی خانہ جنگی کے دوران محمد علی کلے بیروت کیوں آئے؟ اور چند ماہ بعد عراق کے کویت پر حملے اور خلیج کی دوسری جنگ شروع ہونے سے کچھ ہی ہفتے پہلے بغداد کیوں پہنچے؟
عراقی فوج نے دو اگست 1990 کو کویت پر حملہ کیا۔ اسی روز تقریباً 400 افراد کو لے جانے والا ایک برطانوی مسافر طیارہ ایندھن بھرنے کے لیے کویت ایئرپورٹ پر اترا۔ عراقی فوج نے طیارے پر قبضہ کر لیا اور غیرملکی مسافروں کو حراست میں لے لیا جن میں برطانوی، فرانسیسی اور امریکی شہری شامل تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے علاوہ بھی مختلف قومیتوں کے ہزاروں غیرملکی حملے کے بعد کویت اور عراق میں پھنس گئے تھے اور خلیج کی دوسری جنگ کے آغاز کی الٹی گنتی شروع ہو چکی تھی۔
صدام حسین نے مرحلہ وار کچھ یرغمالیوں کو رہا کیا اور دوسروں کو ملک چھوڑنے کی اجازت دی، لیکن بعض یرغمالیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا اور انھیں ایسے مقامات پر رکھا گیا جنھیں امریکی فوج نشانہ بنا سکتی تھی۔
غیرملکی یرغمالیوں کے بحران نے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ بنا دی اور ان کی رہائی کے لیے رابطوں اور ثالثی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
سرکاری اور غیرسرکاری وفود عراق آنے لگے اور صدر صدام سے ملاقات کی درخواست کرنے لگے تاکہ غیرملکیوں کی رہائی یا انھیں ملک سے نکلنے کی اجازت دلائی جا سکے۔
سال کے اختتام تک بحران کا حل نہ نکلنے پر صدام حسین نے یرغمالیوں کے خاندانوں کو کرسمس منانے کے لیے عراق آنے کی دعوت بھی دی۔
کچھ خاندان عراق پہنچنے اور صدام حسین سے ملاقات کرنے میں کامیاب رہے، جس کے بعد اُنھوں نے بعض یرغمالیوں کی رہائی پر رضامندی ظاہر کی تاکہ وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ واپس جا سکیں۔
یہ بات 27 نومبر 1990 کو نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ ’عراق کا بازار، سب کو یرغمالی درکار ہیں‘ میں لکھی تھی۔ اس عنوان کا مقصد عراق آنے والے متعدد وفود، مشنز اور دوروں کی طرف اشارہ کرنا تھا جو یرغمالیوں کے مسئلے کا حل ڈھونڈ رہے تھے۔
اخبار نے سابق امریکی صدر جارج بش سینئر کی انتظامیہ کے سیاست دانوں کے حوالے سے بتایا کہ وہ عراق جانے والے غیرسرکاری وفود سے ناخوش تھے اور انہی شخصیات میں محمد علی کلے کا نام بھی شامل تھا۔
اخبار کے مطابق کلے بغداد پہنچنے کے بعد ایک کے بعد ایک ملاقات کرتے رہے۔
نیویارک پوسٹ نے 2015 میں اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ محمد علی کئی دن تک صدام حسین سے ملاقات کے انتظار میں رہے لیکن انھیں کوئی جواب نہ ملا۔
اس دوران محمد علی عراق کے مختلف مقامات پر گئے اور کسی ایسے شخص کی درخواست رد نہیں کی جو ان سے دستخط یا تصویر بنوانا چاہتا تھا۔
اخبار نے لکھا کہ سابق باکسر پارکنسن بیماری کی علامات اور حرکت میں دشواری کا سامنا کر رہے تھے۔
بالآخر عالمی چیمپیئن باکسر 27 نومبر کو صدام حسین سے کیمروں کے سامنے ملنے میں کامیاب ہوئے اور عراقی سرکاری ٹیلی وژن نے اس ملاقات کو نشر کیا۔
اس ملاقات میں محمد علی کلے نے عراقی صدر سے وعدہ کیا کہ وہ عراق کے بارے میں امریکی عوام تک ’سچی گواہی‘ پہنچائیں گے۔
صدام حسین نے جواب دیا کہ وہ محمد علی کو اس وقت تک جانے نہیں دیں گے جب تک وہ اپنے ساتھ کچھ امریکی شہریوں کو نہ لے جائیں۔
چنانچہ دو دسمبر کو محمد علی 15 امریکی شہریوں کو ساتھ لے کر عراق سے روانہ ہوئے۔ یہ افراد عراق میں حراست میں تھے۔ وہ پہلے عمان پہنچے اور پھر نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ گئے۔
اس واقعے کے تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد، 2024 میں اس برطانوی طیارے کے 90 سے زیادہ مسافروں نے برطانوی حکومت اور ایئرلائن کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی۔ یہ طیارہ عراقی حملے کے آغاز کے وقت کویت میں اترا تھا۔ مسافروں کا الزام تھا کہ حکام اور ایئرلائن نے غفلت برتی اور جان بوجھ کر انھیں خطرناک صورتِحال میں چھوڑ دیا، جس سے ان کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔
یہ شکایت ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی جن میں کہا گیا تھا کہ برطانوی انٹیلی جنس کے اہلکاروں کو اس طیارے میں کویت بھیجا گیا تھا حالانکہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے خطرات سے متعلق انتباہات موصول ہو چکے تھے۔
چھ دسمبر کو صدام حسین نے باقی تمام غیرملکی یرغمالیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا۔
محمد علی کلے کو اس بات پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا کہ عراق میں ان کی ثالثی کی کوشش دراصل اپنی تشہیر اور مزید شہرت حاصل کرنے کی ایک کوشش تھی۔
لیکن یہ پہلا موقع نہیں تھا جب وہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالث بنے ہوں۔ اس سے قبل وہ 1985 میں اسی مقصد سے بیروت بھی جا چکے تھے۔
محمد علی کلے بیروت کیوں گئے؟
کئی برسوں سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں محمد علی کلے دیگر افراد کے ساتھ مسجد کے اندر نماز ادا کر رہے ہیں۔ ان کے آگے شیعہ مذہبی رہنما اور موجودہ سیکریٹری جنرل حزب اللہ، شیخ نعیم قاسم کھڑے ہیں۔
یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ یہ مسجد بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے کے محلے بئر العبد میں واقع ہے۔
فروری 1985 میں محمد علی بیروت پہنچے تاکہ چار امریکیوں کی قید کے معاملے میں ثالثی کر سکیں۔
لبنان نے اپنی خانہ جنگی (1975 تا 1990) کے دوران بھی اسی نوعیت کے بحران کا سامنا کیا، جب سفارت کاروں اور صحافیوں سمیت متعدد غیرملکی شہریوں کو اغوا کیا گیا۔
اس وقت لبنان کے مختلف علاقے مختلف مسلح ملیشیاؤں کے زیرِ کنٹرول تھے۔
اس دور میں بیشتر اغوا کی وارداتوں کا تعلق ’اسلامی جہاد‘ تنظیم سے جوڑا جاتا تھا، اور 1983 میں بیروت میں فرانسیسی اور امریکی افواج کے مراکز اور امریکی سفارت خانے پر حملوں کا الزام بھی اسی پر عائد کیا گیا تھا۔
واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نئیر ایسٹ پالیسی کے مطابق یہ تنظیم اس وقت حزب اللہ کا وہ بازو تھی جو ’دہشت گرد‘ کارروائیاں انجام دیتا تھا۔
امریکی خبر رساں ادارے ’یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل‘ کے مطابق محمد علی پیرس سے بیروت پہنچے اور صحافیوں سے کہا: ’دنیا جانتی ہے کہ میں مسلمان ہوں اور اغوا کار بھی مسلمان ہیں۔‘
اُنھوں نے مزید کہا کہ ’میں ان شاء اللہ یرغمالیوں کی رہائی میں مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔‘
آئرش ٹائمز کے مطابق، بیروت پہنچنے کے بعد محمد علی اور ان کے ساتھی رات تقریباً دو بجے سمرلینڈ ہوٹل سے نکلے تو وہاں دو مرسیڈیز گاڑیاں اور کوفیہ پہنے مسلح افراد ان کے منتظر تھے۔
اخبار کے مطابق، ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ دی گئیں۔ بعد ازاں انھیں ایک ناکے پر اتارا گیا، جہاں وہ اور ان کے ساتھی ایک چھوٹے ٹرک میں سوار ہوئے جو انھیں ان افراد سے ملانے لے گیا جنھیں اغوا کار گروہ کے نمائندے سمجھا جاتا تھا۔
محمد علی اپنے ساتھ چار امریکی مغویوں کی فائلیں بھی لے کر گئے تھے۔ ان میں بیروت میں تعینات امریکی سفارت خانے کے اہلکار ولیم بکلی، پروٹسٹنٹ پادری بینجمن وئیر، امریکن یونیورسٹی آف بیروت کے لائبریری ڈائریکٹر پیٹر کلبورن اور کیتھولک ریلیف سروسز کے ڈائریکٹر پادری لارنس جینکو شامل تھے۔
ان چاروں افراد کو لبنان میں اغوا کیا گیا تھا اور محمد علی نے ان کی رہائی کی کوششوں کے سلسلے میں اپنی شہرت اور اثر و رسوخ کو استعمال کرنے کی کوشش کی۔
یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل کے مطابق، محمد علی سعودی قونصل حسین الفراش کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے، جنھیں 1984 کے اوائل میں بیروت میں اغوا کر لیا گیا تھا۔
تاہم یہ مشن کسی ٹھوس یا مثبت نتیجے کے بغیر ختم ہوا۔
لاس اینجلس ٹائمز نے 20 فروری کو رپورٹ کیا کہ محمد علی نے ایک امریکی اور ایک سعودی یرغمالی کی رہائی کے لیے اپنی کوششیں روک دیں اور بیروت سے یورپ روانہ ہو گئے۔ اخبار کے مطابق، ان کے معاون نے بتایا کہ اُنھوں نے شام کا وہ طے شدہ دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا جس میں وہ اسی مقصد کے تحت اس وقت کے شامی صدر حافظ الاسد سے ملاقات کرنے والے تھے۔
بیروت کا دورہ مکمل ہونے پر محمد علی نے کہا کہ وہ اب بھی پُرامید ہیں اور اُنھوں نے کبھی یہ توقع نہیں کی تھی کہ اغوا کار لبنان ہی میں یرغمالیوں کو ان کے حوالے کر دیں گے۔
ان کے بقول، ’میرا خیال ہے کہ اغوا کاروں تک ہمارا پیغام پہنچ گیا ہے۔‘
لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق، اُنھوں نے مزید کہا کہ ’ان شاء اللہ، وہ جلد کسی وقت انھیں رہا کر دیں گے، اور جب وہ واقعی ایسا کرنے کے لیے تیار ہوں گے تو انھیں معلوم ہوگا کہ ہم کہاں ہیں اور ہم سے کیسے رابطہ کرنا ہے۔‘
محمد علی کے اس دورے کے چند ماہ بعد سعودی قونصل حسین الفراش، پادری بینجمن وئیر اور پادری لارنس جینکو مختلف معاہدوں اور ثالثی کوششوں کے نتیجے میں رہا ہو گئے، تاہم اس میں محمد علی کے کسی کردار کا ذکر نہیں ملتا۔
دوسری جانب پیٹر کلبورن کی لاش دسمبر 1984 میں ان کے اغوا کے چند ماہ بعد برآمد ہوئی، جبکہ ولیم بکلی بھی دورانِ قید تشدد کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے افسر تھے، جس کی تصدیق ایجنسی کی ویب سائٹ سے بھی ہوتی ہے۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔